Tag: حملہ

  • جاپان کے اینیمیشن اسٹوڈیو میں‌ آتشگیر مادے سے حملہ، 26 افراد ہلاک

    جاپان کے اینیمیشن اسٹوڈیو میں‌ آتشگیر مادے سے حملہ، 26 افراد ہلاک

    ٹوکیو :جاپان میں مقامی اینی میشن اسٹوڈیو پر آتش گیر مادے سے حملے کے نتیجے میں 26 افراد ہلاک جبکہ درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق مقامی پولیس نے بتایا کہ ایک نامعلوم شخص نے اسٹوڈیو میں گھس کر توڑ پھوڑ کی جس کے بعد ایک آتش گیر مادہ پھینکا جس سے اسٹوڈیو میں آگ بھڑک اٹھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ یہ افسوس ناک واقعہ جمعرات کی صبح ساڑھے 10 بجے کے قریب پیش آیا جس کے نتیجے میں تین منزلہ عمارت میں شدید آگ بھڑک اٹھی۔

    میڈیا ذرائع کا کہنا تھا کہ واقعے میں 26 افراد ہلاک اور 35 زائد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ واقعے میں ملوث مشتبہ شخص بھی زخمی ہوا ہے جسے حراست میں لے کر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔

    پولیس ترجمان کے مطابق ایک شخص نے اسٹوڈیو میں مادہ پھینکا جس سے آگ بھڑک اٹھی، واقعہ میں ملوث شخص کے بارے میں مزید تفصیلات موصول نہیں ہوئیں ،اس حملے کے مقاصد کا بھی تاحال پتہ نہیں چل سکا ہے۔

    عینی شاہدین کے مطابق انہوں نے جائے وقوعہ کے قریب زوردار دھماکوں کی آوازیں بھی سنیں جب کہ بعد میں لوگوں کو کمبلوں میں لپٹے دیکھا۔

  • چینی قونصل خانے پر حملے کا مرکزی ملزم شارجہ سے پاکستان منتقل

    چینی قونصل خانے پر حملے کا مرکزی ملزم شارجہ سے پاکستان منتقل

    کراچی: خلیجی ریاست میں گرفتار کیے جانے والے چینی قونصل خانے پر حملے کے مرکزی کردار راشد بروہی کو پاکستان منتقل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق چینی قونصل خانے پر حملے کے مرکزی کردار راشد بروہی کو خلیجی ریاست سے پاکستان منتقل کردیا گیا۔ ملزم کو رواں برس جنوری میں شارجہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ راشد بروہی چینی قونصل خانے پر حملے کے دوران نگرانی کرتا رہا، ملزم نے حملہ آوروں کو مکمل سہولیات فراہم کیں جبکہ اس کا تعلق کالعدم بی ایل اے سے ہے۔ راشد بروہی کو 9 لاکھ روپے فراہم کیے گئے تھے۔

    راشد کو رواں برس جنوری میں گرفتار کیا گیا تھا جس کی گرفتاری کا انکشاف محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے ڈی آئی جی عبد اللہ شیخ نے کیا تھا۔

    عبداللہ شیخ کے مطابق سہولت کار نے گرفتاری کے بعد بتایا تھا کہ شارجہ میں را اور دیگر تنظیمیں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرتی ہیں، چینی قونصلیٹ پر حملے کے لیے 9 لاکھ ملے جو دہشت گردوں میں تقسیم کیے۔

    ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ شارجہ پولیس پہلے ملزم کو محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے حوالے کرنا چاہتی تھی تاہم ملزم کے انکشافات کے بعد باقاعدہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) بنا دی گئی۔ حملے کے وقت ملزم کراچی میں ہی موجود تھا تاہم چینی قونصل خانے پر حملے کے فوری بعد ملزم شارجہ فرار ہوگیا تھا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ برس 23 نومبر کو چینی قونصل خانے پر حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی تھی جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار اور 2 شہری شہید ہوئے جبکہ 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔

    دہشت گردی کی اس کارروائی میں چینی قونصل جنرل اور تمام عملہ محفوظ رہا تھا۔

    حملے کے گرفتار 5 دہشت گردوں کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) رپورٹ کے مطابق چینی قونصل خانے پر حملے کے لیے 15 لاکھ کی رقم خرچ کی گئی۔

    رپورٹ کے مطابق 15 لاکھ روپے مختلف وقت میں حملہ آوروں اور سہولت کاروں کو دیے گئے، پیسوں کی منتقلی کے لیے مختلف بینک اکاؤنٹس کا استعمال کیا گیا۔ پیسے ایک دہشت گرد امان اللہ کے اکاؤنٹ میں منتقل کیے جاتے تھے۔ امان اللہ سہولت کاروں میں ماہانہ پیسے تقسیم کرتا تھا۔

    جے آئی ٹی رپورٹ میں پانچوں دہشت گردوں کو خطرناک قرار دیا گیا ہے۔

  • مصری فوج کی چیک پوسٹوں پر دہشت گردوں کا حملہ، 11 جنگجو ہلاک

    مصری فوج کی چیک پوسٹوں پر دہشت گردوں کا حملہ، 11 جنگجو ہلاک

    قاہرہ : مصری فوج نے سینا کے علاقے میں مسلح عسکریت پسندوں کے حملے ناکام بنادیئے،جھڑپوں میں تین سیکورٹی اہلکار ہلاک جبکہ 15زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق مصری فوج نے شمالی سیناءمیں العریش شہر میں سیکیورٹی چیک پوسٹوں پردہشت گردوں کے تین حملے ناکام بنا دئیے اس دوران جھڑپوں میں 11جنگجواورتین سیکورٹی اہلکار بھی مارے گئے، جبکہ 7 کو گرفتار کرلیا گیا،کارروائی کے بعد بعض شدت پسند بھاگ گئے جن کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ بدھ کے روز علی الصبح دہشت گردوں نے ایک ساتھ تین مقامات پر واقع چیک پوسٹوں پرحملے کیے جنہیں مصری فوج نے پسپا کردیا۔

    مقامی قبائلی ذریعے نے بتایا کہ العریش کے وسط میں مسلح عسکریت پسندوں نے تین مقامات سدالوادی، المعہد اور پرانے پارکنگ اسٹینڈ پر واقع چیک پوسٹوں کو حملوں کا نشانہ بنایا تاہم فوج نے عسکریت پسندوں کے حملے ناکام بنا دئیے۔

    غیر ملکی خبر رساں کا کہنا تھا کہ بااثر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ العریش میں دہشت گردوں کے حملے میں تین سیکیورٹی اہلکار بھی ہلاک ہوئے اور15 زخمی ہوئے ۔

    مزید پڑھیں : مصر میں سیاح دہشت گردوں کے نشانے پر، بس حملے میں 17 افراد زخمی

    یاد رہے کہ رواں برس مئی  میں دہشت گردوں نے مصر کے شہر جیزہ میں تاریخی سیاحتی مقام اہرامِ مصر کے نزدیک سیاحوں کی بس کو بم سے نشانہ بنایا گیا جس کے باعث سترہ سیاح شدید زخمی ہوگئے تھے۔

    خیال  رہے کہ اہرامِ مصر کے نزدیک گذشتہ سال دسمبر میں بھی سیاحوں کی ایک بس کو بم حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا جس کے نتیجے میں تین ویت نامی سیاح اور ان کا مصری گائیڈ ہلاک اور دس افراد زخمی ہوگئے تھے۔

  • امریکا کا ایرانی ہتھیاروں کے نظام پر سائبر حملہ، امریکی اخبار کا دعویٰ

    امریکا کا ایرانی ہتھیاروں کے نظام پر سائبر حملہ، امریکی اخبار کا دعویٰ

    واشنگٹن : امریکی فورسز نے ایران پرصدر ٹرمپ کے فضائی حملے کا حکم واپس لینے کے بعد ایرانی ہتھیاروں کے نظام پر سائبر حملہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی سپاہ پاسداران کی جانب سے ایرانی ڈرون طیارہ مار گرانے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی افواج کو فضائی حملہ کرنے کا حکم دیا تھا تاہم کچھ ہی دیر بعد ٹرمپ نے حملے کا فیصلہ واپس لے لیا تھا جس کے بعد ایرانی ہتھیاروں کے نظام پر سائبر حملہ کیا تھا۔

    امریکی خبر رساں ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ فورسز نے مذکورہ سائبر حملے کے ذریعے ایران کے ان کمپیوٹرز کو متاثر کیا ہے جن کے ذریعے راکٹ فائر کیے جاتے ہیں تاہم آزاد خبر رساں اداروں سے ایرانی کمپیوٹرز کے متاثر ہونے کی کوئی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے مبینہ طور پر ایرانی ہتھیاروں کے نظام پر سائبر حملے کرنے کی منصوبہ بندی کئی ہفتوں سے جاری تھی۔

    مقامی خبر رساں ادارک مطابق امریکی حکام کا مذکورہ سائبر حملوں کا مقصد ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب کے ہتھیاروں کو ناقص کرنا تھا جس کے ذریعے انہوں نے امریکی ڈرون طیارے اور تیل کے جہازوں کو نشانہ بنایا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ امریکی سائبر حملے کے باعث ایرانی ہتھیاروں کا نظام کچھ دیر کے لیے بند ہوگیا تھا، امریکا کی وزارت داخلہ کے حکام کا کہنا تھا کہ امریکی کمپیوٹر سسٹم بھی ایرانی ہیکرز کے حملوں کی زد میں ہیں۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ امریکی حکام نے خلیج عمان میں آئل ٹینکرز پر حملوں کا جواب سائبر حملوں کے ذریعے دینے کا مشورہ دیا تھا۔

    مزید پڑھیں: ٹرمپ اور بن سلمان کا ٹیلی فونک رابطہ، ایرانی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال

    واضح رہے کہ ایران کی جانب سے امریکی ڈرون گرائے جانے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوگیا، ایک روز قبل ٹرمپ نے ایران پر حملے کا حکم دے کر واپس لیا جس کے بعد صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی۔

    امریکا نے ایران پر دباؤ بڑھانے کے لیے مشرق وسطیٰ میں بحری بیڑے اور 1500 فوجی تعینات کر رکھے ہیں جبکہ مزید ایک ہزار اہلکاروں کو بھیجنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

  • خلیج عمان میں تیل بردار جہاز پر حملہ کس نے کیا؟ فوٹیج سامنے آگئی

    خلیج عمان میں تیل بردار جہاز پر حملہ کس نے کیا؟ فوٹیج سامنے آگئی

    واشنگٹن: امریکی فوج نے تیل بردار بحری جہازوں کے قریب ایرانی کشتی کی فوٹیج جاری کردی، کشتی پر سوار افراد نے جہاز کے قریب نصب بارودی سرنگ کا معائنہ کیا اور اسے اتار دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی فوج نے ایک تصویری ویڈیو جاری کی ہے جس میں ایرانی پاسداران انقلاب کی ایک کشتی کو بحر اومان میں جاپانی تیل بردار جہاز کے قریب ایک بارودی سرنگ کو ہٹاٹے دیکھا جا سکتا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ بارودی سرنگ اس جہاز کو تباہ کرنے کے لیے نصب کی گئی تھی مگر وہ پھٹ نہیں سکی اور اسے کشتی کے ذریعے ہٹانے کی کوشش کی گئی ہے۔ اس فوٹیج سے ایران کے ان دعوؤں کی قلعی کھل گئی ہے جن میں کہا گیا تھا کہ بحر اومان میں تیل بردار جہازوں پر حملوں میں ایران ملوث نہیں۔

    امریکی سینٹرل کمان کے ترجمان بیل اوربان کا کہنا ہے کہ مقامی وقت کے مطابق شام 4 بج کر 10 منٹ پر پاسداران انقلاب کی ایک پٹرولنگ کشتی کوکوکا بحری جہاز کے قریب گئی۔ کشتی پر سوار افراد نے جہاز کے قریب نصب بارودی سرنگ کا معائنہ کیا اور اسے اتار دیا گیا۔

    قبل ازیں امریکی عہدیداروں نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکا کے پاس تیل بردار جہازوں پر حملوں میں ایران کے ملوث ہونے کا ریکارڈ موجود ہے جس میں ایرانی فوج کو بحر اومان میں حملوں کا نشانہ بنائے گئے جہازوں کے قریب بارودی مواد کو اتارتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    امریکا نے خلیج عمان میں‌ ہونے والے حملوں‌ کا ذمہ دار ایران کو قرار دے دیا

    امریکی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنےکی شرط پر کو بتایا کہ اس نے خود وہ فوٹیج دیکھی ہے جس میں پاسداران انقلاب کے اہلکاروں کو تیل بردار جہاز کے قریب نہ پھٹنے والی بارودی سرنگ کو ہٹاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    دریں اثناء اقوام متحدہ میں امریکی ہائی کمیشن نے بحر اومان میں تیل بردار جہازوں پر حملے میں ایران کے ملوث ہونے کے امریکی الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔

  • تیل بردار جہازوں پر حملہ کر کے ایران نے پیغام دیا ہے، سعودی عرب

    تیل بردار جہازوں پر حملہ کر کے ایران نے پیغام دیا ہے، سعودی عرب

    نیویارک/ریاض : اقوام متحدہ میں سعودی عرب کے مستقل مندوب عبداللہ العلمی کا کہنا ہے کہ ’یہ بات خارج از امکان نہیں کہ امریکا کے پاس حملے میں ملوث افراد سے متعلق معلومات ہوں‘۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں تعینات سعودی سفیر عبداللہ المعلمی کا کہنا ہے کہ ایران نے اماراتی سمندری حدود سے پرے چار بحری تیل بردار ٹینکروں پر حملہ کر کے معنی خیز پیغام پہنچانے کی کوشش کی، تاہم ایران جنگ میں دلچسپی نہیں رکھتا۔

    عرب ٹی وی کے مطابق ایک انٹرویو میں عبداللہ المعلمی نے کہا کہ سعودی عرب کو اس بات کا یقین ہے کہ فجیرہ کے نزدیک بین الاقوامی سمندر میں جہازوں پر حملے میں ایران ملوث ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ بات خارج از امکان نہیں کہ امریکا کے پاس حملے میں ملوث افراد سے متعلق معلومات ہوں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے کہا کہ ایران نے حملہ کے ذریعے پیغام دینے کی کوشش کی۔۔۔ تہران جنگ نہیں چاہتا ہے۔

    ادھر اقوام متحدہ میں اس واقعہ سے متعلق پیش کردہ رپورٹ میں حملے کے فنی پہلووں پر بات کی گئی ہے، اس کے سیاسی مضمرات رپورٹ کا حصہ نہیں تھے۔

    امریکا نے ایران کے ساتھ مذاکرات کیلئے 12 شرائط عائد کر دیں

    واضح رہے کہ ایران کے جوہری توانائی معاہدے کی بعض شقوں سے دستبردار ہونے اور خلیجی ممالک سے تیل کی سپلائی روکنے کی دھمکی دینے کے بعد 12 مئی کو خلیج عمان میں 4 تیل بردار بحری جہازوں پر حملہ کیا گیا تھا جن میں سے دو سعودی جہاز تھے تاہم ایران نے اس حملے میں ملوث ہونے کے الزام کو مضحکہ خیز قرار دیا تھا۔

  • چیک پوسٹ پر حملے کے متاثرہ افراد کے لیے امدادی پیکج کا اعلان

    چیک پوسٹ پر حملے کے متاثرہ افراد کے لیے امدادی پیکج کا اعلان

    پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے گزشتہ ہفتے چیک پوسٹ پر حملے کے متاثرہ افراد کے لیے امدادی پیکج کا اعلان کردیا، جاں بحق افراد کے لواحقین کو 25 لاکھ اور زخمیوں کو 10، 10 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان میں گزشتہ ہفتے چیک پوسٹ پر حملے کے متاثرہ افراد کے لیے امدادی پیکج کا اعلان کردیا گیا ہے۔ امدادی پیکج کا اعلان وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان کی جانب سے کیا گیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو 25 لاکھ روپے امدادی پیکج دیا جائے گا۔ زخمیوں کو 10، 10 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر پختونوں کو جنگ میں دھکیلنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں، یہ کوشش کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ پختونوں کے نام پر سیاست کرنے والے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

    محمود خان کا کہنا تھا کہ عوام، پاک فوج اور اداروں کی قربانیوں کی بدولت امن قائم ہوا۔ امن برقرار رکھنے کے لیے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ تمام اضلاع کے مسائل حل کرنا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مسائل کے حل کے لیے ترجیحی بنیادوں پر دن رات محنت جاری ہے، سب پختونوں کے مسائل حل کرنے کے لیے سنجیدہ ہیں۔ 10 ماہ میں قبائلی اضلاع کے کئی مسائل حل کر چکے ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ اور علی وزیر نے مسلح ساتھیوں کے ساتھ مل کر میران شاہ کے علاقے بویا میں پاک فوج کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا، فائرنگ میں گل خان سمیت پاک فوج کے 5 جوان زخمی ہوئے تھے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں مزید تین افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

    اکسا کرحملہ کروانے کے بعد محسن داوڑ معصوم لوگوں کو ڈھال بناتے ہوئے فرارہوگیا جبکہ علی وزیر کو 8 ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا گیا تھا۔

    30 مئی کو محسن داوڑ کو بھی پاک افغان سرحدی علاقے شمالی وزیرستان سے ایک بڑے آپریشن کے دوران گرفتار کرلیا گیا تھا۔

  • افغانستان میں امریکی جاسوس طیارے کا گاڑی پر میزائل حملہ، تین طالبان ہلاک

    افغانستان میں امریکی جاسوس طیارے کا گاڑی پر میزائل حملہ، تین طالبان ہلاک

    کابل: افغانستان میں امریکی جاسوس طیارے  نے گاڑی پر میزائل داغے جس کے نتیجے میں تین طالبان ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک افغان سرحد پر واقع افغان صوبہ پکتیکا میں امریکی جاسوس طیارے کے ایک گاڑی پر میزائل حملے میں تین طالبان ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ جاسوس طیارے کے حملے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی تاہم طالبان نے واقعہ پر کسی قسم کے ردعمل کا اظہار نہیں کیا ہے اور نہ ہی اس بارے میں فوری طورپر کوئی بیان جاری کیا ہے۔

    امریکی ڈرون نے اتوار کے روز مقامی وقت کے مطابق دن دن گیارہ بجے کے قریب افغان صوبہ پکتیکا کے ضلع برمل کے علاقہ باقر خیل میں ایک گاڑی پر ایک میزائل داغا جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار مبینہ طورپر طالبان کے تین جنگجوہلاک اور تین دیگر زخمی ہوگئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ فوری طور پر ہلاک افراد کی شناخت کے بارے میں معلوم نہیں ہوسکا تاہم طالبان نے واقعہ پر کسی قسم کے ردعمل کا اظہار نہیں کیا ہے۔

    یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں افغانستان کے شمالی صوبے بغلان کے شہر پل خمری میں طالبان نے پولیس ہیڈ کوارٹر پر بارود سے بھری گاڑی کے ساتھ حملہ کیا تھا، جس میں 13 سیکورٹی اہل کار ہلاک ہوئے تھے۔

    بغلان: طالبان کا بارود سے بھری گاڑی سے پولیس ہیڈکوارٹر پر حملہ، 13 ہلاک

    دوسری جانب امریکا اور طالبان رہنماؤں کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

  • ایران پر حملہ ضروری ہے امریکا تاخیر نہ کرے، سعودی اخبار کا مطالبہ

    ایران پر حملہ ضروری ہے امریکا تاخیر نہ کرے، سعودی اخبار کا مطالبہ

    ریاض : سعودی خبر رساں ادارے نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ ایران پر پابندیوں کے واضح نتائج ابھی تک سامنے نہیں آئے، اس لیے حملے ضروری ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے حکومت نواز خبر رساں ادارے ’عرب نیوز‘ نے اپنے ایک اداریے میں امریکا سے ایران پر سرجیکل حملے شروع کر دینے کا مطالبہ کیا ہے اورلکھا ہے کہ ایران پر پابندیوں کے واضح نتائج ابھی تک سامنے نہیں آئے، اس لیے حملے ضروری ہیں۔

    سعودی اخبار کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کو ایرانی دھمکیوں کے تناظر میں ایسے حملے ضروری ہو گئے ہیں۔ اخبار نے ان حملوں کو موجودہ کشیدہ صورت حال میں منطقی قدم قرار دیا۔

    اخبار کے مطابق امریکا نے شام کی کیمیائی ہتھیار سازی کی تنصیبات کو نشانہ بنا کر پہلے ہی مثال قائم کر دی تھی۔

    اداریے میں کہا گیا کہ ایران پر پابندیوں کے واضح نتائج ابھی تک سامنے نہیں آئے، اس لیے حملے ضروری ہیں۔ سعودی اخبار سعودی حکومت کے ریسرچ اور مارکیٹنگ گروپ کا حصہ ہے۔

    خیال رہے کہ امریکا سرکار کی جانب سے گزشتہ دنوں ایران پر پابندیوں کو مزید سخت کر دیا گیا ہے، ٹرمپ انتظامیہ نے مشرق وسطیٰ میں اپنے دستوں کی تعداد بھی بڑھا دی ہے.

    تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ موجودہ صورت حال میں‌ عسکری اشتعال انگیزی کا خطرہ بڑھتا جارہا ہے۔

    یاد رہے کہ امریکا ایک برس قبل ایران کے ساتھ کیے گئے جوہری معاہدے سے دستبردار ہو گیا تھا۔

    یاد رہے کہ ایرانی وزیر دفاع میجر جنرل امیر حاتمی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران کسی بھی نوعیت کے خطرے سے نمٹنے کے لیے اعلی ترین دفاعی عسکری استعداد کا حامل ہے۔

  • ہندو انتہا پسندوں کا اداکار کمل ہاسن پر چپل سے حملہ

    ہندو انتہا پسندوں کا اداکار کمل ہاسن پر چپل سے حملہ

    نئی دہلی : ممتاز بھارتی اداکار کمل ہاسن بھی ہندو انتہا پسندوں کے نشانے پر آگئے، تامل ناڈو میں بی جے پی کارکنوں نے کمل ہاسن پر چپل پھینک دی۔

    تفصیلات کے مطابق روشن خیال اور غیر متعصبانہ نظریات کے لیے مشہور اداکار کمل ہاسن پر ہندو انتہا پسندوں پر تنقید کے جرم میں بی جے پی کارکنوں نے چپل سے حملہ کردیا۔

    بھارتی خبر رساں اداروں نے دعویٰ کیا ہے کہ کمل ہاسن ریاست تامل ناڈو میں انتخابی ریلی سے خطاب کررہے تھے کہ اچانک بھارتیہ جنتا پارٹی کے دہشت گردوں نے اداکار کو چپل سے نشانہ بنایا۔

    ہندو انتہا پسند کمل ہاسن کے بیان پر مشتعل تھے جس میں انہوں نے بھارت کا پہلا دہشت گرد ایک ہندو کو قرار دیا تھا۔

    کمل ہاسن کا کہنا تھا کہ مہاتما گاندھی کو قتل کرنے والا دہشت گرد ایک ہندو تھا اور یہ سب اس لیے نہیں کہہ رہا کہ ایک مسلمان علاقے میں مہم چلا رہا ہوں، بلکہ یہی تاریخی حقیقت ہے، یہی گاندھی کا نظریہ ہے۔

    مزید پڑھیں : انڈیا کا پہلا دہشت گرد ایک ہندو تھا: کمل ہاسن نے انتہا پسندوں کو آئینہ دکھا دیا

    واضح رہے کہ کمل ہاسن نے اپنی منفرد اور متنازع فلم “ہے رام” میں‌ بھی اس نظریے کی ترویج کرتے ہوئے مسلمانوں کی مثبت امیج پیش کی تھی۔

    دوسری جانب اداکار کے ان الفاظ نے کھلبلی مچا دی ہے. ایک جانب جہاں سیاست داں ان پر تنقید کر رہے ہیں، وہیں ساتھی انتہاپسند اداکاروں کو بھی کمل ہاسن کے بیان نے آگ بگولا کر دیا ہے۔