Tag: حملہ

  • وزیرستان میں شدت پسندوں کا تھانے پر حملہ، 2 پولیس اہلکار شہید

    وزیرستان میں شدت پسندوں کا تھانے پر حملہ، 2 پولیس اہلکار شہید

    وزیرستان: صوبہ خیبر پختونخواہ کے علاقے لوئر وزیرستان میں شدت پسندوں نے تھانے پر حملہ کیا جس میں 2 پولیس اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق لوئر وزیرستان کی تحصیل برمل کے تھانہ راغزائی پر رات گئے شدت پسندوں نے حملہ کیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید اور 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے تھانے کی گاڑی کو بھی آگ لگا دی، ملزمان سرکاری اسلحہ اور ایک نان کسٹم پیڈ گاڑی لے گئے ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ماہ بھی شمالی وزیرستان میں کارروائی کے دوران 2 دہشت گردوں کو ہلاک کر کے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا تھا۔

    شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر آپریشن کیا تھا، اس دوران فورسز اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

    ہلاک دہشت گرد فورسز پر حملوں اور شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔

  • امریکا کی عمران خان پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت

    امریکا کی عمران خان پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت

    واشنگٹن: امریکا نے سابق وزیر اعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کردی، ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ تشدد کی سیاست میں کوئی جگہ نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس نے نیوز بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہونے والے حالیہ واقعات پر تشویش ہے، عمران خان پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

    نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ تمام جماعتوں کو اپنے معاملات بات چیت سے حل کرنے چاہئیں، لوگوں کو پرامن احتجاج کا حق حاصل ہونا چاہیئے، عمران خان پر قاتلانہ حملے پر وزیر خارجہ بیان دے چکے ہیں۔ پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، تشدد کی سیاست میں کوئی جگہ نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان اور دیگر زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں، سیاست میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں۔

    دوران بریفنگ صحافی نے سوال کیا کہ اے آر وائی کے مالک سلمان اقبال پر جھوٹے مقدمات بنانے پر امریکا کا کیا مؤقف ہے، جس پر نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں میڈیا کی آزادی پر بات کرتے رہیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ پاکستانی حکام کے سامنے اٹھاتے رہیں گے، آزاد میڈیا جمہوریت کے لیے اہم ہے۔

    ایک اور سوال میں دریافت کیا گیا کہ بھارت روسی تیل لینے والا بڑا ملک بن گیا ہے، کیا آپ کو تشویش ہے، جس پر نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ بھارت روس تعلقات پر بھارتی حکام سے بات ہوتی رہی ہے، بھارت اور روس کے دو طرفہ تعلقات برسوں پرانے ہیں۔

    نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ بھارت واضح کر چکا ہے کہ وہ روسی جنگ کے خلاف ہے، تمام ممالک پر منحصر ہے کہ وہ کیا فیصلہ کر سکتے ہیں، روس بھارت تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں جو سرد جنگ میں شروع ہوئے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت کہہ چکا ہے کہ وہ یوکرین جنگ اورخون ریزی کےخلاف ہے، ضروری ہے روس کو یہ پیغام عالمی دنیا خصوصاً بھارت جیسے ممالک سے ملے۔ توانائی کے لیے بھارتی ضروریات کو سمجھ سکتے ہیں۔

  • وائرس چالاکی سے ہمارے جسم میں حملہ کرتے ہیں

    وائرس چالاکی سے ہمارے جسم میں حملہ کرتے ہیں

    حال ہی میں کی جانے والی ایک تحقیق میں ماہرین کا کہنا ہے کہ ہمارے جسم میں موجود وائرس مناسب موقع دیکھ کر حملہ آور ہوتے ہیں، اس سے پہلے وہ جسم میں موجود رہ کر انتظار کر رہے ہوتے ہیں۔

    ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ امراض کی وجہ بننے والے وائرس ہماری توقع سے زیادہ چالاک ہوتے ہیں اور جسم کے اندر رہتے ہوئے اطراف پر نظر رکھتے ہیں، پھر مناسب وقت پر حملہ آور ہوتے ہیں۔

    حالیہ تحقیق میں کہا گیا کہ وائرس یہ جانتے ہیں کہ انہیں انسان یا جانور کے جسم میں کب خاموش بیٹھے رہنا ہے اور کب اپنا خوفناک روپ اختیار کر کے بیماری پھیلانا ہے، لیکن اچھی بات یہ ہے کہ اس تحقیق سے وائرس کے طریقہ واردات کو سمجھنے میں مدد مل سکے گی۔

    جامعہ بالٹی مور سے تعلق رکھنے والے کمپیوٹیشنل ماہر حیاتیات ڈاکٹر ایوان ایرل اور ان کے ساتھیوں نے یہ تحقیق کی ہے، وہ کہتے ہیں کہ اگرچہ یہ وائرس کا ایک دلچسپ پہلو ہے لیکن اس سے علاج کی نئی راہیں ہموار ہوں گی۔

    اس کے لیے ماہرین نے ایسے وائرس پر غور کیا ہے جو بیکٹیریا کو متاثر کرتے ہیں، یہ وائرس بیکٹیریو فیجز یا صرف فیجز بھی کہلاتے ہیں۔

    ماہرین نے دیکھا کہ وائرس عین اس وقت حملے پر آمادہ ہوجاتے ہیں جب بیکٹیریا کے مخصوص ساختی ابھار نمودار ہوتے ہیں۔ ماہرین نے انہیں فلیجلا اور پائلی کا نام دیا ہے۔

    سائنسدانوں کا اصرار ہے کہ عین یہی معاملات انسانوں میں بھی رونما ہوسکتے ہیں لیکن اس پر مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

    اس تحقیق کے بعد ماہرین مزید کیمیائی اجزا اور اس عمل کو سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن یہ طے ہے کہ وائرس کے اس مطالعے سے امراض کو سمجھنے میں بھی مدد مل سکے گی اور کووڈ سمیت نئی ابھرتی ہوئے امراض کا علاج بھی آسان ہوگا۔

  • سعودی عرب: سر عام لڑکی کو ہراساں اور حملہ کرنے والے 2 نوجوان گرفتار

    سعودی عرب: سر عام لڑکی کو ہراساں اور حملہ کرنے والے 2 نوجوان گرفتار

    ریاض: سعودی عرب میں سر عام ایک لڑکی کو ہراساں اور اس پر حملہ کرنے والے 2 نوجوانوں کو گرفتار کرلیا گیا، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔

    العربیہ نیوز کے مطابق سعودی عرب میں عوامی مقام پر لڑکی کو ہراساں کرنے والے 2 افراد کو گرفتار کر لیا گیا، وائرل ہونے والے ایک ویڈیو کلپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو نوجوانوں نے ایک لڑکی پر حملہ کیا اور اسے زمین پر گرا دیا۔

    سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے اور صارفین کی تنقید کے بعد ریاض کی الفلج گورنری کی پولیس نے حملہ کرنے والے دونوں افراد کو گرفتار کر لیا۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حملہ آوروں نے الفلج کی ایک گلی میں لڑکی کو دھکا دیا تو وہ زمین پر گر گئی، اس کے بعد نوجوان اسے چھوڑ کر نوجوانوں کے ایک گروپ میں شامل ہوگئے جو اس سارے تماشے کو دیکھ رہے تھے۔

    ویڈیو سے واضح ہوگیا کہ دونوں نوجوان اور وہ لڑکی لوگوں کے ایک بڑے گروپ کا حصہ تھے۔ اس گروپ میں شامل افراد سارا معاملہ دیکھتے رہے مگر انہوں نے ان دو نوجوانوں کی کوئی سرزنش نہیں کی۔

    ویڈیو دیکھ کر سوشل میڈیا پر غم و غصے کی لہر دوڑ گئی اور دونوں نوجوانوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا۔ حکام بھی فوری طور پر حرکت میں آئے اور نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔

  • پالتو کینگرو نے مالک پر حملہ کر کے اسے مار ڈالا

    پالتو کینگرو نے مالک پر حملہ کر کے اسے مار ڈالا

    پالتو جانور یوں تو بہت اچھے ساتھی ہوتے ہیں لیکن بعض اوقات وہ اپنے مالک پر حملہ آور بھی ہوجاتے ہیں اور کوئی افسوس ناک حادثہ پیش آسکتا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق آسٹریلیا میں ایک 77سالہ بزرگ شہری اپنے ہی پالتو کینگرو کے حملے سے ہلاک ہوگیا۔

    بزرگ شخص کو ایک رشتے دار نے شدید زخمی حالت میں دیکھا تو پیرا میڈیکس کو اطلاع کی گئی، کینگرو طبی عملے کو زخمی شہری کے پاس نہیں آنے دے رہا تھا جس کے بعد پولیس کو بلایا گیا۔

    پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ کینگرو کو گولی مار کر ختم کرنا پڑا کیونکہ وہ طبی عملے پر حملہ آور ہوسکتا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے شخص نے جنگلی کینگرو کو گھر میں پال رکھا تھا۔

  • مگر مچھ نے تیراکی کرتے شخص کا سر جبڑے میں دبا لیا، پھر کیا ہوا؟

    مگر مچھ نے تیراکی کرتے شخص کا سر جبڑے میں دبا لیا، پھر کیا ہوا؟

    امریکا میں ایک خوش قسمت شخص مگر مچھ کے حملے اور اپنے سر چبائے جانے کے بعد بھی زندہ بچ گیا، ڈاکٹرز نے اس کی زندگی کو معجزہ قرار دیا ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق مذکورہ شخص فلوریڈا کی ایک جھیل میں سیر و تفریح کے لیے گیا تھا اور وہاں ڈرون کے ذریعے ایک ویڈیو بھی بنا رہا تھا۔

    خوفناک واقعے کو ڈرون کیمرے نے ریکارڈ کرلیا، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مگر مچھ سیدھا اس شخص کی طرف بڑھا اور اس کا سر اپنے ہولناک جبڑے میں دبا لیا۔

    تاہم اسی وقت اس شخص نے اپنے حواس بحال رکھتے ہوئے پھرتی دکھائی اور مگر مچھ کا جبڑا بند ہونے سے پہلے ہی دونوں ہاتھوں سے روک لیا۔

    اس حرکت نے مگر مچھ کو بھی پریشان کردیا، بالآخر وہ شخص کوشش کر کے مگر مچھ سے دور ہوا اور کنارے پر چڑھ آیا۔

    وہاں ایک راہ گیر نے اسے دیکھا اور ایمرجنسی سروس کو کال کی جنہوں نے وہاں پہنچ کر اسے اسپتال پہنچایا۔

    ڈاکٹرز کے مطابق اس شخص کی کھوپڑی اور جبڑے کو نقصان پہنچا تھا جس کی سرجری کی گئی، اور صحت یابی کے بعد اس شخص کو گھر بھیج دیا گیا۔

  • پولیو ٹیم پر حملہ: وزیر خارجہ کا ملزمان کو قانون کی گرفت میں لانے کا حکم

    پولیو ٹیم پر حملہ: وزیر خارجہ کا ملزمان کو قانون کی گرفت میں لانے کا حکم

    اسلام آباد: وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے گزشتہ روز ٹانک میں پولیو ٹیم پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملزمان کو قانون کی گرفت میں لانے کا حکم دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے گزشتہ روز ضلع ٹانک میں پولیو ٹیم پر مسلح حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

    وزیر خارجہ نے حملے میں 2 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر بھی اظہارِ افسوس کیا ہے۔

    انہوں نے حکم دیا ہے کہ حملے میں ملوث درندوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے اور انسداد پولیو مہم کے لیے فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ٹانک میں پولیو ٹیم پر حملہ کیا گیا تھا جس میں 2 کانسٹیبل پیر رحمٰن اور نثار احمد موقع پر شہید ہوگئے جبکہ ایک پولیو ورکر زخمی ہوگیا۔

    حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب رہے، واقعے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں نے ٹانک اور گرد و نواح کی قبائلی بستیوں میں آپریشن شروع کر دیا ہے۔

    اب تک متعدد افراد کو حراست میں لیا جاچکا ہے جن سے تفتیش کی جارہی ہے۔

  • سدھو موسے والا پر 8 بار حملہ کیا گیا: والد کا انکشاف

    سدھو موسے والا پر 8 بار حملہ کیا گیا: والد کا انکشاف

    آنجہانی بھارتی گلوکار سدھو موسے والا کے والد نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے بیٹے پر 8 بار قاتلانہ حملوں کی کوشش کی گئی جس میں موسے والا بال بال بچے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق سدھو موسے والا کے والد بلکور سنگھ نے انکشاف کیا ہے کہ سدھو پر اس سے قبل 8 بار حملے کی کوشش کی گئی ہے، جبکہ اپریل میں پنجاب اسمبلی کے الیکشن کے دوران بھی 60 سے 80 افراد کی جانب سے حملے کی کوشش کی گئی۔

    بلکور سنگھ نے عام آدمی پارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے ہر ممکن کوشش کی گئی کہ سدھو سے سیکیورٹی واپس لے لی جائے۔

    یاد رہے کہ سدھو کے قتل میں لارنس بشنوئی گینگ بھی شامل ہے جس نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

    گلوکار سدھو موسے والا کو 29 مئی کی شام نامعلوم افراد نے ان کے آبائی علاقہ ضلع مانسہ میں فائرنگ کر کے قتل کردیا تھا، گلوکار کو 30 گولیاں ماری گئی تھی اور ان کے جسم سے 2 درجن سے زائد گولیاں نکالی گئیں۔

    جون میں پونے پولیس نے موسے والا قتل کیس میں نامزد شوٹر 23 سالہ سنتوش جادھو کو گرفتار کیا تھا۔

    2 روز قبل پولیس نے لارنس بشنوئی ۔ گولڈی برار گینگ سے تعلق رکھنے والے 2 انتہائی مطلوب ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا ہے، جن کی شناخت انکت سرسا اور سچن بھیوانی کے نام سے ہوئی ہے۔

  • عوامی مقام پر سعودی خواتین سے ہاتھا پائی اور دھمکیاں، ملزمان گرفتار

    عوامی مقام پر سعودی خواتین سے ہاتھا پائی اور دھمکیاں، ملزمان گرفتار

    ریاض: سعودی عرب میں عوامی مقام پر 2 سعودی خواتین سے ہاتھا پائی کرنے اور انہیں ہتھیار سے دھمکانے والے 3 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی دارالحکومت ریاض میں 2 سعودی لڑکیوں کو ہتھیار کے بل پر دھمکانے اور مار پیٹ کرنے والے افراد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

    وائرل ویڈیومیں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک عوامی ادارے کے سامنے خواتین جمع ہیں، نوک جھونک کے بعد ہاتھا پائی شروع ہوگئی۔

    ریاض پولیس نے بتایا کہ سعودی لڑکیوں پر حملے میں شامل 3 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

    ریاض پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ متاثرہ لڑکیوں نے شکایت درج کروائی تھی کہ ان پر 2 خواتین نے حملہ کیا جبکہ ایک شخص نے ہتھیار دکھا کر دھمکی دی اور پھر تینوں فرار ہوگئے۔

    ترجمان کے مطابق تینوں افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے، ان میں سے 2 سعودی خواتین ہیں جبکہ ایک مرد ہے، تینوں کے خلاف پوچھ گچھ کی کارروائی مکمل کرلی گئی ہے۔

    سوشل میڈیا کے صارفین نے واقعہ پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔

  • شہری کو خوفناک مگر مچھ کی تصاویر کھینچنا مہنگا پڑ گیا، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    شہری کو خوفناک مگر مچھ کی تصاویر کھینچنا مہنگا پڑ گیا، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    امریکا میں ایک شخص مگر مچھ کے جان لیوا حملے سے بال بال بچ گیا، مگر مچھ کے حملے کی ہولناک ویڈیو نے لوگوں کے دل دہلا دیے۔

    امریکی ریاست فلوریڈا کے جان ایس ٹیلر پارک میں پیش آنے والے اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے اور اسے دیکھ کر لوگ نہایت خوفزدہ ہیں۔

    مذکورہ شخص جھیل کے کنارے پر کھڑا ہو کر تصاویر بنا رہا تھا جب اچانک مگر مچھ اس کی طرف جھپٹا، خش قسمتی سے وہ شخص دور کھڑا تھا لہٰذا اس کی جان بچ گئی۔

    بعد ازاں سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر اپنی پوسٹ میں اس شخص نے بتایا کہ وہ اس جھیل کے قریب سے گزر رہا تھا جب اس نے مگر مچھ کو دیکھا۔

    اس شخص نے لکھا کہ مگر مچھ کو دیکھ کر وہ اس کی تصاویر بنانے کے لیے رک گیا، یہ خاصا طویل مگر مچھ تھا اور اس کی جسامت 8 سے 10 فٹ تھی، میں نے اتنا طویل مگر مچھ پہلے کبھی نہیں دیکھا تھا۔

    اس کے مطابق مگر مچھ اس سے نظریں ملا کر اسے گھورتا رہا، لیکن جیسے ہی اس نے ذرا سی نظر گھمائی، مگر مچھ اس پر حملہ کرنے کے لیے اس کی طرف جھپٹا۔

    اس وقت مگر مچھ جھیل سے پورا باہر نکل آیا تھا لیکن خوش قسمتی سے اس کے اور اس کے ممکنہ شکار کے درمیان کچھ فاصلہ تھا، ناکام کوشش کے بعد مگر مچھ واپس پلٹ کر پانی میں چلا گیا۔

    مذکورہ شخص کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ اس کی یادداشت میں ہمیشہ محفوظ رہے گا اور اب وہ جنگلی جانوروں کے قریب جاتے ہوئے محتاط رہے گا۔