Tag: حملہ

  • نیروبی کے فائیو سٹار ہوٹل پر دہشت گردوں کا حملہ، 15 افراد ہلاک

    نیروبی کے فائیو سٹار ہوٹل پر دہشت گردوں کا حملہ، 15 افراد ہلاک

    نیروبی : کینیا کے دارالحکومت میں واقع ایک فائیو سٹار ہوٹل پر دہشت گردوں کے حملے میں 15 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق افریقی ملک کینیا کے دارالحکومت نیروبی کے ضلع ویسٹ لینڈ میں واقع ڈوسٹ ڈی 2 نامی پُر تعیش ہوٹل پر منگل کے روز دہشت گردوں نے حملہ کرکے متعدد افراد کو قتل کردیا۔

    نیروبی پولیس چیف کا کہنا ہے کہ دہشت گرد ابھی بھی عمارت کے اندر موجود ہیں تاہم سیکیورٹی فورسز نے سات منزلہ عمارت کی چھ منزلیں دہشت گردوں سے خالی کروالی لی ہیں۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ تقریباً تمام لوگوں کو ہوٹل سے نکال لیا گیا ہے جبکہ 100 افراد بدھ کی صبح عمارت سے ریسکیو کیا گیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ہوٹل پر دہشت گردانہ حملے کی ذمہ داری صومالیہ کی دہشت گرد تنظیم الشباب نے قبول کی ہے۔

    کینین حکام کا کہنا ہے کہ ہوٹل کا محاصرہ ختم ہوگیا لیکن سیکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری ہے اور وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ ہورہا ہے جبکہ مسلسل دھماکوں کی آوازیں بھی آرہی ہیں۔

    پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردانہ حملے میں 15 افراد لقمہ اجل بنے ہیں لیکن سرکاری ذرائع نے تاحال ہلاک ہونے والوں کی تعداد کی تصدیق نہیں کی ہے۔

    سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے میں 30 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا تھا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

    مزید پڑھیں : کینیا کے اسکول میں فائرنگ‘ 6 بچوں سمیت 7 افراد ہلاک

    مزید پڑھیں : صومالیہ میں کینیا کی فوج کا آپریشن،الشباب کے 52 جنگجو ہلاک

    برطانوی میڈیا کے مطابق امریکی محکمہ داخلہ نے نیروبی ہوٹل حملے میں ایک امریکی شہری کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔

     

    اس حملے کا آغاز اس وقت ہوا جب 101کمروں کے ہوٹل، ایک ریسٹورنٹ اور متعدد دفاتر پر مشتمل ڈوسٹ ڈی 2 کمپلیکس میں ایک زوردار دھماکا ہوا جس کی آواز پانچ کلو میٹر دور تک واضح طور پر سنی گئی۔

  • چینی قونصل خانے پرحملہ:عدالت کا تفتیشی افسرکو24جنوری کومقدمےسے متعلق رپورٹ پیش کرنے کا حکم

    چینی قونصل خانے پرحملہ:عدالت کا تفتیشی افسرکو24جنوری کومقدمےسے متعلق رپورٹ پیش کرنے کا حکم

    کراچی: چینی قونصل خانے پرحملے سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران سی ٹی ڈی کی تفتیش پر عدالت نے اعتراضات لگا دیے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں چینی قونصل خانے پرحملے سے متعلق انسداد دہشت گردی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی۔

    عدالت میں سماعت کے دوران سی ٹی ڈی حکام نے مقدمہ داخل دفترکرنے کی رپورٹ جمع کرائی جس پر عدالت نے اعتراضات لگا دیے۔

    انسداد دہشت گردی عدالت نے استفسار کیا کہ اتنے بڑے واقعے کا مقدمہ اے کلاس کیوں کیا؟، ملزمان گرفتار نہیں ہوئے تو مقدمہ اے کلاس کردیں۔

    عدالت نے تفتیشی افسر کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ پیش کی گئی رپورٹ میں ایس پی کا نام کیوں نہیں ہے، آئندہ سماعت پررپورٹ میں ایس پی کا نام بھی لکھ کرجمع کرائیں۔

    تفتیشی افسر نے بتایا کہ کیس میں اب تک کوئی ملزم گرفتار نہیں ہوا، جب تک کوئی ملزم گرفتار نہیں ہوتا کیس داخل دفترکیا جائے، اے کلاس رپورٹ میں اسلم اچھو کو عدم گرفتار ظاہر کیا گیا ہے۔

    سی ٹی ڈی کی رپورٹ کے مطابق اسلم اچھو کے مارے جانے کی اطلاع ہےلیکن تصدیق نہیں ہوئی،4 کلاشنکوف، 2آئی ای ی، ڈیٹونیٹر، دستی بم، باردو، گولیاں برآمد ہوئیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خیر بخش مری کے بیٹے حربیار مری کا نام ملزمان میں شامل ہے، نامزد ملزمان میں رحمان گل ، شیخو، منشی، شیردل و دیگر شامل ہیں۔

    سی ٹی ڈی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مقدمے میں دہشت گردی، سندھ اسلحہ ایکٹ اور دیگر دفعات شامل ہیں۔

    انسداد دہشت گردی عدالت نے چینی قونصل خانے پرحملے سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران تفتیشی افسرکو24 جنوری کومقدمے سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

    چینی قونصل خانے پرحملے کی کوشش ناکام ‘ 2 پولیس اہلکار شہید ‘ 3 دہشت گرد ہلاک

    یاد رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع چینی قونصل پر حملے میں 2 پولیس اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا تھا جبکہ جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

  • مانچسٹر میں چاقو بردار شخص کا حملہ، تین افراد زخمی

    مانچسٹر میں چاقو بردار شخص کا حملہ، تین افراد زخمی

    لندن : برطانوی شہر مانچسٹر میں چاقو کے وار سے پولیس افسر سمیت تین شہری زخمی ہوگئے، پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں واقع وکٹوریہ ریلوے اسٹیشن پر مسلح شخص نے شہریوں پر چاقو سے حملہ کردیا، چاقو زنی کی واردات میں زخمی ہونے والے متاثرین کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    برطانیہ کی ٹرانسپورٹ پولیس کا کہنا ہے کہ چاقو بردار شخص کے حملے میں ایک خاتون اور مرد سمیت پولیس افسر زخمی ہوا ہے، پولیس افسر کو کندھے پر زخم آئے ہیں۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چاقو زنی کی واردات میں ملوث ہونے کے شبے میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ مانچسٹر حکام نے چاقو بردار شخص کے حملے کے بعد ٹرام سروس معطل کردی ہے اور ٹرام سروس بند کرنے کی اطلاع ٹویٹر پر جاری کردی ہے۔

    برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد وکٹوریہ ریلوے اسٹیشن پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔

    دوسری جانب مانچسٹر سٹی کونسل نے سماجی رابطے کی ویب سایٹ پر ٹویٹ میں تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مانچسٹر سٹی سینٹر میں سال نو کا جشن جاری ہے، نا خوشگوار واقعات سے نمٹنے کےلیے سیکیورٹی مزید بڑھا دی گئی ہے۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ وکٹوریہ ریلوے اسٹیشن پر چاقو زنی کی واردات رات 8 بج کر 50 منٹ پر ہوئی تھی۔

    خیال رہے کہ دنیا بھر میں نئے سال کے استقبال کا سلسلہ جاری ہے، سالِ نو کے موقع پر ہر سو خوشیوں کی بہاریں ہیں، برطانیہ میں بھی لاکھوں افراد نئے سال کا جشن منانے کےلیے سڑکوں پر موجود ہیں۔

    مزید پڑھیں : لندن میں چاقو زنی کی ایک اور واردات، 2 افراد زخمی

    یاد رہے کہ گذشتہ برس نومبر میں برطانوی دارالحکومت لندن میں چاقو زنی کی ایک اور واردات ہوئی تھی جس کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہوئے تھے، نارتھ لندن میں چوروں سے مزاحمت پر 98 سالہ شخص زخمی ہوگیا۔

  • برطانیہ: پناہ گزین شامی بہن بھائیوں پر اسکول میں نسل پرستوں کا حملہ

    برطانیہ: پناہ گزین شامی بہن بھائیوں پر اسکول میں نسل پرستوں کا حملہ

    لندن : برطانیہ میں علم کے حصول کے لیے کوشاں شامی بہن بھائیوں کو نسلی تعصب کی بنیاد پر اسکول میں تشدد کا نشانہ بنانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کی کاؤنٹی یارکشائر کے ایک اسکول میں شامی پناہی گزین لڑکے اور لڑکی کی ویڈیو سامنے آگئی جس میں 15 سالہ لڑکے پر اسکول کے متعصب طالب علم کی جانب سے زمین پر گرا کر تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ شامی پناہ گزین لڑکے کو نسلی تعصب کی بنیاد پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے جبکہ نوجوان کا ایک ہاتھ پہلے سے ہی زخمی تھا۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ پولیس نے تشدد کرنے والے 16 سالہ لڑکے پر تشدد کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔

    سوشل میڈیا پر مذکورہ کاؤنٹی میں واقع اسی اسکول کی وائرل ہونے والی ایک اور ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ متاثرہ شامی بچے کی بہن پر بھی کچھ شر پسند برطانوی لڑکیوں نے حملہ کرکے زدوکوب کیا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ متاثرہ شامی لڑکی کو پیچھے ایک متعصب لڑکی نے دھکا دیا اور زمین پر گرا دیا۔

    برطانوی پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے کی اس سے پہلے کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی لیکن ہم متاثرہ لڑکی کے اہل خانہ کے ساتھ تعاون کریں گے اور ان کی حمایت جاری رکھیں گے۔

    پہلی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک متعصب لڑکا شامی بچے کو گلے سے پکڑ کر زمین پر گرا دیتا ہے اور بوتل سے اس کے چہرے پر پانی ڈالتے ہوئے کہتا ہے کہ ’میں تمہیں ڈوبو دوں گا‘۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ افسوس ناک واقعے اسکول میں ہونے والے دوہپر کے کھانے کے لیے ہونے والے وقفے کے دوران پیش آئے تھے۔

    متاثرہ شاہم بچے کے والد کا کہنا ہے کہ میرا بیٹا راتوں کو اچانک یہ کہتے ہوئے جاگ جاتا ہے کہ ’مجھے مت مارو مجھے مت مارو‘۔

    برطانوی میڈیا سے گفتگو میں 15 سالہ شامی بچے کا کہنا تھا کہ 2 سال قبل والدین کے ہمراہ برطانیہ آیا تھا آئے روز ہمیں تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے، اب تو رات کو بھی ڈر لگتا ہے اور اُٹھ کر روتا ہوں۔

    برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر چندہ جمع کرنے والے پیج ’گو فنڈ ریزنگ‘ نے 15 سالہ متاثرہ شامی بچے اور اس کے اہل خانہ کی مدد کے لیے چندہ جمع کرنے کا آغاز کیا اور 1 لاکھ پاؤنڈ جمع کیے۔

  • چینی قونصل خانے پر حملے میں ملوث 2 مبینہ سہولت کار گرفتار

    چینی قونصل خانے پر حملے میں ملوث 2 مبینہ سہولت کار گرفتار

    کراچی : پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے چینی قونصل خانے پرحملے میں ملوث 2 مبینہ سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے چینی قونصلیٹ پرحملے میں ملوث 2 مبینہ سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک سہولت کارکو کراچی جبکہ دوسرے کوشہدادپورسے گرفتارکیا گیا، دہشت گردوں نے آخری بارکراچی سے گرفتارشخص سے بات کی تھی۔

    ذرائع کے مطابق کراچی سے گرفتارشخص کی نشاندہی پرشہدادپورسے دوسرے ملزم کوگرفتارکیا گیا، کراچی سے حراست میں لیے گئے شخص کو نامعلوم مقام پرمنتقل کردیا گیا۔

    چینی قونصل خانے پرحملے کی کوشش ناکام ‘ 2 پولیس اہلکار شہید ‘ 3 دہشت گرد ہلاک


    یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع چینی قونصل پر حملے میں 2 پولیس اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا تھا جبکہ جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

    چینی قونصل خانے پرحملے میں دیگر 2 افراد بھی جاں بحق ہوئے تھے جن کی شناخت نیازمحمد اور محمد ظاہرشاہ کے ناموں سے ہوئی تھی۔

    جاں بحق ہونے والے دونوں افراد کا تعلق کوئٹہ سے تھا جو ویزے کے حصول کے لیے قونصل خانے گئے تھے۔

  • چینی قونصل خانے پرحملے کی کوشش ناکام ‘ 2 پولیس اہلکار شہید ‘ 3 دہشت گرد ہلاک

    چینی قونصل خانے پرحملے کی کوشش ناکام ‘ 2 پولیس اہلکار شہید ‘ 3 دہشت گرد ہلاک

    کراچی : شہرقائد کے علاقے کلفٹن میں واقع چینی قونصل پر حملے میں 2 پولیس اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا جبکہ جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد مارے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق صبح سوا نو بجے کے قریب 3 حملہ آوروں نے کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع چینی قونصل خانے میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم گارڈز کے روکنے پر دہشت گردوں نے فائرنگ کردی، جس پر قونصلیٹ پرتعینات سیکیورٹی گارڈز نے بھی جوابی فائرنگ کی، اسی دوران دھماکے کی آواز بھی سنی گئی۔

    فائرنگ کے تبادلے میں 2 پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک زخمی ہوا جبکہ 3 دہشت گرد بھی مارے گئے۔

    فائرنگ کی اطلاعات ملنے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے قونصل خانے کے ساتھ اطراف کے علاقے کا محاصرہ کیا اور ٹریفک کی آمدورفت بھی روک دی گئی۔

    جناح اسپتال کے شعبہ حادثات کی سربراہ ڈاکٹرسیمی جمالی نے واقعے میں 2 پولیس اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے میں زخمی ہونے والے سیکیورٹی گارڈ کو بھی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ کی چینی قونصلر جنرل سے ملاقات


    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے قونصل خانے کو کلیئر قرار دینے کے بعد چینی قونصلیٹ پہنچے جہاں انہوں نے چینی قونصلر جنرل سے ملاقات کی۔

    چینی قونصلر جنرل نے دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو سلام پیش کیا۔

    اے آئی جی امیر شیخ


    ایڈیشنل آئی جی امیر شیخ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چینی قونصلیٹ پرحملے میں 2 پولیس اہلکارشہید ہوئے، 3 دہشت گرد مارے گئے، ایک کے پاس خودکش جیکٹ اوردیگرسامان تھا۔

    اے آئی جی نے بتایا کہ چینی قونصلیٹ پرحملہ کرنے والے دہشت گردوں کی تعداد 3 تھی اطلاع ہے، علاقے میں سرچنگ مکمل کرلی گئی۔

    ایڈیشنل آئی جی کے مطابق دہشت گرد قونصل خانے میں داخل ہونے کی کوشش کررہے تھے، دہشت گرد قونصل خانے کے احاطے تک پہنچے تھے۔

    پولیس چیف نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تینوں حملہ آوروں کو ہلاک کرکے ان کے قبضے سے خودکش جیکٹس اور اسلحہ برآمد کرلیا۔

    وزیراعلیٰ سندھ کا چینی قونصلیٹ کے قریب فائرنگ کانوٹس


    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے چینی قونصل خانے کے قریب فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کو مزید پولیس کی نفری بھیجنے کی ہدایت کردی۔

    مراد علی شاہ نے اے آئی جی کو ہدایت کی کہ آپ خود نگرانی کریں، مجھے پل پل خبردیں، چینی قونصلیٹ کےعملے کی حفاظت یقینی بنائی جائے۔

    وزیراعلیٰ سندھ کا چینی قونصلر جنرل سے رابطہ


    ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے چینی قونصلر جنرل سے رابطہ کیا اور خیریت دریافت کی جس پر انہوں نے کہا کہ میں خیریت سے ہوں۔

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت اورسیکیورٹی اہلکارآپ کی حفاظت کے لیے مامورہیں۔

    عسکری ذرائع کے مطابق چینی قونصلیٹ میں دہشت گردوں کے داخلے کی کوشش ناکام بنادی گئی، رینجرزقونصلیٹ میں داخل ہوگئی، قونصلیٹ میں موجود تمام عملہ محفوظ ہے۔

    عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ صورت حال پرقابوپالیا گیا ہے، علاقہ کلیئرکردیا گیا ہے۔

  • امریکا: یہودی معبد پر حملہ، ملزم نے بے گناہی کی درخواست دائر کردی

    امریکا: یہودی معبد پر حملہ، ملزم نے بے گناہی کی درخواست دائر کردی

    واشنگٹن : امریکا میں واقع یہودی معبد پر حملہ کرکے متعدد افراد کو ہلاکت کرنے کے شخص نے عدالت میں بے گناہی کی درخواست جمع کروا دی۔

    تفصیلات کے مطابق مسلح شخص نے امریکی ریاست پینسل وینیا کے شہر پٹس برگ میں واقع یہودی عبادت گاہ میں گھس کر اندر موجود تمام افراد کو یرغمال بنالیا تھا بعد ازاں حملہ آور نے فائرنگ کرکے‌ 11 افراد کو ہلاک کردیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پولیس نے ملزم کو ہتھکڑیاں لگاکر عدالت میں پیش کیا تو مذکورہ شخص نے الزامات سے واقفیت کا اظہار کیا، عدالت میں جرم ثابت ہونے پر ملزم رابرٹ براؤر کو سزائے موت بھی ہوسکتی ہے۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پولیس نے ملزم پر فائرنگ، دستی بم سے حملہ اور نفرت پھیلانے سمیت 44 الزامات عائد کیے ہیں۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ 46 سالہ ملزم نے ہفتے روز یہودی معبد خانے میں داخل ہوکر اے آر 15 رائفل سے فائرنگ کی تھی اور 3 دستی بم بھی پھینکے تھے جس کی زد میں آکر 11 افراد ہلاک اور 6 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

    امریکی حکام کا کہنا ہے کہ رابرٹ براؤر نے ہلاک شدگان کے آئین کے مطابق دی گئی مذہبی آزادی کو غصب کیا جو ریاست نے انہیں دی تھی، امریکی محکمہ انصاف کا کہنا ہے کہ ملزم کو مذکورہ الزامات کے تحت سزائے موت یا عمر قید کی سزا ہوسکتی ہے۔

    خیال رہے کہ مسلح شخص نے یہودی عبادت گاہ میں داخل ہوکر چیخ کر کہا تھا کہ ’تمام یہودیوں کو لازمی مرنا ہوگا‘۔

    امریکی میڈیا کا کہنا تھا کہ مذکورہ مسلح شخص سوشل میڈیا پر یہودی مخالف کمنٹس کرتا رہتا تھا۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہودیوں کی غیر سرکاری تنظیم کا کہنا ہے کہ ہماری عبادت گاہ پر ہونے والا حملہ امریکی تاریخ کا سب سے بڑا حملہ ہے۔

  • کوئٹہ میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ، 2 اہلکار شہید

    کوئٹہ میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ، 2 اہلکار شہید

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ ہوا جس میں 2 اہلکار شہید جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔

    ابتدائی اطلاعات کے مطابق کوئٹہ کے ضلع واشک میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ ہوا ہے۔

    قافلے میں آئی جی ایف سی ساؤتھ میجر جنرل سعید احمد کی گاڑی شامل تھی۔ حملہ اس وقت کیا گیا جب قافلہ واشک سے خضدار جا رہا تھا۔

    حملے میں 2 اہلکار شہید جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔

    خیال رہے کہ کوئٹہ کے علاقے نواں کلی میں آج صبح ہی نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار محمد موسیٰ جاں بحق ہوگیا۔

    پولیس حکام کے مطابق اہلکار محمد موسیٰ تھانے میں ڈیوٹی پر جا رہا تھا کہ نواں کلی کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوگیا۔

    فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا۔

  • برطانیہ: اسکارف پہننے والی مسلم طالبہ پر نسل پرست لڑکیوں کا حملہ

    برطانیہ: اسکارف پہننے والی مسلم طالبہ پر نسل پرست لڑکیوں کا حملہ

    لندن : برطانیہ میں اسکارف پہن کر اسکول جانے والی نوجوان طالبہ کو اسلام فوبیا کا شکار متعصب لڑکیوں نے سرعام تشدد کا نشانہ بنایا اور اسکارف بھی کھینچا۔

    تفصیلات کے مطابق ان دنوں برطانیہ میں مسلمانوں کے خلاف متعصب سوچ اور نفرت میں اضافہ ہورہا ہے، جس کی تازہ مثال برطانیہ میں اسکارف پہننے پر تشدد کا نشانہ بننے والی اسکول کی طالبہ ہے۔

    خیال رہے کہ برطانیہ کو مختلف ثقافتوں کی سوسائٹی کے حوالے جانا جاتا ہے، جہاں کئی مذاہب کے پیروکار زندگی بسر کررہے ہیں۔

    برطانیہ میں سر پر اسکارف اوڑھنے پر اسکول کی نسل پرست دوشیزہ نے مسلمان طالبہ کو اسکارف اتارنے کا کہا اور بات نہ ماننے پر متعصب لڑکی نے مسلم طالبہ کو مصروف سڑک پر تشدد کرنا شروع کردیا اور اسکارف کھینچ کر اتار دیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پوسٹ ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چند لڑکیاں ایک مسلم طالبہ کو گھیرے کھڑی ہیں اور اسکارف اتارنے کا بول رہی ہیں۔

    عینی شاہدین کے مطابق متاثرہ لڑکی نے مشتعل لڑکیوں کو سمجھانے کی کوشش کررہی تھی کہ اسکارف دہشت گردی کی علامت نہیں بلکہ مسلمانوں کی ثقافت کا حصّہ ہے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جائے حادثہ پر موجود اسکول کا ایک طالب علم مسلم لڑکی کو بچانے کی کوشش کرتا ہے لیکن مشتعل لڑکیاں اسے بھی تشدد کا نشانہ بناتی ہیں جس کے بعد وہ موقع سے چلا جاتا ہے۔

    سماجی وابطے کی ویب سائٹ پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں اسکول کے طلباء اور دیگر افراد کو بھی دکھا جاسکتا ہے جو متاثرہ طالبہ کو نسل پرست لڑکیوں سے بچانے کے بجائے تشدد کی ویڈیو بنانے میں مصروف ہیں۔


    مزید پڑھیں : برطانیہ میں متعصب شخص کا مسلمان خواتین پر وینش سے حملہ


    یاد رہے کہ رواں برس 15 جون کو برطانیہ میں مسلمانوں نے نفرت کی بنیاد پر ایک سفید فارم برطانوی شہری نے سپر مارکیٹ میں موجود اسکارف پہنی ہوئی خواتین پر صفائی کرنے والے کیمیکل ’وینش‘ سے حملہ کردیا تھا۔


    مزید پڑھیں : برطانیہ میں گینگ کے ہاتھوں تشدد سے زخمی مسلمان طالبہ دم توڑگئی


    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق رواں برس مارچ میں برطانیہ کے شہر ناٹنگھم میں خواتین کے ایک نسل پرست متعصب گینگ نے دن دیہاڑے مسلم طالبہ مریم مصطفیٰ جان کو سرعام بد ترین تشدد کا نشانہ بنایا تھا جس کے وہ شدید زخمی ہوگئی اور اسپتال میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوئی تھی۔


    مزید پڑھیں : لندن: مسلمان خاتون کا حجاب اتارنے اور سڑک پر گھسیٹنے کی کوشش


    خیال رہے کہ ایک برس قبل برطانوی دارالحکومت لندن میں اسلام مخالف دو سفید فام نوجوانوں پر مشتمل گروہ نے ایک باحجاب خاتون کو ان کے حجاب سے پکڑ کر سڑک پر گھسیٹا تھا۔

    واضح رہے کہ سنہ 2016 میں بریگزٹ پر ووٹنگ کے بعد برطانیہ میں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگزیز وارداتوں میں 23 فیصد اضافہ ہوا ہے، جبکہ سنہ 2016 اور 2017 کے درمیان مساجد پر بھی حملوں کی تعداد میں 100 فیصد اضافہ ہوگیا ہے۔

  • کسی کوبھی سعودی عرب پر حملے کی اجازت نہیں دیں گے ‘عمران خان

    کسی کوبھی سعودی عرب پر حملے کی اجازت نہیں دیں گے ‘عمران خان

    ریاض : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے سعودی عرب بڑا کردار ادا کرسکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سعودی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ملک میں غربت کی سب سے بڑی وجہ کرپشن ہی ہوتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں کرپشن کے خلاف مہم قابل ستائش ہے، کرپشن کے خلاف سعودی حکومت کی طرزپراقدامات چاہتا ہوں۔

    وزیراعظم نے کہا کہ کسی کوبھی سعودی عرب پرحملے کی اجازت نہیں دیں گے، پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

    عمران خان نے کہا کہ ضرورت پڑی توتنازع یمن کے حل کے لیے مثبت کردار ادا کرنے کوتیارہیں، تنازعات کے فوجی حل پریقین نہیں رکھتا۔

    انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے سعودی عرب بڑا کردارادا کرسکتا ہے، تمام تنازعات کا حل مذاکرات سے ہی نکالا جاسکتا ہے۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں مفاہمت کارکا کردارادا کرنا چاہتے ہیں، دہشت گردی کے خلاف پاکستان سے بہترکوئی مشورہ نہیں دے سکتا۔

    انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کے لیے سیاسی ڈائیلاگ کا راستہ بھی ہونا چاہیے۔

    افغان مسئلے سے متعلق عمران خان نے کہا کہ افغانستان کے مسئلے کے سیاسی حل کی بات پرہمیں طالبان نواز کہا گیا، اب سب کواحساس ہوگیا کہ مسئلہ افغانستان کا حل صرف سیاسی ہے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ مسلمان ممالک کومغرب کی طرف سے نئی طرح کی استعماریت کا سامنا ہے، انسانی حقوق کے نام پرمغربی کلچرتھوپنے کی کوشش کی جارہی ہے، دوسرا کلچرتھوپنے سے ملک ترقی نہیں کرتا، یہ ثقافتی سامراجیت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جب سے ہماری پارٹی نے اقتدارسنبھالا ایک دن بھی چھٹی نہیں کی، الیکشن کے بعد سے اہل خانہ کے لیے زیادہ وقت نہیں نکال سکا۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کوبہت سے مسائل درپیش ہیں، پہلے 3 سے 4 ماہ کٹھن ہوں گے، پاکستان میں طرزحکمرانی اورلوگوں کا مائنڈ سیٹ تبدیل کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ آبادی کے 50 فیصد پسماندہ طبقے کو چین کی طرح اوپرلائیں گے، صحت، تعلیم، صاف پانی اور انصاف کی فراہمی حکومتی ترجیحات ہیں۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کوئی شخص اداروں سے بالا نہیں ہوگا، ملک میں ریاستی اداروں کو مضبوط کریں گے۔

    وزیرِ اعظم عمران خان کی سعودی فرماں روا شاہ سلمان سے ملاقات

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم اور سعودی فرمانروا کی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات پرگفتگو ہوئی تھی جس میں علاقائی وعالمی امور اور امت مسلمہ کو درپیش مسائل پربھی تفصیلی بات چیت ہوئی تھی۔