Tag: حلف

  • ظہور آغا نے بلوچستان کے نئے گورنر کے عہدے کاحلف اٹھا لیا

    ظہور آغا نے بلوچستان کے نئے گورنر کے عہدے کاحلف اٹھا لیا

    کوئٹہ: سید ظہور احمد آغا نے بلوچستان کے نئے گورنر کے عہدے کاحلف اٹھا لیا، چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جمال مندوخیل نے ان سے حلف لیا۔

    تقریب حلف برداری میں وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے شرکت کی، ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری سمیت دیگر شخصیات بھی تقریب میں شریک ہوئیں، جام کمال نے گورنر بلوچستان منتخب ہونے پر ظہور آغا کو مبارک باد دی۔

    نو منتخب گورنر بلوچستان ظہور آغا نے حلف برداری کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا گورنر کے عہدے کے لیے انتخاب پر صدر اور وزیر اعظم کا مشکور ہوں، میں مرکز اور صوبے کے درمیان پل کا کردار ادا کروں گا۔

    گورنر بلوچستان کا کہنا تھا کہ روایتی سیاست کو ختم کر کے بلوچستان کی ترقی کو ترجیح دوں گا، حکومت کے ساتھ مل کر صوبے سے پس ماندگی اور مسائل کو دور کرنا ہے۔

    سید ظہور احمد آغا بلوچستان کے نئے گورنر مقرر

    وزیر اعلیٰ جام کمال نے کہا ظہور آغا کو گورنر بلوچستان منتخب ہونے پر مبارک باد دیتا ہوں، ظہور آغا پی ٹی آئی کے ایک متحرک رکن ہیں، ماضی میں وفاق اور صوبے میں روابط کا فقدان رہا، اب ہم نے وفاق کے ساتھ مل کر مشترکہ پالیسیاں ترتیب دی ہیں، بہتر پالیسیوں کی بدولت بلوچستان ترقی کی راہ پرگامزن ہو رہا ہے۔

    جام کمال کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ترقی کے آغاز کا کریڈٹ وزیر اعظم عمران خان کو جاتا ہے، انھوں نے ترقی کے لیے ہمیں اعتماد میں لیا، بلوچستان کی ترقی کے لیے ہر شخص کو انفرادی طور پر کام کرنا ہوگا۔

  • صوبائی محتسب اعظم سلیمان نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا

    صوبائی محتسب اعظم سلیمان نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا

    لاہور: میجر ریٹائرڈ اعظم سلیمان نے محتسب پنجاب کا حلف اٹھا لیا، انہیں 4 سال کے لیے صوبائی محتسب مقرر کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر ہاؤس لاہور میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے صوبائی محتسب میجر ریٹائرڈ اعظم سلیمان سے حلف لیا۔اعظم سلیمان نے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد صوبائی محتسب دفتر میں زیر التوا انکوائریز جلد نمٹانے کی ہدایت کر دی۔

    خیال رہے کہ 6 روز قبل پنجاب کابینہ نے میجر ریٹائرڈ اعظم سلیمان کو صوبائی محتسب بنانے کی منظوری دی تھی۔

    اعظم سلیمان گزشتہ ماہ وفاقی سیکریٹری داخلہ کے عہدے سے ریٹائر ہوئے ہیں۔اس سے قبل وہ سندھ اور پنجاب کے چیف سیکریٹری کے عہدے پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔

  • 2 دسمبر کو ایسا کیا ہوا جس نے تاریخ رقم کر دی!

    2 دسمبر کو ایسا کیا ہوا جس نے تاریخ رقم کر دی!

    یہ 2 دسمبر 1988 کی بات ہے جب پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار وزارتِ عظمیٰ کا منصب ایک خاتون نے سنبھالا۔ دنیا انھیں بے نظیر بھٹو کے نام سے جانتی ہے۔

    ملک میں نومبر کے مہینے میں عام انتخابات کا انعقاد ہوا تھا جس میں کوئی بھی سیاسی جماعت سادہ اکثریت سے کام یاب نہیں ہوسکی تھی۔ اقتدار کی منتقلی ایک اہم ترین مرحلہ تھا اور سیاسی جماعتوں اور اتحادوں میں جوڑ توڑ جاری تھا جب کہ اس عہدے پر نام زدگی کا مطالبہ بھی زور پکڑ گیا تھا۔

    اس وقت کے صدر غلام اسحاق خان صوابدیدی اختیارات استعمال کرتے ہوئے محترمہ بے نظیر بھٹو کو حکومت سازی کی دعوت دی۔ پیپلز پارٹی کی قائد نے 2 دسمبر کو نمازِ جمعہ کے بعد وزیرِاعظم کے عہدے کا حلف اٹھایا اور یوں اس منصب پر فائز ہونے والی پہلی پاکستانی خاتون بنیں۔

    ایوانِ صدر میں حلف برداری کی تقریب میں بیگم نصرت بھٹو، آصف زرداری، صنم بھٹو، ٹکا خان، ولی خان، نواب زادہ نصراللہ خان، مسلح افواج کے سربراہ، مختلف ممالک کے سفارت کار اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ تاہم محترمہ بے نظیر بھٹو کی یہ حکومت زیادہ عرصہ نہیں چل سکی۔ صرف ایک سال 8 ماہ بعد ان کا اقتدار ختم ہو گیا۔ اس وقت کے صدر غلام اسحاق خان نے بدعنوانی کے الزامات کے تحت اپنے خصوصی اختیارات کے ذریعے اسمبلیاں برخاست کر دی تھیں۔

  • سوڈان: خود مختار کونسل کے ارکان نے عدلیہ سربراہ کے سامنے حلف اٹھا لیا

    سوڈان: خود مختار کونسل کے ارکان نے عدلیہ سربراہ کے سامنے حلف اٹھا لیا

    خرطوم: سوڈان میں خود مختار کونسل کے ارکان نے عدلیہ سربراہ کے سامنے حلف اٹھا لیا، جنرل عبدالفتاح البرہان کونسل کی سربراہی کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سوڈان میں عبوری عسکری کونسل کے ترجمان جنرل شمس الدین الکباشی نے بتایا ہے کہ کونسل کے سربراہ اور ارکان نے عدلیہ کی سربراہ کے سامنے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کباشی نے کہا کہ جنرل عبدالفتاح البرہان نے بدھ کو سوڈان کے مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بجے خود مختار کونسل کے سربراہ کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔

    اس سے قبل اپوزیشن کی فریڈم اینڈ چینج فورسز کے ذرائع نے بتایا کہ سوڈان پیپلز لبریشن موومنٹ (نارتھ) کے سربراہ عبدالعزیز الحلو نے دھمکی دی تھی کہ اگر فریڈم اینڈ چینج فورسز کے نامزد امیدوار صدیق تاور کو خود مختار کونسل کے لیے چنا گیا تو لڑائی کا دوبارہ آغاز کر دیا جائے گا۔

    سوڈان میں کئی ہفتوں سے جاری مظاہرے ختم، فوج کے ساتھ سمجھوتا

    سوڈان میں منگل کے روز خود مختار کونسل کے واسطے فریڈم اینڈ چینج فورسز کے نامزد 5 امیدواروں کے نام عبوری عسکری کونسل کے حوالے کیے گئے تھے۔

    یہ پیش رفت عبوری کونسل اور فریڈم اینڈ چینج کے درمیان ایک ہنگامی اجلاس کے دوران سامنے آئی۔ اجلاس کا مقصد خود مختار کونسل کے ارکان کے ناموں کو حتمی شکل دینا تھا۔

  • پشاور: لیاقت خٹک نے صوبائی وزیر کا حلف اٹھا لیا

    پشاور: لیاقت خٹک نے صوبائی وزیر کا حلف اٹھا لیا

    پشاور: وزیر دفاع پرویز خٹک کے بھائی اور رکن خیبرپختونخواہ اسمبلی لیاقت خٹک نے صوبائی وزیر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق لیاقت خٹک نے صوبائی وزیر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا، حلف برداری کی تقریب گورنرہاؤس پشاور میں ہوئی۔

    گورنرخیبرپختونخواہ شاہ فرمان نے رکن اسمبلی لیاقت خٹک سے صوبائی وزیر کے عہدے کا حلف لیا۔

    حلف برداری کی تقریب میں وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری، وزیردفاع پرویز خٹک، وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان، اسپیکر خیبرپختونخواہ اسمبلی مشتاق غنی سمیت صوبائی وزرا، چیف سیکرٹری محمد سلیم اور اراکین صوبائی اسمبلی شریک ہوئے۔

    یاد رہے کہ پی کے 64 نوشہرہ سے پاکستان تحریک انصاف کے لیاقت خٹک 22 ہزار 775 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے تھے، ان کے مدمقابل شاہد خٹک نے 9 ہزار 560 ووٹ لیے تھے۔

    لیاقت خٹک رکن خیبراسمبلی منتخب ہونے سے قبل ضلع نوشہرہ کے ناظم تھے، انہوں نے صوبائی اسمبلی کے انتخابات لڑنے کے لیے ضلع ناظم کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔

  • قاضی محمد امین احمد نے سپریم کورٹ کے جج کی حیثیت سے حلف اٹھالیا

    قاضی محمد امین احمد نے سپریم کورٹ کے جج کی حیثیت سے حلف اٹھالیا

    اسلام آباد: جسٹس قاضی محمد امین احمد نے سپریم کورٹ کے جج کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا، چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ان سے حلف لیا۔

    تفصیلات کے مطابق جسٹس قاضی محمد امین احمد کی بطور سپریم کورٹ جج کی تقریب حلف برداری ہوئی جس میں سپریم کورٹ کے ججز، بار کے نمائندے اور سینئر وکلا شریک ہوئے۔

    جسٹس قاضی محمد امین احمد نے سپریم کورٹ کے جج کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا، چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے جسٹس قاضی محمد امین سے حلف لیا۔

    جسٹس قاضی محمد امین احمد نومبر 2014 سے مارچ 2019 تک لاہور ہائی کورٹ کے جج رہے ہیں۔ ان کی تعیناتی سے سپریم کورٹ میں جج صاحبان کی تعداد 17 ہوگئی ہے۔

    جسٹس قاضی محمد امین احمد کی تقرری کی سفارش سپریم کی جوڈیشل کونسل نے کی تھی۔ پارلیمانی کمیٹی کی منظوری کے بعد صدر ڈاکٹرعارف علوی نے تقرری کا حکم نامہ جاری کیا تھا۔

  • ق لیگ کے باؤرضوان نے صوبائی وزیرکی حیثیت سے حلف اٹھالیا

    ق لیگ کے باؤرضوان نے صوبائی وزیرکی حیثیت سے حلف اٹھالیا

    لاہور: سیالکوٹ کے حلقہ پی پی 128 سے منتخب ہونے والے مسلم لیگ ق کے رکن پنجاب اسمبلی باؤ رضوان نے صوبائی وزیر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں گورنرہاؤس میں آج صبح دس بجے نئے وزیر کی حلف برداری کی تقریب ہوئی، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے نئے وزیر باؤ رضوان سے حلف لیا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ سمیت دیگر رہنماؤں نے حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی۔

    ق لیگ کو ایک اور وزارت مل گئی، محمد رضوان کل حلف اٹھائیں گے

    خیال رہے کہ گزشتہ روز گورنر پنجاب چوہدری سرور سے ق لیگ کے رہنما مونس الہٰی نے ملاقات کی تھی جس میں ق لیگ کو صوبہ پنجاب میں مزید ایک وزارت دینے پر اتفاق ہوا تھا۔

    چوہدری محمد سرور اور مونس الہیٰ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ق لیگ کے ناراض وزیر حافظ عمار کا بھی استعفیٰ واپس لینے کا فیصلہ ہوا تھا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 18 جنوری کو مسلم لیگ ق سے تعلق رکھنے والے وزیر معدنیات پنجاب عمار یاسر نے پارٹی قیادت کو اپنا استعفیٰ بھجوا دیا تھا۔

    عمار یاسر کا کہنا تھا کہ میری وزارت اور کام میں بلاوجہ رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں، میں نے وزارت کا منصب ملک وقوم کی خدمت کے لیے قبول کیا تھا۔

    واضح رہے کہ مسلم لیگ ق کے پاس پنجاب میں اسپیکرشپ اور 3 وزارتیں ہوگئیں اور ق لیگ کا پنجاب میں ایک پارلیمانی سیکرٹری بھی بن گیا۔

  • مراد سعید نے بطور وفاقی وزیر اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا

    مراد سعید نے بطور وفاقی وزیر اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا

    اسلام آباد: وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید نے بطور وفاقی وزیر اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے ان کی کارکردگی سے مطمئن ہونے کے بعد انہیں اس عہدے پر فائز کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مواصلات کے وزیر مملکت مراد سعید کو وفاقی وزیر کے عہدے پر تعینات کردیا گیا۔ مراد سعید نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

    چند روز قبل وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں وزرا کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا تھا جس میں وزیر مملکت مراد سعید کی کارکردگی متاثر کن رہی تھی۔

    بعد ازاں وزیر اعظم عمران خان نے مراد سعید کو وفاقی وزیر بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔

    اس سے قبل مراد سعید کا کہنا تھا کہ 100 روز میں وزارت مواصلات کے اخراجات میں 50 فیصد کمی کردی اور 46 کروڑ روپے کی ریکوری کر کے ریونیو میں 3 ارب 72 کروڑ روپے کا اضافہ کیا۔

  • شہریارخان آفریدی نے وزیرمملکت برائے داخلہ کےعہدے کا حلف اٹھالیا

    شہریارخان آفریدی نے وزیرمملکت برائے داخلہ کےعہدے کا حلف اٹھالیا

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہریار خان آفریدی نے وزیرمملکت برائے داخلہ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایوان صدر میں پی ٹی آئی کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی شہریارخان آفریدی نے وزیرمملکت برائے داخلہ کا حلف اٹھایا، صدرممنون حسین نے شہریار خان آفریدی سے حلف لیا۔

    انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹرپراپنے پیغام میں کہا کہ اللہ تعالی نے مجھے یہ ذمہ داری دی ہے، اللہ میری مدد فرمائے اور مجھے طاقت دے کہ میں فرض کی ادائیگی احسن طریقے سے کرسکوں۔

    وفاقی کابینہ کی جانب سے دو روز قبل شہریارخان آفریدی کو وزیرمملکت برائے داخلہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا، وزیراعظم عمران خان نے منظوری دی تھی۔

    وزارت داخلہ لوٹی گئی دولت کی واپسی کے لیے ہرممکن اقدامات کرے‘ عمران خان

    یاد رہے کہ 27 اگست کو وزارت داخلہ میں اجلاس کی صدارت کے دوران وزیراعظم عمران خان کو ماتحت اداروں کے بارے میں بریفنگ دی گئی تھی۔

    وزیراعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزارت داخلہ ملک سے لوٹی گئی دولت کی واپسی کے لیے ہرممکن اقدامات کرے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے اور نیب مل کرکام کریں، منظم جرائم اور کرپشن کے خاتمے کے لئے مربوط روابط قائم کیے جائیں.

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بیرون ملک پاکستانی ملک کا اثاثہ ہیں،ان کو ملک میں سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ اور اس کے ذیلی ادارے شہریوں کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات اٹھائیں۔

  • قومی اسمبلی کا اجلاس‘ نومنتخب اراکین نےحلف اٹھالیا

    قومی اسمبلی کا اجلاس‘ نومنتخب اراکین نےحلف اٹھالیا

    اسلام آباد : اسلامی جمہوریہ پاکستان کی 15 ویں قومی اسمبلی کے نومنتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا، آئندہ پانچ سال کے لیے منتخب ہونے والے ارکان سے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق نے حلف لیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج 13 اگست بروز پیراسپیکرایازصادق کی زیرصدارت ملک کی 15 ویں قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس منعقد، قومی ترانے، تلاوت کلام پاک اورنعت کے بعد اجلاس کی باقاعدہ کارروائی کا آغاز ہوا۔

    ملک کی 15 ویں قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اسپیکرایازصادق نے قومی اسمبلی کے 342 اراکین میں سے 331 ارکان سے حلف لیا۔

    نومنتخب اراکین کی جانب سے اسمبلی رجسٹرپرحروف تہجی کے تحت دستخط کیے گئے، اورسابق صدر آصف علی زرداری نے سب سے پہلے رجسٹرپردستخط کیے۔ تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان کے دستخط کرنے کے موقع پر ایوان پارٹی نعروں سے گونجتا رہا۔

    سردارایاز صادق نے اجلاس کے آغاز میں نومنتخب اراکین کو مبارک باد دی اور حلف برداری کے طریقہ کار سے آگاہ کیا۔

    حلف برداری سے قبل اسپیکر ایازصادق نے قومی اسمبلی کے اسپیکراور ڈپٹی اسپیکرکے انتخاب کے لیے 15 اگست کی تاریخ کا اعلان کیا اور اس کا طریقہ کار بھی بتایا۔

    15 اگست کو نومنتخب اسپیکرقومی اسمبلی ایوان کی کارروائی سنبھال کرڈپٹی اسپیکرکا الیکشن کروائیں گے، اسپیکراورڈپٹی اسپیکرکے لیے انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہوگا۔

    حلف برداری کی اس خصوصی تقریب کے موقع پرپاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان، وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری، شفقت محمود، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو،  شریک چیئرمین آصف علی زرداری،  یوسف رضا گیلانی، ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی،  نوید قمر، قوم پرست رہنما سردار اخترمینگل، شیخ رشید ، مسلم لیگ ن کے سربراہ  شہباز شریف ، احسن اقبال، اور دیگر دیگراراکین قومی اسمبلی میں موجود ہیں۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سمیت کئی نو منتخب اراکین نے پہلی بارقومی اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھایا۔

    سیکیورٹی انتظامات

    قومی اسمبلی کے اجلاس کے پیش نظرریڈ زون سمیت ضلع بھر میں سیکیورٹی ریڈ الرٹ رکھی گئی ہے، ریڈ زون میں کسی بھی غیرمتعلقہ فرد کو داخلے کی اجازت نہیں دی گئی جبکہ سیکیورٹی کے لیے پولیس اوررینجرز کے اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس نگراں وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصرالملک کی سفارش پرصدر مملکت نے 13 اگست کو بلانے کی منظوری دی تھی۔