Tag: حلف اٹھائیں گے

  • سینیٹ کا اجلاس:  نو منتخب ارکان  آج حلف اٹھائیں گے

    سینیٹ کا اجلاس: نو منتخب ارکان آج حلف اٹھائیں گے

    اسلام آباد : سینیٹ کے نو منتخب اراکین آج حلف اٹھائیں گے ، جس کے بعد نئے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کا اجلاس آج صبح 9بجے ہوگا، جس کا 10نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے، جس میں کہا ہے کہ سیکریٹری سینیٹ اجلاس کیلئے پریذائیڈنگ افسر کا اعلان کریں گے۔

    ایجنڈے میں کہا گیا کہ نومنتخب ارکان سینیٹ آرٹیکل 65 کے تحت حلف اٹھائیں گے، حلف لینے کے بعد ارکان سینیٹ رول آف ممبرزپر دستخط کریں گے۔

    اراکین کے حلف اٹھانے کے بعد پریذائیڈنگ آفیسر چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کا شیڈول جاری کریں گے، دونوں آئینی عہدوں کے انتخاب میں حصہ لینے والے امیدوار سیکرٹری سینیٹ سے کاغذات وصول کرنے کے بعد دوبارہ جمع کرائیں گے۔

    کاغذات منظور ہونے کے بعد سینیٹ سیکرٹریٹ انتخاب میں حصہ لینے والے امیدواروں کی فہرست جاری کرے گا، جس کے بعد چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے سیکرٹ ووٹنگ ہوگی، ایوان میں سادہ اکثریت سے دونوں عہدوں کا چناؤ کیا جائے گا/

    اگر ضرورت پڑی تو خفیہ بیلٹ کے ذریعے چیئرمین سینیٹ کا چناؤ ہوگا، جس کے بعد چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے نتائج کااعلان کیا جائےگا، نتائج کےاعلان کے بعد نومنتخب چیئرمین سینیٹ حلف اٹھائیں گے۔

    چیئرمین کے بعد ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب عمل میں لایاجائےگا اور ضرورت پڑنےپرڈپٹی چیئرمین سینیٹ کاخفیہ رائےشماری سےالیکشن ہوگا، نتائج کے بعد نومنتخب ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سے حلف لیا جائےگا، چیئرمین سینیٹ کا الیکشن ساڑھے 12 بجے ہو گا۔

    خیال رہے الیکشن کمیشن کی جانب سے خیبرپختوانخو میں سینیٹ کی 11 نشستوں پر انتخاب ملتوی ہونے کے بعد 96 ممبران کے ایوان بالا میں 85 سینیٹرز چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کیلئے اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

    پیپلز پارٹی 24 سینیٹرز کیساتھ سینیٹ کی سب سے بڑی پارٹی ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے 19، 19 ارکان ہیں، جے یو آئی 5، بی اے پی 4، ایم کیو ایم اور اے این پی 3، 3، ق لیگ، نیشنل پارٹی، بی این پی ایک، ایک جبکہ آزاد ارکان کے پاس سینیٹ کی 5 نشستیں ہیں۔

    گزشتہ روز پیپلزپارٹی کے چیئرمین سینیٹ کے امیدوار یوسف رضا گیلانی نے افطار ڈنر کا اہتمام کیا، جس میں بلاول بھٹو زرداری، اتحادی جماعتوں اور پیپلز پارٹی کے سینیٹرز نے شرکت کی۔

    افطار ڈنر میں سیاسی جماعتوں کے رہنما بھی شریک ہوئے، سابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ بھی یوسف رضا گیلانی کی دعوت میں موجود تھے، سابق وزیر اعظم نے افطار ڈنر میں شریک تمام سینیٹرز کا شکریہ بھی ادا کیا، اس دوران شیری رحمان نے چیئرمین سینیٹ کے حوالے سے نمبر گیم سے آگاہ کیا۔

  • جسٹس آصف سعید کھوسہ نے چیف جسٹس آف پاکستان کا حلف اٹھا لیا

    جسٹس آصف سعید کھوسہ نے چیف جسٹس آف پاکستان کا حلف اٹھا لیا

    اسلام آباد : جسٹس آصف سعید خان کھوسہ نے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھا لیا، جسٹس آصف سعید کھوسہ ملک کے 26 ویں چیف جسٹس ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کی بطورچیف جسٹس حلف برداری کی تقریب ایوان صدرمیں ہوئی، صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے جسٹس آصف سعید کھوسہ سے چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف لیا۔

    حلف برداری کی تقریب میں وزیراعظم عمران خان سمیت وفاقی وزرا، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر، چاروں صوبوں کے گورنرز اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے شرکت کی۔

    حلف برداری تقریب میں سپریم کورٹ کے موجودہ، سابق ججز ، مختلف ممالک کے عدالتی نظام میں اہم عہدوں پرفائزغیرملکی اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔

    ترک سپریم کورٹ کے صدر جسٹس نارین فردی، ناردرن سائپرس عدالت کے صدرجسٹس قاشم، نائیجریا بورنو کے جسٹس بی مارولوکر اوربھارتی سپریم کورٹ کے سابق صدراورسینئرجج بھی حلف برداری تقریب میں شریک تھے۔

    جسٹس ثاقب نثار بہترین منصف ، عدالتی تاریخ کے یادگاری فیصلوں پر ایک نظر

    کامن ویلتھ کی گورننگ کمیٹی اورجوڈیشل تعلیم اور کامن ویلتھ جوڈیشل ایجوکیشن انسٹیٹیوٹ کینیڈا کے صدربھی تقریب میں شرکت کریں گے۔

    یاد رہے کہ صدر مملکت عارف علوی جسٹس آصف سعید کھوسہ کے بطور چیف جسٹس تقرری کی سمری پر دستخط کر چکے ہیں۔

    جسٹس آصف سعید کھوسہ کون ہیں؟


    جسٹس آصف سعید کھوسہ 21 دسمبر 1954 کو ڈیرہ غازی خان میں پیدا ہوئے ، وہ اپنی تعلیمی قابلیت اورسب سے زیادہ فیصلے تحریر کرنے کے حوالے سے منفرد مقام رکھتے ہیں۔

    جسٹس آصف سعید کھوسہ نے 1969میں میٹرک کے امتحان میں ملتان بورڈ سے پانچویں جبکہ 1971 میں انٹرمیڈیٹ میں لاہور بورڈ اور 1973 میں پنجاب یونیورسٹی سے پہلی پوزیشنز حاصل کیں اور اسی یونیورسٹی سے 1975 میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کی، انہیں تین بار نیشنل ٹیلنٹ اسکالرشپ سے نوازا گیا۔

    کیمبرج یونیورسٹی برطانیہ سے 1977 اور 1978 میں انہوں نے قانون کی دو ڈگریاں حاصل کیں، تعلیم حاصل کرنے کے بعد وہ 1979 میں ملک واپس آئے اور لاہور ہائی کورٹ سے وکالت کا آغاز کیا اور 1985 میں سپریم کورٹ کے وکیل کا درجہ ملا 1998 میں لاہور ہائی کورٹ جبکہ 2010 میں سپریم کورٹ کے جج منتخب ہوئے۔

    بطور جج اپنے 18 سالہ کیرئر میں انہوں نے 50 ہزار سے زائد مقدمات کے فیصلے سنائے ہیں، نوازشریف کے خلاف پاناما کیس کا تفصیلی فیصلہ بھی انہی کے زورِ قلم کا نتیجہ تھا۔

    جسٹس آصف سعید کھوسہ نے پی سی او کے تحت حلف اٹھانے سے انکار کیا تھا جبکہ وہ کئی اہم کیسز کی سماعت کرنے والے بینچز کاحصہ رہے، انہوں نے چارکتابیں بھی تصنیف کیں۔

     چیف جسٹس آف پاکستان، جسٹس آصف سعید کھوسہ منصفِ اعلیٰ کے منصب پر347 دن  فائزرہنے کے بعد رواں سال 20 دسمبر. کو ریٹائرہوجائیں گے۔

     

  • عمران خان شیروانی پہن کرحلف اٹھائیں گے، فواد چوہدری

    عمران خان شیروانی پہن کرحلف اٹھائیں گے، فواد چوہدری

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح کی روایت کو برقراررکھا جائے گا، اس لئے عمران خان شیروانی پہن کر حلف اٹھائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکرکے لئے جمہوری طریقے کو فالو کرنا ضروری ہے، امید ہے اسپیکر کے انتخاب میں 175سے زائد ووٹ لیں گے، ہمارے اتحادی بھی پی ٹی آئی کے جھنڈے تلے متحد ہے۔

    فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کا اتحاد غیر فطری ہے، جو اتحاد زیادہ دیر نہیں چل سکتا، وزیراعلیٰ پنجاب اور کابینہ سے متعلق فیصلے دو سے تین دن میں ہوجائیں گے۔

    پی ٹی آئی ترجمان نے کہا قائداعظم محمدعلی جناح کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے عمران خان شیروانی پہن کرحلف اٹھائیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایک مرتبہ پھراحتساب عدالت پرحملہ کیا گیا ہے، مسلم لیگ ن کے جتھے احتساب عدالت پرمسلسل حملے کررہےہیں، مسلم لیگ ن کے احتساب عدالت پرحملےکی مذمت کرتے ہیں۔

    فواد چوہدری نے کہا یہ نہیں ہوسکتا لوگوں کوعدالت بھجوا دیں نعرے بازی کرائیں، عدالتوں پرحملوں کارویہ قبول نہیں کیا جائے گا،عدالتوں پر حملے ہوں گے نوازشریف کا جیل میں ٹرائل ہوگا۔

    پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان وزارت عظمیٰ کا حلف شیروانی زیب تن کر کے اُٹھائیں گے۔

    خیال رہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس جاری ہے۔ قومی اسمبلی کے اسپیکراورڈپٹی اسپیکر کے عہدوں کے انتخاب کے لیے اسد قیصراور خورشیدشاہ کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔

    ڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی کے لئے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد اُمیدوار قاسم سوری اوراپوزیشن کے اُمیدواراسد محمود کے مابین مقابلہ ہوگا۔

    واضح رہے قومی اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے بعد وزیر اعظم کے عہدے کے لیے اُمیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع ہوں گے۔

  • علاؤ الدین مری آج شام نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان کا حلف اٹھائیں گے

    علاؤ الدین مری آج شام نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان کا حلف اٹھائیں گے

    کوئٹہ : نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤ الدین مری آج حلف اٹھائیں گے، گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نگراں وزیراعلیٰ سے حلف لیں گے۔

    نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان کی تقریب حلف برداری بھی آج ہوگی، گورنر ہاؤس کوئٹہ میں علاؤ الدین مری شام پانچ بجے حلف اٹھائیں گے، گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نگراں وزیراعلیٰ سے حلف لیں گے۔

    تقریب میں بلوچستان کی سیاسی وسماجی شخصیات شرکت کریں گی۔

    یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے نگراں وزیر اعلیٰ کیلئے علاؤالدین مری کو نامزد کیا تھا، علاؤالدین مری کا کہنا تھا کہ شفاف اور بروقت الیکشن کیلئے کردار ادا کریں گے۔

    خیال رہے کہ علاﺅ الدین مری سابق وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کے دوست ہیں اور حکومت کی جانب سے ان کا نام نگراں وزیراعلیٰ کے لئے پیش کیا گیا تھا۔

    علاﺅ الدین مری کون ہیں؟


    بلوچستان کے نامزد نگراں وزیراعلیٰ علاﺅ الدین مری پیشہ کے اعتبار سے انجینئر اور کاروباری شخصیت ہیں ،جبکہ والد اہم سرکاری عہدوں پرفائز رہ چکے ہیں۔

    علاﺅ الدین مری 1980میں مستونگ میں پیدا ہوئے، ابتدائی تعلیم انہوں نے تعمیرنو پبلک اسکول کوئٹہ سے حاصل کی ،اس کے بعد بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدار سے بیچلر آف انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی، اس کے بعد علاﺅ الدین مری نے اپنا کاروبار شروع کیا۔

    علاﺅ الدین مری زمانہ طالبعلمی میں بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن میں بھی سیاسی طور پر سرگرم رہ چکے ہیں۔

    نامزد وزیراعلیٰ کے والد ایڈیشنل سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات بلوچستان ریٹائر ہوچکے ہیں جبکہ اس کے علاوہ بھی وہ دیگر اہم سرکاری عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • حکومت آئینی مدت پوری کرنے کے بعد ختم، جسٹس ناصر المک آج نگراں وزیراعظم کا حلف اٹھائیں گے

    حکومت آئینی مدت پوری کرنے کے بعد ختم، جسٹس ناصر المک آج نگراں وزیراعظم کا حلف اٹھائیں گے

    اسلام آباد: سابق منصف اعلیٰ جسٹس (ر) ناصر المک آج نگراں وزیراعظم کا حلف اٹھائیں گے، صدرمملکت ممنون حسین ناصر الملک سے حلف لیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں نگراں وزیراعظم کی تقریب حلف برداری آج 11 بجے ایوان صدر میں منعقد ہوگی ، جس میں جسٹس (ر) ناصر المک حلف اٹھائیں گے۔

    ایوان صدر میں حلف برداری کی تقریب کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں، تقریب میں عسکری قیادت، اعلیٰ شخصیات، غیر ملکی سفیر، گورنر اور دیگر کو مدعو کیا گیا ہے، جبکہ چیئرمین سینٹ وڈپٹی چیرمین کو بھی دعوت نامے جاری کئے گئے ہیں۔

    خیال رہے کہ حکومت اپنی پانچ سالہ آئینی مدت مکمل کرنے کے بعد ختم ہوگی ہے، اب ناصر الملک نگراں وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالیں گے۔

    یاد رہے کہ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی چھ ملاقاتوں کے بعد نگران وزیر اعظم کے نام پر اتفاق کیا گیا تھا، دونوں رہنماؤں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ جسٹس (ر)ناصر المک نگراں وزیر اعظم ہوں گے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نگراں وزیراعظم کیلئےنام ایساہےجس پرکوئی انگلی نہیں اٹھاسکتا۔

    واضح رہے کہ ناصر الملک سپریم کورٹ کے بائیسویں چیف جسٹس رہے، وہ 2013 سے 2014 تک قائم مقام چیف الیکشن کمشنر بھی رہے جبکہ سنہ 1993 سے 1994 تک وہ خیبر پختونخواہ کی صوبائی حکومت کے ایڈوکیٹ جنرل کے عہدے پر فائز رہے جہاں انہوں نے صوبائی حکومت کے قانونی معاملات میں مشاورت کے فرائض انجام دیے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • جسٹس (ر)سرداررضا خان آج چیف الیکشن کمشنرکا حلف اٹھائیں گے

    جسٹس (ر)سرداررضا خان آج چیف الیکشن کمشنرکا حلف اٹھائیں گے

    اسلام آباد: جسٹس ریٹائرڈ سردار رضا خان آج چیف الیکشن کمشنر کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے، چیف جسٹس سپریم کورٹ ناصرالملک ان سے حلف لیں گے۔

    جسٹس ریٹائرڈ سردار رضا نے وفاقی شرعی عدالت کے چیف جسٹس کے عہدے سے استعفی دے دیا ہے، جس کے بعد وزارتِ پارلیمانی امور نے ان کی بطور چیف الیکشن کمشنر تعیناتی کا نوٹیفیکیشن جاری کیا، نوٹیفیکیشن کے مطابق جسٹس ریٹائرڈ سردار محمد رضا کو آئندہ پانچ برس کیلئے چیف الیکشن کمشنر مقرر کیا گیا ہے، ان کی مدت حلف اٹھانے کے دن سے شروع ہوگی۔

    جسٹس ریٹائرڈ سردار رضا خان کیلئے سب سے بڑا چیلنج الیکشن کمیشن کی غیرجانبداری کا تاثر بحال کرنا ہے، دو ہزار تیرہ کے انتخابات کے بعد لگنے والے الزامات نے ادارے کی ساکھ کو بری طرح متاثر کیا ہے۔