Tag: حلیم عادل شیخ

  • وفاقی وزرا قانونی معاملات پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں: سندھ حکومت

    وفاقی وزرا قانونی معاملات پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں: سندھ حکومت

    کراچی: سندھ حکومت نے کہا ہے کہ وفاقی وزرا حلیم عادل شیخ کے معاملے میں قانونی معاملات پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے پیر کو کراچی میں پریس کانفرنس میں کہا وفاقی وزرا خود کو وفاق کے نمائندے کہتے ہیں لیکن یہ قانونی معاملات پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں، حالاں کہ عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ 2 نہیں، ایک ایسا پاکستان بنائیں گے جس میں قانون کا اطلاق ہر طبقے پر ہوگا۔

    سندھ حکومت کے ترجمان نے صوبائی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل کی گرفتاری اور مقدمات کے سلسلے میں وفاقی حکومت کی جانب سے شدید ردِ عمل کے بعد کراچی میں خصوصی پریس کانفرنس کی، جس میں انھوں نے سوالات اٹھائے کہ اگر کوئی قانون ہاتھ میں لیتا ہے تو کیا ریاست کو خاموش رہنا چاہیے؟ کیا پی ٹی آئی اور اس کے کارکن قانون سے بالاتر ہیں؟

    انھوں نے کہا حلیم عادل شیخ جدید اسلحے سے لیس ہو کر پی ایس 88 کے پولنگ اسٹیشن کا دورہ کر رہے تھے، الیکشن کمیشن نے نوٹس لیا، کارروائی کے لیے ایس ایس پی ملیر کو الیکشن کمیشن کا حکم ملا، سندھ حکومت یا پیپلز پارٹی نے کچھ نہیں کیا۔

    مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا اگر ہم عمران خان کے ایک پاکستان کی بات کرتے ہیں تو پھر پولیس تو قانون پر عمل کر رہی ہے، کسی ایم این اے، ایم پی اے کو الیکشن میں مہم چلانے کی اجازت نہیں، ملیر کی سیٹ ہماری سیٹ ہے لیکن ایک بار بھی وزیر اعلیٰ اور ناصر حسین شاہ ملیر نہیں گئے، جب کہ 16 فروری کو حلیم عادل پی ایس 88 کے پولنگ اسٹیشن کا دورہ کرتے ہیں، حلیم عادل بتاؤ، تم کون ہو الیکشن کمیشن کے ممبر ہو؟ کیا حلیم عادل شیخ پر قانون کا اطلاق نہیں ہوتا؟

    حلیم عادل شیخ کا معاملہ، وفاقی حکومت کا آئی جی سندھ کی تبدیلی پر غور شروع

    ترجمان نے کہا ویڈیو میں فائرنگ ہوتی ہوئی دیکھی جا سکتی ہے، کھلے عام فائرنگ کریں گے اور پولیس خاموش رہے گی؟ اب یہ کہتے ہیں کہ پولیس نے غلط کارروائی کی، جب حلیم عادل ضمانت لینے عدالت گئے تو عدالت نے ریمانڈ دیا، پولیس اگر زیادتی کرتی تو دعا بھٹو و دیگر کو حلیم عادل سے ملنے نہ دیتی۔

    انھوں نے مزید کہا کہ کہا جاتا ہے کہ خطرناک سانپ آیا ہے اور حلیم عادل شخ نے اس کو مار دیا، کمرے میں حلیم عادل کے پاس ڈنڈا بھی موجود تھا، اب سوال یہ ہے کہ سانپ خود آیا یا لایا گیا تھا؟

    مرتضیٰ وہاب نے حلیم عادل کی طبیعت کی خرابی کے سلسلے میں وفاقی وزرا کی جانب سے ہونے والے دعوؤں اور اعتراضات کے جواب میں کہا کہ حلیم عادل کو طبیعت کی خرابی پر این آئی سی وی ڈی منتقل کیا گیا، یہ وہی اسپتال ہے جس کے بارے میں پی ٹی آئی کہتی ہے کہ خراب ہے، جو اسپتال برا پرفارم کر رہا ہے یہ اسی میں علاج کراتے ہیں۔

    ترجمان نے کہا کہتے تھے کہ حلیم عادل نہیں چل سکتے لیکن وہ خود چل کر اسپتال گئے، کل کسی نے کہا حلیم عادل شیخ کی جان کو خطر ہ ہے، لیکن حلیم عادل مکمل سیکیورٹی میں اسپتال گئے۔

  • مراد سعید کا حلیم عادل شیخ کے اہل خانہ سے رابطہ

    مراد سعید کا حلیم عادل شیخ کے اہل خانہ سے رابطہ

    اسلام آباد: وفاقی وزیر مراد سعید نے اسیر اپوزیشن رہنما سندھ حلیم عادل شیخ کے اہل خانہ سے رابطہ کیا، انہوں نے کہا کہ اوباش، بدمعاش، لٹیرے اور قاتل سندھ میں اقتدار پر قابض ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے اسیر اپوزیشن رہنما سندھ حلیم عادل شیخ کے اہل خانہ سے رابطہ کیا اور حکومتی سرپرستی میں پیپلز پارٹی کی غنڈہ گردی کی شدید مذمت کی۔

    مراد سعید کا کہنا تھا کہ اوباش، بدمعاش، لٹیرے اور قاتل سندھ میں اقتدار پر قابض ہیں، سیاسی بدمعاشیہ قائد حزب اختلاف پر تشدد کے بدترین حربے آزما رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ طاقت کے بل پر مخالف اور تنقیدی آوازیں دبانا ان بدمعاشوں کا وتیرہ ہے، صحافی عزیز میمن جیسے کئی ان کی غنڈہ گردی کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں، حلیم عادل شیخ نے خونخوار چہروں سے نقاب کھینچ کر اصلیت دکھائی۔

    مراد سعید کا کہنا تھا کہ عذیر بلوچ جے آئی ٹی رپورٹ میں واضح ہے کہ یہ کیسے پولیس کو استعمال کرتے ہیں، اپنی نا اہلی چھپانے کے لیے یہ ہر اٹھنے والی آواز دبانا چاہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ صحافی عزیز میمن نے ان کے کرتوتوں سے پردہ اٹھایا تو مار دیا گیا، کل سکھر میں پولیس کو میڈیا نمائندے کے خلاف استعمال کر کے تشدد کروایا گیا، یہ سندھ کو اپنی جاگیر سمجھتے ہیں۔

    خیال رہے کہ حلیم عادل شیخ کو ضمنی انتخابات کے روز پولیس نے الیکشن کمیشن کے احکامات کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا تھا۔

    ان کے خلاف میمن گوٹھ تھانے میں دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، پولیس کے مطابق مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں کار سرکار میں مداخلت، ہنگامہ آرائی اور ہوائی فائرنگ کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔

  • پیپلزپارٹی میرے والد کو جیل میں قتل کروانا چاہتی تھی،  حلیم عادل شیخ کی بیٹی کا الزام

    پیپلزپارٹی میرے والد کو جیل میں قتل کروانا چاہتی تھی، حلیم عادل شیخ کی بیٹی کا الزام

    کراچی : اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کی بیٹی عائشہ حلیم کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی میرے والد کو جیل میں قتل کروانا چاہتی تھی، والد کوکچھ بھی ہواتوذمہ دارپی پی اور سندھ حکومت ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کی بیٹی عائشہ حلیم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پیپلزپارٹی میرے والد کو جیل میں قتل کروانا چاہتی تھی، والد صاحب زخموں کی وجہ سےچل نہیں سکتے، حلیم عادل شیخ کاقصورسندھ کےعوام کی آوازبنناہے، والدکوکچھ بھی ہواتوذمہ دارپی پی اورسندھ حکومت ہوگی۔

    دوسری جانب حلیم عادل شیخ کے فرزنداحسن عادل شیخ نے ویڈیو بیان جاری کیا ہے ، جس میں کہا ہے کہ اسپتال میں والد سے ملاقات ہوئی ، والد کے جسم  کے مختلف حصوں پر زخم کے واضح نشانات ہیں، والدنےبتایا40سے50لوگوں نےتشددکیا، ساتھیوں سےالگ کرکےوالدکوجیل میں منتقل کیا گیا تھا۔

    احسن عادل نے الزام لگایا کہ پی پی غنڈوں نے جئےبھٹو کے نعرے لگا کر حملہ کیا، پی پی نے انتظامیہ سے ملکر سازش کے تحت حملہ کروایا، کچھ سپاہیوں نے والد کو حملہ آوروں سے بچاکر محفوظ مقام پرمنتقل کیا، مرادعلی شاہ یہ نہ بھولیں انہیں بھی اسی جیل میں آنا ہوگا۔

  • انسداد دہشت گردی عدالت نے   حلیم عادل شیخ کو ساتھیوں سمیت جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا

    انسداد دہشت گردی عدالت نے حلیم عادل شیخ کو ساتھیوں سمیت جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا

    کراچی: انسداد دہشتگردی کی عدالت نے تفتیشی افسر کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ کو ساتھیوں سمیت جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی انسداد دہشر گردی کی عدالت میں حلیم عادل شیخ اوردیگر کے خلاف مقدمات پر سماعت ہوئی ، حلىم عادل شیخ اورساتھىوں کو غیر قانونی فارم ہاؤسز گرانے کے خلاف احتجاج پر عدالت مىں پیش کیا گیا۔

    حلیم عادل شیخ اورسمیرشیخ کےوکیل نے کہا سندھ گورمنٹ کے ساتھ ملکر کىس مىں چالاکى کى گئى ، دو دن کا رىمانڈ تھا ،پھربھی دہشت گردی کی نئی دفعات لگائی گئیں، ،یہ پہلےدن سےغلط بیانى کررہے ہیں۔

    جج نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ میرے پاس کیوں لائے،جس پرافسر نےبتایاکہ مزید تفتیش کرنى ہےساتھیوں کى معلومات درکارہیں، ہمارےدوپولیس اہلکارزخمى ہیں،ان پرتشدد ہوا جس کا ریکارڈ پیش کیا گیا۔

    جج نے حلیم عادل شیخ کے وکیل سے استفسار کیا کہ سانپ کے سرپر رکھ کر ماردیتے،جس پر وکیل نے جواب دیا کہ وہى کیا،سانپ کوماردیا ، عدالت نے تفتیشی افسر سے سوال کیا مقدمے مىں شامل لوگو ں کے نام کس نے بتائے ؟ جس پر تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ ہمارے 2پولیس اہلکار زخمى ہىں ،ان پرتشدد ہوا ، اقبال اور رفیع نامى اہلکار ڈنڈے اورپتھر لگنے سے زخمى ہوئے۔

    وکیل حلیم عادل شیخ نے کہا جو مقدمات بنائے گئے ہىں وه قابل ضمانت ہىں ، دوران سماعت گرفتار کارکنوں مىں میکنک ، ڈرائیور ،مزدور شامل ہیں ،سب نے اپنے پیشےعدالت کو بتائے، جس پر تفتیشی افسر نے عدالت میں مؤقف میں کہا حلیم عادل شیخ اور سب ساتھىوں کا ریمانڈ چاہیے۔

    عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا مسترد کرتے ہوئے حلىم عادل شیخ کو ساتھىوں سمیت جىل بھیجنے کا حکم دے دیا اور کیس کی سماعت ملتوی کردی۔

  • انسدادِ دہشت گردی عدالت کا  حلیم عادل شیخ  کوعدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم

    انسدادِ دہشت گردی عدالت کا حلیم عادل شیخ کوعدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم

    کراچی : انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے حلیم عادل شیخ کوعدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیتے ہوئے ملزمان کو 25 فروری کو دوبارہ پیش کرنے کو حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس کی جانب سے اپوزیشن لیڈر سندھ حلیم عادل شیخ اور شریک ملزمان کو ریمانڈ ختم ہونے پر انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا، سماعت میں وکلا نے حلیم عادل کے کمرے سے سانپ نکلنے کےواقعے سے عدالت کو آگاہ کیا۔

    عدالت نے استفسار کیا سانپ کیا کررہا تھا وہاں ؟ حلیم عادل شیخ نے کہا میرے کمرے میں منصوبہ کے تحت سانپ چھوڑا گیا ، جس پر جج نے سوال کیا سانپ کے منہ میں دانت دیکھے تھے آپ نے ؟

    تفتیشی افسر نے حلیم عادل شیخ کا 3 مارچ تک ریمانڈ مانگا ، جس پر وکیل حلیم عادل شیخ نے کہا سیاسی انتقام کا کیس ہےدہشتگردی کا نہیں ،حلیم عادل پر حملہ ہوا گاڑی پرفائرنگ ہوئی ، سیون اے ٹی اے لگانا بدنیتی پر مبنی ہے۔

    حلیم عادل نے کہا مجھے قتل کرنے کی سازش ہورہی ہے ، جس پر جج نے کہا آپ سیاسی باتیں باہر جاکر کریں یہاں نہیں ، آپ کو جیل بھیج رہے ہیں وہاں آپ محفوظ رہیں گے۔

    عدالت نے حلیم عادل شیخ اور دیگر ملزمان کوعدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیتے ہوئے ملزمان کو 25 فروری کو دوبارہ پیش کرنے کو حکم دیا۔

    عدالت نے حلیم عادل شیخ کی درخواست ضمانت پر پراسیکیوٹر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے درخواست ضمانت پر 22 فروری کو دلائل طلب کرلئے۔

    یاد رہے حلیم حادل شیخ کو ملیر پی ایس88 میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے موقع پر الیکشن کمیشن کے احکامات نہ ماننے پر گرفتار کیا گیا تھا ، پولنگ کے دوران پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ مسلح محافظوں کے ساتھ حلقے میں گشت کررہے تھے۔

    بعد ازاں حلیم عادل شیخ کیخلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا گیا اور عدالت نے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کا2روزہ جسمانی ریمانڈمنظور کرتے ہوئے جمعےکوپیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

  • میرےکمرے میں ‘کوبرا سانپ’ چھوڑا گیا، جس کو میں نے مارا، حلیم عادل شیخ کا دعویٰ

    میرےکمرے میں ‘کوبرا سانپ’ چھوڑا گیا، جس کو میں نے مارا، حلیم عادل شیخ کا دعویٰ

    کراچی : اپوزیشن لیڈر سندھ حلیم عادل شیخ نے دعویٰ کیا ہے کہ میرےکمرے میں کوبرا سانپ چھوڑا گیا، جس کو میں نے مارا، بلاول کےکہنے پر  مجھے مارنے کی سازش کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس کی جانب سے اپوزیشن لیڈر سندھ حلیم عادل شیخ کو اے ٹی سی پہنچایا گیا ، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں حلیم عادل شیخ نے دعویٰ کیا کہ میرےکمرےمیں کوبرا سانپ چھوڑا گیا اور اس سانپ کو میں نے ماراہے۔

    اپوزیشن لیڈر سندھ نے الزام عائد کیا کہ بلاول کےکہنے پر مرادعلی شاہ نے مجھے مارنے کی سازش کی۔

    اس سے قبل پی ٹی آئی رکن سندھ اسمبلی خرم شیرزمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ حلیم عادل شیخ کی جان کو خطرہ ہے، ان سےفیملی، ایم این ایز،ایم پی ایزکوملنے نہیں دیا جارہا، عدالت سے درخواست کی اہلخانہ اور ایم پی ایز کو ملنے دیا جائے ، ایسا سلوک کیاجارہاہے جیسے دہشت گرد سے کیا جاتا ہے۔

    یاد رہے ترجمان محمد علی بلوچ نے بیان میں کہا تھا کہ قائدحزب اختلاف حلیم عادل شیخ کے کمرے میں سانپ نکل آیا، ناشتہ دینے کے لئے جانے والے ملازم نے سانپ دیکھ کر اطلاع دی تاہم بعد میں کمرے میں موجودسانپ کو مار دیا گیا۔

    بعد ازاں ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے حلیم عادل شیخ کے کمرے سے زہریلے سانپ کے نکلنے کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا۔

  • حلیم عادل شیخ کے کمرے میں سانپ کیسے اور کہاں سے نکلا؟ ایڈیشنل آئی جی کا تحقیقات کا حکم

    حلیم عادل شیخ کے کمرے میں سانپ کیسے اور کہاں سے نکلا؟ ایڈیشنل آئی جی کا تحقیقات کا حکم

    کراچی : ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے حلیم عادل شیخ کے کمرے سے زہریلے سانپ کے نکلنے کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے   تحقیقات کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر سندھ حلیم عادل شیخ کے کمرے سے زہریلے سانپ کے نکلنے کے معاملے پر ایڈیشنل آئی جی کراچی نے ڈی آئی جی سی آئی اے عارف حنیف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔

    ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے عارف حنیف کو معاملے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا سانپ کیسے اور کہاں سے نکلا اور حلیم عادل شیخ کے کمرے تک کیسے گیا؟

    ایڈیشنل آئی جی غلام نبی میمن نے تحقیقات کرکے فوری رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

    مزید پڑھیں :گرفتارحلیم عادل شیخ کے کمرے میں سانپ نکل آیا

    یاد رہے ترجمان محمد علی بلوچ نے بیان میں کہا تھا کہ قائدحزب اختلاف حلیم عادل شیخ کے کمرے میں سانپ نکل آیا، ناشتہ دینے کے لئے جانے والے ملازم نے سانپ دیکھ کر اطلاع دی تاہم بعد میں کمرے میں موجودسانپ کو مار دیا گیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ حلیم عادل شیخ کوایس آئی یوسینٹرصدرمیں رکھاگیاہے، کمرے سے زہریلے سانپ کا نکلنا پولیس کارکردگی پرسوالیہ نشان ہے، پولیس پیپلزپارٹی کی غلام بن چکی ہے، حلیم عادل شیخ کےخلاف سازشیں کی جارہی ہیں، ان کو کچھ بھی ہواتوذمہ دارسندھ حکومت ہوگی۔

  • الیکشن کمیشن  کا حلیم عادل شیخ کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنے کا فیصلہ

    الیکشن کمیشن کا حلیم عادل شیخ کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنے کا فیصلہ

    کراچی : الیکشن کمیشن پاکستان نے حلیم عادل شیخ کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ریجنل الیکشن آفیسر حلیم عادل شیخ سے سینیٹ امیدوار کے تائید کنندہ کی حیثیت سے تصدیق کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق حلیم عادل شیخ کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے سےمتعلق درخواست پر الیکشن کمیشن سندھ نے مرکزی الیکشن کمیشن سےرائے مانگ لی اور درخواست مرکزی الیکشن کمیشن کو بھیج دی۔

    الیکشن کمیشن سندھ کی جانب سے درخواست میں کہا گیا کہ پروڈکشن آرڈر جاری کیے جائیں یا ان کےپاس جاکر تصدیق کی جائے؟

    بعد ازاں الیکشن کمیشن پاکستان نے حلیم عادل شیخ کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ریجنل الیکشن آفیسر کو تعینات کر دیا ، ریجنل الیکشن کمشنر حلیم عادل شیخ سے ملاقات کریں گے اور ان سے سینیٹ امیدوار کے تائید کنندہ کی حیثیت سے تصدیق کی جائے گی۔

    دوسری جانب ایس ایس پی ملیر نے حلیم عادل شیخ کی گرفتاری کے بعد اسپیکر سندھ اسمبلی کو خط لکھا ، جس میں کہا ہے کہ حلیم عادل شیخ کے خلاف دہشتگردی سمیت دیگرمقدمات درج ہیں، مقدمات گڈاپ ،میمن گوٹھ تھانے میں درج ہیں۔

    خط کی کاپی آئی جی سندھ،ایڈیشنل آئی جی کرچی ،ڈی آئی جی ایسٹ کو بھی ارسال کردی گئی ہے۔

  • پی ٹی آئی نے حلیم عادل شیخ کے پروڈکشن آرڈر کے لیے درخواست دے دی

    پی ٹی آئی نے حلیم عادل شیخ کے پروڈکشن آرڈر کے لیے درخواست دے دی

    کراچی: پاکستان تحریک انصاف نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کے پروڈکشن آرڈر کے لیے درخواست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ انتخابات کے سلسلے میں پی ٹی آئی سندھ نے اپنے گرفتار رہنما حلیم عادل شیخ کے پروڈکشن آرڈر کے لیے ریٹرننگ افسر کو درخواست جمع کرا دی۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ اسکروٹنی کے عمل حلیم عادل شیخ تائیدہ کنندہ ہیں، اس لیے ان کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے جائیں۔

    واضح رہے کہ آج حلیم عادل شیخ کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ بھی میمن گوٹھ تھانے میں درج کر لیا گیا ہے، جس میں کارسرکار میں مداخلت، ہنگامہ آرائی، ہوائی فائرنگ کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

    حلیم عادل شیخ کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور، جمعے کو پیش کرنے کا حکم

    حلیم عادل شیخ اور ان کے ساتھیوں کو آج انسداد دہشت گردی عدالت ملیر میں پیش کیا گیا، پولیس نے عدالت سے 15 دن کے ریمانڈ کی استدعا کی لیکن عدالت نے 2 دن کا ریمانڈ دے دیا۔

    دوسری طرف ڈسٹرکٹ کورٹ ملیر میں تجاوزات آپریشن اور کار سرکار میں مداخلت کیس میں، میمن گوٹھ تھانے میں درج مقدمے میں حلیم عادل شیخ کی ضمانت دس ہزار روپے کے عوض منظور کر لی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ حلیم عادل شیخ پر ضمنی الیکشن میں ہنگامہ آرائی اور فائرنگ کے الزامات ہیں، انھیں گزشتہ روز پولیس نے گرفتار کیا تھا جب کہ حلیم عادل اور ساتھیوں پر کار سرکار میں مداخلت کی دفعات کے تحت بھی مقدمہ درج ہے، حلیم عادل کے خلاف مجموعی طور پر 3 مقدمات درج ہیں۔

  • میمن گوٹھ تھانے میں درج  مقدمے میں حلیم عادل شیخ کی ضمانت منظور

    میمن گوٹھ تھانے میں درج مقدمے میں حلیم عادل شیخ کی ضمانت منظور

    کراچی :عدالت نے میمن گوٹھ تھانےمیں درج مقدمے میں حلیم عادل شیخ کی ضمانت منظور کرلی ، دس ہزار روپے کے عوض ضمانت منظور کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ کورٹ ملیر میں تجاوزات آپریشن میں مداخلت اور کار سرکار میں مداخلت کیس کی سماعت ہوئی ، اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کو پیش کیا گیا، رمضان ، محمود ، غلام مصطفی ، عبدالحسیب سمیت دیگرملزمان کو بھی پیش کیا۔

    دوران سماعت پولیس کی جانب سے ریمانڈ کی استدعا کی گئی ، وکیل اپوزیشن لیڈر نے کہا مقدمات حکومت کی کرپشن سامنے لانے پر بنائے گئے ہیں ، اپوزیشن لیڈر ہیں ،کوئی کرمنل ریکارڈ نہیں ،ضمانت دی جائے۔

    جس پر عدالت نے میمن گوٹھ تھانےمیں درج مقدمے میں حلیم عادل شیخ کی ضمانت منظور کرلی، دس ہزار روپے کے عوض ضمانت منظور کی گئی۔

    دوسری جانب کارسرکارمیں مداخلت،ہنگامہ آرائی اور املاک کو نقصان پہنچانے کے الزام میں حلیم عادل شیخ اور دیگر ملزمان کو جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر کے روبرو پیش کیا گیا۔

    عدالت نے ملزمان کا 2روز ہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا ، ملزمان کے خلاف گڈاپ تھانے میں مقدمات درج ہیں۔

    اس سے قبل پولیس کی جانب سے قائد حزب اختلاف سندھ حلیم عادل شیخ اور ان کے ساتھیوں کو انسداد دہشت گردی میں پیش کیا گیا ، انسداد دہشت گردی کی عدالت نے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کا2روزہ جسمانی ریمانڈمنظور کرتے ہوئے جمعے کوپیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

    خیال رہے حلیم عادل شیخ پر ضمنی الیکشن میں ہنگامہ آرائی ،فائرنگ کے الزامات ہیں ، انھیں گزشتہ روز پولیس نے گرفتار کیا تھا جبکہ حلیم عادل اور ساتھیوں کار سرکار میں مداخلت کی دفعات کےتحت مقدمہ درج ہے۔