Tag: حمل

  • جاپان میں خواتین کو حاملہ ہونے کے لیے اپنی ’باری‘ کا انتظار

    جاپان میں خواتین کو حاملہ ہونے کے لیے اپنی ’باری‘ کا انتظار

    ٹوکیو: 35 سالہ سایاکو جاپان کی رہائشی ہے جو ملازمت پیشہ ہونے کے ساتھ ساتھ شادی شدہ اور ایک بچے کی ماں بھی ہے۔ وہ اور اس کا شوہر اپنے خاندان میں اضافہ چاہتے ہیں تاہم سایاکو کے باس نے سختی سے منع کیا ہے کہ فی الحال وہ حاملہ ہونے کا خیال دل سے نکال دے کیوں کہ ابھی اس کی ’باری‘ نہیں ہے۔

    جاپان میں ملازمت پیشہ خواتین کو حاملہ ہونے کے لیے باری کا انتظار کرنا پڑتا ہے اور یہ نیا رجحان ہے جو جاپان میں فروغ پا رہا ہے جس سے جاپان میں شرح پیدائش میں خاصی حد تک کمی واقع ہوگئی ہے۔

    ویسے تو جاپانی دفاتر اور ادارے دنیا بھر کے اداروں کی طرح حاملہ خواتین کو میٹرنٹی تعطیلات فراہم کر رہے ہیں تاہم ان کا خیال ہے کہ اگر ایک وقت میں کئی حاملہ خواتین تعطیلات پر ہوں گی تو دفتر کے دیگر ملازمین پر کام کے بوجھ میں اضافہ ہوگا۔

    چنانچہ انہوں نے خواتین ملازمین کو مجبور کرنا شروع کردیا ہے کہ وہ باری باری حاملہ ہوں۔

    جاپان میں یہ ایک غیر رسمی اصول بن گیا ہے کہ حاملہ ہوجانے والی خواتین ملازمت سے ہاتھ دھو سکتی ہیں لہٰذا باسز کی مرضی سے ’اپنی باری پر‘ حاملہ ہونا ہی بہتر ہے۔

    مزید پڑھیں: برطانوی کمپنیاں حاملہ خواتین کو بوجھ سمجھتی ہیں

    رواں برس کے آغاز میں یہ غیر رسمی اصول اس وقت اخباروں کی ہیڈ لائن بن گیا جب ایک جوڑے کو اپنی باری کے علاوہ حمل ٹہرانے پر خاتون کے باس سے معافی مانگنی پڑی۔

    دوسری جانب 35 سالہ سایاکو بھی 2 برس سے حمل کے لیے گائنا کولوجسٹ سے رابطے میں تھیں تاہم 2 سال بعد ان کے باس نے کہا کہ ان کی باری ختم ہوچکی ہے اور اب ان کے حاملہ ہونے کی صورت میں وہ ملازمت سے ہاتھ دھو سکتی ہیں۔

    سایاکو کے باس کا کہنا ہے کہ اس وقت دفتر میں موجود ایک اور خاتون ملازم حاملہ ہونے کی زیادہ حقدار ہیں کیونکہ ان کی شادی کو کئی برس گزر چکے ہیں اور تاحال وہ اولاد کی نعمت سے محروم ہیں۔

    سایاکو کا کہنا تھا کہ اگر وہ اسی دفتر میں رہتیں تو نئے بچے کی پیدائش پر خوشی منانے کے بجائے خود کو مجرم محسوس کرتیں چنانچہ انہوں نے اس ملازمت کو خیرباد کہہ دینا ہی بہتر سمجھا۔

    جاپان کی ایک ماہر سماجیات کا کہنا ہے کہ ماں بن جانے والی خواتین سے امتیازی سلوک کرنا عام رویہ بن چکا ہے۔ جاپان کے ایک قانون کے تحت نئی ماؤں کے کام کرنے کے گھنٹے کم ہوجاتے ہیں تاہم یہ تخفیف صرف ایک گھنٹہ تک ہی محدود ہے۔

    صرف ایک گھنٹے کی تخفیف اور چند میٹرنٹی تعطیلات کے عوض خواتین ملازمین سے نہایت متعصبانہ رویہ برتا جاتا ہے اور مالکان اور باسز مزید کوئی رعایت دینے پر تیار نہیں ہوتے۔

    ماہر سماجیات کا کہنا ہے کہ یہ صورتحال خواتین کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے لیے بھی نقصان دہ ہے جبکہ وہ ملازمت اور گھر کے درمیان توازن برقرار رکھنے میں ناکام ہو رہی ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • دوران حمل پھلوں کا استعمال بچے کی دماغی صحت کے لیے فائدہ مند

    دوران حمل پھلوں کا استعمال بچے کی دماغی صحت کے لیے فائدہ مند

    اوٹاوہ: کینیڈا میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق وہ خواتین جو دوران حمل پھلوں کا استعمال زیادہ کرتی ہیں ان کے بچے زیادہ ذہنی استعداد کے حامل ہوتے ہیں۔

    یہ تحقیق کینیڈا کی یونیورسٹی آف البرٹا میں کی گئی۔ تحقیق میں 688 بچوں کو شامل کیا گیا اور ان کے خاندان کی آمدنی اور والدین کی تعلیم کا ڈیٹا حاصل کیا گیا۔

    ماہرین نے نتیجہ اخذ کیا کہ جن ماؤں نے دوران حمل اپنی غذاؤں میں پھلوں کا استعمال زیادہ رکھا تھا ان کے بچے کا آئی کیول لیول دیگر بچوں کی نسبت بلند تھا۔

    تحقیق میں شامل ماہرین کا کہنا ہے کہ جن بچوں کی پیدائش دیر سے ہوتی ہے اور انہیں ماؤں کے شکم میں زیادہ وقت گزارنے کا موقع ملا وہ بچے دیگر بچوں کی نسبت زیادہ صلاحیتوں کے حامل ہوتے ہیں۔

    ان کے مطابق دوران حمل ماؤں کا پھل کھانا بچوں کے لیے اتنا ہی فائدہ مند ہے کہ اگر وہ ایک ہفتہ قبل بھی دنیا میں آجائیں تب بھی انہیں وہی فوائد حاصل ہوں گے جو ماں کے شکم میں مقررہ وقت گزارنے والے بچوں کو حاصل ہوتے ہیں۔

    تاہم ماہرین نے حاملہ ماؤں کو پھلوں کی زیادہ مقدار لینے سے منع کیا۔ پھلوں میں فرکٹوز موجود ہوتا ہے جو ذیابیطس اور وزن میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • قیامت کی نشانی: مرد بچے پیدا کریں گے

    قیامت کی نشانی: مرد بچے پیدا کریں گے

    جدید سائنس نے جہاں ہر شعبے میں بے تحاشہ ترقی کی اور بے شمار تبدیلیاں رونما ہوئیں وہیں اب ہزاروں سال سے  قدرت کے وضع کردہ طریقۂ حمل میں مداخلت کرتے ہوئے بچے جنم دینے کے عمل کا دائرہ کار بھی مردوں تک پھیلا نے کی کوشش شروع کردی ہے۔

    برطانوی اخبار ’دی انڈپنڈنٹ‘ کی جانب سے شائع کردہ رپورٹ کے مطابق دنیا کے چوٹی کے طبی ماہرین کے مطابق رحم کی منتقلی کے ذریعے مرد بھی نئی زندگی کو جنم دے سکتے ہیں۔

    امریکن سوسائٹی فار ری پروڈکٹو میڈیسن کے صدر ڈاکٹر رچرڈ پالسن کا کہنا ہے کہ سائنس کی ترقی کے ساتھ یہ عمل بھی ممکن اور نہایت آسان بن چکا ہے۔

    ان کے مطابق وہ افراد جو جنس کی تبدیلی کے عمل سے گزرے ہوں وہ بھی اس طریقہ کار کے ذریعے نئی زندگی کو جنم دے سکتے ہیں۔

    ڈاکٹر رچرڈ کے مطابق گو کے مرد و خواتین کے اعضا کی ساخت مختلف ہوتی ہے تاہم ان کے جسم کے اندر رحم اور اس کے اندر ایک نئی زندگی کے نمو پانے کے لیے جگہ موجود ہوتی ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر اس طریقہ کار کو واقعی عمل میں لایا جائے تو پھر ان ہارمونز کی منتقلی بھی کرنی ہوگی جو خواتین کے جسم میں حمل کے دوران فعال ہوتے ہیں۔

    علاوہ ازیں مردوں اور خواجہ سراؤں کے یہاں جنم دینے کا عمل سیزیرین آپریشن کے ذریعے ممکن ہوسکے گا۔

    دوسری جانب کچھ ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ حمل اور بچے کی پیدائش خواتین کی صحت کے لیے فائدہ مند ہے اور انہیں بے شمار مسائل سے بچاتا ہے، لہٰذا فی الحال اس طریقہ کار کو قابل عمل بنانے میں بہت سی پیچیدگیاں درپیش ہیں۔

    خیال رہے کہ آج سے 1400 سال قبل کے اسلامی ماخذوں میں قیامت کی نشانیوں میں سے ایک نشانی’مردوں کا بچے پیدا کرنے کا تذکرہ بھی ملتا ہے ‘ جس میں کہا گیا ہے کہ آخری زمانوں میں مرد بھی بچے پیدا کریں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • دوران حمل ان باتوں کا خیال رکھیں

    دوران حمل ان باتوں کا خیال رکھیں

    ماں بننا ایک فطری عمل ہے اور یہ ایک ایسی ذمہ داری ہے جو نہایت احتیاط اور توجہ کی متقاضی ہے۔ ماہرین کے مطابق ایک بچے کی زندگی کا دار و مدار اس وقت سے ہوتا ہے جب ماں کے شکم میں اس کے خلیات بننے کا عمل شروع ہوتا ہے۔

    اس وقت ماں کی عادات و غذا بچے کی صحت اور اس کی نشونما کا تعین کرتی ہیں۔ ایک تحقیق کے مطابق جن بچوں کی پیدائش دیر سے ہوتی ہے اور انہیں ماؤں کے شکم میں زیادہ وقت گزارنے کا موقع ملتا ہے وہ بچے دیگر بچوں کی نسبت زیادہ صلاحیتوں کے حامل ہوتے ہیں۔

    دوران حمل ماؤں کو اپنا خاص خیال رکھنے کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ ان کا بچہ صحت مند پیدا ہو۔ ایسے میں کچھ عادات ماں اور بچے دونوں کی صحت کے لیے نقصان دہ ہوتے ہیں اور ڈاکتڑز کے مطابق انہیں اپنانے سے سختی سے پرہیز کرنا چاہیئے۔

    وہ عادات کیا ہیں آپ بھی جانیں۔

    ٹی وی دیکھتے ہوئے کھانا

    دوران حمل خواتین کو ٹی وی دیکھتے ہوئے کھانے سے پرہیز کرنا چاہیئے۔ یہ ان کی اور ان کے بچے کی صحت پر منفی اثرات مرتب کرسکتا ہے۔

    وزن کا خاص خیال

    حاملہ خواتین کو اپنے وزن کا خاص خیال رکھنے کی ضرورت ہے۔ بہت زیادہ یا بہت کم وزن پیدائش کے وقت کئی پیچیدگیوں کا سبب بن سکتا ہے۔

    الکوحل اور سگریٹ نوشی سے پرہیز

    دوران حمل الکوحل کا استعمال اور سگریٹ نوشی بچے کے لیے زہر قاتل ثابت ہوسکتی ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق امریکا میں ہر سال 1 لاکھ 30 ہزار بچے ایسے پیدا ہوتے ہیں جو منشیات کے مضر اثرات کا شکار ہوتے ہیں۔

    یہ وہ بچے ہوتے ہیں جن کی مائیں دوران حمل منشیات کا استعمال کرتی ہیں۔ اس کا اثر بچوں پر بھی پڑتا ہے اور وہ دنیا میں آنے سے قبل ہی منشیات کے خطرناک اثرات کا شکار ہوجاتے ہیں۔

    بھرپور نیند

    ماں بننے والی خواتین کو اپنی نیند پوری کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ نیند کی کمی بچے کی دماغی صحت پر اثر انداز ہوسکتی ہے۔

    جنک فوڈ سے پرہیز

    دوران حمل بھوک بڑھ جاتی ہے اور وقت بے وقت بھوک لگنے لگتی ہے۔ لیکن خیال رہے کہ حمل کے 9 ماہ کے دوران صحت مند اور غذائیت سے بھرپور غذاؤں کا استعمال کیا جائے اور جنک فوڈ، کیفین یا سافٹ ڈرنک سے زیادہ سے زیادہ پرہیز کیا جائے۔

    مزید پڑھیں: دوران حمل پھلوں کا استعمال بچوں کی ذہنی استعداد میں اضافے کا سبب

    کیفین کا کم استعمال

    امریکا میں ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق دوران حمل چائے یا کافی کا زیادہ استعمال نہ صرف بچے کی صحت کے لیے نقصان دہ ہے بلکہ خود خواتین کو بھی اس سے کئی پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

    سخت ورزش سے گریز

    حاملہ خواتین کو ہلکی پھلکی ورزش کرنی چاہیئے۔ سخت ورزش یا طویل دورانیے تک ورزش جسمانی اعضا کو تھکا دے گی جو تکلیف کا سبب بن سکتا ہے۔

    مائیکرو ویو سے دور رہیں

    مائیکرو ویو اوون سے نکلنے والی تابکار شعاعیں بچے کے دماغ کو نقصان پہنچا سکتی ہیں لہٰذا مائیکرو ویو سے دور رہیں۔

    مچھلی سے محتاط رہیں

    کچی مچھلی میں مرکری موجود ہوسکتی ہے جو بچے کی دماغی صحت کے لیے نقصان دہ ہوسکتی ہے لہٰذا کچی مچھلی کی (پکانے سے قبل) صفائی سے پرہیز کریں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • موٹاپا سیزیرین آپریشن کے رجحان میں اضافے کا سبب

    موٹاپا سیزیرین آپریشن کے رجحان میں اضافے کا سبب

    پاکستان سمیت دنیا بھر میں اس وقت بچوں کی پیدائش کے لیے سیزیرین آپریشن کے رجحان میں اضافہ ہورہا ہے۔ ماہرین کے مطابق موٹاپا اس آپریشن کے رجحان میں اضافے کا سبب بن رہا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ سیزیرین آپریشن نہ صرف ماں کی صحت کے لیے خطرناک ہے بلکہ بڑے ہونے کے بعد بچے میں بھی طبی مسائل پیدا کرسکتا ہے۔

    امریکا میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق حاملہ ماؤں میں موٹاپا ان کے سیزیرین آپریشن کی وجہ بن سکتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ فربہ ماؤں کے بچے بھی فربہ ہوتے ہیں جو پیدائش کے وقت پیچیدگی کا سبب بنتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: دوران حمل ان عادات سے پرہیز ضروری

    حال ہی میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق اس وقت دنیا بھر میں 1 ہزار میں سے 36 بچے آپریشن کے ذریعے پیدا ہو رہے ہیں۔

    چند عشروں قبل تک پیدائش کے وقت ہونے والی پیچیدگی ماں اور بچے دونوں کی ہلاکت کا باعث بنتی تھی تاہم جدید سائنس نے سیزیرین آپریشن کو آسان اور عام بنا دیا ہے۔

    سیزر روم کی پیدائش کے وقت کیا جانے والا آپریشن

    سیزیرین آپریشن کا سب سے پہلا کیس روم کے بادشاہ جولیس سیزر کی پیدائش کے وقت کیا گیا جس کی پیدائش 1 سو سال قبل مسیح ہوئی۔

    تاریخی کتابوں کے مطابق سیزر کی پیدائش کے وقت اس کا باپ جو اس وقت روم کا حکمران تھا، نہایت خوش تھا۔ سیزر کی زچگی اس کی ماں کے لیے انتہائی مشکل ثابت ہوئی۔ بچہ ماں کے کولہے کی ہڈی کے تنگ ہوجانے کی وجہ سے عام طریقے سے ڈیلیور نہ ہو پایا۔

    دوسری جانب سیزر کے باپ نے دائیوں کو پیغام بھجوا دیا کہ اگر اس کے تخت کے وارث کو کچھ ہوا تو وہ سب کو مار ڈالے گا۔ اتنے میں سیزر کی ماں درد کی شدت کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔

    تب ایک تجربہ کار دائی نے مشکل ترین فیصلہ کیا اور خنجر سے مردہ ماں کا پیٹ چاک کر کے بچے کو زندہ باہر نکال لیا۔

    یہیں سے سیزیرین آپریشن کی ابتدا ہوئی جو آنے والے وقتوں میں ماں اور بچے کی جان بچانے کا سبب بھی بن گئی۔

  • حاملہ خواتین کی طبی حفاظت کے لیے اسمارٹ کنگن تیار

    حاملہ خواتین کی طبی حفاظت کے لیے اسمارٹ کنگن تیار

    بنگلہ دیش میں ایک ایسا ہائی ٹیک کنگن تیار کرلیا گیا جو حاملہ خواتین کو مضر صحت دھوئیں سے خبردار کرے گا اور انہیں ان کی صحت سے متعلق تجاویز بھی دے گا۔

    ایک بنگلہ دیشی ٹیک کمپنی کی جانب سے تیار کیا جانے والا یہ کنگن جنوبی ایشیا میں حاملہ خواتین، زچاؤں اور نومولود بچوں کی صحت کے اقدامات کو بہتر کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔

    کوئل نامی کنگن کے اس منصوبے کے سربراہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ ایجاد دیہی خواتین کو مدنظر رکھتے ہوئے کی ہے۔ گاؤں دیہاتوں میں موبائل فون باآسانی کام نہیں کر تے لہٰذا بہت کم خواتین کسی ہنگامی صورتحال میں ڈاکٹر یا ایمبولینس تک رسائی پاسکتی ہیں۔

    مزید پڑھیں: بھارت میں حاملہ خواتین کے لیے خصوصی بائیک ایمبولینس

    علاوہ ازیں موبائل فون ہر خاتون کو دستیاب بھی نہیں ہوتا اور گھر میں موجود موبائل فون زیادہ تر گھر کے مردوں کے پاس ہوتا ہے۔

    مضبوط پلاسٹک سے تیار کیے جانے والے اس کنگن میں طویل مدت تک کام کرنے والی بیٹری نصب کی گئی ہے جو حمل کے 9 ماہ تک آرام سے چل سکے گی۔ اس کنگن کو کام کرنے کے لیے نہ تو چارجنگ کی ضرورت ہوگی اور نہ ہی انٹرنیٹ کنکشن کی۔

    ایک بار بیٹری ختم ہوجانے کے بعد اسے چارج کر کے دوبارہ استعمال کیا جاسکتا ہے۔

    یہ کنگن استعمال میں بھی آرام دہ ہے اور جنوبی ایشیا جہاں شادی شدہ خواتین میں ہاتھوں کو چوڑیوں اور کنگنوں سے سجائے رکھنے کا رواج ہے، وہاں انہیں پہننے میں بھی کوئی الجھن نہیں ہوگی۔

    کنگن میں نصب کیا گیا سسٹم خواتین کو مقامی زبان میں ان کی صحت سے متعلق آگاہی دیتا رہے گا۔ ساتھ ہی وہ یہ تجاویز بھی دے گا کہ حاملہ خاتون کو کیا کھانا چاہیئے اور کب ڈاکٹر کے پاس جانا چاہیئے۔

    یہ کنگن اس وقت ایک الارم بھی بجائے گا جب اسے پہننے والی خاتون کے گرد کاربن مونو آکسائیڈ گیس کا زہریلا دھواں بڑی مقدار میں پھیل جائے گا۔ یہ دھواں عموماً اس وقت خارج ہوتا ہے جب دیہی علاقوں میں لکڑی، گوبر یا کوئلے کے چولہے جلائے جاتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: کوریا کی بسوں میں حاملہ خواتین کے لیے خصوصی الارم نصب

    یاد رہے کہ عالمی ادارہ صحت کے مطابق دنیا بھر میں روزانہ 830 خواتین زچگی یا حمل کے دوران مختلف پیچیدگیوں کے باعث موت کے گھاٹ اتر جاتی ہیں۔ ان اموات میں سے ایک تہائی اموات جنوبی ایشیا میں ہوتی ہیں۔

    دوسری جانب بنگلہ دیش میں 70 فیصد بچوں کی پیدائش گھروں میں ہوتی ہے۔ طبی سہولیات کی عدم موجودگی، صفائی کے فقدان اور مختلف پیچیدگیوں کے باعث ہر سال 77 ہزار نومولود بچے جبکہ 5 ہزار مائیں زچگی کے دوران جان کی بازی ہار جاتی ہیں۔

    کوئل نامی اس کنگن کو بنگلہ دیش کے ساتھ بھارتی ریاست اتر پردیش کے دیہی علاقوں میں بھی استعمال کیا جارہا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • بھارت میں میڈیکل سائنس کی تاریخ کا انوکھا ٹرانسپلانٹ

    بھارت میں میڈیکل سائنس کی تاریخ کا انوکھا ٹرانسپلانٹ

    نئی دہلی: بھارت کے شہر پونا میں میڈیکل سائنس کا ایسا انوکھا ٹرانسپلانٹ کامیابی سے کرلیا گیا جو اب تک بہت کم عمل میں آیا ہے۔

    اس آپریشن میں ایک 21 سالہ خاتون کے جسم میں بچہ دانی ٹرانسپلانٹ کی گئی ہے جو پیدائشی طور پر اس سے محروم تھی۔ خاتون کو اس کی ماں نے اپنا رحم (یوٹریس) عطیہ کیا ہے۔

    یہ بھارت میں اس نوعیت کا پہلا آپریشن ہے جس کے کامیاب ہوتے ہی ماں بننے کی صلاحیت سے محروم سینکڑوں خواتین نے آپریشن کے لیے رجسٹریشن کروالی ہے۔

    مزید پڑھیں: بھارت کی کاشتکار خواتین ماں بننے کے اعضا سے جبراً محروم

    اس پیچیدہ آپریشن کو مکمل ہونے میں پورا دن صرف ہوا جس میں پہلے ماں کا یوٹریس اس کے جسم سے بحفاظت نکالنے میں 4 گھنٹے کا وقت لگا۔

    آپریشن کے روز اسپتال میں خواتین کے اہل خانہ کے علاوہ دیگر تمام رشتے داروں اور میڈیا کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کردی گئی۔

    ٹرانسپلانٹ کرنے والی ڈاکٹرز کی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر شلیش پنٹامبکر کا کہنا تھا، ’ہم کوئی چانس نہیں لے سکتے تھے۔ اس آپریشن کے لیے ہم ڈاکٹرز پورے سال سے تحقیق اور تیاری کر رہے تھے‘۔

    آپریشن میں شامل ایک گائنا کالوجسٹ ڈاکٹر ملنڈ تلنگ کا کہنا تھا کہ یہ آپریشن نہ صرف طب کے شعبے میں ایک اہم کامیابی ہے، بلکہ یہ بھارت کی ان ہزاروں خواتین کے لیے بھی امید کی ایک کرن ہے جو کسی وجہ سے ماں بننے سے محروم ہیں۔

    مزید پڑھیں: اووری کے کینسر کی علامات جانیں

    اس سے قبل یوٹریس ٹرانسپلانٹ کا پہلا آپریشن سنہ 1978 میں ڈنمارک میں کیا گیا تھا جو ایک خواجہ سرا کا تھا۔ تاہم 3 ماہ بعد ہی اس کے جسم نے اس عضو کو قبول کرنے سے انکار کردیا جس کے بعد اس کی موت واقع ہوگئی۔

    سنہ 2014 میں سوئیڈن میں ٹرانسپلانٹڈ یوٹریس کے بعد ایک صحت مند بچے کی کامیاب پیدائش بھی عمل میں آئی تاہم یہ پیدائش قبل از وقت تھی اور ڈاکٹرز کو اس کے لیے سیزیرین آپریشن کرنا پڑا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • فطرت کے قریب وقت گزارنے والی حاملہ ماؤں کے بچے صحت مند

    فطرت کے قریب وقت گزارنے والی حاملہ ماؤں کے بچے صحت مند

    یوں تو فطری ماحول، درختوں، پہاڑوں یا سبزے کے درمیان رہنا دماغی و جسمانی صحت پر مفید اثرات مرتب کرتا ہے، تاہم حال ہی میں ایک تحقیق میں انکشاف ہوا کہ وہ حاملہ مائیں جو اپنا زیادہ وقت فطرت کے قریب گزارتی ہیں، وہ صحت مند بچوں کو جنم دیتی ہیں۔

    برطانیہ کی بریڈ فورڈ یونیورسٹی کی جانب سے کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق وہ حاملہ خواتین جو اپنے حمل کا زیادہ تر وقت پرسکون و سر سبز مقامات پر گزارتی ہیں، ان کا بلڈ پریشر معمول کے مطابق رہتا ہے اور وہ صحت مند بچوں کو جنم دیتی ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے بچوں میں بڑے ہونے کے بعد بھی مختلف دماغی امراض لاحق ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

    مزید پڑھیں: سبزہ زار بچوں کی ذہنی استعداد میں اضافے کا سبب

    تحقیق میں یہ بھی دیکھا گیا کہ فطرت کے قریب رہنا آپ کو موٹاپے اور ڈپریشن سے بھی بچاتا ہے۔

    مذکورہ تحقیق کے لیے درمیانی عمر کے ان افراد کا تجزیہ کیا گیا جو سبزے سے گھرے ہوئے مقامات پر رہائش پذیر تھے۔ ماہرین نے دیکھا کہ ان میں مختلف بیماریوں کے باعث موت کا امکان پرہجوم شہروں میں رہنے والے افراد کی نسبت 16 فیصد کم تھا۔

    woman-2

    ماہرین نے بتایا کہ ان کے ارد گرد کا فطری ماحول انہیں فعال ہونے کی طرف راغب کرتا ہے، جبکہ وہ ذہنی دباؤ کا شکار بھی کم ہوتے ہیں۔

    ایسے افراد شہروں میں رہنے والے افراد کی نسبت دواؤں پر انحصار کم کرتے ہیں۔

    تحقیق میں کہا گیا کہ لوگ جتنا زیادہ فطرت سے منسلک ہوں گے اتنا ہی زیادہ وہ جسمانی و دماغی طور پر صحت مند ہوں گے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ سرسبز مقامات پر زندگی گزارنے کے علاوہ، اگر لوگ پر ہجوم شہروں میں رہتے ہیں تب بھی انہیں سال میں ایک سے دو مرتبہ کسی فطری مقام پر وقت ضرور گزارنا چاہیئے۔

    مزید پڑھیں: فطرت کے قریب وقت گزارنا بے شمار فوائد کا باعث

    ان کے مطابق روزمرہ کی زندگی میں ہمارا دماغ بہت زیادہ کام کرتا ہے اور اسے اس کا مطلوبہ آرام نہیں مل پاتا۔ دماغ کو پرسکون کرنے کے لیے سب سے بہترین علاج کسی جنگل میں، درختوں کے درمیان، پہاڑی مقام پر یا کسی سمندر کے قریب وقت گزارنا ہے۔

    اس سے دماغ پرسکون ہو کر تازہ دم ہوگا اور ہم نئے سرے سے کام کرنے کے قابل ہوسکیں گے۔

  • پہلی بار ماں بننے والی خواتین کے دماغ میں تبدیلی

    پہلی بار ماں بننے والی خواتین کے دماغ میں تبدیلی

    ماہرین کا کہنا ہے کہ پہلی بار ماں بننا خواتین کے دماغ کے خلیات کو تبدیل کردیتا ہے اور وہ قدرتی طور پر اپنے بچوں کے متعلق سوچنے لگتی ہیں۔

    نیچر نیورو سائنس نامی جریدے میں چھپنے والے تحقیقی مضمون کے مطابق پہلی بار حاملہ ہونے والی خواتین کے دماغ کے خلیات و افعال میں تبدیلی آتی ہے جس کے بعد وہ گزشتہ زندگی سے مختلف سوچنے لگتی ہیں۔

    ماہرین کے مطابق پہلی بار حمل ہونے کے بعد خواتین کے دماغ میں موجود سرمئی رنگ کے مادے (گرے میٹر) میں کمی آنے لگتی ہے۔ دماغ کا یہ حصہ دیکھنے، سننے، یادداشت، جذبات، بولنے، خود پر قابو پانے اور فیصلہ سازی میں کردار ادا کرتا ہے۔

    woman-2

    ماہرین کا کہنا ہے کہ جب اس سرمئی حصہ میں کمی یا زیادتی ہوتی ہے تو سوچنے کا انداز بدل جاتا ہے۔

    سائنسی و طبی ماہرین نے اس کے لیے ایسی خواتین کا دماغی اسکین کیا جو پہلی بار ماں بننے والی تھیں۔ 5 سال تک جاری رہنے والی اس تحقیق کے لیے خواتین کے حاملہ ہونے سے قبل، حمل کے دوران، اور بچے کی پیدائش کے بعد بار بار دماغ کا اسکین کیا گیا۔

    مزید پڑھیں: دوران حمل ان عادات سے پرہیز ضروری ہے

    مضمون میں بتایا گیا کہ جذبات میں تبدیلی کے بعد مائیں اپنے بچوں کو اپنی زندگی کا اہم حصہ خیال کرنے لگتی ہیں اور ان کی سوچوں کا دائرہ کار اپنے بچے کے گرد گھومنے لگتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق دماغ میں یہ تبدیلی دیرپا ہوتی ہے اور کافی عرصہ تک موجود رہتی ہے۔

    مضمون کے مطابق اسی قسم کا دماغی اسکین ان افراد کا بھی کیا گیا جو پہلی بار باپ بننے والے تھے، تاہم باپ بننے سے قبل یا بعد میں ان کے دماغ میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں دیکھی گئی۔

  • ژوب کی خواتین زچگی کے آپریشن مرد ڈاکٹرز سے کروانے پر مجبور

    ژوب کی خواتین زچگی کے آپریشن مرد ڈاکٹرز سے کروانے پر مجبور

    کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع ژوب کے ڈی ایچ کیو اسپتال میں گائنا کالوجسٹ نہ ہونے کے باعث خواتین زچگی کے پیچیدہ آپریشن مرد ڈاکٹرز سے کروانے پر مجبور ہیں جس کے باعث انہیں شدید نفسیاتی و سماجی مسائل کا سامنا ہے۔

    پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کاؤنسل پی ایم ڈی سی کے مطابق ڈیڑھ کروڑ سے زائد آبادی والے صوبے بلوچستان میں 2 ہزار 6 سو 77 مرد جبکہ صرف 18 سو خواتین ڈاکٹرز موجود ہیں یعنی 3 ہزار افراد کو صرف ایک ڈاکٹر میسر ہے۔

    بلوچستان کے دوسرے بڑے ضلع ژوب کی آبادی ساڑھے 4 لاکھ سے زائد ہے۔ ژوب ہمیشہ سے مختلف شعبہ جات میں زبوں حالی کا شکار ہے جس میں صحت عامہ کا شعبہ بھی شامل ہے۔

    مزید پڑھیں: بھارت میں حاملہ خواتین کے لیے خصوصی بائیک ایمبولینس

    ژوب کے واحد زنانہ اسپتال میں ماہر خاتون ڈاکٹر یا گائنا کالوجسٹ نہ ہونے کی وجہ سے خواتین مرد ڈاکٹروں سے زچگی کے پیچیدہ کیسز کے آپریشن کروانے پر مجبور ہیں۔

    یہ صورتحال یہاں کے مرد و خواتین کے لیے سخت الجھن کا باعث ہے۔ قبائلی علاقہ ہونے کے باعث یہاں خواتین کے لیے روایتی پردہ دار ماحول ہے۔ اس صورتحال میں زچگی کے کیسز بگڑ جانے کے بعد ان کے پاس کوئی چارہ نہیں کہ وہ اور ان کے اہل خانہ مرد ڈاکٹروں کی خدمات حاصل کریں۔

    دوسری جانب بلوچستان کے وزیر صحت رحمت صالح بلوچ کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت کو درپیش مسائل ورثے میں ملے ہیں۔

    مزید پڑھیں: پاکستان میں صنفی تفریق خواتین کے طبی مسائل کی بڑی وجہ

    انہوں نے بتایا کہ جب انہوں نے وزارت سنبھالی اس وقت صرف 5 ضلعی اسپتالوں میں گائنا کالوجسٹ تھے۔ اب 24 اسپتالوں میں تعینات ہیں لیکن ژوب کا ضلعی اسپتال تاحال محروم ہے۔

    انہوں نے یقین دلایا کہ خواتین کی مشکلات کے پیش نظر بہت جلد ڈی ایچ کیو اسپتال میں گائنا کالوجسٹ کی تعیناتی عمل میں لائی جائے گی۔

    مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ شہریوں کو صحت کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے تاہم اس شعبہ میں وہ حکومتی اقدامات سے مایوس نظر آتے ہیں۔