Tag: حملہ

  • خونخوار ٹائیگر نے اپنے ٹرینر پر حملہ کردیا، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    خونخوار ٹائیگر نے اپنے ٹرینر پر حملہ کردیا، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    چین میں سرکس کے ایک خونخوار ٹائیگر نے اپنے ٹرینر پر حملہ کردیا جس کی دہشت ناک ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

    یہ واقعہ شمالی چین میں پیش آیا جہاں سینکڑوں تماشائیوں کی موجودگی میں شیر کا سرکس جاری تھا۔ اس دوران شیر اپنے ٹرینر کی طرف خطرناک ارادے سے بڑھا جس کے بعد ٹرینر نے اسے زمین پر گرانے کی کوشش شروع کردی۔

    اس دوران وہاں موجود دیگر ٹرینرز بھی اس کی مدد کو پہنچے، ایک شخص نے چھڑی مار مار کر شیر کو وہاں سے دور ہٹانے کی کوشش کی۔

    تمام منظر کے دوران شائقین خوف سے چلاتے رہے۔

    سرکس انتظامیہ کے مطابق خوش قسمتی سے شیر کے دانت نکالے جا چکے تھے لہٰذا ٹرینر کو چند معمولی خراشیں آئیں، اسپتال میں کچھ وقت گزارنے کے بعد اسے گھر بھیج دیا گیا جہاں وہ روبصحت ہے۔

    حادثے میں سرکس کی ایک خاتون ورکر بھی معمولی زخمی ہوئیں۔

    واقعے کی خوفزدہ کردینے والی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تو ملک بھر سے سرکس انتظامیہ پر تنقید شروع ہوگئی۔

    جانوروں کی فلاح کے لیے کام کرنے والی کئی تنظیموں نے مطالبہ کیا کہ سرکس کے لیے جانوروں پر اس ظلم کا خاتمہ کیا جائے۔

    ایک تنظیم کی جانب سے کہا گیا کہ جب کسی جانور کو اس طرح قید رکھا جاتا ہے تو وہ سخت تناؤ کا شکار ہوجاتا ہے، ایسی صورت میں وہ مزید خطرناک بن جاتا ہے اور انسانوں کے لیے ایک خطرہ ہوتا ہے۔

    کئی افراد نے کہا جانور بھی احساس رکھتے ہیں، انہیں آزاد رہنے کا حق ہے اور وہ انسانوں کو تفریح فراہم کرنے کے لیے پیدا نہیں ہوئے۔

    بے شمار افراد نے سرکسز کو بند کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

    اس سے قبل گزشتہ ماہ ہی ایسا اور واقعہ پیش آچکا ہے جس میں سرکس کے بھاری بھرکم سیاہ ریچھ نے اپنے ٹرینر پر حملہ کردیا تھا۔

  • مغرب نے حملہ کیا تو نشان عبرت بنا دیں گے: روس

    مغرب نے حملہ کیا تو نشان عبرت بنا دیں گے: روس

    ماسکو: روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے مغربی ممالک کو خبردار کیا ہے کہ اگر انھوں نے حملہ کیا تو روس انھیں نشان عبرت بنا دے گا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق روس کی خود مختار خارجہ پالیسی پر امریکا اور یورپی یونین کی جانب سے ناراضگی کے اظہار سمیت مختلف اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں جن پر روس نے انھیں تنبیہہ کر دی ہے۔

    وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے ایک انٹرویو میں کہا کہ روس کی آزاد خارجہ پالیسی کی وجہ سے مغربی ممالک ناراض ہیں اور ماسکو کو سزا دینا چاہتے ہیں۔

    انھوں نے کہا امریکا اور کچھ یورپی ممالک نے روس کی ترقی و پیش رفت کو روکنے کے لیے اپنی کوششیں دُگنی کر دی ہیں۔

    سی آئی اے کے سابق اہل کار کو روس نے ایک اور تحفہ دے دیا

    سرگئی لاروف کا کہنا تھا مغربی ممالک اپنے روس مخالف اقدامات اور نئی پابندیوں کو جائز ٹھہرانے کے لیے نئی الزام تراشیاں کر رہے ہیں، ان کے پاس اس کی کوئی حقیقی وجہ بھی نہیں ہے۔

    روسی وزیر خارجہ نے مغربی ممالک کو خبردار کیا کہ اگر روس پر کوئی حملہ کیا گیا تو ماسکو انھیں نشان عبرت بنا دے گا۔

    واضح رہے کہ روس پر امریکی انتخابات میں مداخلت کا بھی الزام مسلسل لگ رہا ہے جب کہ روسی حکومت کے ایک مخالف لیڈر کے زہر خورانی کے واقعے پر بھی روس کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

    ادھر ایک ہفتہ قبل امریکی قومی سلامتی کی ایجنسی (این ایس اے) اور سی آئی اے کے سابق کنٹریکٹر ایڈورڈ اسنوڈن کو روس میں مستقل رہائشی اجازت نامہ دیا گیا ہے۔

  • بندروں نے فارم پر حملہ کر دیا.. خوفناک اقدام

    بندروں نے فارم پر حملہ کر دیا.. خوفناک اقدام

    نئی دہلی: بھارت میں بندروں کے جھنڈ نے فارم پر حملہ کر کے 30 بھیڑ کے بچوں کو مار دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت میں بندروں کے جھنڈ نے فارم پر حملہ کر کے 30 بھیڑ کے بچوں کو مار دیا، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کسان اپنے فارم پر موجود نہیں تھا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق حملے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد بھیڑ کے بچوں کو بندروں کے جھنڈ سے بچانے کے لیے جائے وقوعہ پر پہنچے لیکن تب تک بہت دیر ہوچکی تھی۔حملے میں مرنے والے بھیڑ کے بچوں کی عمریں 30 دن تھی۔

    خیال رہے کہ بھارت میں تقریباََ 5 کروڑ بندر ہیں اور اکثر ان کی جانب سے حملوں میں شہری زخمی ہوتے ہیں بعض اوقات ان حملوں میں اموات بھی ہوتی ہیں۔

    اس سے قبل رواں ہفتے بھارت میں ہی بندروں کے ایک جھنڈ نے گھر کی دیوار گرا دی تھی جس کے نتیجے میں ماں اور اس کے چار بچے ہلاک ہوگئے تھے۔

    یاد رہے کہ رواں سال مئی میں بھارتی ریاست اتر پردیش میں بندر لیب اسسٹنٹ سے کرونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ سیمپلز چھین کر فرار ہوگئے تھے۔

  • ماسک پہننے کی تاکید پر مسافروں کا بس ڈرائیور پر بہیمانہ تشدد، ڈرائیور ہلاک

    ماسک پہننے کی تاکید پر مسافروں کا بس ڈرائیور پر بہیمانہ تشدد، ڈرائیور ہلاک

    پیرس: فرانس میں ایک بس ڈرائیور مسافروں کے حملے سے زخمی ہو کر ہلاک ہوگیا، ڈرائیور اور مسافروں کے درمیان فیس ماسک پہننے کے معاملے پر جھگڑا ہوا۔

    59 سالہ فلپ کو گزشتہ ہفتے ساؤتھ ویسٹرن ٹاؤن میں حملے کا نشانہ بنایا گیا، فلپ نے بس میں چڑھنے والے کچھ مسافروں کو ماسک پہننے کا کہا جس پر مسافروں نے مشتعل ہو کر اسے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔

    2 دن اسپتال میں رہنے کے بعد فلپ دم توڑ گیا۔ فلپ کی بیٹی میری کے مطابق ڈاکٹروں نے انہیں دماغی طور پر مردہ قرار دے دیا تھا اور وہ لائف سپورٹ سسٹم پر تھے۔

    اہلخانہ نے ان کا لائف سسٹم سپورٹ بند کردینے کا فیصلہ کیا تھا اور بیٹی کے مطابق ان کے فیصلے کو ڈاکٹرز کی حمایت بھی حاصل تھی۔

    فرانسیسی وزیر اعظم جین کسٹکس نے فلپ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فلپ ایک مثالی شہری تھا اور قوم اسے کبھی فراموش نہیں کرے گی، انہوں نے حملے کو بزدلانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حملہ آوروں کو سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔

    فلپ کے اہلخانہ نے ان کی موت کے بعد ایک مارچ کا بھی اہتمام کیا جس کا آغاز اسی بس اسٹاپ سے کیا گیا جہاں فلپ پر حملہ ہوا تھا۔

    اب تک 2 مسافروں پر ارادہ قتل کی دفعات عائد کی گئی ہیں تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ فلپ کی موت کے بعد ان پر قتل کی دفعات عائد کردی جائیں گی، 3 مزید افراد بھی پولیس کی حراست میں ہیں جن میں سے 2 پر فلپ کی مدد نہ کرنے جبکہ تیسرے پر حملہ آور کو پناہ دینے کا الزام ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد فلپ کے دیگر ساتھیوں نے سیکیورٹی فراہم کیے جانے تک کام کرنے سے انکار کردیا تھا۔ ان کا مطالبہ تھا کہ طویل فاصلے کے روٹ پر انہیں سیکیورٹی ایجنٹس فراہم کیے جائیں جو بس میں موجود رہیں۔

  • ہمیں کوئی شک نہیں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ بھارت میں پلان ہوا، وزیراعظم

    ہمیں کوئی شک نہیں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ بھارت میں پلان ہوا، وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں کوئی شک نہیں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ بھارت میں پلان ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ سے ایک رات پہلے کوئی ٹی وی دیکھتا تو سمجھتاحکومت کا آخری دن ہے۔انہوں نے اسمبلی میں ساتھ دینے پر خواتین ارکان اور اقلیتی نمائندوں کا شکریہ ادا کیا۔

    وزیراعظم نے قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے سب انسپکٹر شاہد،اسٹاک مارکیٹ کے تین سیکیورٹی گارڈز خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدا نے قربانیاں دے کر دشمنوں کا بڑ اپلان ناکام بنایا۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ ممبئی میں ہونے والی دہشت گردی جیسا منصوبہ بنایاگیا تھا،ہمیں کوئی شک نہیں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ بھارت میں پلان ہوا۔انہوں نے بتایا کہ دہشت گرد حملے سے نمٹنے کے لیے ہماری پوری تیاری تھی۔

    وزیراعظم پاکستان نے انٹیلی جنس ایجنسیز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی کوئی بھی طاقتور ملک اس طرح کا حملہ نہیں روک سکتا تھا۔

    قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہم نے 5 ہزار ارب روپے اکھٹا کرنا تھا،ہمیں ایک ہزار ٹریلین روپے شارٹ فال کا سامنا ہے۔

    لاک ڈاؤن سے متعلق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے اثرات کا اندازہ لوگ پوری طرح نہیں لگا سکتے،ہم نے وہ لاک ڈاؤن نہیں کیا جتنا ہم پر دباؤ ڈالا جا رہا تھا، غریب لوگوں کی زندگی آسان بنانے کے لیے لاک ڈاؤن کو جلدی کھولا۔

    وزیراعظم نے کہا کہ پاور سیکٹر ملک پر اس وقت سب سے بڑا عذاب بنا ہوا ہے،پاور سیکٹر کے تمام کنٹریکٹس اور قرضہ ہماری حکومت سے پہلے کا ہے،پاور سیکٹر کو ٹھیک کرنے کے لیے بڑے چینجز کرنا پڑیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ اداروں میں اصلاحات ناگزیر ہے،پی آئی اے ،ریلوے، اسٹیل ملز سب ادارے نقصان میں ہیں،بند مل کے ملازمین کی تنخواہوں کے لیے 34ارب روپے دے چکے ہیں۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ جب تک اداروں کوٹھیک نہیں کرتے تو ہم اور نیچے کی طرف جائیں گے،اب اداروں میں اصلاحات کریں گے یا پھر برے وقت کا سامنا کریں گے۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ میرا ہر بیان اٹھا کر دیکھ لیں ہر جگہ کہا پاکستان کو ریاست مدینہ بنانا میرا وژن ہے،جنرل اسمبلی میں پہلی بار کسی نے بتایا کہ ریاست مدینہ کیا تھی۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ جنرل اسمبلی میں بتایا ریاست مدینہ میں اقلیتوں کو برابر کے شہری کا حقوق ہے،اللہ نے ہماری بہتری کے لیے نبیﷺ کی سنت پر چلنے کے لیے کہا ہے،جو قوم مدینہ ریاست کے اصولوں پر چلے گی اٹھ جائے گی۔

  • نیوزی لینڈ حملے کی طرز پر مسلمانوں پر وار کرنے کی منصوبہ بندی کرنے والا شخص گرفتار

    نیوزی لینڈ حملے کی طرز پر مسلمانوں پر وار کرنے کی منصوبہ بندی کرنے والا شخص گرفتار

    برلن: جرمنی میں پولیس نے نیوزی لینڈ حملے کی طرز پر مسلمانوں پر وار کرنے کی منصوبہ بندی کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق جرمن پولیس نے نیوزی لینڈ حملے کی طرز پر مسلمانوں پر وار کرنے کی منصوبہ بندی کرنے والے 21 سالہ شخص کو گرفتار کر لیا۔

    سرکاری پراسیکیوٹر نے بتایا کہ جرمنی کے شمالی شہر ہلدیشیئم سے تعلق رکھنے والے ملزم نے انٹرنیٹ پر حملے سے متعلق اپنے منصوبے سے آگاہ کیا تھا۔

    پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ ملزم نے اپنی گفتگو میں کرائسٹ چرچ واقعے کا ذکر کیا تھا جہاں دو مساجد میں حملوں میں 51 افراد جاں بحق ہوئے تھے، ملزم اسی طرز کا حملہ کرنا چاہتا تھا، اس کا مقصد مسلمانوں کو قتل کرنا تھا۔

    پولیس نے ملزم کے قبضے سے الیکٹرانک فائلز برآمد کی ہیں جس میں دائیں بازو کے سخت گیر نظریات کا مواد موجود ہے۔ ملزم کو دو روز قبل گرفتار کیا گیا تھا، جس کے بعد اس پر جرائم کرنے کا ارادہ اور اسلحہ خرید کر کشیدگی کو ہوا دینے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

    یاد رہے کہ جرمنی میں گزشتہ ایک سال کے دوران دائیں بازو کے سخت گیر افراد کی جانب سے کئی حملے کیے جا چکے ہیں۔

  • مگر مچھ کا نوالہ بننے سے پہلے خاتون کے آخری درد بھرے الفاظ

    مگر مچھ کا نوالہ بننے سے پہلے خاتون کے آخری درد بھرے الفاظ

    واشنگٹن: امریکا میں مگرمچھ کا نوالہ بننے والی خاتون کے آخری درد بھرے الفاظ نے لوگوں کو افسردہ کردیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز امریکی ریاست کیرولائنا کے کیواہ جزیرے میں خونخوار مگر مچھ کو چھونے کی کوشش کرنے والی خاتون موت کے منہ میں چلی گئی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس سے پہلے کہ ریسکیو عملہ خاتون کو بچا باتا مگرمچھ اسے حملہ کرکے ہلاک کرچکا تھا۔ پولیس کے مطابق خاتون نے خونخوار مگرمچھ کے جبڑے میں پھنسے کے بعد آخری الفاظ یہ کہے ’شاید میں اب جانوروں کو دوبارہ کبھی چھو نہیں سکوں گی‘۔

    ونڈو شاپنگ کرتے مگر مچھ نے شہریوں کو خوفزدہ کردیا

    خیال رہے کہ مذکورہ خاتون جزیرے پر نجی مصروفیات کے سلسلے میں آئی تھی، انہوں نے مگرمچھ کو دیکھا تو اسے چھونے کی کوشش کی۔

    بعد ازاں مگرمچھ موقع دیکھتے ہی خاتون پر جھپٹ پڑا اور چبا کر ہلاک کردیا۔ البتہ یہ ابھی امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ خاتون کی موت پانی میں دم گھٹنے کی وجہ سے بھی ہوسکتی ہے۔

  • عراق: داعش سے جھڑپ، 2 امریکی فوجی ہلاک

    عراق: داعش سے جھڑپ، 2 امریکی فوجی ہلاک

    بغداد: عراق میں امریکی فوجیوں اور شدت پسند تنظیم داعش کے درمیان جھڑپ کے نتیجے میں دو اہلکار ہلاک ہوگئے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی فوجی اہلکاروں کی ہلاکت داعش سے جھڑپ کے باعث ہوئیں۔ تاہم حملے سے متعلق مکمل تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں۔

    دولت اسلامیہ اور امریکی فوج کے درمیان جھڑپ کس مقام پر ہوئی اس سے متعلق بھی کوئی اطلاع نہیں ملی۔

    خیال رہے کہ ایرانی کمانڈر قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد امریکی فوج عراق میں مسلسل نشانوں پر ہے، اس سے قبل بھی ایرانی حملوں میں کچھ فوجی اہلکار مارے جاچکے ہیں۔

    جبکہ اس سے قبل متعدد بار داعش اور فوجی اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں بھی ہوچکی ہیں۔

    یاد رہے کہ مئی 2016 میں عراق میں تعینات ایک امریکی نیوی فوجی افسر داعش کے حملے میں مارا گیا تھا۔

  • سعودی عرب: نماز جمعہ کے دوران امام مسجد پر چاقو سے حملہ، ملزم گرفتار

    سعودی عرب: نماز جمعہ کے دوران امام مسجد پر چاقو سے حملہ، ملزم گرفتار

    ریاض: سعودی عرب میں ایک شخص نے نماز جمعہ کے دوران جامع مسجد کے امام پر چاقو سے حملہ کردیا، حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق جازان ریجن کی بیش کمشنری کی جامع مسجد کے امام کو نماز کے دوران چاقو سے زخمی کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔

    امام کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ان کی حالت قدرے بہتر بتائی جارہی ہے۔

    واقعہ اس وقت پیش آیا جب جامع مسجد کے امام نماز جمعے کی دوسری رکعت میں تھے کہ اچانک ایک شخص نے ان پر چاقو سے حملہ کر دیا۔

    حملہ آور کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ ذہنی مریض ہے، ملزم کو گرفتار کر لیا گیا جس سے تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور اسی قصبے کا رہائشی ہے اور کافی عرصے سے نفسیاتی اسپتال میں زیر علاج تھا۔

  • پنجاب میں جج پر حملہ ہوگیا

    پنجاب میں جج پر حملہ ہوگیا

    شیخوپورہ: پنجاب میں خاتون سول جج سعدیہ اسلم کی گاڑی پر حملہ ہوگیا، بھاری بھرکم پتھر جج کی جانب پھینکے گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب کے شہر شیخوپورہ میں دیوڑھی والا پل سے خاتون سول جج کی گاڑی پر پتھر پھینکے گئے، خوش قسمتی سے خاتون سول جج سعدیہ اسلم محفوظ رہیں جبکہ ملزم فرار ہوگیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ نامعلوم شخص نے دیوڑھی پل کے اوپر سے جج کی گاڑی پر بھاری پتھر پھینکے، بھاری بھرکم پتھروں کی زد میں آکر 3گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ خاتون سول جج لاہور سے شیخوپورہ آرہی تھیں۔

    پولیس نے واقعے سے متعلق تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

    متعلقہ ادارے کے مطابق یہ واقعہ ذاتی دشمنی کا ہے یا دہشت گردی کا یہ کہنا قبل از وقت ہوگا تاہم پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ثبوت اکھٹے کیے، جلد گرفتاری کے لیے چھاپے بھی مارے جاسکتے ہیں۔