Tag: حق

  • ایسے شخص کو پارٹی ٹکٹ نہیں دوں گا جو اپنی بہن کو وراثتی حق نہ دے،سراج الحق

    ایسے شخص کو پارٹی ٹکٹ نہیں دوں گا جو اپنی بہن کو وراثتی حق نہ دے،سراج الحق

    اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ ایسے شخص کو پارٹی ٹکٹ نہیں دوں گا جو اپنی بہن کو وراثتی حق نہ دے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں حیا مارچ سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ ہماری سوسائٹی میں ماں،بہن اور بیٹی طاقتور ہے، پاکستان کی سوسائٹی اسلامی سوسائٹی ہے۔

    امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ اسلام میں عورت اور مرد کا اپنا اپنا مقام ہے، ہم چاہتے ہیں بہنیں ڈاکٹرز، انجینئرز ، پروفیسر ، پائلٹ بنیں، ہم تو چاہتے ہیں ہماری خواتین چاند تو کیا مریخ کا سفر کریں۔

    سراج الحق نے کہا کہ خواتین کے مساوی حقوق کے لیے سینیٹ میں آواز اٹھاتا رہوں گا، ایوان قومی اسمبلی میں سب سے اچھی کارکردگی خواتین کی ہے۔

    وراثت سے متعلق انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے ہماری بہنوں کو وراثت میں ان کا حق دیا جائے، ایسے شخص کو پارٹی ٹکٹ نہیں دوں گا جو اپنی بہن کو وراثتی حق نہ دے۔

    امیر جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھا کہ جماعت اسلامی میں خواتین کو بڑا مرتبہ حاصل ہے، یہ بہنیں صرف سپورٹر نہیں یہ ہماری پارٹی کا حصہ ہیں۔

    مرد اور عورت کو لڑانے والے انسانیت کو تباہ کرنا چاہتے ہیں، سراج الحق

    یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ مرد اور عورت کو لڑانے والے انسانیت کو بتاہ کرنا چاہتے ہیں۔

  • بھارت کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق، حق خودارادیت دے، سید علی گیلانی

    بھارت کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق، حق خودارادیت دے، سید علی گیلانی

    سری نگر: کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی کا کہنا ہے کہ پوری عالمی برادری کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ بھی اس بات کی گواہ ہے کہ جموں وکشمیر ایک منتازعہ خطہ ہے جس کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ ہونا تاحال باقی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کشمیری رہنما سید علی گیلانی نے سری نگر سے جاری ایک بیان میں بھارتی وزیراعظم کی طرف سے پارلیمنٹ میں دیے گئے اس بیان کہ اگر سردار پٹیل بھارت کے پہلے وزیراعظم بن جاتے تو مسئلہ کشمیر حل ہو چکا ہوتا پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی نے غیر شعوری طور پر کشمیر کو حل طلب قرار دے کر کشمیریوں کے موقف کی تائید کر دی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سچائی کو چاہے کتنی ہی طاقت سے دبانے کی کوشش کی جائے یا اسے کتنے ہی طویل عرصے تک جھٹلایا جائے وہ اپنے آپ کو منوائے بغیر نہیں رہ سکتی۔

    سید علی گیلانی نے کہا کہ”اٹوٹ انگ“ کا راگ الاپنے والے خود ہی یہ تسلیم کرچکے ہیں کہ کشمیر کا مسئلہ ابھی حل نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکمران ایک طرف دبے لفظوں میں جموں وکشمیرکے متنازعہ ہونے کا اقرار کرتے ہیں لیکن دوسری طرف کشمیریوں کو آہنی ہاتھوں سے کچلنے اور دبانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بھارتی حکمران ہٹ دھرمی اور طاقت کی پالیسی ترک کر کے وعدوں کو پورا کریں اور کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق ، حق خودارادیت دیں۔

    سید علی گیلانی نے کہا کہ کشمیری گزشتہ تین دہائیوں سے غیر قانونی بھارتی تسلط سے نجات کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں اور وہ بھارت کے تمام تر مظالم کے باوجود صبر واستقامت کے ساتھ اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں۔

    حریت چیئرمین نے کہا کہ خطے کے سلگتے ہوئے تنازعہ کشمیرکو پرامن طریقے سے حل کرنے کے اقدامات نہ اٹھائے گئے تو پورا خطہ ٹکراﺅ اور تباہی سے دوچار ہو سکتا ہے۔

  • مطالبات کے حق میں سوڈانی شہریوں کا دھرنا مسلسل 11ویں روز بھی جاری

    مطالبات کے حق میں سوڈانی شہریوں کا دھرنا مسلسل 11ویں روز بھی جاری

    خرطوم : سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں منگل کو فوج کی جنرل کمان کے ہیڈ کوارٹر کے اطراف ہزاروں افراد کا دھرنا مسلسل گیارہویں روز بھی جاری رہا۔

    تفصیلات کے مطابق سوڈانی پروفیشنلز ایسوسی ایشن نے باور کرایا کہ مرکزی مطالبات پورے ہونے تک دھرنا جاری رہے گا، ان مطالبات میں سابق حکومت میں جرائم کے مرتکب ذمے داران کا احتساب شامل ہے۔

    ایسوسی ایشن نے دھرنے کو پر امن رکھنے پر زور دیتے ہوئے خبردار کیا کہ انقلاب کے دشمن عناصر جان بوجھ کر تخریب کاری کی کوشش کر سکتے ہیں۔

    سوڈانی پروفیشنلز ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا کہ بدھ کے روز پیشہ وارانہ شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سفید سواری کے نام سے مظاہرے کے لیے سڑکوں پر آئیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ریلی خرطوم تعلیمی ہسپتال سے لے کر مسلح افواج کی کمان کے مرکز تک جائے گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ریلی میں ڈاکٹرز پیش پیش ہوں گے اور یہ تمام گرفتار شدگان اور حراست میں لیے گئے افراد کی رہائی کا مطالبہ کرے گی، بہت سے لوگوں نے شکایت کی ہے کہ ان کے متعلقین پراسرار حالات میں دھرنے کے مقام سے لاپتہ ہو گئے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس دوران انسانی حقوق کے کارکنان نے بتایا کہ کئی نوجوانوں کے بارے میں یہ خبریں ملی ہیں کہ انہیں نامعلوم فریق نے حراست میں لے لیا یا اغوا کر لیا ہے۔

    مزید پڑھیں : سوڈان : فوجی کونسل کے سربراہ نے ایک دن بعد ہی استعفیٰ دے دیا

    خیال رہے کہ سوڈان کی فوجی کونسل کے سربراہ و وزیر دفاع عود بن عوف نے سابق آمر عمر البشیر کا تختہ الٹنے کے ایک دن بعد ہی استعفیٰ دے دیا تھا، عود ابن عوف نے اپنے فیصلے کا اعلان سرکاری ٹی وی پر کیا۔

    فوجی کونسل کے سربراہ عود بن عوف نے لیفٹیننٹ جنرل عبدالفتاح عبدالرحمان برہان کو اپنا جانشین نامزد کردیا، فوج کا کہنا ہے کہ 2 سال تک اقتدار میں رہنے کے بعد انتخابات کرائے گی۔

    مزید پڑھیں : سوڈان میں مارشل لاء نافذ، ملک چلانے کے لیے عبوری کونسل تشکیل، صدرگرفتار

    یاد رہے کہ سوڈانی عوام گزشتہ تین مہینوں نے صدر عمر البشیر کے خلاف مظاہرے کررہے تھے جو آج رنگ لے آئے اور صدر عمر حسن البشیر صدارت سے مستعفی ہوگئے جس کے بعد انہیں فوج نے گرفتار کرکے نظر بند کردیا تھا اور وہ تاحال نظر بند ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ سوڈان میں فوج نے ملک کے انتظامی امور چلانے کے لیے جنرل عود بن عوف کی سربراہی میں ایک عبوری کونسل تشکیل دے دی ہے، جنرل عود سبک دوش ہونے والے صدر عمر البشیر کے نائب اول اور سوڈان کے وزیر دفاع ہیں۔