Tag: حملہ

  • شیروں کا جتھہ زرافے پر حملہ آور، زرافے نے کیسے جان بچائی؟

    شیروں کا جتھہ زرافے پر حملہ آور، زرافے نے کیسے جان بچائی؟

    جنگلات میں شیر عموماً ایسے جانوروں کو اپنا شکار بناتے ہیں جنہیں وہ آسانی سے قابو کرسکیں، لیکن بعض اوقات وہ اپنے سے بڑے کسی جانور پر بھی حملہ کردیتے ہیں تاہم منہ کی کھاتے ہیں۔

    ایسی ہی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔

    شیر کی شکار کی حکمت عملی یہ ہوتی ہے کہ جس پر حملہ کرے اس کی گردن کو نشانہ بنائے تاکہ وہ جانور بے بس ہوسکے، اگر کبھی اسے چھوٹا جانور نہ مل سکے تو وہ اپنے سے بڑے جانور کی طرف بھی لپکتا ہے، لیکن ایسی صورت میں وہ بچے، حاملہ یا کمزور جانور کو نشانہ بناتا ہے۔

    غالباً ان میں سے کوئی جانور شیروں کے اس جتھے کو ہاتھ نہ لگا تب ہی اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ ایک صحت مند زرافے پر حملہ کرتے ہیں۔

    3 سے 4 شیر ایک ایک کر کے زرافے کی پشت سے اس پر جھپٹتے ہیں لیکن زرافہ اپنی لمبی ٹانگوں سے زوردار دھکے دے کر انہیں ہٹا دیتا ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Wildlife Stories (@wildlife_stories_)

    شیروں کی کوشش ہے کہ وہ زرافے کی گردن تک پہنچ سکیں لیکن زرافے کی روز دار ککس سے وہ اپنے مقصد میں ناکام رہتے ہیں۔

    سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کو ہزاروں افراد کی جانب سے دیکھا اور پسند کیا گیا ہے۔

  • تحریک انصاف کے  رہنما قاسم سوری پر شاہ زین بگٹی کے گارڈز  کا  حملہ

    تحریک انصاف کے رہنما قاسم سوری پر شاہ زین بگٹی کے گارڈز کا حملہ

    اسلام آباد: کوہسار کے ریسٹورنٹ میں پی ٹی آئی رہنما قاسم سوری پر شاہ زین بگٹی کے گارڈز نے حملہ کردیا ، حملہ شاہ زین بگٹی کے بھائی اوررکن بلوچستان اسمبلی گہرام بگٹی کی ہدایت پر کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما قاسم سوری پر شاہ زین بگٹی کے گارڈز نے حملہ کردیا ، واقعہ اسلام آباد کےعلاقے کوہسارکے مقامی ریسٹورنٹ میں پیش آیا۔

    پی ٹی آئی رہنما قاسم سوری سحری کیلئےریسٹورنٹ میں بیٹھے تھے ، اس دوران حملہ آوروں نے شاہ زین بگٹی زندہ باد اور پی ٹی آئی مردہ باد کے نعرے لگائے۔

    واقعے کے بعد پولیس کی نفری جائے وقوعہ پرپہنچ گئی ، حملہ شاہ زین بگٹی کے بھائی اورایم پی اےگہرام بگٹی کی ہدایت پرہوا ، حملہ آورمیریٹ سمیت کئی ہوٹلوں میں پی ٹی آئی رہنماؤں کو تلاش کرتے رہے ، جب کوہسار کے ریسٹورینٹ میں پی ٹی آئی رہنما نظرآئے تو حملہ کردیا۔

    ایس ایس پی آپریشن نے بتایا کہ قاسم سوری میڈیکل کرانےکیلئےاسپتال چلے گئے ہیں، میڈیکل اوردرخواست آنےکےبعدکارروائی عمل میں لائی جائےگی تاہم پی ٹی آئی رہنما قاسم سوری کا بیان قلمبند کرلیا گیا ہے، ملزمان کی شناخت ویڈیو کے ذریعے جلد کرلی جائے گی۔

    قاسم سوری سے اظہار یکجہتی کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد میں جمع ہوگئی۔

    حملے کے بعد قاسم سوری نے بیان میں کہا کہ جھ پر ابھی ابھی مقامی ریسٹورنٹ میں حملے کی کوشش کی گئی، غنڈوں کو ریسٹورنٹ میں آئی ہوئی فیملیز اور ویٹرز نے مار بھگایا۔

    ان کا کہنا تھا کہ سرکاری گاڑیوں میں یہ آکر دندناتے پھررہےہیں، عوام باشعور ہیں ان کی بدمعاشیاں نہیں چلے گی، امپورٹڈحکومت اب اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی، لوگ ان کو جینے نہیں دیں گے اگر یہ اس طرح کریں گے، میں لوگوں کو سلام پیش کرتا ہوں لوگ نکلے ہیں ۔

  • نیویارک میں سکھوں پر حملہ کرنے والے 2 افراد گرفتار

    نیویارک میں سکھوں پر حملہ کرنے والے 2 افراد گرفتار

    واشنگٹن: امریکی شہر نیویارک میں سکھوں پر حملہ کرنے کے جرم میں 2 افراد کو گرفتار کیا ہے، ملزمان میں سے ایک کی عمر 19 سال ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق نیویارک پولیس نے شہر میں سکھوں پر دو الگ الگ حملوں کے سلسلے میں دو افراد کو گرفتار کیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ایک 19 سالہ شخص ورنون ڈگلس کو جمعرات کو ایک 70 سالہ شخص پر 3 اپریل کو مبینہ طور پر حملہ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

    حملے کی تفتیش نیویارک پولیس کی کرائم ٹاسک فورس نے کی تھی اور ڈگلس پر مبینہ طور سے ہیٹ کرائم کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

    پولیس نے منگل کو اسی رچمنڈ ہل کے علاقے میں دو سکھ افراد پر حملے کے فوراً بعد 20 سالہ ہجکیاہ کولمین کو گرفتار کیا تھا، کولمین اور ایک دیگر شخص نے دونوں افراد کی پگڑی اتاری، حملہ کیا اور انہیں لوٹ لیا۔

    دوسرا حملہ ایک احتجاجی مظاہرے کے دو دن بعد ہوا۔ نیویارک کے کئی لیڈرز نے سکھوں پر مبینہ حملوں کی مذمت کی ہے۔

  • پیسوں کی عدم ادائیگی پر رنبیر کپور کی فلم کے سیٹ پر حملہ

    پیسوں کی عدم ادائیگی پر رنبیر کپور کی فلم کے سیٹ پر حملہ

    نئی دہلی: بھارتی اداکار رنبیر کپور کی فلم کے سیٹ پر انڈسٹری کے کچھ ورکرز نے حملہ کردیا، ان کا کہنا ہے کہ انہیں ان کی رقم کی ادائیگی نہیں کی گئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی کے علاقے گڑ گاؤں میں سوا کروڑ روپے کی عدم ادائیگی پر ورکرز نے زیر تکمیل فلم لو رنجن کے سیٹ پر چڑھائی کردی۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ 350 سے زائد ورکرز نے رنیبر کپور اور شردھا کپور کی فلم کے سیٹ پر اس وقت حملہ کردیا جب وہاں فلم کی شوٹنگ جاری تھی۔

    سیٹ پر حملہ کرنے والے ورکرز کا کہنا تھا کہ انہوں نے گزشتہ سال اکتوبر میں فلم کے ایک گانے میں کام کیا تھا تاہم پروڈیوسر کی جانب سے ان کے سوا کروڑ روپے کے واجبات تاحال ادا نہیں کیے گئے اور انہیں پیسوں کے لیے گزشتہ 6 ماہ سے ٹرخایا جا رہا ہے۔

    بعد ازاں پولیس سیٹ پر حملہ کرنے والے افراد کو گرفتار کرکے تھانے لے گئی تاہم ان کی ایسوسی ایشن کی مداخلت پر تمام افراد کو رہا کردیا گیا۔

    فلم کے پروڈیوسر دیبنکر داس گپتا نے میڈیا کو بتایا کہ سیٹ پر حملہ کرنے میں ایک نجی کمپنی ہائپر لنک کے جے شنکر اور گوتم ملوث ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے ہائپر لنک نامی کمپنی کے جے شنکر اور گوتم کے ساتھ معاہدہ کیا تھا لیکن ان دونوں افراد نے مذکورہ پراجیکٹ کو میرے علم میں لائے بنا ہی آگے کسی اور کو آؤٹ سورس کردیا۔

    بعد میں انہوں نے مجھے کہا کہ ان کے بجٹ میں ایک کروڑ 22 لاکھ روپے اضافہ ہوگیا ہے لہذا اس کی بھی ادائیگی کی جائے۔

    پروڈیوسر کے مطابق سوچنے کی بات یہ ہے کہ آپ کا بجٹ سوا کروڑ اضافی ہوگیا ہو اور جس کے ساتھ معاہدہ کیا ہے اسے اس بات کا بتایا ہی نہیں جائے؟ لہٰذا ان کا مزید پیسوں کی ادائیگی کا مطالبہ غیر منطقی اور بے بنیاد ہے۔

  • تالاب میں موجود مگر مچھ کا مجسمہ اچانک زندہ ہوگیا

    تالاب میں موجود مگر مچھ کا مجسمہ اچانک زندہ ہوگیا

    فلپائن میں ایک شہری پر اس وقت مگر مچھ نے حملہ کردیا جب وہ اسے مجسمہ سمجھ کر اس کے ساتھ تصویر کھینچ رہا تھا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق 68 سالہ چپاڈا نامی شہری اپنے خاندان کے ساتھ اس تھیم پارک میں آئے تھے، انہیں تالاب میں ایک 12 فٹ طویل مگر مچھ دکھائی دیا جسے وہ مجسمہ سمجھے۔

    68 سالہ بزرگ اس کے ساتھ سیلفی بنانے کے لیے تالاب کے قریب چلے گئے اور اسی وقت مگر مچھ میں حرکت پیدا ہوئی، اس نے اچانک چپاڈا کا بازو اپنے جبڑوں میں دبوچا اور انہیں کھینچ کر تالاب میں لے گیا۔

    ویڈیو یہاں دیکھیں

    چپاڈا کے گھر والے اور وہاں موجود دیگر افراد خوف سے چلانے لگے۔

    خوش قسمتی سے چپاڈا اپنا ہاتھ چھڑا کر تیزی سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئے، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ان کے بازو سے خون ٹپک رہا ہے۔

    اہل خانہ نے فوراً انہیں اسپتال پہنچایا جہاں ڈاکٹرز نے ان کی سرجری کی۔

    واقعے کے بعد چپاڈا کے اہل خانہ نے پارک انتظامیہ پر غفلت کا الزام عائد کیا، انہوں نے کہا کہ تالاب کے قریب کسی قسم کے کوئی وارننگ سائنز نصب نہیں تھے۔ اگر وہاں وارننگ سائنز ہوتے تو وہ کبھی تالاب کے نزدیک نہ جاتے۔

    دوسری جانب پارک انتظامیہ نے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ شخص خود اعتراف کرچکا ہے کہ وہ مگر مچھ کو مجسمہ سمجھے تھے اسی لیے اس کے قریب گئے۔

    انتظامیہ نے چپاڈا کے علاج کے اخراجات اٹھانے کی پیشکش بھی فراہم کی ہے۔

  • خونخوار شیر کا بچے پر حملہ، ماں نے مکے اور لاتیں مار کر شیر کو مار بھگایا

    خونخوار شیر کا بچے پر حملہ، ماں نے مکے اور لاتیں مار کر شیر کو مار بھگایا

    امریکا میں ایک ماں اپنے بچے کو بچانے کے لیے شیر سے لڑ گئی اور بغیر کسی ہتھیار کے مکوں اور لاتوں کی مدد سے خونخوار شیر کو مار بھگایا۔

    امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق مذکورہ واقعہ ریاست کیلی فورنیا میں پیش آیا جہاں ایک پہاڑی شیر رہائشی علاقے میں نکل آیا اور ایک گھر کے اندر لان میں کھیلتے 5 سالہ بچے پر حملہ کردیا۔

    بچے کی چیخ و پکار پر ماں گھر سے باہر نکلی، تب تک شیر بچے کو گھسیٹتا ہوا لان سے باہر لے جاچکا تھا، ماں نے بغیر کچھ سوچے سمجھے شیر پر حملہ کردیا اور بچے کو اس سے بچانے کی کوشش شروع کردی۔

    بہادر ماں بغیر کسی ہتھیار کے شیر سے لڑتی رہی، اس دوران نہ صرف وہ اپنے بچے کو اس سے دور کرنے میں کامیاب رہی بلکہ مکے اور لاتیں برسا کر شیر کو بھی وہاں سے بھاگنے پر مجبور کردیا۔

    بعد ازاں خاتون اور ان کے شوہر بچے کو فوری قریبی اسپتال لے کر گئے، بچے کے سر اور سینے پر زخم آئے تھے جن کی ٹریٹمنٹ شروع کردی گئی، میڈیا رپورٹ کے مطابق بچے کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    مذکورہ واقعہ امریکی محکمہ برائے جنگلی حیات کو رپورٹ کیا گیا جنہوں نے میڈیا کو اس کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ پہاڑی شیر کم از کم 30 کلو گرام وزنی تھا لیکن بہادر خاتون، جن کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی، اس سے اپنے بیٹے کو بچانے میں کامیاب رہی۔

    یاد رہے کہ پہاڑی شیر کو شیر کی تمام اقسام میں سب سے زیادہ خطرناک سمجھا جاتا ہے جو ہر وقت اپنے شکار کی تلاش میں رہتا ہے اور نہایت چالاکی اور پھرتی سے دبے قدموں پیچھے سے شکار پر حملہ کرتا ہے۔

  • غصے میں بھری شیرنی کا حملہ، تیندوے کی گردن توڑ ڈالی

    غصے میں بھری شیرنی کا حملہ، تیندوے کی گردن توڑ ڈالی

    یوں تو شیر اور تیندوا دونوں ہی شکاری جانور ہیں اور کسی بھی جانور کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں، لیکن کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ اگر ان دونوں کی لڑائی ہوگی تو جیت کس کی ہوگی؟

    سوشل میڈیا پر وائرل ایک دل دہلا دینے والی ویڈیو میں ایسے ہی مناظر ہیں جس میں ایک شیرنی نے تیندوے کو نہ صرف مار گرایا ہے بلکہ غصے میں جنگل میں اسے گھسیٹتے ہوئے دور تک لے گئی۔

    یہ ویڈیو بھارتی ریاست راجھستان کے سرسکا ٹائیگر ریزرو کی ہے، ریزرو دو بزنس مین بھائیوں کی نجی ملکیت ہے جو اس واقعے کے وقت وہاں موجود تھے۔

    مالکان کا کہنا ہے کہ مذکورہ روز وہ صبح اٹھے تو ریزرو میں موجود دوسرے جانور جیسے بندروں اور ہرنوں نے شور مچا مچا کر آسمان سر پر اٹھا رکھا تھا اور ایک دوسرے کو خطرے سے آگاہ کر رہے تھے۔

    اس غیر معمولی صورتحال پر وہ گاڑی میں باہر نکلے اور جلد ہی انہیں شیرنی دکھائی دے گئی۔ دونوں بھائیوں کا کہنا ہے کہ درخت پر ایک تیندوا موجود تھا جبکہ شیرنی آہستگی سے قریب موجود دوسرے درخت پر چڑھنے کی کوشش کر رہی تھی۔

    دیکھتے ہی دیکھتے شیرنی نے 8 فٹ بلند چھلانگ لگائی اور جھپٹ کر تیندوے کی گردن پکڑ لی، دونوں خونخوار آوازوں میں صرف چند سیکنڈ تک لڑتے رہے جس میں شیرنی کو فتح حاصل ہوئی۔

    شیرنی نے تیندوے کی گردن توڑ ڈالی اور پھر موت کے گھاٹ اتارنے کے بعد اسے جھاڑیوں میں دور تک گھسیٹتی ہوئی لے گئی۔

    مالکان کے مطابق ان کا ابتدائی اندازہ تھا کہ شیرنی نے شکار کے لیے تیندوے پر حملہ کیا، لیکن بعد ازاں ریزرو عملے نے تیندوے کا مردہ جسم صحیح سلامت پایا یعنی شیرنی نے اسے کھایا نہیں تھا۔

    مالکان کا کہنا ہے کہ انہوں نے شیرنی کو فی الحال سب سے الگ تھلگ کردیا ہے۔

    خیال رہے کہ شیر کسی دوسرے شکاری جانور جیسے تیندوے یا مگر مچھ سے خطرہ محسوس کریں تو پہلے ہی ان پر حملہ کردیتے ہیں۔

  • پالتو کتوں نے 10 ماہ کی بچی کو بھنبھوڑ ڈالا

    پالتو کتوں نے 10 ماہ کی بچی کو بھنبھوڑ ڈالا

    امریکا میں 2 پالتو کتوں نے 10 ماہ کی بچی پر حملہ کردیا، بچی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔ پولیس نے کتوں کے اپنے قبضے میں لے لیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست شمالی کیرولینا میں پیش آیا، بچی کا باپ صرف چند لمحے کے لیے کمرے میں بچی اور کتوں کو اکیلا چھوڑ کر نکلا تھا کہ گھر میں ہنگامہ برپا ہوگیا۔

    وہ الٹے قدموں واپس دوڑا تو بچی کو خون میں لت پت بے حس و حرکت پایا۔ جب پولیس وہاں پہنچی تو باپ بچی کو طبی امداد دے کر اس کی جان بچانے کی کوشش کر رہا تھا۔

    پولیس کے مطابق بچی اسپتال جانے سے پہلے ہی دم توڑ چکی تھی۔

    پالتو کتوں کو اینیمل کنٹرول ادارے نے اپنے قبضے میں لے لیا ہے، مالک کے مطابق اس سے قبل کتوں کے ساتھ کسی قسم کا کوئی مسئلہ پیش نہیں آیا تھا۔

  • سنگاپور میں مسلمانوں پر کرائسٹ چرچ جیسے حملوں کا منصوبہ، بھارتی نوجوان گرفتار

    سنگاپور میں مسلمانوں پر کرائسٹ چرچ جیسے حملوں کا منصوبہ، بھارتی نوجوان گرفتار

    سنگاپور: سنگاپور میں کرائسٹ چرچ کی مساجد پر ہونے والے حملوں کی طرز پر دہشت گردانہ حملوں کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا، منصوبہ بندی کرنے والے 16 سالہ لڑکے کو گرفتار کرلیا گیا جو بھارتی نژاد ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق سنگاپور میں حکام نے بتایا ہے کہ ایک 16 سالہ بھارتی نژاد مسیحی لڑکا گرفتار کیا گیا ہے جو مقامی مسلمانوں پر نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں دو مساجد پر کیے گئے دہشت گردانہ حملوں جیسے حملے کرنا چاہتا تھا۔ کرائسٹ چرچ میں سنہ 2019 میں مسلمانوں کی 2 مساجد پر کیے گئے حملوں میں 51 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ 16 سالہ لڑکا، جو ایک بھارتی نژاد پروٹسٹنٹ مسیحی شہری ہے، 15 مارچ کو کرائسٹ چرچ حملوں کے 2 سال مکمل ہونے کے موقع پر سنگاپور میں بھی مسلمانوں کے خلاف ایسے ہی حملے کرنے کا خواہش مند تھا۔

    سنگاپور کی تحفظ وطن کی ملکی وزارت نے بتایا کہ ملزم نے اپنے حملوں کے لیے تفصیلی منصوبہ بندی کر رکھی تھی اور اس سلسلے میں اس نے ضروری تیاریاں بھی کر لی تھیں۔

    وزارت کے حکام کا کہنا تھا کہ تفتیشی ماہرین اس ملزم کی گرفتاری اور اس سے اب تک کی گئی تفتیش کے بعد اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ یہ نابالغ ملزم نفسیاتی طور پر نہ صرف تشدد پسند ذہن کا مالک ہے بلکہ اس کی سوچوں میں اسلام کے خلاف بہت زیادہ منفی رویوں کا عنصر بھی انتہائی نمایاں ہے۔

    حکام نے اس ملزم کی مزید شناخت ظاہر نہیں کی تاہم صرف اتنا بتایا کہ اسے گزشتہ ماہ دسمبر میں گرفتار کیا گیا۔

    حکام کے مطابق یہ نوجوان اپنے تیار کردہ منصوبے کے تحت مسلمانوں پر حملوں کے لیے ایک ایسا بڑا چھرا استعمال کرنا چاہتا تھا جو عام طور پر قصاب استعمال کرتے ہیں، ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ اس بات کی بھی امید کرتا تھا کہ وہ ان حملوں کے دوران خود بھی مارا جا سکتا تھا۔

    سرکاری ذرائع کے مطابق یہ 16 سالہ ملزم سنگاپور میں آج تک دہشت گردی کے الزامات کے تحت گرفتار کیا جانے والا سب سے کم عمر مشتبہ ملزم ہے۔

    سنگاپور پولیس کے مطابق گرفتار کیے گئے ملزم سے پوچھ گچھ کے دوران یہ بھی ثابت ہوا کہ وہ کرائسٹ چرچ حملوں کے سزا یافتہ مجرم ٹیرنٹ کی سوچ سے انتہائی حد تک متاثر ہے، یہ کم عمر ملزم دہشت گردانہ حملوں کے اپنے ارادوں پر عمل کرنے کے بعد 2 ایسی دستاویزات بھی جاری کرنا چاہتا تھا جن میں سے ایک میں اس نے ٹیرنٹ کے لیے مقدس ٹیرنٹ کے الفاظ استعمال کیے تھے۔

    خیال رہے کہ سنگاپور کی آبادی تقریباً 60 لاکھ ہے اور اس میں اکثریت چینی، بھارتی اور مالائی نسل کے باشندوں کی ہے، یہاں 15 لاکھ غیر ملکی مہمان کارکن بھی رہتے ہیں۔ یہاں بدھ مت، مسیحیت، ہندو مت، اسلام اور تاؤ مت سب سے بڑے مذاہب ہیں۔

  • بھارت: غنڈوں کا مسلمان خاندان کے گھر پر حملہ، بہیمانہ تشدد

    بھارت: غنڈوں کا مسلمان خاندان کے گھر پر حملہ، بہیمانہ تشدد

    نئی دہلی: بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ کے آبائی ضلع میں غنڈوں نے نہایت دیدہ دلیری سے ایک مسلمان خاندان کے گھر پر حملہ کر کے اہل خانہ کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور جاتے ہوئے گھر کو آگ لگا دی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع اکونا میں غنڈہ گردی کا بدترین واقعہ پیش آیا ہے، یہ ضلع ریاست کے وزیر داخلہ کا آبائی ضلع ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ضلعی ہیڈ کوارٹر سے تقریباً 15 کلو میٹر دور ایک گاؤں میں مسلح بدمعاشوں نے ایک مسلمان خاندان پر لاٹھی، ڈنڈوں اور لوہے کی راڈ سے حملہ کر دیا، بعد ازاں غنڈوں نے گھر کو آگ بھی لگا دی۔

    پولیس کے مطابق مذکورہ خاندان کا سربراہ زرعی مزدور ہے اور وہ اپنی بیوی بسم اللہ نٹ اور سالی سجنا نٹ کے ساتھ رہتے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ گاؤں کے راجہ بھیا گوجر، رام پال گوجر، رام اوتار گوجر اور بلی گوجر نامی افراد نے ان کے گھر میں گھس کر حملہ کیا۔

    مذکورہ افراد نے گھر میں گھس کر اہلخانہ کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور جاتے جاتے گھر کو آگ لگا گئے۔

    پولیس کو درج کروائی گئی ایف آئی آر کے مطابق متاثرین کا حملہ آوروں کے ساتھ زمین کا تنازعہ چل رہا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان اس سے قبل بھی مسلمان خاندان کے ساتھ زبانی تو تکار کرتے رہے اور دھمکیاں دے چکے تھے، متاثرین نے پہلے بھی پولیس کو شکایت درج کروائی لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔

    واقعے کے بعد اہل علاقہ نے پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد پولیس موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ پولیس نے فوری طور پر ملزمان کا گرفتار کرلیا ہے۔

    دھیر پور کے تھانہ انچارج اشوتوش شرما کا کہنا ہے کہ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے چھاپہ مار کارروائیاں کی گئیں جس کے بعد چاروں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

    واقعے کے بعد گاؤں میں کشیدگی ہے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔ دتیا کے پولیس سپرنٹنڈنٹ امن سنگھ راٹھور نے بتایا کہ گاؤں میں ملی جلی آبادی ہے، اس لیے ہر قسم کے احتیاطی اقدامات کیے گئے ہیں۔

    اس سے قبل بھی اسی ضلع میں ایک دلت خاندان پر اسی نوعیت کا حملہ کیا گیا تھا جس میں بدمعاشوں نے ایک دلت خاندان کو تشدد کا نشانہ بنایا اور ان کے گھر کو آگ لگادی۔ مذکورہ واقعے کے ملزمان تاحال فرار ہیں۔