Tag: حلقے

  • آنکھوں کے نیچے حلقے کیسے ختم کیے جائیں؟

    آنکھوں کے نیچے حلقے کیسے ختم کیے جائیں؟

    آنکھوں کے نیچے اگر سیاہ حلقے ہوں تو پورے چہرے کا تاثر خراب ہوسکتا ہے، اس سے چھٹکارا پانا مشکل تو ہوتا ہے لیکن ناممکن نہیں۔

    اکثر آنکھوں کے پپوٹوں کی رنگت چہرے کی جلد کی نسبت کافی گہری ہوجاتی ہے جس سے چہرہ تھکا ہوا اور مضطرب محسوس ہوتا ہے، یہ عموماً نیند کی کمی، جلدی الرجی، حمل، جینیات، ادویات کا استعمال، سورج کی مضر شعاعیں، غیر صحت مند طرز زندگی اور عمر رسیدگی کی وجہ سے جنم لینے لگتے ہیں۔

    آنکھوں کے گرد جلد کی رنگت کا گہرا ہونا کوئی خطرے کی بات نہیں ہے لیکن یہ بنیادی صحت کے مسائل کی نشاندہی کر سکتی ہے۔

    اس کے لیے ضروری ہے کہ جلد کو ہائیڈریٹ رکھا جائے، ہائیڈریٹ رہنا آپ کی مجموعی صحت اور جلد کی تندرستی کے لیے انتہائی اہم ہے، سوتے وقت سر کو اونچا کرنا بھی مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

    اس کے لیے کچھ قدرتی علاج بھی اس ضمن میں کار گر ثابت ہوں گے جو یہاں پیش کیے جارہے ہیں۔

    ٹماٹر

    ٹماٹر ایک مقبول قدرتی علاج ہے، اس کا مسلسل استعمال سیاہ دھبوں کو دور کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔

    ٹماٹر کا ایک ٹکڑا براہ راست ہر آنکھ پر 10 منٹ کے لیے رکھ سکتے ہیں، بہترین نتائج کے لیے ہفتے میں تین بار اس عمل کو دہرائیں۔

    کھیرا

    کھیرے کے ٹکڑے آنکھوں کے گرد گہری رنگت کو صاف کرنے میں اپنی مثال نہیں رکھتے کیونکہ ان میں جلد کو ہلکا کرنے کے ساتھ تیزابی خصوصیات بھی ہوتی ہیں۔

    ٹماٹر کے ٹکڑوں کی طرح کھیرے کے ٹکڑوں کو 10 سے 15 منٹ تک آنکھوں پر رکھا جاسکتا ہے۔

    ٹی بیگز

    سبز اور کالی چائے میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس سوزش اور رنگت کو کم کرنے میں مدد دیتے ہیں، دو استعمال شدہ ٹی بیگز کو 2 گھنٹے کے لیے فریج میں رکھنے کے بعد انہیں 15 منٹ کے لیے آنکھوں پر رکھیں، ساتھ ہی پلکوں پر بادام کے تیل کا مساج بھی کریں۔

  • ایسا ٹوٹکا جو آنکھوں کے نیچے حلقوں کو ہمیشہ کے لیے ختم کردے

    ایسا ٹوٹکا جو آنکھوں کے نیچے حلقوں کو ہمیشہ کے لیے ختم کردے

    آنکھوں کے نیچے حلقے پڑ جانا اور آنکھوں کے نیچے کی جلد کی سوجن ایک عام مسئلہ ہے تاہم اس سے نہایت آسانی چھٹکارا پایا جاسکتا ہے۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں ڈاکٹر بتول نے حلقوں سے چھٹکارے کا نہایت آسان حل بتایا۔

    انہوں نے بتایا کہ ایک مٹی کے پیالے میں تھوڑا سا پانی لے کر ایک چمچ سونف اس میں بھگو دیں، تھوڑی دیر بعد اس میں دھنیے کی ڈنڈیاں ڈالیں اور چمچے سے کرش کر کے اس کا عرق نکال لیں۔

    اس میں کالا نمک اور خشک دودھ کا ایک چمچ شامل کریں اور رات سونے سے قبل اسے لگائیں۔

    انہوں نے بتایا کہ ان تمام اشیا میں منرلز اور اینٹی آکسیڈنٹس شامل ہوتے ہیں جو آنکھوں کے نیچے دوبارہ حلقے نہیں بننے دیتے۔

    اس آمیزے کو رات میں لگا کر صبح دھو لیں، اور صبح بھی 4 سے 5 گھنٹے کے لیے لگایا جاسکتا ہے۔

  • پفی آنکھوں سے کیسے چھٹکارا پایا جائے؟

    پفی آنکھوں سے کیسے چھٹکارا پایا جائے؟

    بعض جسمانی خرابیوں یا نیند کے بے ترتیب شیڈول سے آنکھیں بسا اوقات سوج جاتی ہیں، ایسی پفی آنکھوں کا گھر میں ہی نہایت آسانی سے علاج کیا جاسکتا ہے۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں ڈاکٹر کاشف نے شرکت کی اور اس کا آسان حل بتایا۔

    ڈاکٹر کاشف کا کہنا تھا نیند کی کمی، بے ترتیب شیڈول یا خون کی کمی آنکھوں کی تھکن اور اس کے نیچے حلقوں کا سبب بنتی ہیں۔ پہلے ان مسائل کو حل کرنے کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے اس کے لیے ایک ٹوٹکا بھی بتایا۔ چنے کی دال کا پیسٹ، ماش کی دال کا پیسٹ اور کھیرے کا پیسٹ ملا لیں اور اس کو روز رات کو سونے سے قبل آنکھوں کے نیچے لگائیں۔

    ڈاکٹر کاشف کے مطابق اسے ایک گھنٹے تک لگا کر رکھیں، کوشش کریں کہ یہ آمیزہ آنکھوں میں نہ جائے۔ ایک گھنٹے بعد سادے پانی سے دھو لیں۔

    روزانہ اس عمل کو انجام دینے سے آہستہ آہستہ آنکھوں کے نیچے حلقے اور سوجن ختم ہوجائے گی۔

  • 15 منٹ میں آنکھوں کے حلقے ختم کرنے کا طریقہ

    15 منٹ میں آنکھوں کے حلقے ختم کرنے کا طریقہ

    نیند پوری نہ ہونا اور رات دیر تک جاگنا عام ہوچکا ہے جس کی وجہ سے آنکھوں کے نیچے گہرے سیاہ حلقے پڑجاتے ہیں، تاہم ان حلقوں کو نہایت آسانی سے ختم کیا جاسکتا ہے۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں ڈاکٹر بتول نے آنکھوں کے حلقے فوری دور کرنے کا مؤثر طریقہ بتایا۔ اس طریقے سے آنکھوں کی سوجن اور حلقے 15 منٹ کے اندر ختم ہوسکتے ہیں۔

    ڈاکٹر بتول نے بتایا کہ آم کا موسم ہے اور اس کے چھلکے میں وٹامن اے موجود ہوتا ہے، ان چھلکوں کو پھینکیں مت۔

    آم کے چھلکے کو اسٹیل کے چمچ پر اچھی طرح رگڑیں، اس کے بعد اس پر وٹامن سی کے 2 قطرے ٹپکائیں اور چمچے کو فریزر میں رکھ دیں۔

    ٹھنڈا ہوجانے کے بعد اسے نکال کر الٹی طرف سے آنکھوں پر مساج کریں، آنکھوں کی سوجن اور حلقے فوراً ختم ہوجائیں گے۔

    ڈاکٹر بتول نے بتایا کہ چمچے کا اسٹیل جلد کے اندر فائبر کو جوڑتا ہے، ایسے افراد جن کی گردن یا چہرے پر جھریاں پڑ رہی ہوں اور جلد ڈھیلی ہو وہ چمچے کو اسی طرح فریز کر کے پورے چہرے پر اس کا مساج کرسکتے ہیں۔

  • سندھ کے 2 اور بلوچستان کے 1 حلقے پر ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ جاری

    سندھ کے 2 اور بلوچستان کے 1 حلقے پر ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ جاری

    کراچی / کوئٹہ: سندھ اسمبلی کی 2 اور بلوچستان اسمبلی کی 1 نشست پر ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ جاری ہے، پولنگ اسٹیشنز کے باہر رینجرز اہلکار تعینات ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کی 2 اور بلوچستان اسمبلی کی ایک نشست پر ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ کا وقت شروع ہوگیا، تینوں حلقوں میں پولنگ شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔

    سندھ کے پی ایس 88 ملیر کے ضمنی الیکشن میں 20 امیدوار میدان میں ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ، پاکستان تحریک انصاف اور تحریک لبیک کے امیدوار مدمقابل ہیں۔

    حلقے میں پیپلز پارٹی کے محمد یوسف بلوچ، ایم کیو ایم کے ساجد احمد، تحریک انصاف کے جان شیر خان، تحریک لبیک کے کاشف علی جبکہ 16 آزاد امیدوار الیکشن لڑ رہے ہیں۔

    پی ایس 88 ملیر میں کل ووٹوں کی تعداد 1 لاکھ 45 ہزار 627 ہے، حلقے میں 81 ہزار 425 مرد اور 64 ہزار 202 خواتین ووٹرز ہیں۔

    حلقے میں پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 108 ہے، 33 انتہائی حساس اور 27 حساس قرار دیے گئے ہیں۔ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر 8 پولیس اہلکار جبکہ حساس پر 4 اہلکار تعینات ہیں، پولنگ اسٹیشن کے باہر رینجرز اہلکار بھی تعینات ہیں۔

    پولنگ اسٹیشن کے اندر موبائل فون استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    دوسری جانب پی ایس 43 سانگھڑ میں پیپلز پارٹی کے جام شبیر علی خان، تحریک انصاف کے مشتاق جونیجو جبکہ 5 آزاد امیدوار مدمقابل ہیں۔

    بلوچستان کے حلقہ پی بی 20 پشین 3 میں بھی 113 پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ جاری ہے، پی بی 20 میں کل ووٹرز کی تعداد 99 ہزار 849 ہے، مرد ووٹرز کی تعداد 58 ہزار 126 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 41 ہزار 723 ہیں۔

    حلقہ پی بی 20 میں پولنگ بوتھس کی تعداد 343 ہے، حلقے کے 3 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس اور 91 حساس قرار دیے گئے ہیں۔