Tag: حمزہ یوسف

  • اسکاٹش فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف کے رشتے دار تاحال غزہ میں پھنسے ہوئے ہیں

    اسکاٹش فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف کے رشتے دار تاحال غزہ میں پھنسے ہوئے ہیں

    ایڈنبرا: اسکاٹ لینڈ کے فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف کے رشتے دار تاحال غزہ میں پھنسے ہوئے ہیں، انھوں نے اسرائیل سے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ بھی کیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسکاٹ لینڈ کے فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف نے کہا ہے کہ بس اب بہت ہوا، اسرائیل کی غزہ پر وحشیانہ بمباری اب بند ہونی چاہیے، انھوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ تاریخ گواہ رہے کہ اسکاٹ لینڈ نے درست سِمت اختیار کی۔

    حمزہ یوسف کا کہنا تھا کہ غزہ میں اب بھی ان کے کئی رشتے دار پھنسے ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ ان کی اہلیہ اور ان کے سسرال والے بھی غزہ میں پھنسے ہوئے تھے تاہم اب وہ وہاں سے نکل چکے ہیں۔

    فرسٹ منسٹر کا کہنا تھا کہ 10 ہزار سے زائد افراد شہید ہو گئے ہیں جن میں 4 ہزار بچے بھی شامل ہیں، غزہ میں بین الاقوامی برادری جنگ بند کروائے۔

    واضح رہے کہ عالمی سطح پر جنگ بندی کے مطالبوں کے باوجود غزہ پر اسرائیلی بمباری جاری ہے، اور غزہ پر اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، گزشتہ روز اسرائیلی فورسز نے رفح میں بمباری کی جس میں 14 فلسطینی شہید ہوئے، پناہ گزینوں کے المغازی کیمپ پر بھی اسرائیلی طیاروں نے پھر بمباری کی، شاط کیمپ میں حملے کے دوران 2 گھر تباہ کر دیے گئے، مغربی کنارے پر پُر تشدد کارروائیوں میں مزید 10 فلسطینی شہید ہوئے۔

    ادھر سلامتی کونسل کے بند کمرہ اجلاس میں فوری جنگ بندی پر اتفاق کیا گیا، تاہم اسرائیلی وزیر اعظم کی ہٹ دھرمی قائم ہے، انھوں نے کہا جب تک حماس یرغمالی رہا نہیں کرتا، جنگ بندی نہیں ہو سکتی، جنگ میں تھوڑی دیر کے لیے وقفے کو قبول کیا جا سکتا ہے۔

  • اللہ کا شکر ہے سسرال والے زندہ ہیں، فرسٹ منسٹر اسکاٹ لینڈ

    اللہ کا شکر ہے سسرال والے زندہ ہیں، فرسٹ منسٹر اسکاٹ لینڈ

    اسکاٹ لینڈ کے فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف کا کہنا ہے کہ غزہ میں پھنسے ان کے سسرال والوں سے ان کا رابطہ آخرکار ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی نژاد فرسٹ منسٹر اسکاٹ لینڈ حمزہ یوسف نے ایک ٹوئٹ میں آج بتایا ہے کہ ’’اللہ کا شکر ہے سسرال والے زندہ ہیں۔‘‘

    انھوں نے لکھا ’’آج صبح غزہ میں اپنے سسرال والوں سے بات ہوئی، اللہ کا شکر ہے سسرال والے خیریت سے ہیں، تاہم ان کے پاس پینے کا صاف پانی ختم ہو چکا ہے۔‘‘

    حمزہ یوسف نے ٹوئٹ میں لکھا کہ تشدد روکنے کے لیے اقوام متحدہ کی قرارداد پر عمل درآمد ہونا چاہیے، غزہ میں بنا کسی تاخیر بڑی مقدار میں امداد فراہمی کی ضرورت ہے۔

    قیدیوں کے تبادلے کے لیے حماس فوری تیار، نیتن یاہو مشکل میں گرفتار

    واضح رہے کہ اسرائیلی فورسز تسلسل کے ساتھ غزہ کے اسپتالوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، ہلال احمر کے مطابق اسرائیل نے القدس اسپتال فوری خالی کرنے کی دھمکی بھی دے دی ہے، اور صبح سے اسپتال کے اطراف چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    اسرائیلی فوج نے غزہ کے سب سے بڑے الشفا اسپتال کے قریب بھی بمباری کی، اسپتال میں ہزاروں فلسطینیوں نے پناہ لے رکھی ہے، بمباری میں اس اسپتال کے ارد گرد کی رہائشی عمارتیں تباہ ہو گئی ہیں۔

    غزہ میں پیاروں کی تدفین کی جگہ نہیں بچی ہے، اور سیکڑوں افراد کو اجتماعی قبروں میں سپرد خاک کیا گیا، 1700 سے زائد افراد ملبے تلے دفن ہیں، اقوامِ متحدہ کی سیکیورٹی کونسل نے متحدہ عرب امارات کی درخواست پر پیر کو ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔

  • پاکستانی نژاد حمزہ یوسف اسکاٹش نیشنل پارٹی کے پہلے مسلمان سربراہ منتخب

    پاکستانی نژاد حمزہ یوسف اسکاٹش نیشنل پارٹی کے پہلے مسلمان سربراہ منتخب

    گلاسگو : پاکستانی نژاد حمزہ یوسف اسکاٹش نیشنل پارٹی کے پہلے مسلمان سربراہ بن گئے ، حمزہ یوسف اسکاٹ لینڈ کی فرسٹ منسٹر نکولا اسٹرجن کی جگہ لیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی نژاد حمزہ یوسف اسکاٹش نیشنل پارٹی کے پہلے مسلمان سربراہ منتخب ہوگئے،حمزہ یوسف اپنی پارٹی اراکین کے ووٹ کے بعداسکاٹش نیشنل پارٹی کےسربراہ منتخب ہوئے۔

    حمزہ یوسف کا ایس این پی لیڈر شپ کے انتخاب میں کیٹ فوربز اور ایش ریگن سے مقابلہ تھا، ایش ریگن کے پہلے راؤنڈ سے باہر ہونے کے بعد حمزہ یوسف نے دوسرے راؤنڈ میں باون فیصد ووٹ حاصل کیے، فوربز کو اڑتالیس فیصد ووٹ ملے۔

    سینتیس سالہ حمزہ یوسف اسکاٹ لینڈ کی فرسٹ منسٹر نکولا اسٹرجن کی جگہ لیں گے، جو گزشتہ ماہ آٹھ برس تک ایس این پی کی سربراہ رہنے کے بعد اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئی تھیں۔

    حمزہ یوسف دو ہزار گیارہ میں چھبیس سال کی عمرمیں ممبر اسکاٹش پارلیمنٹ منتخب ہوئے تھے، وہ اس وقت سب سے کم عمر ممبر آف اسکاٹش پارلیمنٹ تھے۔

    حمزہ یوسف برطانیہ کی کسی بڑی پارٹی کی قیادت کرنے والے پہلےمسلمان اور پاکستانی ہیں ، اس وقت وہ اسکاٹ لینڈ کے ہیلتھ سیکریٹری ہیں اور ان کےوالدین کاتعلق پاکستان کےشہرمیاں چنوں سے ہے۔

    واضح رہے کہ حال ہی میں رشی سونک کنزرویٹو پارٹی کے سربراہ منتخب ہوئے اور وہ ایشیائی نژاد برطانوی وزیراعظم ہیں، ان کے آباؤ اجداد کا تعلق پاکستان سے ہے۔