Tag: حماس سربراہ اسماعیل ہنیہ

  • حماس سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہبازشریف کو وزیراعظم بننے پر مبارکباد

    حماس سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہبازشریف کو وزیراعظم بننے پر مبارکباد

    اسلام آباد: حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے شہبازشریف کو وزیراعظم بننے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت روکنے کیلئے کردار ادا کرنے کی اپیل کردی۔

    تفصیلات کے مطابق حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے وزیراعظم شہبازشریف کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے شہبازشریف کو وزارت عظمیٰ کا منصب دوسری بار سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔

    حماس کے سربراہ نے کہا کہ ہم دعا گوہیں پاکستان کی خدمت اور خوشحالی قائم کرنے میں اللہ آپکی مدد کرے، میں رمضان میں مصیبت زدہ لوگوں کے دکھوں کے بوجھ سے لبریز خط  ارسال کررہا ہوں، غزہ کے لوگوں کو قتل عام اور نسل کشی کا سامناہے۔

    حماس رہنما اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ غزہ کے لوگوں پر جنگی جرائم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں، ساری دنیا وحشیانہ جارحیت اور عالمی اداروں کی نااہلی کو حیرت سے دیکھ رہی ہے اوت عالمی عدالت انصاف کے فیصلوں کے باوجود غزہ میں نسل کشی جاری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ عالمی دنیا قابض اسرائیل کو غزہ میں نسل کشی سے روکنے میں ناکام ہے اور قابض اسرائیل جنگ کو تکبر اور ہٹ دھرمی کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہے، اسرائیل انسانی حقوق کو پامال کررہا ہے اور جان بوجھ کر بچوں، خواتین اور بزرگوں کو نشانہ بنارہا ہے۔

    اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ اسرائیل غزہ میں زندگی کے تمام آثار ختم کرنے پر تلا ہے، مساجد، گرجا گھروں، اسکولوں، اسپتالوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے انہوں نے غزہ آنے والی امداد کا راستہ بھی روک دیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حماس اور فلسطینی عوام ان کی نمائندہ جماعتیں فلسطینیوں کی حمایت کی کوششوں کو سراہتا ہے، ہماری اپیل ہے کہ فلسطینی قوم کے خلاف جارحیت  فوری رکوانے کیلئے سفارتی سطح پر مؤثر کوششیں کی جائیں۔

    انہوں نے شہباز شریف کو خط میں لکھا کہ اسرائیل کی حمایت کرنے والے ممالک کو جنگ بندی پر مجبور کیا جائے اور  فلسطینی عوام کو خوراک، ادویات اور رہائشی ضروریات کی فراہمی  یقینی بنائی  جائے۔

  • حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ سعودی عرب پہنچ گئے

    حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ سعودی عرب پہنچ گئے

    حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کئی برسوں بعد سعودی عرب کے دورے پر مکہ پہنچ چکے ہیں۔

    سوشل میڈیا پر گردش کرتی ویڈیوز میں انہیں سعودی عرب کے شہر مکہ میں عمرہ ادا کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

    ترک خبر رساں ادارے انادولو کے مطابق اسماعیل ہنیہ کے وفد میں حماس کے سابق سیاسی سربراہ خالد مشعل بھی شریک ہیں۔

    اسماعیل ہنیہ پیر کو ایک ایسے موقعے پر سعودی عرب پہنچے ہیں جب فلسطینی صدر محمود عباس بھی سعودی عرب میں موجود ہیں، رپورٹ کے مطابق محمود عباس بھی گذشتہ دنوں سعودی عرب پہنچے تھے۔

    فلسطینی صدر اور حماس کے وفد کی سعودی عرب آمد

    اس سے قبل حماس کے اعلی ترین عہدیدار خالد مشعل نے  2015 میں سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔

    ایرانی خبر رساں ادارے پریس ٹی وی نے بھی حماس کے رہنما کے دورہ سعودی عرب کی خبر دی ہے۔

    ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ کیا سعودی عرب میں اسماعیل ہنیہ اور محمود عباس کے درمیان بھی ملاقات ہو گی یا نہیں۔