Tag: حلیم عادل شیخ

  • اینٹی انکروچمنٹ حکام نے حلیم عادل شیخ کو حراست میں لے لیا

    اینٹی انکروچمنٹ حکام نے حلیم عادل شیخ کو حراست میں لے لیا

    کراچی : اینٹی انکروچمنٹ حکام نے ضمانت منسوخی کے بعد پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کو حراست میں لے لیا، حلیم عادل شیخ پر سرکاری زمین پر قبضے کا الزام ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اینٹی انکروچمنٹ ٹربیونل میں اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔

    اینٹی انکروچمنٹ حکام نے عدالت کو بتایا کہ ملزم حلیم عادل شیخ تحقیقات میں شامل نہیں ہورہے ہیں ،12 نوٹسز کے باوجود حلیم عادل شیخ بیان ریکارڈ کرانے نہیں آئے۔

    عدالت نے اینٹی انکروچمنٹ حکام اور ملزم کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد حلیم عادل شیخ کی ضمانت منسوخ کردی۔

    ضمانت منسوخی کے بعد اینٹی انکروچمنٹ حکام نے حلیم عادل شیخ کو حراست میں لے لیا۔

    اینٹی انکروچمنٹ حکام کے مطابق حلیم عادل شیخ پر سرکاری زمین پر قبضہ کا الزام ہے۔

    یاد رہے رواں ماہ کے آغاز میں سندھ ہائی کورٹ نے حلیم عادل شیخ کی گرفتاری پر اینٹی کرپشن حکام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ نوکری کریں، کسی کی غلامی نہ کریں، ، جن کی غلامی کررہےہیں، وقت بدلنے پر وہ پہچانیں گے بھی نہیں ، اپنی نوکری کا خیال رکھیں،جو کچھ آپ کرریے ہیں وہ نوکری نہیں غلامی ہے۔

  • کورونا میں مبتلا حلیم عادل شیخ پیشی کیلئے عدالت پہنچ گئے

    کورونا میں مبتلا حلیم عادل شیخ پیشی کیلئے عدالت پہنچ گئے

    حیدرآباد: کورونا میں مبتلا اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ  عدالت پہنچ گئے تاہم عدالت نے میڈیکل رپورٹس کی بنیاد پر  سماعت 17 اگست تک ملتوی کردی۔

    تفصیلات کے مطابق کورونا میں مبتلا اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ پیشی کیلیے عدالت پہنچ گئے ، وہ اکیلے خود گاڑی چلاکر پہنچے اور سیشن کورٹ پارکنگ میں اپنی گاڑی میں موجود رہے۔

    اینٹی انکروچمنٹ عدالت میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کے خلاف تجاوزات کیس کی سماعت ہوئی ، حلیم عادل شیخ کے وکلا اینٹی کرپشن کی خصوصی صوبائی عدالت میں پیش ہوئے۔

    وکلا نے عدالت میں میڈیکل رپورٹس جمع کروادیں، حلیم عادل شیخ کے وکلاء نے عدالت میں کہا کہ حلیم عادل شیخ کورونا کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے۔

    جس کے بعد عدالت نے درخواست ضمانت کی سماعت 17 اگست تک ملتوی کردی اور آئندہ سماعت پر اینٹی انکروچمنٹ حکام کو کیس فائل پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

    عدالت نے حلیم عادل شیخ کی عبوری ضمانت میں آئندہ سماعت تک توسیع کردی، مقدمے میں ضمانت کی توثیق سے متعلق فیصلہ آئندہ سماعت پر ہوگا۔

  • نوکری کریں، کسی کی غلامی نہ کریں، حلیم عادل شیخ کی گرفتاری پر عدالت اینٹی کرپشن حکام پر برہم

    نوکری کریں، کسی کی غلامی نہ کریں، حلیم عادل شیخ کی گرفتاری پر عدالت اینٹی کرپشن حکام پر برہم

    کراچی : سندھ ہائی کورٹ نے حلیم عادل شیخ کی گرفتاری پر اینٹی کرپشن حکام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوکری کریں، کسی کی غلامی نہ کریں۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ کے خلاف اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کیس کی سماعت ہوئی۔

    اینٹی کرپشن حکام پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا اور اپوزیشن لیڈر کو گرفتارکرنے والے افسر کو عدالت نہ چھوڑنے کا حکم دے دیا۔

    عدالت نے افسران کو تنبیہ کی کہ نوکری کریں، کسی کی غلامی نا کریں، جن کی غلامی کررہےہیں، وقت بدلنے پر وہ پہچانیں گے بھی نہیں ، اپنی نوکری کا خیال رکھیں،جو کچھ آپ کرریے ہیں وہ نوکری نہیں غلامی ہے۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ جس میٹنگ مقدمہ درج کرنے کی سفارش کی گئی ہے اس کے منٹس پیش کریں، تفصیلی وجوہات اور شواہد جن کی بنیاد پر مقدمہ ہوا ہے وہ بھی پیش کی جائیں۔

    30سال پرانے معاملے پر اچانک سرگرمیاں کیسے شروع ہوگئیں ، ایس ای سی ون ممبران آئندہ سماعت پر پیش ہوں۔

    عدالت نے ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ایسٹ اور جاموشورو سے بھی جواب طلب کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ کو گرفتار نہ کرنے پر جاری حکم امتناع میں توسیع کردی۔

    عدالت نے درخواست کی مزید سماعت 17 اگست تک ملتوی کردی۔

  • حلیم عادل کا کرونا ٹیسٹ مثبت، لاک اپ میں قصداً وائرس متاثرہ افراد چھوڑے گئے، دعویٰ

    حلیم عادل کا کرونا ٹیسٹ مثبت، لاک اپ میں قصداً وائرس متاثرہ افراد چھوڑے گئے، دعویٰ

    کراچی: پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ ان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، انھیں کرونا کی معمولی علامات ہیں، خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔

    حلیم عادل نے کہا کہ تھانے میں انھیں ایسے قیدیوں کے ساتھ رکھا گیا تھا جس سے کرونا ہو گیا۔

    حلیم عادل شیخ نے کہا مجھے گرفتاری کے بعد عزیز بھٹی تھانے کے گندے لاک اپ میں بند رکھا گیا، شرجیل میمن سمیت دیگر کا پولیس پر دباؤ تھا، رات بھر سی سی ٹی وی کے ذریعے مجھے چیک بھی کرتے رہے۔

    حلیم عادل کے مطابق رات گئے اچانک 3 قیدیوں کو ان کے ساتھ چھوڑا گیا، قیدی بظاہر بیمار اور نشے میں لگ رہے تھے، جب رہا ہوا تو اس کے بعد سے مسلسل کھانسی اور طبیعت خراب تھی۔

    پی ٹی آئی رہنما نے دعویٰ کیا ہے کہ مجھے لگتا ہے لاک اپ میں کرونا مریضوں کو چھوڑا گیا تھا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ اینٹی کرپشن نے منت کر کے مجھے موبائل میں بٹھایا، قیدیوں کی طرح موبائل اور لاک اپ کی تصاویر بھی بنائیں، کہا گیا کہ دباؤ ہے اوپر سے، آپ کی قید میں تصاویر دکھانی ہیں۔

    حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ کوئی کچھ بھی کر لے وہ حق کے راستے سے نہیں ہٹیں گے۔

  • حلیم عادل شیخ کو کس نے کس کیس میں گرفتار کیا؟ تفصیل سامنے آ‌گئی

    حلیم عادل شیخ کو کس نے کس کیس میں گرفتار کیا؟ تفصیل سامنے آ‌گئی

    کراچی: سندھ اسمبلی میں اپوزیشن رہنما حلیم عادل شیخ کو کس نے کس کیس میں گرفتار کیا، اے آر وائی نیوز نے تفصیلات حاصل کر لیں، لاہور ہائیکورٹ میں حلیم عادل کی بازیابی کی درخواست بھی دائر کر دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حلیم عادل شیخ کے خلاف جامشورو اینٹی کرپشن تھانے میں مقدمہ درج ہے، محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے محکمہ پنجاب کو خط لکھا کر کہا گیا کہ ایک مفرور ملزم مبینہ طور پر لاہور میں روپوش ہے، اس کی گرفتاری میں معاونت کی جائے، جس پر محکمہ داخلہ پنجاب نے گرفتاری کا اجازت نامہ دے دیا۔

    جامشورو اینٹی کرپشن سے تفتیشی افسر ذیشان حیدر میمن کو حلیم عادل کی گرفتاری کے لیے بھیجا گیا، جب کہ گھوٹکی سے سب انسپکٹر مسری خان دھانی ان کے ساتھ شامل تھے۔

    حلیم عادل کے خلاف مقدمہ جعل سازی سے زمین فروخت کرنے کے معاملے پر درج کیا گیا ہے، اور یہ آج صبح ساڑھے سات بجے درج کیا گیا، جس میں ان پر زمین کی خریداری کے لیے جعلی کاغذات کے استعمال کا الزام ہے، ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ حلیم عادل پر سرکاری اراضی کو منظم جعلی ریکارڈ کی بنیاد پر ہڑپ کرنے کا الزام ہے۔

    حلیم عادل شیخ کو لاہور سے گرفتار کر لیا گیا

    حلیم عادل شیخ کو گرفتار کرنے کے لیے محکمہ داخلہ پنجاب کا اجازت نامہ بھی سامنے آ گیا ہے، محکمے نے سندھ اینٹی کرپشن کی درخواست پر گرفتاری کی اجازت دی تھی۔

    لاہور اینٹی کرپشن اور تھانہ گلبرگ پولیس بھی حلیم عادل کی گرفتاری کے وقت موجود تھی، مقدمے کے متن میں کہا گیا کہ زمین کی بنیاد پر حلیم عادل شیخ نے بینک سے 21 لاکھ 47 ہزار کا قرض لیا، یہ قرض ایگری کلچر ڈویلپمنٹ بینک سے حاصل کیا گیا۔

    دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ میں اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل کی بازیابی کی درخواست دی گئی ہے، عدالت نے پنجاب حکومت اور پولیس افسران کو اڑھائی بجے رپورٹ دینے کا حکم دیا، عدالت نے سرکاری وکیل کو ہدایت کی کہ ڈھائی بجے تک بتایا جائے حلیم عادل کہاں ہیں۔

  • حلیم عادل شیخ کو لاہور سے گرفتار کر لیا گیا

    حلیم عادل شیخ کو لاہور سے گرفتار کر لیا گیا

    لاہور: اپوزیشن لیڈر اور پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کو لاہور سے گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت کی اپوزیشن کے خلاف انتقامی کارروائیاں جاری ہیں، اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کو لاہور سے گرفتار کر لیا گیا، پی ٹی آئی رہنما کو ڈولفن پولیس کی موجودگی میں گرفتار کیا گیا۔

    حلیم عادل شیخ کے ترجمان نے گرفتاری کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی جاری کر دی جس میں انھیں حراست میں لے کر لے جایا جا رہا ہے۔

    گرفتار اپوزیشن لیڈر کی بیٹی عائشہ حلیم نے والد کی گرفتاری پر کہا کہ انھیں اپنے والد کی کوئی خبر نہیں ہے، کوئی پتا نہیں، والد کہاں اور کس حال میں ہیں، وکلا بھی لا علم ہیں، فیملی کو بھی نہیں معلوم کہ ان کو کیوں اٹھایا گیا۔

    بیٹی کا کہنا تھا کہ کچھ عرصہ قبل بھی گھر کے باہر پولیس کی بھاری نفری آئی تھی، چیف جسٹس اور اداروں سے اپیل ہے والد کو سامنے لایا جائے۔

    سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے حلیم عادل شیخ کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے بتایا کہ انھیں لاہور سے نامعلوم افراد ساتھ لے کر گئے ہیں، حلیم عادل اپنی جان کو لاحق خطرات سے آگاہ کر چکے ہیں، انھیں سندھ حکومت سے خطرہ ہے۔

    عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ حلیم عادل شیخ کی گرفتاری کہیں ظاہر نہیں کی جا رہی ہے، خدشہ ہے سندھ حکومت کے جرائم پیشہ افراد نے اغوا کیا ہے، حلیم عادل کو کسی بھی قسم کا نقصان ہوا تو ذمہ دار سندھ حکومت ہوگی۔

    ایم پی اے راجہ اظہر نے کہا حلیم عادل کو ڈولفن پولیس کی موجودگی میں گرفتار کیا گیا، اپوزیشن لیڈر کو سادہ لباس اہل کار ہوٹل سے لے کر گئے، اہل کاروں سے پوچھتے رہے کہ ان کو کہاں لے جایا جا رہا ہے، 3 دن پہلے بھی کراچی میں حلیم عادل کے گھر پر پولیس نے چھاپا مارا تھا، حلیم عادل کی زبان بند کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

  • میری زندگی کوسنگین خطرات ہیں، حلیم عادل شیخ کا چیف جسٹس پاکستان کو خط

    میری زندگی کوسنگین خطرات ہیں، حلیم عادل شیخ کا چیف جسٹس پاکستان کو خط

    کراچی : سندھ اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے چیف جسٹس پاکستان کو خط میں اپنی زندگی کو سنگین خطرات لاحق ہونے کے خدشے کا اظہار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے چیف جسٹس پاکستان کو خط لکھ دیا اور خط چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ، اسپیکر سندھ اسمبلی، آئی جی ،چیف سیکریٹری ودیگرکو بھی ارسال کردیا۔

    خط میں کہا گیا کہ کہ میری زندگی کوسنگین خطرات ہیں ، جب سےاپوزیشن لیڈر بنا ہوں مجھ پر 20 سےزائدجھوٹے مقدمات بنائے گئے اور عوام کی آواز اٹھانے پر کئی بار جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں۔

    حلیم عادل شیخ نے الزام لگایا گیا کہ آصف زرداری ،بلاول نے وزیراعلیٰ اور فرنٹ مینوں کے ذریعےپلان بنایاہے، لاڑکانہ،عمرکوٹ، ملیر اور نواب شاہ میں مجھ پراورمیری ٹیم پرمسلح حملےکیےگئے۔

    اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ آصف زرداری اوربلاول نےمیرے خلاف جعلی مقدمات درج کرائے ،پہلےسےدرج بیشتر مقدمات میں عدالتوں سے باعزت بری ہو چکا ہوں لیکن آئینی ذمہ داریاں نبھانے سے روکنے کی کوشش کی ہے۔

    پہلی بارسندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرکوبجٹ تقریرسےروکاگیا، گزشتہ ایک ماہ سےمجھے ایک بارپھرسیاسی طور پر نشانہ بنایا جارہا ہے، میرے خلاف بے بنیاد مقدمات درج کرائے ہیں۔

    متعددبار میرے گھر پر چھاپے مار کے خاندان کو ہراساں کیا گیا، جس ایس ایچ او نے چھاپے مارے وہ خودقتل کافرارمجرم تھا، ثبوت موجود ہیں زرداری نے قتل کرانے کا پلان بنایا ہے۔

    ٹاسک انٹی کرپشن افسران و کرپٹ پولیس افسران کو دیا گیا ہے،مجھے پولیس کی حراست میں قتل کرنے کا پلان بنایا گیا ہے، جس کا ٹاسک انٹی کرپشن افسران و کرپٹ پولیس افسران کو دیا گیا ہے ، جسے ایک حادثے کا رنگ دیا جائے گا۔

  • میرے قتل کی سازش تیار کی جارہی ہے،   حلیم عادل شیخ کا بڑا الزام

    میرے قتل کی سازش تیار کی جارہی ہے، حلیم عادل شیخ کا بڑا الزام

    پشاور : سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے اپنے قتل کی سازش کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا بلاول ہاؤس میں قتل کی سازش تیار ہورہی اور آصف زرداری اس سازش کے ماسٹرمائنڈ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے الزام عائد کیا ہے کہ بلاول ہاؤس میں میرے قتل کی سازش تیار ہورہی ہے ، مجھے کچھ ہوا توآصف زرداری،بلاول بھٹو،مراد علی شاہ پرمقدمہ درج کیاجائے۔

    حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ واضح بتاناچاہتاہوں آصف زرداری میرےقتل کی سازش کےماسٹرمائنڈہیں، قتل کی سازش سے متعلق چیف جسٹس کو خط لکھ رہا ہوں۔

    اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ آصف زرداری گرفتار کرکےجیل میں جرائم پیشہ افراد کے ذریعے قتل کرانا چاہتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ مجھے بجٹ سے متعلق روکناٹارگٹ ہے ، بجٹ کےبعد میں انکے ہاتھ آیا تو مجھے قتل کردیا جائے گا، بے نظیر بھٹو یہاں ہوتیں تو یہ سب کچھ نہ ہوتا۔

    حلیم عادل شیخ نے کہا کہ اینٹی کرپشن کو استعمال کرکے سندھ میں یہ سب کچھ ہورہا ہے ، سندھ اسمبلی میں اورمیرے گھر پر جو ہوا شرمناک ہے ، یہ غلام ہیں ڈونلڈ لو کی پیداوار ہیں۔

  • ‘حلیم عادل شیخ کے خلاف چھاپا مار ٹیم کا سربراہ خود قاتل نکلا’

    ‘حلیم عادل شیخ کے خلاف چھاپا مار ٹیم کا سربراہ خود قاتل نکلا’

    کراچی : ترجمان عادل ہاوٴس نے دعویٰ کیا ہے کہ اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کے خلاف چھاپا مار ٹیم کا سربراہ خود قاتل نکلا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان عادل ہاوٴس کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کے خلاف چھاپا مار ٹیم کا سربراہ خود قاتل اور ہائی کورٹ سے مفرور ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ایس ایچ او اینٹی انکروچمنٹ فیضان کریم خود قتل کیس میں پولیس کو مطلوب ہے اور ضمانت رد ہونے پر فیضان کریم سندھ ہائی کورٹ سے بھاگ گیا تھا۔

    ترجمان عادل ہاوٴس نے بتایا کہ فیضان کریم نے حلیم عادل شیخ پر جھوٹے مقدمے بنائے گھر چھاپے مارے اور ہائی کورٹ کا گھیراوٴ کیا تھا۔

    عادل ہاوٴس کے ترجمان کی جانب سے کہا گیا کہ ایس ایچ او فیضان کریم کے خلاف دو روز قبل گلشن معمار تھانے پر قتل کا مقدمہ درج ہوا، جس دن حلیم عادل شیخ کے گھر پر چھاپہ مارا گیا اس دن یہ ایس ایچ او خود ایک ملزم تھا اور جس تھانے گلشن معمار پر حلیم عادل شیخ کے خلاف ایف آئی آر کٹی اسی تھانے میں یہ قتل کا ملزم تھا۔

    ترجمان کے مطابق کرمنل گینگ کے سربراہ ایس ایس پی حسن مرتضیٰ کے کہنے پر جرائم پیشہ پولیس اہلکاروں نے حلیم عادل شیخ کی رہائشگاہ پر چھاپے مارے۔

    عادل ہاوٴس نے بتایا کہ دو روز قبل سندھ ہائی کورٹ کی توہین کرنے والا فیضان کریم آج خود ضمانت رد ہونے پر ہائی کورٹ سے فرار ہوگیا ہے، انکروچمنٹ سیل دراصل پیپلزپارٹی مافیا کا انکروچمنٹ اور کرمنل سیل ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ مفرور فیضان کریم کی سوشل میڈیا پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، صوبائی وزیر ناصر شاہ سمیت دیگر پی پی رہنماوٴں کے ساتھ تصاویر موجود ہیں۔

  • پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کراچی پولیس کو چکمہ دے کر صوابی پہنچ گئے

    پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کراچی پولیس کو چکمہ دے کر صوابی پہنچ گئے

    کراچی : تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ کراچی پولیس کو چکمہ دے کر صوابی پہنچ گئے ، ضمانت ملنے تک  خیبر پختونخوا میں ہی قیام کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس کے لیے تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل کی تلاش معمہ بن گئی، حلیم عادل کی گرفتاری کے لیے گھر پہ چھاپے مارے گئے مگر نہیں مل سکے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حلیم عادل شیخ محفوظ مقام پہ منتقل ہوچکے ہیں اور صوابی کے جلسے میں نمودار ہوں گے۔

    ذرائع کے مطابق حلیم عادل شیخ کا صوابی جلسے سے خطاب متوقع ہے اور ضمانت ملنے تک حلیم عادل شیخ خیبر پختونخوا میں ہی قیام کریں گے۔

    ذرائع نے کہا ہے کہ آزادی مارچ کی مہم چلانےپر پیپلز پارٹی نے انتقام کا نشانہ بنایا۔

    دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ قابل افسوس ہےعمران خان کے ایک سپاہی سےیہ اتنا خوفزدہ ہیں ، 3دن سے جھوٹے کیسز بنا کراچی پولیس میرے پیچھے لگائی ہوئی ہے۔

    حلیم عادل شیخ نے کہا کہ جس کے بعد تین بار میرے گھر پر چھاپے مار کر فیملی کو ہراساں کیا گیا ہے، اس وقت سندھ ہائی کورٹ کے باہر پولیس نے گھیرا لگایا ہوا اور کوشش ہےکہ میں عدالت نہ پہنچ سکوں۔

    رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہفتےکوساڑے 3گھنٹے قبل از گرفتاری ضمانت کے لیےکھڑا رہا ، ہمیں اطلاع دی گئی کہ ججز کم ہیں اور وقت ختم ہوگیا ہے ، عدالت میں جب میں خود کو پیش کر چکا تھا لیکن انصاف نہیں ملا، اس پربھی چیف جسٹس صاحب کوسوموٹو نوٹس لینا چاہیے۔