Tag: حملہ

  • سفاک شہری نے تیزدھار آلے سے لڑکی پر حملہ کردیا

    سفاک شہری نے تیزدھار آلے سے لڑکی پر حملہ کردیا

    لندن: برطانیہ میں چاقو سے حملہ کرکے لڑکی کی جان لینے کی کوشش کرنے والا درندہ صفت شہری گرفتار ہوگیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ روز برطانوی دارالحکومت لندن میں پیش آیا جہاں پبلک ٹوائیلیٹ میں مبینہ طور پر 21 سالہ شہری نے اٹھارہ سالہ لڑکی پر تیز دھار آلے سے حملہ کرکے قتل کرنے کی کوشش کی۔ خاتون کے پیٹ اور گلے پر چاقو کے گہرے زخم آئے۔

    واقعے کے فوری بعد ہی پولیس نے تحقیقات کا آغاز کیا اور ایک دن کے بعد ملزم کی گرفتاری عمل میں آئی۔ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ خاتون کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔ جبکہ پولیس حکام نے بتایا ہے کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پبلک ٹوائیلیٹ کے اطراف سناٹا تھا۔

    لندن برج پر پولیس کی فائرنگ، چاقو بردار شخص ہلاک

    سرکاری اعداد وشمار کے مطابق برطانیہ میں گزشتہ سال 7 فیصد چھری کے حملوں کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ خیال رہے کہ برطانیہ میں گزشتہ سال اپریل میں بھی 17 سالہ نوجوان چاقو کے متعدد وار کے باعث ہلاک ہوگیا تھا، مقتول جھگڑے کے دوران چاقو زنی کا شکار ہوا تھا۔

    خیال رہے کہ برطانیہ میں بچوں کے حقوق کے کام کرنے والے کمشنر کی جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ 10 برس سے 17 برس کی عمر کے ایسے 27ہزار بچوں کی شناخت ہوئی جو صرف انگلینڈ میں جرائم پیشہ گروہوں سے وابستہ ہیں۔

  • لاہور میں پولیس پارٹی پر حملہ ہوگیا، اہلکاروں پر بدترین تشدد

    لاہور میں پولیس پارٹی پر حملہ ہوگیا، اہلکاروں پر بدترین تشدد

    لاہور: پنجاب میں پولیس پارٹی پر حملے کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا، لاہور کے علاقے کینٹ بھٹہ کوہاڑ میں اہلکاروں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس اہلکاروں پر حملے کا مقدمہ تھانہ جنوبی کینٹ میں درج کر لیا گیا ہے۔ تھانہ ڈیفنس بی پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ڈیرہ جمیل پر چھاپہ بھی مارا۔

    ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ڈیرے پر موجود مسلح افراد نے پولیس کو ہی یرغمال بنا لیا، مسلح افراد اہلکاروں کو موبائل وین سمیت ڈیرے میں لے گئے، مسلح افراد نے ڈیرے کا دروازہ بند کرکے اہلکاروں پر تشدد کیا۔

    سندھ کی پولیس پارٹی پر پنجاب میں حملہ

    ایف آئی آر کے مطابق مسلح افراد نے پولیس موبائل وین بھی توڑ دی، پولیس کو مطلوب ملزم یاسین پٹھان اور عاقب کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی، مسلح افراد کے ساتھ جھگڑے میں مطلوب دیگر ملزمان فرار ہوگئے۔

    ڈیرہ مالک جمیل عرف جیلا سمیت 16افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، مقدمہ اے ایس آئی اشفاق کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ اس سے قبل گزشتہ روز پنجاب میں سندھ پولیس پارٹی پر حملہ ہوا تھا۔ پولیس اہلکار اہم ملزم کی گرفتاری کے لیے پنجاب گئے تھے۔ تاہم یہ معاملہ بھی زیر تفتیش ہے۔

  • سندھ کی پولیس پارٹی پر پنجاب میں حملہ

    سندھ کی پولیس پارٹی پر پنجاب میں حملہ

    ساہیوال: سندھ کی پولیس پارٹی پر پنجاب میں حملہ ہوگیا، پولیس پارٹی کراچی سے اغوا خاتون کی بازیابی کے لیے پنجاب گئی تھی، حملہ ساہیوال کے نواحی گاؤں میں کیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق حملہ آوروں نے سندھ پولیس پارٹی سے اسلحہ چھیننے کی کوشش بھی کی جس کے باعث ایک پولیس اہلکار زخمی بھی ہوا۔ حملہ آوروں نے اہلکار پر خنجر سے وار کیے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی پولیس اہلکار کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، حملے کے دوران ایک گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچایا گیا۔ معاملے سے متعلق متعلقہ اداروں نے کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔

    دوسری جانب اینٹی نارکوٹکس فورس نے لاہورائیرپورٹ پر کارگو میں کارروائیاں کیں، دوران کارروائی ایک کارٹن سے لاکھوں روپے مالیت کی ہیروئن برآمد ہوئی، منشیات کو چوڑیوں کے ڈبوں میں مہارت سے چھپایا گیا۔

    ذرائع اے این ایف کا کہنا ہے کہ کنسائنمنٹ رحمان مسیح کے نام سے بک کرائی گئی جو مالدیپ جارہی تھی، ایئرپورٹ کارگو میں ہی دوسری کارروائی میں 1.8کلو گرام ہیروئن پکڑی گئ، ہیروئن لیدر جیکٹ میں چھپائی گئی تھی۔

    جیکٹس کی کنسائنمنٹ محمدندیم کے نام سے کینیڈا کے لیے بک کرائی گئی تھی، ملزم کو مزید تفتیش کے لیے سیل منتقل کردیا گیا ہے۔

  • طالبان کا بڑا حملہ، 13 افغان فوجی اہلکار ہلاک

    طالبان کا بڑا حملہ، 13 افغان فوجی اہلکار ہلاک

    کابل: افغانستان میں شدت پسند تنظیم طالبان نے اپنی نوعیت کا بڑا حملہ کیا جس کے نتیجے میں 13 افغان سیکیورٹی فورسز کے اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق طالبان نے افغان صوبے قندوس میں قائم سیکیورٹی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں تیرہ اہلکار ہلاک اور کئی زخمی ہوئے، زخمیوں میں چند کی حالت تشویش ناک ہے۔

    صوبائی حکام نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ شدت پسند کارروائی میں 8 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے، جبکہ تین کو طالبان اغوا کرکے لے گئے۔ دہشت گروں نے چاروں طرف سے سیکیورٹی چیک پوسٹوں کو گھیرا کر نشانہ بنایا، اہلکاروں نے جوابی کارروائی بھی کی۔

    ڈرون حملے کے بعد طالبان کا امریکی فوج پر حملہ

    طالبان اور سیکورٹی اہلکاروں کے درمیان صبح تک مقابلہ جاری رہا، دہشت گردوں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے حملہ کیا۔ افغان فورسز کی جوابی کارروائی میں کئی طالبان کے مارے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔

    خیال رہے کہ 11 جنوری کو افغانستان کے صوبے قندھار میں طالبان نے غیر ملکی افواج پر حملہ کر کے قافلے میں موجود تمام فوجیوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ بعد ازاں نیٹو اور افغان فورسز نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ سڑک کنارے نصب بم کے ذریعے فوجی قافلے کو نشانہ بنایا گیا ہے، قافلے میں امریکی و اتحادی افواج کے اہلکار شامل تھے۔

  • بار کے الیکشن کے لیے شرمناک حرکت کی گئی، میاں اسلم اقبال

    بار کے الیکشن کے لیے شرمناک حرکت کی گئی، میاں اسلم اقبال

    لاہور: پاکستان تحریک انساف کے رہنما میاں اسلم اقبال کا کہنا ہے کہ بار کے الیکشن کے لیے شرمناک حرکت کی گئی، بعض سینئر وکلا بار الیکشن کے لیے شرمناک حرکت کا دفاع کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما میاں اسلم اقبال نے اے آروائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرز اور وکلاء میں صلح ہوگئی تھی اگلے دن وکیلوں نے حملہ کیا، وکلاء گیٹ توڑ کر اسپتال کی ایمرجنسی میں داخل ہوئے۔

    میاں اسلم اقبال نے کہا کہ بار کے الیکشن کے لیے شرمناک حرکت کی گئی، بعض سینئر وکلا بار الیکشن کے لیے شرمناک حرکت کا دفاع کر رہے ہیں۔

    دوسری جانب آج لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عداالت کے جج عبدالقیوم کے سامنے وکلاء کو پیش کیا گیا۔ عدالت نے پی آئی سی میں ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ میں ملوث وکلاء کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

    وکلاٗٗٗ نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر دھاوا بول دیا

    واضح رہے کہ وکلاء کی جانب سے گزشتہ روز پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے اندر گھس کر توڑ پھوڑ کی گئی اور ڈاکٹروں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان رپورٹ لینے کے لیے موقع پر پہنچے تو مشتعل وکلاء نے انہیں بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔

  • ہالینڈ میں چاقو بردار شخص کا حملہ، 3 افراد زخمی

    ہالینڈ میں چاقو بردار شخص کا حملہ، 3 افراد زخمی

    ہیگ: برطانیہ کے بعد ہالینڈ کے شہر ہیگ میں چاقو بردار شخص کے حملے میں 3 افراد زخمی ہوگئے، چاقو زنی کا واقعہ شہر کی ایک بڑی مارکیٹ میں پیش آیا۔

    تفصیلات کے مطابق ہالینڈ کے شہر ہیگ میں چاقو بردار شخص کے حملے میں 3 افراد زخمی ہوگئے، حملہ آور نے خریداری کے لیے مشہور شاہراہ پر موجود افراد پر حملہ کیا۔ واقعے کے بعد شہریوں میں افراتفری مچ گئی اور وہ جان بچانے کے لیے ِادھر اُدھر بھاگنے لگے۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار جائے وقوع پر پہنچیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    پولیس کو سرمئی رنگ کے لباس میں ملبوس 45 سے 50 سالہ شخص کی تلاش ہے جس کے بارے میں شبہ ہے کہ وہ حملے میں ملوث ہوسکتا ہے، حملہ آور موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ عینی شاہدین سے واقعے سے متعلق تفتیش کی جا رہی ہے۔

    لندن برج پر پولیس کی فائرنگ، چاقو بردار شخص ہلاک

    اس سے قبل برطانوی دارالحکومت کے علاقے لندن برج کے قریب دہشت گردی کا واقعہ پیش آیا جس میں ایک چاقو بردار شخص نے لوگوں پر حملہ کردیا تاہم پولیس کی فائرنگ سے حملہ آور ہلاک ہوگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مسلح شخص کے حملے میں 2 افراد ہلاک جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے۔

    برطانوی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق فائرنگ کے بعد لندن برج اور اطراف کی سڑکوں کو کچھ دیر کے لیے بند کردیا گیا تھا جبکہ برج میٹرو اسٹیشن بھی بند کردیا گیا تھا۔

  • بندروں کا طالبات کے اسکول پر حملہ

    بندروں کا طالبات کے اسکول پر حملہ

    مکہ مکرمہ: مکہ مکرمہ کے مشرقی علاقے الزیما میں بندروں کے حملوں سے نہ صرف اسکول کی طالبات بلکہ علاقے میں رہنے والے بچے بھی محفوظ نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مکہ مکرمہ کے طالبات کے اسکول میں بندروں نے دسترخوان پر دھاوا بول دیا اور سارا ناشتہ لے کر فرار ہوگئے۔

    اسکول میں پڑھانے والی خاتون ٹیچر کا کہنا ہے کہ بندروں کے حملے کی وجہ سے نہ صرف اساتذہ بلکہ طالبات بھی ڈری ڈری رہتی ہیں۔ بندروں کے حملے کی وائرل ہونے والی ویڈیو پر متعدد لوگوں نے تبصرے کرتے ہوئے کہا کہ طالبات کو تحفظ فراہم کیا جائے، دہشت کے ماحول میں طالبات کے لیے تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنا ممکن نہیں۔

    علاقہ مکینوں کے مطابق بندروں کے حملے نہ صرف اسکول پر ہوتے ہیں بلکہ علاقے میں رہنے والے بچے بھی حملوں سے محفوظ نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ علاقے کو بندروں کی بڑھتی ہوئی تعداد سے پاک کیا جائے۔

    یاد رہے کہ رواں سال اپریل میں جدہ کے علاقے الفیصلہ میں واقع طالبات کے اسکول پر بندروں نے حملہ کردیا تھا۔ بڑی تعداد میں بندر اسکول کی عمارت میں اس وقت گھسے تھے جب طالبات بریک ٹائم کے دوران اسکول کے احاطے میں تھیں۔

  • ٹڈی دل وزیراعلیٰ کے حلقے سیہون پہنچ گیا، کھیتوں پر حملہ

    ٹڈی دل وزیراعلیٰ کے حلقے سیہون پہنچ گیا، کھیتوں پر حملہ

    سیہون: فصلوں کے دشمن ٹڈی دل کی سندھ بھر میں تباہ کاریاں جاری ہیں، کراچی کے بعد ٹڈیوں نے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کے حلقے سیہون پہنچ کر کھیتوں پر حملہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ سرکار کی نااہلی کا ایک بار پھر پول کھل گیا، ٹڈی دل نے وزیراعلیٰ کے حلقے میں ہی حملہ کرکے کھیت اجاڑنا شروع کردیا۔ کپاس، پیاز اور گندم کی فصلیں شدید متاثر ہورہی ہیں، کاشتکاروں کی شکایت کے باوجود ضلعی انتظامیہ کا عملہ لاپتہ ہے۔

    صوبائی حکومت کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، ٹڈی دل کو تاحال ٹھکانے نہیں لگایا جاسکا، سیہون میں کاشتکاروں نے اپنی مدد آپ کے تحت ٹڈیوں کو کھیتوں سے بھگانے کی کوششیں شروع کردیں۔

    خیال رہے کہ 10 نومبر کو صوبائی وزیر زراعت اسماعیل راہو نے محکمہ پلانٹ پروٹیکشن کو اسپرے کرنے کا حکم دیا تھا جس پر کوئی عمل درآمد نہیں کیا گیا۔ انہوں نے دل چسپ ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے مشورہ دیا تھا کہ کراچی کے شہری ٹڈی دل کی کڑھائی اور بریانی بنا کر کھا سکتے ہیں، ٹڈی دل کراچی کے شہریوں کے پاس خود چلا آیا ہے تو فائدہ اٹھائیں۔

    اندرون سندھ کے بعد ٹڈی دل کا کراچی پر حملہ، وزیر زراعت نے بچنے کا انوکھا مشورہ دے دیا

    اسماعیل راہو کا کہنا تھا کہ ٹڈی دل کراچی کے بعد بلوچستان چلا گیا ہے، ملیر میں ٹڈی دل نے فصلوں کو نقصان نہیں پہنچایا، شہری پریشان نہ ہوں ٹڈی دل عوام کو نقصان نہیں پہنچاتا، اس کے خاتمے کے لیے نوابشاہ اور بدین میں اسپرے کرا رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ اندرون سندھ کے علاوہ ٹڈی دل کراچی پر بھی حملہ کرچکا ہے۔

  • سرجانی ٹاؤن میں پی ٹی آئی ایم این اے پرمبینہ حملے اور اغوا کی کوشش

    سرجانی ٹاؤن میں پی ٹی آئی ایم این اے پرمبینہ حملے اور اغوا کی کوشش

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں پی ٹی آئی ایم این اے پر مبینہ حملے اور اغوا کی کوشش کی گئی، واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی آفتاب جہانگیر پر مبینہ حملے اور اغوا کی کوشش کی گئی۔ دہشت گردی، جان سے مارنے کی کوشش اور اغوا کی دفعات کے تحت واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    آفتاب جہانگیر نے بتایا کہ گزشتہ روز سرجانی میں غریب آبادی کے گھرمسمار کیے جا رہے تھے، قبضہ مافیا، کے ڈی اے اور پولیس کی ملی بھگت سے کارروائی کی جا رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے قانونی دستاویزات طلب کیں تو لوگوں نے حملہ کر دیا، سول کپڑوں میں کلاشنکوف بردار افراد نے فائرنگ کرکے ہراساں کیا۔

    تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ عامر ہمایوں مرزا نامی شخص اور دیگر حملے واغوا میں ملوث ہیں، حملہ آوروں نے اپنا تعلق پیپلزپارٹی اور زرداری ہاؤس سے بتایا۔ انہوں نے کہا کہ اغوا کرنے، دھمکیاں دینے والے افراد کے خلاف مقدمہ درج کرایا، پولیس نے تاحال کسی کو گرفتار نہیں کیا۔

    آفتاب جہانگیر نے کہا کہ واقعے کی رپورٹ درج کرانے کے لیے تھانے جانا چاہا تو راستے میں روک لیا گیا، واقعے کی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے مجھے اغوا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، فوٹیج میں پولیس اہلکاروں کو بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

    حلیم عادل شیخ کے قافلے پر فائرنگ

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کنری میں مجھ پر اور میرے ساتھیوں پر فائرنگ کرکے قاتلانہ حملہ کرایا گیا تھا، حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ راستے میں تیمور تالپور کے قافلے نے حملہ کیا تھا۔

  • جنگلی ہاتھی نے شہری کو موت کے گھاٹ اتار دیا

    جنگلی ہاتھی نے شہری کو موت کے گھاٹ اتار دیا

    کھٹمنڈو: نیپال میں جنگلی ہاتھی نے مقامی شہری پر حملہ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیپال کے مغربی علاقے میں واقع نیشنل پارک کے قریب ہاتھی نے راہ گیر پر حملہ کرکے موقع پر ہی ہلاک کردیا۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق نیشنل پارک کے نزدیک جنگل سے نکل کر اچانک ہاتھی نے شہری پر حملہ کردیا، جس سے ان کے جسم کی ہڈیاں چور ہوگئیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ہاتھی کے حملے کے بعد شہری کا جسم زخموں سے چور اور لہولہان تھا جس کے باعث وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔

    انتظامیہ کے مطابق جنگلوں میں غذا نہ ملنے کے باعث جنگلی جانور شہریوں پر حملہ کررہے ہیں، اس سے قبل جولائی میں بھی اس علاقے میں ایک ہاتھی کے حملے میں ایک باسٹھ سالہ شخص مارا گیا تھا۔

    نیپال میں حالیہ عرصے کے دوران جنگلی جانوروں اور انسانوں کے مابین ٹکراؤ میں اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ ان جانوروں کے لیے قدرتی ماحول کی خرابی قرار دیا جاتا ہے۔

    خیال رہے کہ تھائی لینڈ، نیپال اور بھارت میں ہاتھی بڑی تعداد میں پائے جاتے ہیں، رواں سال فروری میں بھارتی ریاست جھارکنڈ کے مغربی ضلع سنگھ بھم کے علاقے منوہرپوت میں ہاتھیوں نے کھانے کی تلاش میں ایک گھر میں گھس کر گھروالوں پر حملہ کرکے اہل خانہ کو روند ڈالا تھا۔

    آرنلڈ شوازینگر کی گاڑی پر ہاتھی کا حملہ

    ہندوستان میں ہاتھیوں کے جھنڈ پہلے بھی کئی علاقوں پر حملہ کرچکے ہیں، ایک اعداد وشمار کے مطابق سن 2000 سے لے کر اب تک صرف جھاڑکنڈ میں 1000 افراد ہاتھیوں کے غضب ناک حملوں کا نشانہ بن چکے ہیں۔