Tag: حماد اظہر

  • حکومت آئی ایم ایف کا ہدف اپنے طریقے سے حاصل کرنے کی خواہاں

    حکومت آئی ایم ایف کا ہدف اپنے طریقے سے حاصل کرنے کی خواہاں

    اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے ایک اہم بیان میں کہا ہے کہ حکومت آئی ایم ایف کا ہدف اپنے طریقے سے حاصل کرنے کی خواہاں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے خصوصی بجٹ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ہوئے حماد اظہر نے کہا ہم نے آئی ایم ایف کو کہا ہے کہ ہم ہدف اپنے طریقے سے حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

    انھوں نے بتایا کہ آئی ایم ایف نے ہدف دیا ہے کہ سرکلر ڈیٹ میں اضافے میں کمی لائی جائے، اس ہدف سے متعلق ان سے بات چیت جاری ہے، دراصل بجلی کے مہنگے معاہدوں کی وجہ سے سرکلر ڈیٹ میں اضافہ ہو رہا تھا۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے سبسڈیز کو بڑھا کر آئی ایم ایف کا ہدف حاصل کیا جائے گا، انھوں نے کہا ہم بجلی ٹیرف بڑھانے سے متعلق سبسڈی پر زیادہ توجہ دیں گے۔

    حماد اظہر کا ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ ختم ہونے کا دعویٰ

    حماد اظہر نے بتایا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ حکومت کی بات چیت چل رہی ہے کہ ہمیں موقع دیا جائے، آئی ایم ایف کو کہا ہے کہ ہم ہدف اپنے طریقے سے حاصل کرنا چاہتے ہیں، آئی ایم ایف کا جو گروتھ ٹارگٹ تھا، ہم نے اس میں پرفارم کیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمتوں سے متعلق آئی ایم ایف کے ساتھ بات چل رہی ہے، جو دیگر ٹارگٹ تھے اس کو حاصل کر چکے ہیں، ہم نے بجٹ میں براہ راست اور بالواسطہ ٹیکسز کی شرح کو نہیں بڑھایا، ٹیکس بڑھانے کی بجائے ہمیں ٹیکس نظام کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔

    حماد اظہر نے پروگرام میں گزشتہ حکومتوں کے حوالے سے بھی بات کی، انھوں نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں کے قرضے ہمارے کھاتے میں نہیں ڈالے جا سکتے، ان قرضوں کی مد میں ہم نے سود واپس کیا، گزشتہ حکومت نے روپے کی قدر کو مصنوعی سہارے پر رکھا، ہم نے اصل قدر پر بحال کیا۔

  • حماد اظہر کا ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ ختم ہونے کا دعویٰ

    حماد اظہر کا ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ ختم ہونے کا دعویٰ

    اسلام آباد : وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ ختم ہونے کا دعویٰ کردیا اور کہا 1500میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوگئی اور آج مزید بجلی سسٹم میں شامل کی جائےگی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں سے متعلق ایک چارٹ شیئر کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ 12 گھنٹے کے دوران غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ ختم ہوچکی ہے ، 48 گھنٹے کے دوران 1500میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوگئی، آج مزید بجلی سسٹم میں شامل کی جائےگی، لوڈشیڈنگ صرف بجلی چوری،عدم ادائیگی والے علاقوں میں ہے، مقامی سطح پرآئی تکنیکی خرابیوں کو فوری حل کرنے کاعمل بھی جاری ہے۔

    گذشتہ روز تربیلا ڈیم میں سلٹ آنے سے بجلی کی پیداوار بند ہونے کے بعد ملک میں بجلی کا بحران شدت اختیار کرگیا تھا ، تربیلا سے 3 ہزار میگا واٹ پیداوار میں کمی کا سامنا ہے۔

    ذرائع کے مطابق مجموعی شارٹ فال 6 ہزار میگا واٹ سے زائد ہوگیا ، جس کے بعد لاہور سمیت پنجاب بھر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ بڑھ گئی ہے۔ تربیلا سے پیداوار آنے میں 2 دن کا وقت لگے گا۔

  • مہنگائی کا مقابلہ کر رہے ہیں، اعلیٰ حکومتی ٹیم کی اہم ورچوئل پریس کانفرنس

    مہنگائی کا مقابلہ کر رہے ہیں، اعلیٰ حکومتی ٹیم کی اہم ورچوئل پریس کانفرنس

    اسلام آباد: اعلیٰ حکومتی ٹیم نے آج ایک اہم ورچوئل پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ حکومت مہنگائی کا مقابلہ کر رہی ہے، ماضی میں کیے گئے غلط فیصلوں سے نقصان میں جانے والی معیشت کو بہتر بنائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق جمعرات کو اسلام آباد میں وفاقی وزرا شوکت ترین، حماد اظہر اور خسرو بختار نے پریس کانفرنس میں معیشت کے حوالے سے اپوزیشن کے تابڑ توڑ حملوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کے غلط فیصلوں سے ملکی معیشت کو 20 ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔

    وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا سابق دور میں قرضے لے کر معیشت کو بہتر دکھانے کی کوشش کی گئی، ن لیگ دور میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کو مصنوعی طریقے سے مستحکم رکھا گیا، اور غلط فیصلے سے ملکی معیشت کو 20 ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔

    شوکت ترین نے کہا موجودہ حکومت کو مجبوراً مالی مدد کے لیے آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا، جس کی وجہ سے اضافی ٹیرف لگانے پڑے۔

    انھوں نے کہا ہم ٹیکس نہ دینے والوں کی نہیں بلکہ ٹیکس دینے والوں کی تعداد بڑھائیں گے، آئندہ مالی سال خالص ٹیکس وصولی کا ہدف 5 ہزار 8 سو ارب روپے ہوگا، مہنگائی کا مقابلہ کر رہے ہیں، ری اسٹرکچرنگ کر کے خسارے میں چلنے والے بڑے اداروں کی نج کاری کریں گے۔

    ان کا کہنا تھا کرونا کے باجود موجودہ حکومت اقتصادی شرح نمو 4 فی صد تک لے آئی، اگلے مالی سال کے دوران ملکی اقتصادی شرح نمو 5 فی صد رہنے کی توقع ہے، ہمارا ہدف ہے کہ ٹیکس ریونیو ہر سال 20 فی صد بڑھائیں، ہمارا مقصد مزید ٹیکس لگانا نہیں بلکہ ٹیکسوں کے دائرہ کار کو وسعت دینا ہے۔

    وزیر خزانہ کا کہنا تھا ہم معیشت کو استحکام سے اب آگے بڑھا رہے ہیں، ریونیو 7 ٹریلین سے بڑھائیں گے، ٹیکس پر ٹیکس نہیں لگائیں گے، پی ایس ڈی پی بجٹ کو بڑھایا جائے گا، 2013 میں میاں صاحب کو مشورہ دیا جسے زبیر، اسحاق ڈار نے رد کیا، 2022 اور 23 میں بڑی گروتھ ہوگی جو سب کے لیے ہوگی۔

    وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ن لیگ کی معاشی ٹیم ملک کو دیوالیہ پن کی حد تک لے آئی تھی، ن لیگ کے آخری 17 ماہ میں زر مبادلہ کے ذخائر نصف کم کر دیے گئے تھے، اور ہمیں ہر سال عالمی اداروں کو 10 ارب واپس کرنے پڑے۔

    انھوں نے مزید کہا ن لیگ کے دور میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر تھا، جب کہ موجودہ حکومت کے دوران گزشتہ کئی ماہ سے کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس میں ہے، زر مبادلہ کے ذخائر بھی 2016 کے بعد سے بلند ترین سطح پر ہیں، اور اپوزیشن کو موجودہ حکومت کی معاشی ترقی ہضم نہیں ہو رہی، اور لوگوں کی آنکھ میں دھول جھونکنے کے لیے انھوں نے سیمینار منعقد کیے، اور سمینار میں وہی لوگ شریک ہیں جنھوں نے معیشت تباہ کی۔

  • کیا پڑوسی ملک بھارت سے روئی اور چینی کی درآمد کی اجازت دے دی جائے گی؟

    کیا پڑوسی ملک بھارت سے روئی اور چینی کی درآمد کی اجازت دے دی جائے گی؟

    اسلام آباد: کل وزیر خزانہ حماد اظہر کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں بھارت سے روئی اور چینی کی درآمد کی اجازت کی سمری پیش کی جائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کل کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں 21 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا، اجلاس میں بھارت سے روئی اور چینی کی درآمد کی سمری منظوری کے لیے پیش ہوگی۔

    واضح رہے کہ پاکستان مئی 2020 میں بھارت سے ادویات اور خام مال کی درآمد پر عائد پابندی ختم کر چکا ہے، یہ فیصلہ کرونا وبا کے دوران ضروری ادویات کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت سے روئی کی درآمد کے لیے بھی پہلے عائد درآمدی پابندی ختم کرنا ہوگی، روئی درآمد کی اجازت ملنے سے بھارت کے ساتھ تجارتی تعلقات جزوی طور پر بحال ہو جائیں گے۔

    ملکی ضروریات پوری کرنے کیلئے بھارت سے روئی درآمد کرنے کی اجازت پر غور، ذرائع

    ملکی ضرورت پوری کرنے کے لیے بھارت سے روئی کی درآمد کے سلسلے میں وزارت ٹیکسٹائل نے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    یاد رہے کہ چند دن قبل شوگر کین کمشنر پنجاب نے 3 لاکھ میٹرک ٹن چینی شارٹ فال کے لیے وزیر اعظم کو خط لکھا تھا، جس پر حکومت نے چینی درآمد کرنے کا فیصلہ کر لیا تھا۔

    سیزن ختم، شوگر ملوں نے ضرورت سے زیادہ چینی تیار کر لی

    دوسری طرف کل کے اجلاس میں اسٹریٹیجک ٹریڈ پالیسی فریم ورک 25-2020 پر بھی غور کیا جائے گا، پنک راک سالٹ کی جغرافیائی حقوق کی رجسٹریشن کے لیے سمری پیش ہوگی، جب کہ کم لاگت گھروں کی اسکیم کے لیے 2 ارب کی گرانٹ کی منظوری متوقع ہے۔

    ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی تنظیم نو کی سمری بھی اجلاس میں پیش کی جائے گی، جب کہ وزارت پٹرولیم کی ٹیکنیکل گرانٹ کی سمری کی منظوری متوقع ہے، دیگر سمریز میں کمیونٹی اسکولز، طلبہ کے لیے اسکالر شپس سمیت تعلیم کی گرانٹس کی سمریاں شامل ہیں۔

  • ’آپ اس وزارت کے پوری طرح مستحق تھے‘ حماد اظہر کو قلم دان ملنے پر مبارک باد کا پیغام

    ’آپ اس وزارت کے پوری طرح مستحق تھے‘ حماد اظہر کو قلم دان ملنے پر مبارک باد کا پیغام

    اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے حماد اظہر کو وزیر خزانہ کا اضافی قلم دان ملنے پر مبارک باد دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق فواد چوہدری نے حماد اظہر کے لیے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’آپ اس وزارت کے پوری طرح مستحق تھے۔‘

    وفاقی وزیر سائنس نے وزیر خزانہ کا قلم دان ملنے پر حماد اظہر کے لیے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا، اور مزید ترقی کی دعا دی۔

    واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے آج حفیظ شیخ کو وزیر خزانہ کے عہدے سے ہٹا دیا ہے اور ان کی جگہ حماد اظہر کو نیا وزیر خزانہ بنا کر اضافی چارج دے دیا ہے، حماد اظہر کے پاس پہلے ہی وزارت صنعت و پیداوار کا قلم دان ہے۔

    حماداظہر کو وزارت خزانہ کا اضافی چارج دیدیا گیا

    حفیظ شیخ کو مہنگائی کی وجہ سے وزارت خزانہ کے عہدے سے ہٹایا گیا، اس سلسلے میں شبلی فراز نے بتایا کہ مہنگائی کی وجہ سے وزیر اعظم عمران خان مطمئن نہیں تھے اور پریشان تھے، جب کہ حماد اظہر وزیر اعظم عمران خان کے وژن کو آگے لے کر چلیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ دیگر وزارتوں میں بھی رد و بدل کا امکان ہے، شبلی فراز کو وزارت پٹرولیم کا قلم دان اور فواد چوہدری کو بھی اضافی ذمہ داری دیے جانے کا امکان ہے۔

    اطلاعات اور نشریات کی وزارت کو 2 حصوں میں تقسیم کرنے پر مشاورت ہو رہی ہے، امکان ہے کہ دونوں کے الگ الگ وزیر مملکت لائے جائیں۔

  • اب پاکستان بلیک لسٹ میں نہیں جائے گا، حماد اظہر

    اب پاکستان بلیک لسٹ میں نہیں جائے گا، حماد اظہر

    اسلام آباد: وفاقی وزیر صعنت و تجارت حماد اظہر کا کہنا ہے کہ فیٹف کے ستائیس ایکشن پلان میں سے چوبیس مکمل کرلئے ہیں، قوم کو آگاہ کرنا چاہتا ہوں اب پاکستان بلیک لسٹ میں نہیں جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر صعنت و تجارت حماد اظہر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کا سب سے مشکل ایف اےٹی ایف پلان ملاتھا، فیٹف کے 27 ایکشن پلان میں سے 24 مکمل کرلئے ہیں،، قوم کو آگاہ کرنا چاہتا ہوں اب پاکستان بلیک لسٹ میں نہیں جائے گا۔

    حماد اظہر کا کہنا تھا کہ پچھلے اجلاس میں فیٹف نے کہا اب بلیک لسٹ پاکستان کیلئے آپشن نہیں رہا اور آج فیٹف خود کہہ رہا ہے ایکشن پلان کا 90 فیصد کام مکمل ہوگیا، مختلف ایکشن پلان ، سخت حالات ، کورونا کے باوجود عملدرآمد کر رہے ہیں، جون تک باقی نکات پربھی کام مکمل کرلیں گے۔

    وفاقی وزیر صعنت و تجارت نے کہا کہ جو نکات مکمل ہوچکے ہیں ان پر پھر سوال نہیں ہوتے، فیٹف میں سوال ان پر ہوتے ہیں جو نکات رہ جاتے ہیں، پاکستان نے چیلنجز کو عبور کیا ، بھارت کے عزائم پر اب پردہ نہیں رہاہے وہ کھل کرسامنے آچکےہیں ، پاکستان کو بلیک لسٹ کرانے کی سازش کرنیوالے کبھی کامیاب نہیں ہوسکے۔

    بھارت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے خود عالمی سطح پراپنے آپ کو بےنقاب کیا ہے، ان کے اپنے مسائل بھی دنیا کےسامنے آرہے ہیں۔

    حماد اظہر نے بتایا کہ گرے لسٹ کوفیٹف کی زبان میں انہانس مانیٹرنگ لسٹ کہاجاتاہے، پاکستان کے علاوہ بھی کئی ممالک اس لسٹ میں ہیں،ہمارے ملک میں دہشتگردی کی وجہ سے70ہزارجانیں جاچکی ہیں، بھارت خود دہشت گردوں کی فنڈنگ کررہاہے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ فیٹف پوری دنیا کے فنانشل اسٹیٹمنٹ چیک کرتاہے، ہمارا ابھی فیٹف میں ڈیول ایکشن پلان چل رہاہے، ہر ملک کےنکات کو اس کی رسک اسسٹمنٹ پر جانچا جاتاہے، پاکستان نے بروقت رولز بنائےہیں،ایک پلان 2017سے چلا آررہاہے اس پربھی عملدرآمد کررہےہیں ، ہم موجودہ ایکشن پلان جون تک مکمل کرلیں گے۔

  • پاکستان کا نام گرے لسٹ میں برقرار، حماد اظہر آج  اہم پریس بریفنگ دیں گے

    پاکستان کا نام گرے لسٹ میں برقرار، حماد اظہر آج اہم پریس بریفنگ دیں گے

    اسلام آباد : وفاقی وزیرصنعت وپیداوار حماداظہر آج ایف اے ٹی ایف کی جانب سے پاکستان کا نام گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کے معاملے پر اہم پریس بریفنگ دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرصنعت وپیداوار حماداظہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا پاکستان نے فیٹف ایکشن پلان پر تقریباً90 فیصدکام مکمل کرلیا، 27میں سے24نکات پربہترین کام کیا، باقی3 نکات پربھی کام کیا گیا، پاکستان کوفیٹف کامشکل ترین ایکشن پلان دیاگیا۔

    فیٹف ارکان نےپاکستان کوسخت ایکشن پلان کااعتراف کیا، وفاقی،صوبائی سرکاری محکموں کی محنت کی تعریف کروں گا، کل اس معاملے پر صبح11.30 بجے پریس بریفنگ دوں گا۔

    یاد رہے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) نے پاکستان کا نام جون تک گرےلسٹ میں برقرار رکھنے ‏کا فیصلہ کرتے ہوئے مزید 4 ماہ کی مہلت دے دی تھی۔

    ایف اے ٹی ایف نے رپورٹ جاری کرتے ہوئے پاکستان کےاقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا پاکستان نے27میں سے 24پوائنٹس پر زبردست کام کیا ، پاکستان نےکاؤنٹرفنانس ٹیررازم سےمتعلق بہترین کام کے ساتھ ساتھ قانون نافذ کرنے والےاداروں نے ٹیررفنانس کی نشاندہی کی اور نشاندہی کیساتھ جانچ ‏پڑتال کر کے بھرپور ایکشن بھی لیا۔

    رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ پاکستان نے لسٹڈ افراد اور اثاثوں کو ایک سےدوسری جگہ منتقل ‏ہونےسےروکا جب کہ ایسے لسٹڈافرادکےاثاثوں کواپنی تحویل میں بھی لیا، پاکستان نے تمام ایکشن پلان پرایک جامع لائحہ عمل اپنایا ہے اور اب ایف ‏اےٹی ایف کاآئندہ اجلاس جون2021 میں ہوگا۔

  • ملک میں صنعتی پیداوار بڑھانے کے لیے اقدامات جاری ہیں: حماد اظہر

    ملک میں صنعتی پیداوار بڑھانے کے لیے اقدامات جاری ہیں: حماد اظہر

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر کا کہنا ہے کہ پاکستان میں معیاری گاڑیاں بننے کا عمل شروع ہو رہا ہے، صنعتی پیداوار بڑھانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر نے پاکستان میں متعارف ہونے والی گاڑیوں کی تقریب سے خطاب کیا، اپنے خطاب میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے دوران غریب عوام کو ریلیف دیا گیا، کرونا سے مقابلے کے ساتھ معاشی سرگرمیوں کی بحالی کے اقدامات بھی کیے۔

    حماد اظہر کا کہنا تھا کہ حکومت سنبھالتے ہی مشکل فیصلے کرنے پڑے، وزیر اعظم نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی اپنائی جو کامیاب ہوئی، صنعتی پیداوار بڑھانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں معیاری گاڑیاں بننے کا عمل شروع ہو رہا ہے، جب حکومت سنبھالی تو برآمدات میں کمی اور درآمدت میں اضافہ ہو رہا تھا، ماضی کی حکومتوں نے معیشت اور صنعت کو نقصان پہنچایا۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت سنبھالتے ہی مشکل فیصلے کرنے پڑے، وفاقی حکومت نے اپنے اخراجات میں کمی کی، دنیا تسلیم کر رہی ہے کہ ایف اے ٹی ایف میں ہم نے تیزی سے اقدامات کیے۔

    انہوں نے کہا کہ صنعتوں میں پیداوار بڑھانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، وبا کے دوران پوری دنیا کی معیشتیں مشکلات کا شکار ہیں، حکومتی اقدامات سے صنعتی پہیہ تیزی سے چلنا شروع ہوا۔ موٹر سائیکل اور ٹریکٹر کی فروخت میں ریکارڈ اضافہ ہوا۔

  • گزشتہ حکومت کے بعد پاکستانی معیشت کو منفی ریٹنگ ملی: حماد اظہر

    گزشتہ حکومت کے بعد پاکستانی معیشت کو منفی ریٹنگ ملی: حماد اظہر

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے صںعت و پیداوار حماد اظہر کا کہنا ہے کہ گزشتہ حکومت کا کل جمع خرچ یہ تھا کہ 5 سال حکومت کے بعد پاکستانی معیشت کو بین الاقوامی اداروں نے منفی ریٹنگ دی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے صںعت و پیداوار حماد اظہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ کل جمع خرچ یہ تھا کہ 5 سال حکومت کے بعد پاکستانی معیشت کو بین الاقوامی اداروں نے منفی ریٹنگ دی۔

    حماد اظہر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے عوام کو بہت آگہی دے دی ہے، اب یہ غلط باتیں کارآمد نہیں ہو سکتیں۔ اگر حالات بہت اچھے تھے تو عالمی اداروں نے ریٹنگ منفی کیوں کردی تھی؟

    اس سے قبل ایک ٹویٹ میں وفاقی وزیر نے کہا تھا کہ ملک کی معیشت میں بہتری آرہی ہے، مالی سال میں مسلسل چوتھے ماہ بھی کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس میں رہا، 4 ماہ کے دوران کرنٹ اکاؤنٹ سر پلس 1 ارب 20 کروڑ ڈالر رہا۔

    انہوں نے کہا تھا کہ تجارتی خسارے میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، صنعتوں کی پیداوار میں اضافہ ہو رہا ہے۔

  • ملک کی معیشت میں بہتری آرہی ہے: حماد اظہر

    ملک کی معیشت میں بہتری آرہی ہے: حماد اظہر

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے صںعت و پیداوار حماد اظہر کا کہنا ہے کہ ملک کی معیشت میں بہتری آرہی ہے، تجارتی خسارے میں کمی کا سلسلہ جاری ہے اور صنعتوں کی پیداوار میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے صںعت و پیداوار حماد اظہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ملک کی معیشت میں بہتری آرہی ہے۔

    حماد اظہر کا کہنا تھا کہ مالی سال میں مسلسل چوتھے ماہ بھی کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس میں رہا، 4 ماہ کے دوران کرنٹ اکاؤنٹ سر پلس 1 ارب 20 کروڑ ڈالر رہا۔

    انہوں نے کہا کہ تجارتی خسارے میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، صنعتوں کی پیداوار میں اضافہ ہو رہا ہے۔

    خیال رہے کہ اسٹیٹ بینک کے مطابق اکتوبر کے مہینے میں کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس بڑھ کر 38 کروڑ 20 لاکھ ڈالر سے تجاوز کر گیا جو ستمبر میں 5 کروڑ 90 لاکھ ڈالر تھا۔

    مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ جولائی سے اکتوبر کے دوران کرنٹ اکاؤنٹ 1 ارب 20 کروڑ ڈالر سرپلس رہا جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں کرنٹ اکاؤنٹ 1 ارب 40 کروڑ ڈالر خسارے میں تھا۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق ترسیلات زر میں اضافے اور تجارتی خسارہ محدود رہنے سے کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس میں اضافہ ہوا۔