Tag: حقیقی آزادی مارچ

  • بینک ملازمین کو اے ٹی ایم میں کم سے کم کیش رکھنے کی ہدایت

    بینک ملازمین کو اے ٹی ایم میں کم سے کم کیش رکھنے کی ہدایت

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے حقیقی آزادی مارچ سے حکومت کی پریشانی کا یہ عالم ہے کہ بینک ملازمین کو اے ٹی ایم میں کم سے کم کیش رکھنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومتی دباؤ پر سرکاری اور پرائیویٹ بینک ملازمین کو انتباہ جاری کر دیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ بینک ملازمین سوشل میڈیا پر سیاسی طرف داری کی تشہیر نہ کریں۔

    انتباہ کے مطابق کوئی بھی بینک ملازم دھرنے یا لانگ مارچ میں شرکت نہ کرے، آئندہ 2،3 دن کسی بینک ملازم کو کوئی چھٹی نہیں ملے گی، بینک ملازم کو چھٹی چاہیے تو دستاویز کی صورت میں ثبوت جمع کرائے۔

    بینک ملازمین کو اے ٹی ایم میں کم سے کم کیش رکھنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔

    پنجاب سے اسلام آباد جانے والے تمام راستے بند، خیبر پختون خوا سے بھی رابطہ منقطع

    واضح رہے کہ آج اسلام آباد میں سری نگر ہائی وے پر پی ٹی آئی کا حقیقی آزادی مارچ ہونے والا ہے، جس میں عمران خان سہ پہر تین بجے خیبر پختون خوا سے پہنچیں گے۔

    تاہم حکومت کی جانب سے پنجاب اور خیبر پختون خوا سے اسلام آباد کی طرف جانے والے تمام راستے کنٹینر لگا کر بند کر دیے گئے ہیں، ہر جگہ کنٹینرز کی بھرمار ہے، جگہ جگہ سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں۔

    صوابی سے آنے والے راستے پر سڑک پر تارکول ڈال کر اس پر کانچ کے ٹکڑے پھینکے گئے ہیں، تاکہ قافلے اسلام آباد نہ پہنچ سکیں۔

  • پنجاب سے اسلام آباد جانے والے تمام راستے بند، خیبر پختون خوا سے بھی رابطہ منقطع

    پنجاب سے اسلام آباد جانے والے تمام راستے بند، خیبر پختون خوا سے بھی رابطہ منقطع

    لاہور: حکومت نے پی ٹی آئی کے حقیقی آزادی مارچ کو روکنے کے لیے پنجاب سے اسلام آباد جانے والے تمام راستے بند کر دیے ہیں، لاہور شہر کے داخلی و خارجی راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا ہے، جب کہ خیبر پختون خوا سے بھی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے حقیقی آزادی مارچ روکنے کا اعلان کیا گیا تھا، جس پر عمل درآمد کرتے ہوئے اسلام آباد جانے والے تمام راستے بند کر دیے گئے ہیں، راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس سروس بھی بند کر دی گئی ہے۔

    جگہ جگہ کنٹینرز کی بھرمار ہے، موٹر وے پر بھی رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں، اسلام آباد میں ریڈ زون اور ڈی چوک کنٹینر لگا کر سیل کر دیے گئے ہیں، لاہور میں کنٹینرز کی وجہ سے مختلف مقامات پر ٹریفک جام ہے، راوی اور سگیاں پل بند ہونے سے شہریوں کو شدید دشواری کا سامنا ہے۔

    اسلام آباد جانے والے جہلم پل، چناب برج سمیت تمام راستے بھی بند ہیں، ملتان، سرائے عالمگیر مظفر گڑھ سمیت تمام ہائی ویز اور خارجی روڈ بلاک ہیں، خیبر پختون خوا سے بھی رابطہ منقطع کر دیا گیا ہے، پنجاب اور خیبر پختون خوا کو ملانے والا اٹک پل سیل کر دیا گیا ہے، کرینوں کی مدد سے ریت سے بھرے کنٹینر اور سڑک پر تارکول ڈال کر شیشے کے ٹکڑے بچھا دیے گئے۔

    صوابی سے اسلام آباد جانے والی موٹر وے مکمل طور پر بند ہے، پنجاب میں داخل ہونے والے راستوں پر کنٹینرز لگا دیے گئے، پشاور موٹر وے کی چھوٹی بڑی انٹر چینج بھی بلاک کر دی گئی۔

    اسلام آباد سے پشاور جانے والوں کو چیکنگ کے بعد جانے کی اجازت دی جا رہی ہے، ڈی آئی خان سے اسلام آباد آنے والے سی پیک روٹ پر بھی کنٹینر لگا دیے گئے ہیں، اسلام آباد سری نگر ہائی وے کے داخلی راستے پر بھی رکاوٹیں کھڑی کر دی گئیں۔

    ادھر کراچی میں نمائش چورنگی کی طرف جانے والے راستے سیل کر دیے گئے ہیں۔

  • پی ٹی آئی حقیقی آزادی مارچ روکنے کیلئے  پنجاب میں رینجرز طلب کرلی گئی

    پی ٹی آئی حقیقی آزادی مارچ روکنے کیلئے پنجاب میں رینجرز طلب کرلی گئی

    لاہور : تحریک انصاف کےحقیقی آزادی مارچ کو روکنے کے لیے پنجاب میں رینجرز طلب کرتے ہوئے پنجاب کے تمام شہروں میں ناکہ بندی کا فیصلہ کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کےحقیقی آزادی مارچ کو روکنے کے لیے پنجاب میں رینجرز طلب کرلی گئی، ذرائع محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ اسلام آباد جانیوالے والے تمام راستے بند کردیئے گئے ہین جبکہ تمام اضلاع سے اسلام آباد جانیوالی ٹرانسپورٹ بھی بند کردی ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ پنجاب کے تمام شہروں میں ناکہ بندی کا فیصلہ کیا گیا ، جس کے باعث ایک سےدوسرے ضلع میں نقل و حرکت کیلئےشہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ اسلام آباد جانے والی موٹروے پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، اسلام آباد سے لاہور آنے والی موٹروے کو بند نہیں کیا جائے گا۔

    یاد رہے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے لانگ مارچ اسلام آباد جانیوالے والے تمام راستے بند کرنے اور پنجاب کے تمام اضلاع سے اسلام آباد جانیوالی ٹرانسپورٹ بھی بند کرنے کا حکم دیا تھا۔

    حمزہ شہباز نے کہا کہ کسی کوقانون ہاتھ میں لینےکی اجازت نہیں دی جائے گی ، 16 ایم پی او کے تحت ان افراد کو گرفتار کیا جائے جن کے نام فہرست میں ہیں ، عوام کے تحفظ کیلئے بھر پور اقدامات اٹھائے جائیں اور امن ائم رکھنے کے لئے مزید اقدامات بھی جائیں۔

    محکمہ داخلہ پنجاب میں اسپیشل کنٹرول روم قائم، ضلعی پولیس افسران کوالرٹ رہنے کاحکم دے دیا ہے ، اسپیشل مانیٹرنگ سیل کی سربراہی ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ سیدعلی مرتضیٰ کریں گے۔

  • حقیقی آزادی مارچ : پنجاب کے اسپتالوں میں ایمرجنسی  نافذ

    حقیقی آزادی مارچ : پنجاب کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ

    لاہور : محکمہ صحت پنجاب نے حقیقی آزادی مارچ کے پیش نظرصوبے کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی اور ڈاکٹرز ، نرسز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں بند کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق حقیقی آزادی مارچ کے پیش نظر پنجاب کے اسپتالوں میں ایمرجنسی لگا دی گئی اور اسپتالوں میں ڈاکٹرز اور عملے کو سرگرم رہنے کی ہدایات جاری کردیں۔

    ڈاکٹرز ، نرسز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی آئندہ 3 روز تک چھٹیاں بند کرتے ہوئے اسپتالوں میں جان بجانے والی ادویات اور سامان کی موجودگی کو یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے۔

    ذرائع محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ڈاکٹرز کو گھروں سے بھی بلایا جا سکتا ہے۔

    یاد رہے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے 25 مئی کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا اعلان کیا تھا۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ25 تاریخ کو اسلام آباد میں دوپہر تین بجے سرینگر ہائی وے پر ملوں گا، ہمارا ایک ہی مطالبہ ہے الیکشن کی تاریخ دو اور اسمبلی تحلیل کرو، ہم چاہتے ہیں ملک میں صاف و شفاف الیکشن ہو۔

  • مسلم لیگ ن کے منحرف رکن اسمبلی کا ‘حقیقی آزادی مارچ’ کی حمایت کا  اعلان

    مسلم لیگ ن کے منحرف رکن اسمبلی کا ‘حقیقی آزادی مارچ’ کی حمایت کا اعلان

    لاہور : مسلم لیگ ن کے منحرف رکن اسمبلی نے حقیقی آزادی مارچ کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا امپورٹڈ حکومت بیرونی قوتوں کے کندھے استعمال کر کے اقتدار میں آئی۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود سے ن لیگ کے ایم پی اے جلیل شرقپوری کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں جلیل احمد شرقپوری نے حقیقی آزادی مارچ کی حمایت کا اعلان کردیا۔

    دوران ملاقات شفقت محمود نے کہا کہ سازش سےمسلط حکومت کا کوئی مستقبل نہیں ہے، مارچ میں شرکت کے لیےعوام میں بڑا جوش وجذبہ ہے، ن لیگ کی تجربہ کار حکومت کےہاتھ پاؤں پھول چکے ہیں۔

    اس موقع پر جلیل شرقپوری نے کہا کہ امپورٹڈحکومت بیرونی قوتوں کےکندھے استعمال کر کے اقتدار میں آئی ، بیرونی قوتوں کےہاتھوں استعمال ہونےوالوں کا کوئی مستقبل نہیں۔

    خیال رہے مسلم لیگ کے منحرف رکن اسمبلی جلیل شرقپوری کا استعفیٰ دینے کاامکان ہے ، گزشتہ روز خانیوال کےایم پی اےفیصل نیازی نے بھی استعفیٰ اسپیکر کوجمع کرایا تھا۔

  • حقیقی آزادی  مارچ : حکومت کا پی ٹی آئی کے سرکردہ رہنماؤں کی مانیٹرنگ سخت کرنے کا فیصلہ

    حقیقی آزادی مارچ : حکومت کا پی ٹی آئی کے سرکردہ رہنماؤں کی مانیٹرنگ سخت کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد : حکومت نے تحریک انصاف کے سرکردہ رہنماؤں کی مانیٹرنگ سخت کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے خلاف قانون کام کرنے والے رہنماؤں کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مططقق حقیقی آزادی مارچ کے حوالے سے حکومت نے پی ٹی آئی کے سرکردہ رہنماؤں کی مانیٹرنگ سخت کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    ذرائع نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت کےداخلی اورخارجی راستوں پرکیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے خلاف قانون کام کرنے والے رہنماؤں کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت کردی ہے۔

    پی ٹی آئی کو این او سی دینے کے معاملے پر ابہام ہے تاہم وزیرداخلہ نے ضلعی انتظامیہ کو فی الحال انتظار کرنے کا کہہ دیا ہے۔

    دوسری جانب وفاقی حکومت نے پی ٹی آئی کے ” حقیقی آزادی لانگ مارچ کو ناکام بنانے کی حکمت عملی ترتیب دے دی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ کو اسلام آباد میں داخل ہونے سے روکا جائے گا اور اسلام آباد کے داخلی ،خارجی راستے سیل کئےجائیں گے۔

    وفاقی حکومت نے اپنی حکمت عملی کو پر عمل کرتے ہوئے اسلام آباد کے ریڈ زون میں کنٹینر پہنچانا شروع کردیئےہیں، رات گئے تک ریڈ زون سیل کر دیا جائے گا۔