Tag: حنا ربانی کھر

  • نیب اجلاس: سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر سمیت 13 انکوائریز کی منظوری

    نیب اجلاس: سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر سمیت 13 انکوائریز کی منظوری

    اسلام آباد: قومی ادارہ احتساب بیورو (نیب) کے اجلاس میں سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر سمیت 13 انکوائریز کی منظوری دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ کا نیب ہیڈ کوارٹرز میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کرپشن کیسز کی تحقیقات میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا جبکہ جعلی اکاؤنٹس کیس کی تحقیقات پر پیشرفت رپورٹ بھی زیر غور آئی۔

    اجلاس میں 13 انکوائریوں کی منظوری دی گئی، سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر، غلام ربانی، سابق سیکریٹری مواصلات شاہد اشرف تارڑ، سابق چیئرمین اوقاف صدیق الفاروق اور سابق ایم ڈی شیخ عابد کے خلاف انکوائری کی منظوری دی گئی۔

    اجلاس میں چوہدری شجاعت حسین، پرویز الہٰی، سابق چیئرمین سی ڈی اے کامران لاشاری، سابق ڈائریکٹر غلام سرور سندھو و دیگر کےخلاف بھی بدعنوانی ریفرنس کی منظوری دی گئی۔

    ملزمان پر ڈپلومیٹک شٹل، ٹرانسپورٹ کے غیر قانونی ٹھیکے اور لائسنس دینے کا الزام ہے۔

    چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے جس کا خاتمہ ذمہ داری ہے۔ میگا کرپشن کیسز کو منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے۔

    انہوں نے کہا کہ احتساب سب کے لیے کی پالیسی پرسختی سے عمل پیرا ہیں، فیس نہیں بلکہ ٹھوس شواہد کے مطابق کیس پر یقین رکھتے ہیں۔

    جاوید اقبال نے مزید کہا کہ بدعنوانی کے خاتمے کے لیے زیروٹالرنس کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے نیب ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں سابق چیئرمین کے پی ٹی احمد حیات کے خلاف بدعنوانی ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔

    اجلاس میں سابق وائس چانسلر عبد الولی خان یونیورسٹی مردان احسان علی، ایگزیکٹو انجینئر ایری گیشن خیرپور ایاز احمد اور سابق پولیس افسران ملک نوید، میاں رشید و دیگر کے خلاف بھی ریفرنسز کی منظوری دی گئی تھی۔

    اس موقع پر چیئرمین نیب جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ نیب کرپشن فری پاکستان کے لیے بھرپور کوششیں کررہا ہے۔ وائٹ کالرکرائم کی تحقیقات نہ کرنے کی صلاحیت کا تاثر مسترد کرتے ہیں۔

    چیئرمین نیب کا مزید کہنا تھا کہ 900 ارب روپے کے کرپشن کیسز احتساب عدالتوں میں دائر کیے جا چکے ہیں۔

  • بھارت کواندازہ نہیں کہ ہمارا دفاع کتنا مضبوط ہے: پاکستانی سیاست دانوں‌ کا بھارتی دھمکیوں پر ردعمل

    بھارت کواندازہ نہیں کہ ہمارا دفاع کتنا مضبوط ہے: پاکستانی سیاست دانوں‌ کا بھارتی دھمکیوں پر ردعمل

    لاہور:  پاکستانی سیاست دانوں نے بھارتی آرمی چیف کی دھمکیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مذاکرات سے فرار قرار دے دیا.

    ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر ریلوے شیخ‌ رشید، سینیٹر  شیری رحمان اور سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا.

    پاکستان پرپڑنے والی میلی آنکھ نکال دی جائےگی: شیخ رشید

    شیخ رشید کا کہنا ہے کہ بھارت کسی غلطی فہمی میں‌ نہ رہے، جنگ ہوئی، تو مسلمانوں کی سب سےبڑی ریاست بھارت کونیست ونابود کر دے گی.

    انھوں نے کہا کہ پاکستان پربری نظر ڈالی، تو نہ تو بھارت میں گھاس اُگے گی، نہ ہی چڑیا چہچہائے گی، بھارت کواندازہ نہیں پاکستان کا دفاع کتنا مضبوط ہے.

    انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان پرپڑنے والی میلی آنکھ نکال دی جائےگی، منتخب حکومت پاکستان کی سالمیت اور چپے چپے کا دفاع کرنا جانتی ہے.

    شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان پر کسی نے حملہ کیا تو ایساجواب ملےگاجو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا.

    بھارت ڈائیلاگ سے بھاگ رہا ہے: حنا ربانی کھر

    سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا کہ دنیا دیکھ رہی ہے بھارت ڈائیلاگ سے بھاگ کر جارحانہ رویہ اپنا رہا ہے، بھارت کے آرمی چیف کا جو دل کرتا ہے بول دیتے ہیں.

    حناربانی کھرنے کہا کہ پاکستان کو بھارتی آرمی چیف کے بیان کا جواب دینا چاہیے، بھارتی رویے پر پاکستان کوبھرپورطریقے سےجارحانہ مؤقف دینا چاہیے.

    بھارت نے غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا: شیری رحمان

    سینیٹر شیری رحمان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ جائز رویہ رکھا ہے، بھارتی دھمکیوں سے فرق نہیں پڑتا.

    شیری رحمان نے کہا کہ بھارت نے غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا ہے، بھارتی آرمی چیف کا بیان انتہائی غیرذمہ دارانہ ہے.