Tag: حلیم عادل گرفتار

  • حلیم عادل شیخ کو کس نے کس کیس میں گرفتار کیا؟ تفصیل سامنے آ‌گئی

    حلیم عادل شیخ کو کس نے کس کیس میں گرفتار کیا؟ تفصیل سامنے آ‌گئی

    کراچی: سندھ اسمبلی میں اپوزیشن رہنما حلیم عادل شیخ کو کس نے کس کیس میں گرفتار کیا، اے آر وائی نیوز نے تفصیلات حاصل کر لیں، لاہور ہائیکورٹ میں حلیم عادل کی بازیابی کی درخواست بھی دائر کر دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حلیم عادل شیخ کے خلاف جامشورو اینٹی کرپشن تھانے میں مقدمہ درج ہے، محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے محکمہ پنجاب کو خط لکھا کر کہا گیا کہ ایک مفرور ملزم مبینہ طور پر لاہور میں روپوش ہے، اس کی گرفتاری میں معاونت کی جائے، جس پر محکمہ داخلہ پنجاب نے گرفتاری کا اجازت نامہ دے دیا۔

    جامشورو اینٹی کرپشن سے تفتیشی افسر ذیشان حیدر میمن کو حلیم عادل کی گرفتاری کے لیے بھیجا گیا، جب کہ گھوٹکی سے سب انسپکٹر مسری خان دھانی ان کے ساتھ شامل تھے۔

    حلیم عادل کے خلاف مقدمہ جعل سازی سے زمین فروخت کرنے کے معاملے پر درج کیا گیا ہے، اور یہ آج صبح ساڑھے سات بجے درج کیا گیا، جس میں ان پر زمین کی خریداری کے لیے جعلی کاغذات کے استعمال کا الزام ہے، ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ حلیم عادل پر سرکاری اراضی کو منظم جعلی ریکارڈ کی بنیاد پر ہڑپ کرنے کا الزام ہے۔

    حلیم عادل شیخ کو لاہور سے گرفتار کر لیا گیا

    حلیم عادل شیخ کو گرفتار کرنے کے لیے محکمہ داخلہ پنجاب کا اجازت نامہ بھی سامنے آ گیا ہے، محکمے نے سندھ اینٹی کرپشن کی درخواست پر گرفتاری کی اجازت دی تھی۔

    لاہور اینٹی کرپشن اور تھانہ گلبرگ پولیس بھی حلیم عادل کی گرفتاری کے وقت موجود تھی، مقدمے کے متن میں کہا گیا کہ زمین کی بنیاد پر حلیم عادل شیخ نے بینک سے 21 لاکھ 47 ہزار کا قرض لیا، یہ قرض ایگری کلچر ڈویلپمنٹ بینک سے حاصل کیا گیا۔

    دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ میں اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل کی بازیابی کی درخواست دی گئی ہے، عدالت نے پنجاب حکومت اور پولیس افسران کو اڑھائی بجے رپورٹ دینے کا حکم دیا، عدالت نے سرکاری وکیل کو ہدایت کی کہ ڈھائی بجے تک بتایا جائے حلیم عادل کہاں ہیں۔

  • حلیم عادل شیخ کو لاہور سے گرفتار کر لیا گیا

    حلیم عادل شیخ کو لاہور سے گرفتار کر لیا گیا

    لاہور: اپوزیشن لیڈر اور پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کو لاہور سے گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت کی اپوزیشن کے خلاف انتقامی کارروائیاں جاری ہیں، اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کو لاہور سے گرفتار کر لیا گیا، پی ٹی آئی رہنما کو ڈولفن پولیس کی موجودگی میں گرفتار کیا گیا۔

    حلیم عادل شیخ کے ترجمان نے گرفتاری کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی جاری کر دی جس میں انھیں حراست میں لے کر لے جایا جا رہا ہے۔

    گرفتار اپوزیشن لیڈر کی بیٹی عائشہ حلیم نے والد کی گرفتاری پر کہا کہ انھیں اپنے والد کی کوئی خبر نہیں ہے، کوئی پتا نہیں، والد کہاں اور کس حال میں ہیں، وکلا بھی لا علم ہیں، فیملی کو بھی نہیں معلوم کہ ان کو کیوں اٹھایا گیا۔

    بیٹی کا کہنا تھا کہ کچھ عرصہ قبل بھی گھر کے باہر پولیس کی بھاری نفری آئی تھی، چیف جسٹس اور اداروں سے اپیل ہے والد کو سامنے لایا جائے۔

    سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے حلیم عادل شیخ کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے بتایا کہ انھیں لاہور سے نامعلوم افراد ساتھ لے کر گئے ہیں، حلیم عادل اپنی جان کو لاحق خطرات سے آگاہ کر چکے ہیں، انھیں سندھ حکومت سے خطرہ ہے۔

    عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ حلیم عادل شیخ کی گرفتاری کہیں ظاہر نہیں کی جا رہی ہے، خدشہ ہے سندھ حکومت کے جرائم پیشہ افراد نے اغوا کیا ہے، حلیم عادل کو کسی بھی قسم کا نقصان ہوا تو ذمہ دار سندھ حکومت ہوگی۔

    ایم پی اے راجہ اظہر نے کہا حلیم عادل کو ڈولفن پولیس کی موجودگی میں گرفتار کیا گیا، اپوزیشن لیڈر کو سادہ لباس اہل کار ہوٹل سے لے کر گئے، اہل کاروں سے پوچھتے رہے کہ ان کو کہاں لے جایا جا رہا ہے، 3 دن پہلے بھی کراچی میں حلیم عادل کے گھر پر پولیس نے چھاپا مارا تھا، حلیم عادل کی زبان بند کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔