Tag: حملہ آور کی شناخت

  • لندن برج حملہ کس نے کیا، شناخت ہو گئی، بورس جانسن نے میٹنگ طلب کرلی

    لندن برج حملہ کس نے کیا، شناخت ہو گئی، بورس جانسن نے میٹنگ طلب کرلی

    لندن: لندن برج حملے کے ہلاک ملزم کی شناخت 28 سالہ عثمان خان کے نام سے ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز برطانوی دارالحکومت میں لندن برج پر اچانک ایک چاقو بردار نے لوگوں پر حملے شروع کر دیے تھے جس سے 2 شہری ہلاک جب کہ 3 زخمی ہو گئے تھے، بعد ازاں پولیس کی فائرنگ سے حملہ آور ہلاک ہو گیا تھا۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق پولیس فائرنگ سے ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت عثمان خان کے نام سے ہو گئی ہے، 28 سالہ عثمان سٹیفرڈ شائر کا رہایشی تھا، اور دہشت گردی کے جرم میں جیل بھی جا چکا تھا، عثمان خان نے لندن اسٹاک ایکس چینج پر حملے کی منصوبہ بندی کی تھی، جس پر اسے 8 ساتھیوں سمیت 2012 میں سزا ہوئی تھی۔

    برطانوی میڈیا کا یہ بھی کہنا ہے کہ عثمان خان اور دیگر دہشت گرد القاعدہ سے متاثر تھے، عثمان نے دہشت گرد تربیتی کیمپ کے لیے فنڈز بھی اکٹھے کیے، حساس ادارے حملہ آور سے متعلق آگاہ تھے۔

    یہ بھی پڑھیں:  لندن برج پر پولیس کی فائرنگ، چاقو بردار شخص ہلاک

    خیال رہے کہ لندن برج حملے کے بعد شہر میں پولیس الرٹ جاری کر دیا گیا تھا، نائب کمشنر لندن میٹروپولیٹن پولیس کا کہنا ہے کہ لندن برج حملے کی تحقیقات کے سلسلے میں برمنگھم میں 6 گھروں پر چھاپے مارے گئے جس کے دوران 7 افراد گرفتار کر لیے گئے ہیں۔

    دریں اثنا، برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے واقعے سے متعلق ایمرجنسی کوبرا کمیٹی کی میٹنگ طلب کر لی تھی، جس میں لندن برج واقعے کے بعد کی صورت حال پر غور کیا گیا، برطانوی وزیر اعظم کا کہنا تھا پر تشدد جرائم میں ملوث مجرموں کی جلد رہائی غلطی ہے، ملک بھر میں مزید 20 ہزار پولیس اہل کار سڑکوں پر گشت کریں گے۔

    بورس جانسن نے کہا کہ خطرناک مجرموں کو مناسب سزا دینا ضروری ہے، کوبرا میٹنگ میں کیے گئے فیصلے عوام تک پہنچائیں گے۔

  • داتا دربار خود کش حملہ آور کی شناخت ،  سہولت کارگرفتار

    داتا دربار خود کش حملہ آور کی شناخت ، سہولت کارگرفتار

    لاہور : لاہور میں داتادربارخود کش حملے میں ملوث مبینہ سہولت کار کو گرفتار کرلیا گیا ہے ، ملزم سے دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا، جبکہ خود کش حملہ آور کی شناخت صادق اللہ مہمند کے نام سے ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق داتا دربار خود کش حملے کی تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، سی ٹی ڈی نے لاہور میں بھاٹی گیٹ کے علاقے سے ایک سہولت کار کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    گرفتار سہولت کار کا نام محسن خان ہے، جو شبقدر چارسدہ کا رہائشی ہے۔ ملزم سے دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔

    سی ٹی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ داتا دربار سانحے کے خود کش حملہ آور کی شناخت بھی ہو گئی ہے، خودکش حملہ آور صادق اللہ مہمند افغانستان کا رہائشی تھا۔ جو افغان پاسپورٹ پر 6 مئی کو طورخم بارڈر سے پاکستان میں داخل ہوا تھا۔

    ذرائع کے مطابق خود کش حملہ آور کو طیب اللہ نامی شخص نے طورخم بارڈر سے لیا اور اسے لاہور لایا، دونوں نے 7 مئی کو سہولت کار محسن اور نور زیب کے گھر قیام کیا تھا۔

    مزید پڑھیں : داتا دربار خود کش حملے میں ملوث چار سہولت کار گرفتار

    یاد رہے چند روز قبل سیکیورٹی اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے داتا دربار خود کش حملے کے چار سہولت کاروں کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا تھا ۔

    رکشہ ڈرائیور کی نشاندہی پر دونوں سہولت کاروں تک رسائی ملی تھی۔ ملزمان دھماکے کی صبح سوا چھے بجے داتا دربارمیں دیکھے گئے۔ سیاہ شلوار قمیض پہنے ایک سہولت کار نے سلیپر، دوسرے نے چپل پہن رکھے تھے۔ بمبار نے بھی کالے کپڑے پہن رکھے تھے۔

    واضح رہے 8 مئی کو داتا دربار کے قریب ایلیٹ فورس کی گاڑی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکاروں سمیت 12 افراد شہید ہوگئے تھے ، آئی جی پنجاب نے بتایا تھا ایلیٹ فورس کی گاڑی پرحملہ آورنےخودکش حملہ کیا، دھماکےمیں 7 کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا تھا۔

    بعد ازاں پنجاب حکومت نے سانحہ داتا دربار خودکش حملے کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دے دی تھی، جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق جے آئی ٹی کے سربراہ سی ٹی ڈی کے ایس پی صہیب اشرف ہوں گے، جے آئی ٹی میں آئی بی، آئی ایس آئی اور ایم آئی کے نمائندے شامل ہوں گے۔

  • کیلی فورنیا کے بار میں فائرنگ کرنے والا سابق امریکی فوج افسر نکلا

    کیلی فورنیا کے بار میں فائرنگ کرنے والا سابق امریکی فوج افسر نکلا

    کیلیفورنیا: امریکی ریاست کیلی فورنیا کے بار میں فائرنگ کرنے والا امریکی فوج کا سابق افسر نکلا، ، حملے میں پولیس افسر سمیت بارہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا میں بار میں فائرنگ کرکے بارہ افراد کو ہلاک کرنے والا سابق امریکی فوجی نکلا، حملہ آور کی شناخت اٹھائیس سالہ آئن ڈیوڈ لانگ کے نام سے ہوئی اور امریکی فوج میں میرین تھا۔

    امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اب تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ اس نے حملہ کیوں کیا جبکہ ایف بی آئی نے کہا کہ وہ حملہ آور کے مذہبی رجحانات اور شدت پسندوں سے ممکنہ رابطوں سے متعلق تحقیقات کررہی ہے۔

    گزشتہ روز ڈیوڈ لانگ نے کیلیفورنیا کے شہر تھاؤزنڈ اوکس کے ایک بار میں گھس کر فائرنگ کی تھی، جس سے ایک پولیس افسر سمیت بارہ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔ حملہ آور نے پولیس کے پہنچنے سے پہلے خود کو گولی مارلی تھی۔

    عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ مسلح شخص رین کوٹ پہن کر بار میں گھسا، دھوئیں کے بم پھینکے اور پھر فائر کھول دیا، اس وقت بار میں دو سو سے زائد افراد موجود تھے۔

    یاد رہے 3 نومبر کو امریکی شہر تہلسی کے یوگا اسٹودیو میں مسلح شخص کی فائرنگ سے دو افراد ہلاک جبکہ 5 زخمی ہوگئے تھے جبکہ حملہ آور نے خود کو گولی مارکر خودکشی کرلی۔

    اس واقعہ سے چند روز قبل ایک مسلح شخص نے شہر پٹس برگ میں واقع یہودی عبادت گاہ میں داخل ہوا کر اندر موجود تمام افراد کو یرغمال بنالیا تھا بعد ازاں حملہ آور نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں‌ 11 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

    خیال رہے امریکا میں اس سال مجمع پر فائرنگ کے تین کے لگ بھگ واقعات ہوچکے ہیں اور اس قسم کے واقعات آئے روز پیش آتے ہیں اور ا س کا سبب وہاں کے معاشرے میں پھیلی بے یقینی اور اسلحے تک باآسانی رسائی ہے ، رواں سال جب اسکولوں میں اس نوعیت کے حملوں کی تعداد بڑھ گئی تو عوام نے بڑے پیمانے پر احتجاج کرتے ہوئے ملک میں گن کلچرل کو کنٹرول کرنے کا مطالبہ کیا تھا تاہم ٹرمپ حکومت نے یہ معاملہ سرد خانے کی نظر کردیا تھا۔