Tag: حلف نہ لینے

  • حمزہ شہباز نے حلف نہ لینے کیخلاف تیسری بار لاہورہائی کورٹ سے رجوع کر لیا

    حمزہ شہباز نے حلف نہ لینے کیخلاف تیسری بار لاہورہائی کورٹ سے رجوع کر لیا

    لاہور : نو منتخب وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے حلف نہ لینے کیخلاف تیسری بارلاہور ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا، جس میں استدعا کی ہے کہ عدالت حمزہ شہباز سے حلف لینے کیلئے نمائندہ مقرر کرے۔

    تفصیلات کے مطابق نو منتخب وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے حلف نہ لینے کیخلاف تیسری بارلاہور ہائیکورٹ میں آئینی درخواست دائرکر دی، درخواست میں وفاقی وپنجاب حکومت فریق بنایا گیا ہے۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ حلف سے متعلق احکامات جاری کر چکی ہے، عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا ، گورنرپنجاب ایک بار پھر عدالتی حکم ماننے سے انکار کر رہا ہے۔

    درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت حمزہ شہباز سے حلف لینے کیلئے نمائندہ مقرر کرنے کے ساتھ ساتھ حلف لینے کیلئے وقت اور جگہ کا بھی تعین کرے اور حلف نہ لینےوالوں کےاقدامات خلاف آئین قرار دیئے جائیں۔

    یاد رہے لاہور ہائی کورٹ نے فیصلہ سناتے ہوئے گورنر پنجاب کو حکم دیا تھا کہ نئے وزیراعلیٰ حمزہ شہباز سے خود یا اپنے کسی نمائندے کے ذریعے حلف لیں۔

    فیصلے میں کہا گیا تھا کہ آئین فوری طور پر وفاقی یا صوبائی حکومت بنانے کی تجویز دیتا ہے موجودہ صورتحال کے مطابق صدر یا گورنر فوری حلف لینے کے آئینی طور پر پابند ہیں۔

  • حمزہ شہباز سے حلف نہ لینے کے خلاف درخواست دوبارہ دائر

    حمزہ شہباز سے حلف نہ لینے کے خلاف درخواست دوبارہ دائر

    لاہور: ہائی کورٹ میں گورنر پنجاب کی جانب سے نو منتخب وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز سے حلف نہ لینے کے خلاف درخواست دوبارہ دائر کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کا وزیر اعلیٰ منتخب ہونے کے بعد حمزہ سے حلف نہ لینے کے معاملے پر نو منتخب وزیر اعلیٰ کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ میں دوبارہ درخواست دائر کر دی گئی، تاہم ہائی کورٹ آفس نے درخواست پر دوبارہ اعتراض لگا دیا ہے کہ گورنر پنجاب کو فریق نہیں بنایا جا سکتا۔

    حمزہ شہباز نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ گورنر رولز آف پروسیجر کے تحت منتخب وزیر اعلیٰ سے حلف لینے کے پابند ہیں، گورنر پاکستان تحریک انصاف کے سابق عہدے دار اور کارکن ہیں، وہ آئینی بحران پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

    درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ گورنر پنجاب کے عمل سے صوبے کے عوام معاشی اور سیاسی بحران سے مزید دوچار ہو گئے ہیں، گورنر کا دفتر وفاق اور اتحاد کی علامت ہے، اور اس کا بنیادی مقصد آئین کی حفاظت اور صوبائی ایگزیکٹو کی سرپرستی ہے۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی نے حمزہ شہباز کو وزیر اعلیٰ کے طور پر منتخب کیا، لیکن اب موجودہ صورت حال میں درخواست گزار کے پاس اس معزز عدالت سے رجوع کرنے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ نو منتحب وزیر اعلیٰ پنجاب سے حلف نہ لینا آئین کی خلاف ورزی ہے، حمزہ شہباز نے استدعا کی کہ گورنر پنجاب کو نئے وزیر اعلیٰ سے حلف لینے کے احکامات جاری کیے جائیں۔

    چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جمعرات 21 اپریل کو اس درخواست کی سماعت کریں گے۔