Tag: حلف برداری

  • لاہورہائی کورٹ کے نئے چیف جسٹس انوارالحق  نے حلف اٹھا لیا

    لاہورہائی کورٹ کے نئے چیف جسٹس انوارالحق نے حلف اٹھا لیا

    لاہور: لاہور ہائی کورٹ کے نئے چیف جسٹس انوارالحق نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا، گورنر پنجاب چوہدری سرور نے عہدے کا حلف لیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے نئے چیف جسٹس انوارالحق نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا، گورنرپنجاب چوہدری سرور نے عہدے کا حلف لیا۔

    چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی حلف برداری کی تقریب میں ججز، وکلا، وزیرقانون اور صوبائی حکام نے شرکت کی۔

    صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے گزشتہ روز جسٹس انوارالحق کو لاہور ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کیا تھا۔

    صدرپاکستان نے 6 ایڈیشنل ججز کو بھی لاہور ہائی کورٹ کا جج مقرر کیا تھا جن میں جسٹس مجاہد مستقیم احمد، جسٹس اسجد جاوید غزال، جسٹس مزمل اخترشبیر، جسٹس چوہدری عبدالعزیز، جسٹس طارق سلیم شیخ اور جسٹس جواد حسن شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ جسٹس محمد یاور علی کی ریٹائرمنٹ کے بعد جسٹس انوارالحق کو لاہور ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کیا گیا ہے۔

  • عمران اسماعیل آج گورنر سندھ کےعہدے کا حلف اٹھائیں گے

    عمران اسماعیل آج گورنر سندھ کےعہدے کا حلف اٹھائیں گے

    کراچی : وزیراعظم عمران خان کی جانب سے نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل آج عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل کی حلف برداری کی تقریب آج شام 6 بجے گورنر ہاؤس میں منعقد ہوگی۔

    چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی شیخ عمران اسماعیل سے ان کے عہدے کا حلف لیں گے، وہ سندھ کے 33 ویں گورنر ہوں گے۔

    حلف برداری کی تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، صوبائی کابینہ کے ارکان، تحریک انصاف کے کراچی سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی وصوبائی اسمبلی، سینیٹرز، ایم کیو ایم اور جی ڈی اے کے ارکان صوبائی اسمبلی کو مدعو کیا گیا ہے۔

    نامزد گورنرعمران اسماعیل کے اہل خانہ، عزیزواقارب، سرکاری افسران سمیت دیگر اہم شخصیات تقریب میں شریک ہوں گے۔

    عمران اسماعیل گورنرکی حیثیت سے حلف اٹھانے کے بعد 28 اگست کی صبح 10 بجے مزار قائد پرحاضری دیں گے۔

    عمران اسماعیل سندھ کے33ویں گورنرمقرر

    خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے 24 اگست کو عمران اسماعیل کو گورنرسندھ مقررکردیا تھا اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا تھا۔

    عمران خان نے گورنرسندھ کے لئے عمران اسماعیل کے نام کی منظوری دے دی

    واضح رہے کہ رواں ماہ 11 اگست کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے گورنرسندھ کے لیے عمران اسماعیل کے نام کی منظوری دی تھی۔

  • نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار آج حلف اٹھائیں گے

    نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار آج حلف اٹھائیں گے

    لاہور: جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار آج حلف اٹھائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے بیسویں اورجنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے سردار عثمان بزدار پانچویں وزیراعلیٰ پنجاب ہیں جو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

    حلف برداری کی تقریب شام 5 بجے گورنرہاؤس میں ہوگی، قائم مقام گورنر پرویز الہیٰ نومنتخب وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے حلف لیں گے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کی حلف برداری کی تقریب میں نگراں وزیراعلیٰ حسن عسکری کابینہ سمیت شریک ہوں گے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روزاسپیکر چوہدری پرویز الہیٰ کی زیرصدارت اجلاس کے دوران نئے قائد ایوان کا انتخاب عمل میں لایا گیا تھا۔

    پاکستان تحریک انصاف کے سردارعثمان بزدار نے 189 جبکہ ان کے مد مقابل مسلم لیگ ن کے حمزہ شہبازنے 159 ووٹ حاصل کیے تھے۔

    نومنتخب وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی تقریر

    تحریک انصاف کے عثمان بزدار نے وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہونے کے بعد اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہماری سب سے پہلی ترجیح گڈ گورننس، کرپشن کا خاتمہ ہے۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ہم نے اداروں کوبہترکرنا ہے، ہم نے اسٹیٹس کو کا خاتمہ کرنا ہے، اپنی بہترین ٹیم لائیں گے اور ساری توانائی عوامی خدمت میں لگائیں گے۔

    عثمان بزدار کا انتخاب پنجاب میں نئے دور کا آغاز ہے، عمران خان

    واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیرِاعظم عمران خان نے پنجاب کے نو منتخب وزیرِ اعلیٰ سردار عثمان بزدار کو ٹیلی فون کرکے مبارک باد دی تھی۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ ’سردار عثمان بزدار کے انتخاب سے پنجاب میں نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔‘

  • ایوان صدر میں وفاقی کابینہ نے حلف اٹھا لیا

    ایوان صدر میں وفاقی کابینہ نے حلف اٹھا لیا

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران کی کابینہ میں 16 وفاقی وزرا اور 5 مشیروں نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایوان صدر میں ہونے والی اس تقریب میں صدرممنون حسین نے 16 وزار اور 5 مشیروں سے حلف لیا۔

    اس موقع پروزیراعظم عمران خان بھی موجود تھے جبکہ پارٹی کے دیگراراکین سمیت کئی مہمانوں کو اس تقریب میں مدعو کیا گیا تھا۔

    ایوان صدر میں تقریب کا آغاز روایتی انداز میں قومی ترانے کی دھن سے ہوا جس کے بعد تلاوت قرآن پاک سے تقریب کا باقاعدہ آغاز ہوا۔

    تقریب حلف برداری کے بعد وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں وزیراعظم کے قوم سے خطاب میں اعلانات کے حوالے سے لائحہ عمل پربات چیت کی جائے گی۔

    وفاقی کابینہ میں شامل پرویز خٹک کو وزارت دفاع، اسد عمر کو وزارت خزانہ، شاہ محمود قریشی کو وزارت خارجہ، شیری مزاری کو انسانی حقوق اور غلام سرور خان کو وزارت پٹرولیم، فواد چوہدری کو وزارت اطلاعات ونشریات ، شفقت محمود کو وزارت تعلیم، عامرکیانی کو وزارت صحت اور نورالحق قادری کومذہبی امور کو قلمدان دیا گیا ہے۔

    اتحادی جماعتوں کے 6 وزرا میں شیخ رشید کو وزارت ریلوے، خالد مقبول صدیقی کو وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی، فروغ نسیم کو وزارت قانون وانصاف اور فہمیدہ مرزا کو بین الصوبائی رابطے کی وزارت دی گئی ہے، طارق بشیر چیمہ وزیرسیفران اور زبیدہ جلال کودفاعی پیدوار کا قلمدان سونپا گیا ہے۔

    وزیراعظم عمران خان کی کابینہ میں 5 مشیر بھی شامل ہیں جن میں بابراعوان پارلیمانی امور، ملک امین اسلم ماحولیاتی تبدیلی اور ڈاکٹرعشرت حسین ادارہ جاتی اصلاحات، عبدالرزاق داؤد صنعت وتجارت جبکہ محمد شہزاد ارباب کواسٹیبلشمنٹ ڈویژن کا مشیرلگایا گیا ہے۔

  • نومنتخب وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال آج اپنےعہدے کا حلف اٹھائیں گے

    نومنتخب وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال آج اپنےعہدے کا حلف اٹھائیں گے

    کوئٹہ : نومنتخب وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان آج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے، گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نو منتخب وزیراعلیٰ سے حلف لیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنرہاؤس بلوچستان میں وزیراعلیٰ کی تقریب حلف برداری ہوگی جس میں گورنرمحمد خان اچکزئی نومنتخب وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال سے حلف لیں گے۔

    نومنتخب ارکان اسمبلی سول اور ملٹری افسران کے علاوہ دیگراہم شخصیات نو منتخب وزیراعلیٰ بلوچستان کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کریں گے۔

    مزید پڑھیں:جام کمال وزیر اعلیٰ بلوچستان منتخب

    خیال رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان اسمبلی میں قائد ایوان کے انتخاب کے لیے ووٹنگ ہوئی تھی جس میں بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار جام کمال وزیراعلیٰ بلوچستان منتخب ہوئے تھے۔

    بلوچستان عوامی پارٹی کے جام کمال خان نے 39 جبکہ ان کے مخالف اپوزیشن اتحاد کے یونس زہری نے 20 ووٹ حاصل کیے تھے۔

    بلوچستان اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب 16 اگست کو کیا گیا تھا۔ رائے شماری میں 60 میں سے 59 اراکین نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا تھا۔

    سابق اسپیکر راحیلہ درانی کی زیر نگرانی خفیہ رائے شماری کا انعقاد ہوا تھا اور مقررہ وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کی گئی تھی۔

    انہوں نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا تھا کہ عبد القدوس بزنجو نے 39 ووٹ حاصل جبکہ محمد نواز کاکڑ صرف 20 ووٹ حاصل کیے۔

  • پنجاب اسمبلی میں نو منتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا

    پنجاب اسمبلی میں نو منتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا

    لاہور: صوبہ پنجاب کی پندرہویں اسمبلی کے نو منتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا۔ ایوان کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب 17 اگست کو ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن 2018 کے بعد پنجاب اسمبلی کا پہلا اجلاس اسپیکر رانا محمد اقبال کی زیر صدارت ہوا۔

    اسپیکر رانا محمد اقبال نے نومنتخب اراکین سے حلف لیا۔ اسمبلی کے 371 کے ایوان میں 12 نشستیں خالی ہیں۔

    پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے 179 ممبران نے حلف اٹھایا۔ تحریک انصاف کے 139 جنرل، 33 خواتین اور 4 اقلیتی ارکان ہیں۔

    مسلم لیگ ن کے 164 ارکان نے حلف اٹھایا، ن لیگ کے 128 جنرل، 30 خواتین اور 4 اقلیتی ارکان ہیں۔

    مسلم لیگ ق کے 10، پیپلز پارٹی کے 7، راہ حق پارٹی کا ایک اور 4 آزاد ارکان بھی حلف اٹھانے والوں میں شامل ہیں۔

    پنجاب اسمبلی میں 50 ایسے بھی ارکان شامل ہیں جو پانچویں، تیسری اور دوسری دفعہ اسمبلی میں واپس پہنچے ہیں۔

    سنہ 1985 کے غیر جماعتی انتخاب میں کامیاب ہونے والے چوہدری اقبال گجر مسلسل نویں بار، اسپیکر رانا محمد اقبال پانچویں مرتبہ، میاں یاور زمان، مجتبیٰ شجاع الرحمٰن چوتھی، رانا مشہود، خواجہ عمران نذیر، خواجہ سلمان رفیق، شیخ علاؤ الدین، بلال یاسین، خلیل طاہر سندھو اور حمیدہ وحیدالدین سمیت ڈیرھ درجن ارکان تیسری بار اسمبلی پہنچے ہیں۔

    میاں محمود الرشید، میاں اسلم اقبال، سبطین خان اور جہانگیر خانزادہ سمیت 3 درجن سے زائد ایسے ارکان بھی شامل ہیں جو مسلسل دوسری مرتبہ اسمبلی پہنچے ہیں۔ راحیلہ خادم حسین تیسری مرتبہ مخصوص اسپیشل سیٹ پر کامیاب ہوئیں۔

    ذکیہ شاہنواز، حنا پرویز، عظمیٰ زاہد بخاری اور مہوش سلطانہ سمیت مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کی ٹکٹ پر درجن بھر ایسی خوش نصیب ارکان موجود ہیں جو دوسری مرتبہ ایوان میں پہنچی ہیں۔

    صوبائی سطح پر 90 کے عام انتخابات سے مسلسل کامیاب ہونے والے رانا ثنا اللہ اور 3 مرتبہ قائد ایوان رہنے والے شہباز شریف اب اسمبلی کا حصہ نہیں ہوں گے۔ کھوسہ اور لغاری خاندان مرکز کے بعد صوبے سے بھی آؤٹ جبکہ دریشک خاندان ایک عرصے بعد صوبائی اسمبلی میں دوبارہ واپس آیا ہے۔

  • سندھ اسمبلی کے نومنتخب اراکین نے حلف اٹھالیا

    سندھ اسمبلی کے نومنتخب اراکین نے حلف اٹھالیا

    کراچی : سندھ اسمبلی کے نو منتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا، ارکان سے اسپیکر آغا سراج درانی نے حلف لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں سندھ اسمبلی کا اجلاس اسپیکرآغا سراج درانی کی زیرصدارت ہوا جس میں نومنتخب اراکین نے حلف اٹھایا۔

    سندھ اسمبلی میں بعض ارکان نے سندھی اور کچھ نے انگریزی زبان میں حلف اٹھایا۔ نومنتخب اراکین کی جانب سے اسمبلی رجسٹرپرحروف تہجی کے تحت دستخط کیے جا رہے ہیں۔

    سندھ اسمبلی کے افتتاحی اجلاس کے موقع پرسیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔

    دوسری جانب کورٹ روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے پرشدید ٹریفک جام ہوا جس کے بعد کئی ارکان کو پیدل سندھ اسمبلی آنا پڑا جس میں حلیم عادل شیخ اور سعید غنی شامل ہیں۔

    اس موقع پرپاکستان تحریک انصاف کے نومنتخب رکن فردوس شمیم نقوی بھی سندھ اسمبلی پہنچے، پی ٹی آئی رہنما کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نیا پاکستان بنانے میں کلیدی کردار ادا کرنا ہے اور پیپلزپارٹی سے مل کر تبدیلی کے لیے کام کریں گے۔

    قومی اسمبلی کا اجلاس‘ نومنتخب اراکین نےحلف اٹھالیا

    واضح رہے کہ آج ہی کے دن اسلامی جمہوریہ پاکستان کی 15 ویں قومی اسمبلی کے نومنتخب اراکین نے حلف اٹھایا جن سے اسپیکرسردار ایازصادق نے حلف لیا، جبکہ خیبر پختونخواہ اسلمبلی میں بھی حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی۔

  • سنیل گواسکر کی عمران خان کی تقریبِ حلف برداری میں شرکت سے معذرت

    سنیل گواسکر کی عمران خان کی تقریبِ حلف برداری میں شرکت سے معذرت

    نئی دہلی : بھارت کے سابق کرکٹر سنیل گواسکر نے عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت سے معذرت کرتے ہوئے  نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا عمران خان کا وزیراعظم بننا بڑا موقع ہے، توقع ہے پاک بھارت تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی سابق کرکٹر سنیل گواسکر نے عمران خان کی حلف برداری میں شرکت سے معذرت کرتے ہوئے کہا توقع ہے پاک بھارت تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہوسکتا ہے۔

    سنیل گواسکر کا کہنا تھا کہ عمران خان بھارتی عوام کو بہترجانتے ہیں، انھوں نے بھارت میں کافی وقت گزارا ہے، میری نیک خواہشات ان کے ساتھ ہیں۔

    سابق بھارتی کرکٹر نے کہا کامیابی کے بعدعمران خان سے بات ہوئی، انھوں نے مجھ سے پوچھا حلف برداری کیلئے آرہے ہیں تو میں نے مصروفیت کے باعث حلف برداری میں شرکت سے معذرت کرلی۔


    مزید پڑھیں : عمران خان کی تقریب حلف برداری میں سابق بھارتی کرکٹرز مدعو


    سنیل گواسکر کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کا وزیراعظم بننا بڑا موقع ہے، ان کو کئی سال سے جانتا ہوں، عمران خان کا وزیراعظم بننا پاک بھارت تعلقات کیلئے اچھا موقع ہے۔

    یاد رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی حلف برداری کی تقریب میں بھارتی کرکٹرز کو بھی مدعو کیا گیا ہے، سنیل گواسکر، کپل دیو اور نوجوت سنگھ سدھو عمران خان کے ذاتی دوست ہیں۔

    اس سے قبل بھارتی رکن پارلیمنٹ نوجوت سنگھ سدھونے عمران خان کی جانب سے حلف برداری میں شرکت کی دعوت قبول کرتے ہوئے شرکت کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ تقریب حلف برادری میں شرکت کی دعوت اعزاز ہے۔

    سدھو کا کہنا تھا کہ تقریب میں شرکت کا دعوت نامہ ذاتی ہے، سیاسی نہیں، عمران خان سے بہت پرانے تعلقات ہیں، ،وہ زبردست شخص ہیں، ان کی گرمجوشی کا شکریہ ادا کرتا ہوں، کھلاڑی اورآرٹسٹ رکاوٹوں کو توڑ سکتے ہیں۔

  • عمران خان کا تقریب حلف برداری غیر ملکی شخصیات کو مدعو نہ کرنے کا فیصلہ

    عمران خان کا تقریب حلف برداری غیر ملکی شخصیات کو مدعو نہ کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے تقریب حلف برداری غیر ملکی شخصیات کو مدعو نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نئے وزیر اعظم کی تقریب حلف برداری کے معاملے پر عمران خان نے غیر ملکی شخصیات کو مدعو نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    رہنما پی ٹی آئی فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان کے صرف چند دوستوں کو بیرون ملک سے مدعو کیا جائے گا، بیرون ملک سے کسی بھی شخصیت کو دعوت نہیں دی جائے گی۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان نے تقریب سادگی سے منعقد کرنے کی ہدایت کی، عمران خان سادگی سے وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھائیں گے، تقریب سے کسی قسم کے تعیش یا تکلف کا اظہار نہیں کیا جائے گا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ ایوان صدرمیں تقریب مکمل طور پر قومی تقریب ہوگی۔

    گذشتہ روز رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ حلف برداری میں سربراہان مملکت بلانے کا فیصلہ نہیں کیا، نوازشریف نےحلف برداری میں کسی سربراہ کو نہیں بلایا، عوام سنہرے دور کے لیے تیاری کرلیں۔


    مزید پڑھیں : عمران کی حلف برداری کو مختصر رکھنے کا فیصلہ


    یاد رہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین اور پاکستان کے ممکنہ وزیراعظم عمران خان نے حلف برداری کی تقریب مختصر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    عمران کان کی تقریب حلف برداری کی تقریب 13 اگست کو ہونے کا امکان ہے، جس میں شرکت کرنے کے لیے سرحد پار کھلاڑیوں نے بھی اپنی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

    خیال رہے کہ عمران خان نے ڈی چوک پر حلف اٹھانے کی تجویز مسترد کردی، جس کے بعد سیکیورٹی رسک کی وجہ سے حلف برداری ایوان صدر میں ہوگی۔

    واضح رہے کہ  پی ٹی آئی چیئرمین نے پشاور میں خیبر پختونخوا کے اراکین پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا ’میں 11 اگست کو وزارتِ عظمیٰ کا حلف لوں گا۔‘


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • عمران خان کو ڈی چوک پر حلف اٹھانے کا مشورہ

    عمران خان کو ڈی چوک پر حلف اٹھانے کا مشورہ

    اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کو الیکشن 2018 میں روایتی سیاسی جماعتوں کو شکستِ فاش دینے کے بعد نیا مشورہ مل گیا ہے، ان سے کہا گیا ہے کہ وہ ڈی چوک پر حلف اٹھائیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاق میں حکومت سازی کے سلسلے میں جاری سرگرمیوں کے دوران عمران خان کی وزارتِ عظمیٰ کی حلف برداری کا معاملہ بھی زیرِ بحث آ گیا ہے۔

    عمران خان کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ کسی عوامی مقام پر حلف اٹھائیں، جس سے روایتی پاکستانی سیاست پر ایک اور کاری ضرب پڑ جائے گی، اور ’اسٹیٹس کو‘ بھی کم زور ہو جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین تحریکِ انصاف کو حلف اٹھانے کے لیے کئی عوامی مقامات کا مشورہ دیا گیا ہے جن میں اسلام آباد کے مشہور پریڈ گراؤنڈ سمیت دیگر آپشنز بھی زیر غور لائے جا رہے ہیں۔

    افغان صدر کا عمران خان کو ٹیلی فون، انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد

    ذرائع نے کہا ہے کہ ملک کے نئے وزیرِ اعظم کا کسی عوامی مقام پر حلف برداری کی تقریب کا انعقاد ایک حساس معاملہ ہے، جس کی وجہ سے عوامی مقام پرحلف برداری سیکورٹی کلیئرنس سے مشروط ہے۔

    واضح رہے کہ الیکشن 2018 میں عمران خان ملک کی بڑی سیاسی جماعتوں کو بڑی شکست دے کر وفاق میں حکومت سازی کی پوزیشن میں آگئے ہیں جس کے لیے تیاریاں عروج پر ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔