Tag: حمزہ شہباز شریف

  • حمزہ شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری

    حمزہ شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری

    لاہور: پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق حمزہ شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ نے جاری کر دیے۔ پروڈکشن آرڈر کل سے شروع پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے لیے جاری کیےگئے۔

    پنجاب اسمبلی کا اجلاس کل سہ پہر 2 بجے شروع ہوگا۔اجلاس کی صدارت اسپیکر چوہدری پرویز الٰہی کریں گے۔

    اس سے قبل گزشتہ ماہ 2 جون کو اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ نے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے تھے۔

    اسپیکر پنجاب اسمبلی نے بجٹ اجلاس میں شرکت کے لیے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے تھے۔

    واضح رہے کہ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی پر آمدن سے زائد اثاثے، رمضان شوگر ملز اور صاف پانی کیس کے مقدمات ہیں۔حمزہ شہباز کو منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق مقدمات میں 11 جون 2019 کو گرفتار کیا گیا تھا۔

  • پاکستان تاریخ کے نازک موڑ سے گزر رہا ہے، سیاست دانوں کو برا کہنا لمحہ فکریہ ہے: حمزہ شہباز

    پاکستان تاریخ کے نازک موڑ سے گزر رہا ہے، سیاست دانوں کو برا کہنا لمحہ فکریہ ہے: حمزہ شہباز

    لاہور: اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان تاریخ کے نازک موڑ سے گزر رہا ہے، سیاست دانوں کو برا کہنا قوم کے لیے لمحۂ فکریہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ن لیگی رہنما حمزہ شہباز ماڈل ٹاؤن لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے، انھوں نے کہا سیاست دانوں کو برا کہنا قوم کے لیے لمحۂ فکریہ ہے، لوگوں کو بد نام کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

    حمزہ شہباز نے کہا کہ نیب چیئرمین کے انٹرویو کے بعد میری ساری باتوں پر مہرِ تصدیق لگ چکی ہے، نیب نیازی گٹھ جوڑ ہے، چیئرمین نیب خود سوال نامہ ترتیب دیتے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ آج معروف صحافی بھی گواہی دیتے ہیں، چیئرمین نیب کہتے ہیں حمزہ شہباز بینچ کے پیچھے چھپ رہا ہے، چیئرمین نیب صاحب، قیامت کے دن میرا ہاتھ اور آپ کا گریبان ہوگا۔

    اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ چیئرمین نیب کوئی ثبوت لے آئے تو میں استعفیٰ دے دوں گا، نیب کچھ ثابت نہ کر سکا تو چیف جسٹس سے درخواست کروں گا چیئرمین نیب کے انٹرویو پر ایک لارجر بینچ بنایا جائے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ساہیوال: سرکاری اسپتال کے چلڈرن وارڈ میں 24 گھنٹے میں 8 بچے جاں بحق

    حمزہ کا کہنا تھا کہ معیشت ڈوب گئی ہے، آنے والا بجٹ قاتل بجٹ ہوگا، کل عبد الحفیظ شیخ کے ہاتھ پاؤں پھولے ہوئے تھے، ان کے پاس راستہ دکھانے والا کوئی نہیں، معیشت کا بیڑہ غرق کرانے میں نیب کا نام سر فہرست ہوگا، جی ڈی پی گروتھ 3 فی صد رہ گئی ہے، اسٹاک مارکیٹ کا شمار دنیا کی 5 بہترین ممالک میں ہوتا تھا۔

    دریں اثنا، ساہیوال کے ڈی ایچ کیو اسپتال میں 8 بچوں کی اموات پر حمزہ شہباز نے حکومت پنجاب کی مذمت کی، کہا نومولود بچوں کی اموات پر حکومتی کارکردگی کا پول کھل گیا ہے، شہباز شریف کی 10 سالہ محنت کا 10 ماہ کی تبدیلی نے بیڑہ غرق کر دیا، ان کے دور میں کسی سرکاری اسپتال میں ایک بھی افسوس ناک واقعہ نہیں ہوا، بچوں کی اموات حکومت کی نا اہلی کا نتیجہ ہے۔

    عظمیٰ بخاری نے کہا کہ یاسمین راشد پنجاب میں صحت کا شعبہ چلانے میں نا کام ہو چکی ہیں، یاسمین راشد کو اخلاقی طور پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دینا چاہیے۔

  • حمزہ شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں 8 مئی تک توسیع

    حمزہ شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں 8 مئی تک توسیع

    لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے اثاثہ جات، صاف پانی انکوائری اور رمضان شوگر ملز ریفرنس میں حمزہ شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں آٹھ مئی تک توسیع کردی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے دورکنی بنچ نے حمزہ شہباز شریف کی عبوری ضمانت کی توسیع میں درخواستوں پر سماعت کی۔

    حمزہ شہبازکے وکیل نے کہا کہ نیب حمزہ شہباز کو گرفتار کرنا چاہتا ہے مگر وجوہات بیان نہیں کی جارہیں، نیب کی جانب سے دستاویزات خفیہ رکھی جا رہی ہیں، منی لانڈرنگ قانون کے تحت تفتیش کرنا فنانشنل ایجنسی کا کام ہے، نیب کو اس حوالےسے تحقیقات اور گرفتار کرنے کا کوئی اختیار حاصل نہیں۔

    نیب پراسیکیوٹر نے کہا حمزہ شہباز سے بیرون ممالک سے آنے والی رقوم اور آفشور کمپنیوں کے متعلق تفتیش کرنی ہے، بعض معلومات حساس ہیں، جنہیں منظرعام پر نہیں لایا جاسکتا، وقت آنے پران دستاویزات کو بطور ثبوت پیش کیا جاسکتا ہے۔

    عدالت نے حمزہ شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں آٹھ مئی تک توسیع کردی۔

    عدالت نےخفیہ رکھی گئی دستاویزات کومنظرعام پرلانے کے لئے آئندہ سماعت پرنیب پراسیکیوٹر کوہدایات لے کر پیش ہونے کی ہدایت کر دی۔

    مزید پڑھیں :  شہباز شریف، حمزہ اور سلمان کے خلاف آمدن سے زاید اثاثہ کیس میں اہم پیش رفت

    دوسری جانب ڈی جی نیب لاہور کی جانب سے توہین عدالت کیس میں جواب عدالت میں جمع کرا دیا گیا، حمزہ شہباز شریف نے ڈی جی نیب کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائرکررکھی ہے۔

    حمزہ شہباز کی پیشی کےموقع ہرہائیکورٹ میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے، سماعت سے قبل کمرہ عدالت سے غیرمتعلقہ افراد کو باہر نکال دیا گیاتھا۔

    واضح رہے کہ  6 اپریل کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس اور منی لانڈرنگ کیس میں نیب نے دو بار حمزہ شہباز کی گرفتاری کے لئے ان کے گھر پر چھاپہ مارا تھا تاہم نیب انھیں گرفتار کرنے میں ناکام رہی تھی۔

    بعد ازاں لاہور ہائی کوٹ نے حمزہ شہباز کی 10 دن کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی تھی اور اور نیب سےتفصیلی جواب طلب کرلیا تھا۔

    حمزہ شہباز نے گرفتاری کے ڈر سےرمضان شوگرملزاورصاف پانی کیس میں بھی لاہورہائی کورٹ سے سترہ اپریل تک عبوری ضمانت حاصل کرلی تھی۔

  • غریبوں کے منہ سے روٹی چھیننے کے بعد استعفیٰ قوم سے مذاق ہے: حمزہ شہباز

    غریبوں کے منہ سے روٹی چھیننے کے بعد استعفیٰ قوم سے مذاق ہے: حمزہ شہباز

    لاہور: پنجاب اسمبلی میں قائد حزب حمزہ شہباز نے وزیر خزانہ اسد عمر کے استعفے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ غریبوں کے منہ سے روٹی چھیننے کے بعد استعفیٰ قوم سے مذاق ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسد عمر کے اپنے عہدے سے استعفے کے اعلان کے بعد ن لیگی رہنما حمزہ شہباز نے اسے مہنگائی میں پھنسی قوم کے ساتھ مذاق قرار دیا۔

    حمزہ شہباز نے اپنے بیان میں کہا کہ ان 9 ماہ میں ملک کا کباڑہ کر کے ہزاروں ارب قرض بڑھایا جا چکا ہے، لاکھوں گھروں کے چولھے بجھ گئے ہیں، دوائیں مہنگی ہو گئی ہیں، نیازی صاحب اور ان کی ٹیم پر کیا اثر پڑا؟

    اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے وزیرِ اعظم سے مطالبہ کیا کہ نا اہلی پر وہ مستعفی ہو جائیں، وزیر خزانہ کا غریبوں کے منہ سے روٹی چھیننے کے بعد استعفیٰ قوم سے مذاق ہے، کابینہ نالائقوں کا ٹولہ ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  اسد عمرنے وزارت خزانہ چھوڑدی، کوئی نئی وزارت نہیں لیں گے

    انھوں نے کہا کہ کھلاڑی بدلنے سے معاشی میچ جیتا نہیں جا سکتا، کپتان بدلنا پڑے گا، اسد عمر کا استعفیٰ عمران خان کی نا اہلی کا اعتراف ہے، اسد عمر تمام اقدامات عمران خان کو اعتماد میں لے کر کرتے تھے۔

    حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو رگڑے کے چکر میں معیشت اور عوام کو رگڑا لگایا گیا، حکومتی نا اہلی کا خمیازہ بد قسمتی سےغریب عوام کو ادا کرنا پڑ رہا ہے، لیڈر کو معاملات کی سوجھ بوجھ نہ ہو تو ٹیم کا رد و بدل بے سود ہوتا ہے۔

  • مجھے پاکستان کی معیشت کے بیٹھ جانے کا خوف ہے: حمزہ شہباز

    مجھے پاکستان کی معیشت کے بیٹھ جانے کا خوف ہے: حمزہ شہباز

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ انھیں پاکستان کی معیشت بیٹھ جانے کا خوف لاحق ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ن لیگی رہنما حمزہ شہباز نے اپنے وکلا سے طویل مشاورت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہ عدالتوں سے گھبراتے ہیں کہ گرفتاری سے ڈرتے ہیں۔

    حمزہ شہباز نے اپنا مؤقف پھر دہراتے ہوئے کہا کہ انھوں نے جو کچھ کیا ہے قانون کے مطابق کیا ہے، انھیں بس خوف پاکستان کی معیشت کے بیٹھ جانے کا ہے۔

    پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک کے جو حالات ہیں ان میں اللہ کے سوا کوئی مدد کرنے والا نہیں ہے۔

    تفصیل پڑھیں:  حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 25 اپریل تک توسیع

    خیال رہے کہ آج لاہور ہائی کورٹ نے حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 25 اپریل تک توسیع کر دی ہے، ہائی کورٹ نے توہین عدالت کی درخواست پر ڈی جی نیب کو نوٹس بھی جاری کیا۔

    حمزہ شہباز آج رمضان شوگر ملز اور صاف پانی کیس میں ضمانتوں کی درخواستوں کے سلسلے میں پیش ہوئے تھے، عدالت میں نیب کا مؤقف تھا کہ حمزہ نے گزشتہ روز نیب میں پیشی پر کسی سوال کا جواب نہیں دیا، عدالت میں نیب کی جانب سے ریکارڈ فراہم کیا جا چکا، اس لیے ضمانت میں مزید توسیع نہ کی جائے۔

  • حمزہ شہباز نیب پر برس پڑے، میری بہنوں اور بیمار والدہ کو بھی نوٹس بھیج دیا

    حمزہ شہباز نیب پر برس پڑے، میری بہنوں اور بیمار والدہ کو بھی نوٹس بھیج دیا

    لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز شریف نیب پر برس پڑے، کہا کل تین گھنٹے نیب دفتر میں بیٹھ کر آیا ہوں، اب پھر بلایا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حمزہ شہباز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’کل تین گھنٹے نیب میں بیٹھ کر آیا ہوں، اب پھر بلایا جا رہا ہے، میری بہنوں اور بیمار والدہ کو بھی نوٹس بھیج دیا گیا، کیا مہذب معاشرے میں ماں بیٹیوں کو نوٹس بھیجے جاتے ہیں۔‘

    حمزہ شہباز نے کہا ’نیب نے عدالت میں کہا کہ حمزہ شہباز کی گرفتاری اتنی ضروری نہیں، وہ تعاون کر رہے ہیں۔‘

    لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ایک کال اپ نوٹس کی سیاہی خشک نہیں ہوئی اور اب ان کی بہنوں رابعہ اور جویریہ کو بھی نوٹس بھیج دیا گیا ہے، شہباز شریف کو صاف پانی کیس میں بلایا گیا اور گرفتار آشیانہ اسکینڈل میں کیا گیا، کہتے تھے شہباز شریف کرپٹ ہیں، کہاں گئیں وہ 56 کمپنیاں، ان کے خلاف کچھ بھی ثابت نہیں ہوا، اثاثوں سے زائد آمدن کا کیس پرانا ہے، اچانک اتنی تیزی کیوں آئی۔

    یہ بھی پڑھیں:  اثاثہ جات کیس : نیب نے شہباز شریف کے پورے خاندان کو بیان کیلئے طلب کر لیا

    حمزہ شہباز نے کہا ’ڈی جی نیب لاہور نے کہا آپ نے ضمانت کی درخواست کیوں دی، ہم تو آپ کو گرفتار نہیں کرنا چاہتے، آپ حکومت سیٹلمنٹ کرلیں، آپ کو بار بار بلانا اچھا نہیں لگتا، حکومت سے ڈیل کیوں نہیں کر لیتے۔‘

    انھوں نے کہا کہ مجھ پر85 ارب کی کرپشن کا الزام لگایا گیا، میں نےایک ایک پائی کا حساب دیا، سب کچھ ڈکلیئر کیا، نواز شریف کی بیماری کا مذاق اڑایا جاتا ہے، عدالتوں سے گزارش ہے کہ مجھے اور نیب کو ایک ساتھ بلائیں، ہمارے ساتھ بد سلوکی ہو رہی ہے۔

    واضح رہے کہ نیب اہل کار نوٹس وصولی کے لیے شہباز شریف کی بیٹی کے گھر گئے، جس پر نون لیگ کی رہنما مریم اورنگزیب نے غلط بیانی کرتے ہوئے میڈیا کو گمراہ کیا، انھوں نے کہا کہ شہباز شریف کی بیٹی کے گھر پر چھاپا مارا گیا اور پولیس نے محاصرہ کر لیا ہے، جب کہ حقیقت اس کے برعکس نکلی۔

  • حمزہ شہباز کس طرح منی لانڈرنگ کرتے رہے، نیب نے ثبوت حاصل کر لیے

    حمزہ شہباز کس طرح منی لانڈرنگ کرتے رہے، نیب نے ثبوت حاصل کر لیے

    لاہور: قومی احتساب بیورو نے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شبہاز کی منی لانڈرنگ کے طریقے کے حوالے سے ثبوت حاصل کر لیے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کس طرح منی لانڈرنگ کرتے رہے، نیب نے اس کے ثبوت حاصل کر لیے ہیں، حمزہ شہباز کو نا معلوم افراد کی جانب سے لاکھوں ڈالرز کی رقم بھیجی گئی۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ 26 جون 2007 کو 1 لاکھ 65 ہزار 980 ڈالرز کی رقم سرکلر روڈ لاہور بھیجی گئی، رقم محبوب علی نامی شخص کی ہدایت پر ٹی ٹی ٹرانسفر کے ذریعے بھیجی گئی، محبوب علی نامی شخص نے رقم سرمایہ کاری کی غرض سے بھیجی تھی۔

    ذرایع نے بتایا ہے کہ محبوب علی نامی شخص کے پاس پاسپورٹ نہیں ہے، محبوب علی نے کبھی برطانیہ کا سفر بھی نہیں کیا، اس نے آج تک کوئی سرمایہ کاری نہیں کی۔

    یہ بھی پڑھیں:  حمزہ شہباز کی گرفتاری روکنے کا عدالتی حکم، نیب ٹیم واپس روانہ

    ذرایع نے مزید بتایا کہ 25 جولائی 2007 کو ایک لاکھ 67 ہزار 980 ڈالرز کی رقم لاہور میں سرکلر روڈ پر نجی بینک کی برانچ میں بھیجی گئی، دستاویز کے مطابق رقم منظور احمد نامی شخص کی ہدایت پر ایچ ایس بی سی کے ذریعے کے ایس منی ٹرانسفر سے بھیجی گئی۔

    دستاویز کے مطاق منظور احمد نے رقم سرمایہ کاری کی غرض سے بھیجی، منظور احمد کے پاس بھی پاسپورٹ نہیں ہے، کبھی برطانیہ کا سفر بھی نہیں کیا، آج تک کوئی سرمایہ کاری نہیں کی۔

    خیال رہے کہ حمزہ شہباز کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں کل احتساب عدالت کے حکم پر ان کی گرفتاری کے لیے گھر پر چھاپا مارا گیا لیکن نیب کو ناکامی ہوئی، آج پھر ان کی گرفتاری کے لیے چھاپا مارا گیا لیکن وہ گھر سے باہر نہ نکلے، بعد ازاں، لاہور ہائی کورٹ نے نیب کو پیر تک حمزہ شہباز کی گرفتاری سے روک دیا اور کہا حمزہ شہباز کو 8 اپریل تک گرفتار نہ کیا جائے، حفاظتی ضمانت کی درخواست پر پیر کو سماعت ہوگی۔

  • حمزہ شہباز اگلے 24 گھنٹے میں لندن روانہ ہو سکتے ہیں: ذرائع

    حمزہ شہباز اگلے 24 گھنٹے میں لندن روانہ ہو سکتے ہیں: ذرائع

    لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کو لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے 10 دن کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت ملنے کے بعد وہ اگلے 24 گھنٹے میں لندن روانہ ہو سکتے ہیں۔

    حمزہ شہباز کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز والدہ کی تیمار داری سمیت چھوٹے بھائی کو ملنے لندن جا سکتے ہیں، وہ آج رات لندن کسی بھی وقت روانہ ہو سکتے ہیں۔

    [bs-quote quote=”شہباز شریف آج رات لندن کسی بھی وقت روانہ ہو سکتے ہیں۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”ذرائع”][/bs-quote]

    خیال رہے کہ حمزہ شہباز کی ای سی ایل سے نام نکالے جانے کی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے انھیں 10 دن کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی ہے۔

    حمزہ شہباز شریف کا مؤقف تھا کہ انھوں نے نیب کی تفتیش میں مکمل تعاون کیا، اس لیے ان کا نام ای سی ایل سے نکالا جائے۔

    ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے اعتراض کیا کہ لاہور ہائی کورٹ اس درخواست کی سماعت نہیں کر سکتی، ایف آئی اے کا ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں ہے، ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں وہیں سےنام شامل کیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  حمزہ شہباز شریف کو 10دن کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت مل گئی

    ہائی کورٹ نے سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ کیا وفاق اسلام آباد تک محدود ہے، عدالت کو غیر جانب دار رہنے دیں، ملک کو بنانا ری پبلک نہ بنائیں۔

    بعد ازاں عدالت نے حمزہ شہباز شریف کو 10 دن کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دیتے ہوئے کہا کہ وہ دس دن کے بعد واپس آ کر انکوائری کا سامنا کریں۔

  • حمزہ شہباز شریف کو 10دن کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت مل گئی

    حمزہ شہباز شریف کو 10دن کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت مل گئی

    لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے حمزہ شہباز کو 10 دن کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی اور ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں حمزہ شہبازکانام ای سی ایل سے خارج کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی، حمزہ شہباز شریف نے عدالت کو بتایا کہ نیب کی تفتیش میں مکمل تعاون کیا، جس پر عدالت نے استفسار کیا کیاکبھی ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث رہے؟ ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں نام کیوں ڈالا گیا، ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں نام شامل کرنےکاکیاطریقہ کارہے۔

    ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ حمزہ شہبازکی درخواست ناقابل سماعت ہے، درخواست گزار کو اسلام آبادہائی کورٹ سےرجوع کرناچاہیے، لاہور ہائی کورٹ کودرخواست کی سماعت کااختیارنہیں، ایف آئی اےکاہیڈکوارٹراسلام آبادہے، ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں وہیں سےنام شامل کیاگیا۔

    عدالت نے استفسار کیا وفاق اسلام آباد تک محدود ہے ، عدالت کو غیرجانبدار رہنے دیں، ملک کوبناناری پبلک نہ بنائیں، ایف آئی اے ایئر پورٹ، ریلوے اسٹیشن پر  بیٹھی ہے؟ ایسی جگہوں پرعدالت کادائرہ اختیار کیوں نہیں۔

    اگرساراکام نیب نےکرناہےتوپارلیمنٹ اور عدلیہ کاکیا کام ہے، عدالت کے ریمارکس

    سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار وزیراعظم کے طیارے پر بیٹھ کر باہر گئے، مگرٹرائل کاسامناکرنےواپس نہیں آرہے، عدالت کا کہنا تھا کہ نیب جس کے خلاف کارروائی شروع کرے اسےملک واپس نہیں آناچاہیے؟ کیا اب ملک کو نیب چلائے گا؟ جیسےنیب کام کررہاہےآئےروزچیف جسٹس،ججزانکی سرزنش کرتےہیں، اگرساراکام نیب نےکرناہےتوپارلیمنٹ اور عدلیہ کاکیا کام ہے۔

    عدالت نے حمزہ شہباز شریف کو 10دن کے لیےبیرون ملک جانے کی اجازت دیتے ہوئے کہا حمزہ شہباز 10دن کے بعدواپس آ کر انکوائری کا سامنا کریں جبکہ ایف آئی  اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

    ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہادائرہ اختیارکےحوالے سے عدالت پہلے ہی فیصلہ کرچکی ہے، جس پر عدالت کا کہنا تھا کہ صوبے کے وزیراعلی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے، ریمارکس میں کہا گیا وزیراعلی کا نام ڈالنے سے پوری دنیا میں منفی تاثرابھرےگا ، کیاایسی صورتحال میں اپوزیشن لیڈر کا نام ای سی ایل میں شامل کیا جا سکتا ہے، اپوزیشن لیڈر واپس نہیں آئیں گے یہ کیوں فرض کیا گیا۔

    مزید پڑھیں : میرا نام ای سی ایل سے نکالا جائے: حمزہ شہباز نے ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا

    اےاےجی نے کہا ای سی ایل میں نام شامل نہیں کیا بلکہ پاسپورٹ کو بلیک لسٹ کیا گیا، وکیل حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز شریف تومشرف دور میں ملک سے نہیں گئے، تایاوزیراعظم رہے والد وزیر اعلی پنجاب رہے، ملک دشمن سرگرمیوں میں نہیں پھر بھی نام شامل کردیا گیا۔

    گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے ای سی ایل سے نام نکلوانے کے لئے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا، درخواست میں کہا گیا تھا کہ ان کا نام غیر قانونی طور پر ای سی ایل میں شامل کیا گیا، طبی وجوہات کی بنا پر بیرون ملک جانا چاہتا ہوں، عدالت ای سی ایل سے نام نکالنے کا حکم دے۔

    یاد رہے کہ اس وقت شریف خاندان کے مختلف افراد کو بدعنوانی کے الزامات کے تحت مقدمات کا سامنا ہے، جن میں شہباز شریف کے صاحب زادہ حمزہ شہباز بھی شامل ہیں.

    خیال رہے کہ 11 جنوری 2019 کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے چنیوٹ میں رمضان شوگر ملز کیس کا ریفرنس مکمل کرکے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو ملزم نامزد کیا تھا، چیئرمین نیب کی منظوری کے بعد ریفرنس عدالت میں دائر کیا جائے گا۔

  • نیب لاہور نے حمزہ شہباز شریف کو آج طلب کر لیا

    نیب لاہور نے حمزہ شہباز شریف کو آج طلب کر لیا

    لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے پنجاب اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف حمزہ شہباز شریف کو آج طلب کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیب لاہور نے حمزہ شہباز کو طلب کر لیا ہے، پنجاب اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف کو آج ایک بجے نیب دفتر پیش ہونے کا کہا گیا ہے۔

    [bs-quote quote=”پہلے بھی آمدن سے زائد اثاثوں اور صاف پانی کیس میں نیب میں پیش ہو چکے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز کو آمدن سے زائد اثاثوں اور صاف پانی کیس میں طلب کیا گیا ہے۔

    حمزہ شہباز پہلے بھی آمدن سے زائد اثاثوں اور صاف پانی کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں نیب میں پیش ہو چکے ہیں۔

    خیال رہے کہ دو ہفتے قبل ایف آئی اے نے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کے بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش نا کام بنا دی تھی، وہ غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز سے دوحہ جا رہے تھے۔


    یہ بھی پڑھیں:  ایف آئی اے نے حمزہ شہباز کے بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش ناکام بنادی


    یاد رہے گزشتہ ماہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی تھی اور اس ضمن میں وزارتِ داخلہ کو مراسلہ ارسال کیا گیا تھا۔

    واضح رہے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے دونوں بیٹوں حمزہ شہباز اور سلمان شہباز پر سرکاری خزانے کے غیر قانونی استعمال کا الزام ہے۔