Tag: حملہ

  • ویڈیو: سنیدھی چوہان پر لائیو کنسرٹ کے دوران حملہ، گلوکارہ نے کیا کیا؟

    ویڈیو: سنیدھی چوہان پر لائیو کنسرٹ کے دوران حملہ، گلوکارہ نے کیا کیا؟

    بھارت کی معروف گلوکارہ سنیدھی چوہان پر لائیو کنسرٹ کے دوران بوتل سے حملہ کیا گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کی معروف گلوکارہ سنیدھی چوہان بھارتی ریاست اترکھنڈ کے دارالحکومت دہرادون کی ایک یونیورسٹی میں پرفارم کر رہی تھیں جہاں مداحوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    اس کنسرٹ کے دوران شرکا میں موجود کسی شخص نے گلوکارہ پر پانی کی بوتل سے حملہ کیا تاہم اداکارہ محفوظ رہیں، اچانک بوتل پھینکے جانے سے گلوکارہ حیرت میں مبتلا ہوئیں ساتھ ہی انہوں نے پُرسکون گانے کے انداز میں پوچھا ’اوئے ہوئے! یہ کیا ہورہا ہے‘؟۔’

    بوتل پھیکنے والے سے سنیدھی چوہان نے سوال کیا کہ ’بوتلیں پھینکنے سے کیا ہوگا؟ کیا آپ چاہتے ہیں یہ شو رُک جائے؟، کنسرٹ میں موجود تمام شرکا نے ہم آواز ہوکر جواب دیا ’نہیں‘ مداحوں کا جواب سُن کر گلوکارہ مُسکرا اٹھیں اور دوبارہ سے اپنی پرفارمنس کا آغاز کیا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Sunidhi Chauhan (@sunidhichauhan5)

    واضح رہے کہ سنیدھی چوہان کے چند مقبول ترین گانوں میں شِیلا کی جوانی، کملی، کریزی کیا رے، آجا نچلے، بیڑی، دیسی گرل، دھوم مچالے اور دیگر ٹاپ گانے شامل ہیں۔

  • گھوٹکی: ڈاکوؤں کا پولیس چوکی پر حملہ، ایک اہلکار جاں بحق، 2 اغوا

    گھوٹکی: ڈاکوؤں کا پولیس چوکی پر حملہ، ایک اہلکار جاں بحق، 2 اغوا

    سندھ کے کچے کے علاقے گھوٹکی میں ڈاکوؤں نے پولیس چوکی پر حملہ کردیا جس میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ پنجاب کے سنگم پر واقع ضلع گھوٹکی میں ڈاکوؤں نے پولیس چوکی پرحملہ کردیا اس حملے کے نتیجے میں ایک اہلکار جاں بحق جبکہ پولیس کی جوابی فائرنگ میں ایک ڈاکو ہلاک ہوا۔

    پولیس حکام کے مطابق ڈاکوؤں نے 2 پولیس اہلکاروں کو اغوا بھی کر لیا، اس واقعے کے بعد پولیس اور رینجرز کی مزید نفری طلب کرلی گئی۔

    پولیس کا بتانا ہے کہ ہلاک ڈاکو کا نام امان اللہ عرف امانو سندرانی ہے، ہلاک ڈاکو اغوا برائے تاوان سمیت دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب تھا ساتھ ہی ڈاکو پروفیسر ڈاکٹر  اجمل ساوند قتل کیس میں بھی نامزد تھا۔

  • اسرائیل کا ایران پر فضائی حملہ

    اسرائیل کا ایران پر فضائی حملہ

    امریکی میڈیا کی جانب سے یہ دعویٰ سامنے آرہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے ایران میں اہداف پر میزائل حملے کئے گئے ہیں۔

    خبر رساں اداروں کے مطابق اسرائیل کی جانب سے ایران کے شہر اصفہان پر میزائل حملہ کیا گیا ہے، دھماکے کی نوعیت کا تاحال تعین نہیں کیا جاسکا ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ایران میں متعدد ایئرپورٹس کو بند کر دیا گیا، مغربی ایران سے گزرنے والے مسافر طیاروں کارخ بھی تبدیل کر دیا گیا ہے۔

    ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اصفہان اور شیراز کے لیے پروازیں معطل کردی گئی ہیں،جبکہ صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی وزیر اعظم اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ایران کے ساتھ سخت ترین کشیدگی میں تحمل سے کام لینے سے متعلق عالمی دباؤ مسترد کر دیا تھا۔

    نیتن یاہو کا اسرائیلی کابینہ سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انہوں نے برطانوی اور جرمن وزرائے خارجہ سے ملاقاتوں میں واضح کر دیا ہے کہ اسرائیل اپنے دفاع کیلئے جو ضروری ہوگا وہ کرے گا، دوستوں کی قابل قدر تجاویز اپنی جگہ لیکن اسرائیل اپنے فیصلے خود کرے گا۔

    اس سے قبل ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کی جانب سے خبردار کیا گیا تھا کہ اسرائیل کے فضائی حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

    ایران میں فوجی پریڈ، جدید ترین ڈرونز اور میزائلوں کی نمائش

    انہوں نے مشرق وسطیٰ میں مکمل جنگ کے خطرے پر تشویش کا اعادہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسرائیل کی طرف سے ”ایک چھوٹے سے حملے کا”بڑے پیمانے پر اور سخت ردعمل دی جائے گا۔صدر ابراہیم رئیسی کا انتباہ بدھ کو اس وقت آیا جب وہ ایران کی سالانہ فوجی پریڈ سے خطاب کر رہے تھے۔

  • آوارہ کتے کا بچے پر حملہ، ماں نے اپنے لعل کی کیسے جان بچائی: ویڈیو دیکھیں

    آوارہ کتے کا بچے پر حملہ، ماں نے اپنے لعل کی کیسے جان بچائی: ویڈیو دیکھیں

    حیدرآباد: بھارت میں آوارہ کتے نے سڑک پر ماں کے ساتھ گزرنے والے معصوم بچے پر حملہ کردیا۔

    بھارت کے پرانے شہر حیدرآباد میں معصوم بچے پر کتے کے حملے کا واقعہ پیش آیا، جہاں ایک پانچ سالہ بچے پر گلی کے آوارہ کتے نے اس وقت حملہ کیا جب وہ اپنی ماں کے ساتھ سڑک سے گزر رہا تھا۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ماں  آگے بڑھتی ہے جبکہ بچہ پیچھے تھا کہ اچانک اس پر کتے نے حملہ کر دیا، حملے میں لڑکا نیچے گر پڑا جس کے ساتھ ہی وہ زور زور سے رونے لگا۔

    https://twitter.com/scribe_parody/status/1700094543545487503?s=20

    بچے کی چیخ پکار سن کر اس کی ماں دوڑتی ہوئی اپنے بیٹے کے پاس پہنچی اور اس نے اپنے بیٹے کو کتے سے بچانے کی کوشش کی۔

    اس دوران کتے نے ماں پر بھی حملہ کرنے کی کوشش کی قریب میں موجود ایک لڑکے نے پتھر مار کر کتے کو وہاں سے بھگا دیا۔

    بعد ازاں ماں اور بچے کو اسپتال منتقل کیا گیا بچے کہ حالت بہتر بتائی جارہی ہے۔

  • جی ایچ کیو پر حملہ کرنے والے ایک اور شرپسند کی شناخت ہوگئی

    جی ایچ کیو پر حملہ کرنے والے ایک اور شرپسند کی شناخت ہوگئی

    9 مئی کو جی ایچ کیو راولپنڈی پر حملہ کرنے والے ایک اور شرپسند کی شناخت ہو گئی۔

    جی ایچ کیو راولپنڈی پر حملہ کرنے والے شر پسند کا نام راجہ ماجد حسین دھنیال  ہے جو کہ پی ٹی آئی شمالی پنجاب کا سینئر نائب صدر رہا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق راجہ ماجد حسین دھنیال  پی ٹی آئی مرکزی سیکریٹری لیگل افیئرز جیسے اہم عہدوں پر فائز رہا ہے، راجہ ماجد حسین دھنیال جی ایچ کیو پر حملے سے قبل مظاہرین کو اکساتا رہا۔

    راجہ ماجد حسین نے ریاست مخالف شدید نعرے بازی اور توڑ پھوڑ میں مرکزی کردار ادا کیا، جی ایچ کیو حملہ کرنے پر اکسانے، پرتشدد مظاہروں کی سرپرستی پر راجہ ماجد حسین کے خلاف قانونی کارروائی اور گرفتاری کیلئے قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک ہوگئے ہیں۔

  • لکی مروت میں دہشت گردوں کا پولیس پر حملہ، جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک

    لکی مروت میں دہشت گردوں کا پولیس پر حملہ، جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک

    لکی مروت: صوبہ خیبر پختونخواہ کے علاقے لکی مروت میں زیر تعمیر عمارت میں چھپے دہشت گردوں نے پولیس پر حملہ کردیا، پولیس کی جواب فائرنگ سے 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق تھانہ لکی مروت کی حدود میں پولیس کے سرچ آپریشن کے دوران زیر تعمیر عمارت میں چھپے دہشت گردوں نے پولیس پر حملہ کردیا۔

    دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایس ایچ او جاوید اور ایک سپاہی زخمی ہوگیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس کی جوابی کارروائی میں کمانڈر زبیر سمیت 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، زخمی پولیس اہلکاروں کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

  • ریکوری کے لیے آنے والے فیسکو ملازمین پر حملہ اور تشدد

    ریکوری کے لیے آنے والے فیسکو ملازمین پر حملہ اور تشدد

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر پیر محل کے ایک گاؤں میں بجلی کمپنی کے ملازمین پر حملہ کردیا گیا، گاؤں والوں نے حملہ کر کے ریکوری کے لیے آنے والے افسران کو زخمی کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پیر محل کے نواحی گاؤں میں نمبردار نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) کے ملازمین پر حملہ کردیا۔

    حملہ آوروں کے تشدد سے 7 فیسکو ملازمین زخمی ہوگئے، زخمی ہونے والوں میں معذور ملازم بھی شامل ہے۔ حملہ آوروں نے فیسکو کی سرکاری گاڑی کے شیشے بھی توڑ دیے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ فیسکو ملازمین نواحی گاؤں میں ریکوری کے سلسلے میں گئے تھے۔

  • فوڈ ڈیلیوری رائیڈر کا خاتون پر حملہ، ویڈیو وائرل

    فوڈ ڈیلیوری رائیڈر کا خاتون پر حملہ، ویڈیو وائرل

    ملائیشیا میں ایک فوڈ ڈیلیوری رائیڈر طیش میں آ کر ریستوران کی خاتون ملازم پر حملہ کر بیٹھا، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    ملائیشیا کے ایک ریستوران میں پیش آنے والا یہ واقعہ سی سی ٹی وی کیمرا میں ریکارڈ ہوگیا جس کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہیلمٹ پہنا ایک شخص جو فوڈ ڈیلیوری رائیڈر ہے کاؤنٹر پر کھڑی ملازم سے بحث کر رہا ہے، اس کے بعد وہ طیش میں آ کر کاؤنٹر سے ایک ڈرنک اٹھا کر ملازم کی طرف پھینکتا ہے۔

    ملازمہ پلٹ کر موبائل میں اسے کچھ دکھاتی ہے اور دونوں کی بحث و تکرار خاصی دیر تک جاری رہتی ہے۔

    دراصل ہوا کچھ یوں تھا کہ ایک صارف نے ڈیلیوری کمپنی کے ذریعے ریستوران سے کھانا آرڈر کیا، لیکن کافی دیر تک کھانا صارف تک نہیں پہنچا۔

    کسٹمر نے ریستوران کو فون کر کے شکایت کی جس پر ریستوران نے دوسرے رائیڈر کو کھانا پہنچانے کے لیے دے دیا۔

    45 منٹ بعد پہلا والا رائیڈر ڈیلیوری پہنچانے کے لیے پہنچا جس پر اسے بتایا گیا کہ اس کی رائیڈ دیر ہونے کی وجہ سے کینسل کردی گئی ہے جس پر وہ سیخ پا ہو کر ریستوران میں شور شرابہ کرنے لگا۔

  • کراچی پولیس آفس حملے کی رپورٹ انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش

    کراچی پولیس آفس حملے کی رپورٹ انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پولیس آفس پر ہونے والے حملے کی رپورٹ انسداد دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) میں پیش کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کراچی پولیس آفس میں حملے کی ابتدائی رپورٹ انسداد دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) میں جمع کروا دی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں دہشت گردوں کے 2 سہولت کار موجود ہیں جن کی گرفتاری کی کوشش جاری ہے۔

    رپورٹ کے مطابق کراچی پولیس آفس میں 17 فروری کو دہشت گردوں نے حملہ کیا، شام 7 بج کر 15 منٹ پر وائر لیس کے ذریعے حملے کی اطلاع ملی، ڈی آئی جی جنوبی عرفان بلوچ کی سربراہی میں آپریشن ترتیب دیا گیا۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑایا، 2 دہشت گرد جوابی کارروائی میں مارے گئے، مقدمہ 18 فروری کو شام 4 بج کر 30 منٹ پر درج کیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق حملے میں رینجرز اور پولیس کے 5 افراد شہید اور 18 زخمی ہوئے۔

    ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے، 3 دہشت گرد گاڑی میں سوار ہو کر پولیس صدر لائن پہنچے تھے، صدر پولیس لائن کے قریب کھڑی گاڑی کو تحویل میں لے لیا گیا۔

    کار سوار دہشت گردوں کے ساتھ مزید 2 دہشت گرد موٹر سائیکل پر بھی آئے تھے، موٹر سائیکل پر 2 دہشت گرد ان تینوں سے گلے مل کر فرار ہوگئے تھے، موٹر سائیکل پر آئے دہشت گردوں نے آفس کی نشاندہی کی تھی۔

    رپورٹ کے مطابق دہشت گردوں سے 5 دستی بم اور 2 خودکش جیکٹس ملی جنہیں ناکارہ بنایا گیا۔

    حملے کا مقدمہ صدر تھانے کے ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کیا گیا، مقدمے میں دہشت گردی، قتل اور اقدام قتل سمیت دیگر دفعات شامل ہیں، مقدمے میں دھماکہ خیز مواد 3 اور 4 کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں، پولیس آفس میں موجود تمام افراد کے بیانات ریکارڈ کر لیے گئے ہیں۔

  • پالتو اژدھے نے مالک پر حملہ کردیا، دہشت ناک ویڈیو

    پالتو اژدھے نے مالک پر حملہ کردیا، دہشت ناک ویڈیو

    جنگلی جانوروں کو پالنا ایک خطرناک عمل ہے جو کسی ناخوشگوار حادثے کا سبب بھی بن سکتا ہے، ایسے ہی ایک حادثے کی دہشت ناک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں بظاہر ایک گھر کا منظر ہے جہاں ایک خاتون بچے کو گود میں لیے ٹہل رہی ہے، ایک پالتو کتا بھی وہاں گھوم رہا ہے۔

    ایک طرف ایک شخص ایک پنجرے کے پاس بیٹھا ہے اور پنجرے میں خطرناک پائتھون موجود ہے۔

    عورت ٹہلتے ہوئے پنجرے کے پاس جاتی ہے، اسی وقت پائتھون لپک کر مالک پر حملہ کرتا ہے اور اس کا ہاتھ دبوچ لیتا ہے۔

    عورت دہشت سے چلانے لگتی ہے اور بچے کو لے کر پیچھے ہٹتی ہے، اس کا چلانا سن کر دیگر افراد بھی وہاں بھاگے آتے ہیں اور اس شخص کو سانپ سے چھڑانے کی کوشش کرتے ہیں۔

    عورت اس دوران بچے کو لے کر وہاں سے دور ہٹ جاتی ہے جبکہ کتا بھی دور ہوجاتا ہے۔

    گھر کے دیگر افراد اس شخص کو سانپ سے چھڑانے کی کوشش کرتے ہیں، ایک عورت سانپ کی پشت پر ہاتھ پھیر کر اسے پچکارنے کی کوشش بھی کرتی ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by @laris_a9393

    سوشل میڈیا صارفین یہ ویڈیو دیکھ کر خوفزدہ ہوگئے، ایک صارف نے کہا مجھے اس بچے کی بہت فکر ہے اس کی ماں نے اسے دور لے جا کر بہت اچھا کیا۔

    ایک اور شخص نے کہا کہ لوگ ایسے خطرناک جانور گھر میں کیوں رکھتے ہیں، اژدھے جنگل میں رہنے کے لیے ہیں گھر میں نہیں، گھر میں رکھے جائیں گے تو ایسے ہی حادثات رونما ہوں گے۔