Tag: حنیف محمد

  • ‘وہ آؤٹ ہوگئے تو سمجھو کھیل ہی ختم’ ٹیسٹ کرکٹر حنیف محمد کا تذکرہ

    ‘وہ آؤٹ ہوگئے تو سمجھو کھیل ہی ختم’ ٹیسٹ کرکٹر حنیف محمد کا تذکرہ

    کرکٹ کمنٹیٹر جمشید مارکر کہتے تھے، ’حنیف محمد جب بیٹنگ کرنے جاتے تھے تو ہم کانپتے تھے، دل کو دھڑکا لگا رہتا کہ کہیں وہ آؤٹ نہ ہوجائیں، پھر سمجھو کھیل ہی ختم ہو جائے گا۔‘

    یہ تذکرہ ہے لٹل ماسٹر کے نام سے مشہور ہونے والے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کا جو کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور طویل علالت کے بعد 2016 میں آج ہی کے دن کراچی میں انتقال کر گئے تھے۔

    حنیف محمد نے کئی شان دار اننگز کھلیں اور کرکٹ کے میدان میں ریکارڈ بنائے۔ ان کی 499 رنز کی اننگز 35 سال تک فرسٹ کلاس کرکٹ میں سب سے طویل انفرادی کام یابی کا عالمی ریکارڈ رہی جسے برائن لارا نے 1994 میں 501 رنز بنا کر توڑا تھا۔ 23 جنوری 1958 کو ویسٹ انڈیز کے خلاف بارباڈوس میں حنیف محمد نے 337 رنز کی اننگز کھیل کر ایک اور کارنامہ انجام دیا۔ ان کے وکٹ پر رہنے کا دورانیہ اس اننگز میں 970 منٹ تھا جو اس کھیل کی ریکارڈ بک کا حصّہ بن گیا۔

    کرکٹ کے کھیل میں پاکستان کی فتح کو یقینی بنانے اور اپنی ٹیم کے لیے فخر کا باعث بننے والے لٹل ماسٹر نے 21 دسمبر 1934ء کو جونا گڑھ کے ایک گھرانے میں‌ آنکھ کھولی تھی۔ وہ پاکستان کی اس پہلی کرکٹ ٹیم کے رکن تھے جس نے اکتوبر 1952ء میں بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلی۔ حنیف محمد 1969ء تک ٹیسٹ کرکٹر کے طور پر فعال رہے اور اس عرصے میں 55 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی اور 12 سنچریوں کی مدد سے مجموعی طور پر 3915 رنز اسکور کرنے والے کھلاڑی بنے۔

    حنیف محمد کے تین بھائی وزیر محمد، مشتاق محمد اور صادق محمد نے بھی ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی، البتہ ایک بھائی رئیس محمد ٹیسٹ کرکٹ نہیں کھیل سکے۔ حنیف محمد کے صاحبزادے شعیب محمد کو بھی ٹیسٹ کرکٹر کے طور پر پاکستان میں یاد رکھا جائے گا۔ انھوں نے عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی بھی کی۔ تقسیمِ ہند کے بعد حنیف محمد کا خاندان کراچی آگیا تھا جہاں والد کے سائے سے محروم ان بھائیوں نے بڑے مشکل حالات کا سامنا کیا۔ بعد میں دو بھائیوں کو بینک میں ملازمت ملی تو ان کے مالی حالات بتدریج بہتر ہوتے چلے گئے۔

    قابلِ‌ ذکر بات یہ ہے کہ حنیف محمد اور ان کے بھائیوں‌ کا کھیلوں بالخصوص کرکٹ سے لگاؤ کی وجہ ان کے والدین تھے۔ ان کی والدہ خود بھی دو کھیلوں کی چیمپئین تھیں اور والد شیخ اسماعیل بھی بہت اچھے کلب کرکٹر رہے تھے۔ لٹل ماسٹر حنیف محمد پلیئنگ فار پاکستان کے نام سے ایک کتاب کے مصنّف بھی ہیں۔

  • سرفرازاحمد کو ون ڈے ٹیم کا کپتان بنانا قبل از وقت ہوگا، وسیم اکرم

    سرفرازاحمد کو ون ڈے ٹیم کا کپتان بنانا قبل از وقت ہوگا، وسیم اکرم

    کراچی : قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ سرفراز احمد کو محض ایک میچ کی کارکردگی پر ون ڈے ٹیم کا کہپتان بنانے کافیصلہ قبل از وقت ہوگا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیجنڈری کرکٹرحنیف محمد کےچہلم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، چہلم کے موقع پر معین خان، سرفرازاحمد اوردیگربھی موجود تھے۔

    کراچی کی ایک جامع مسجد میں مرحوم حنیف محمد کے چہلم کے موقع پر ان کی مغفرت کے لئے دعا کی گئی۔ چہلم میں سابق قومی کپتان وسیم اکرم اور معین خان نے خصوصی شرکت کی،

    سرفراز احمد نے حنیف محمد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لٹل ماسٹر کے نام سے کرکٹ اکیڈمی قائم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ حنیف محمد پاکستان کی کرکٹ کا بہت بڑا نام ہے، ان کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

    وسیم اکرم نے مزید کہا کہ سرفرازاحمد کی کپتان کےبارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔ وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد میں قائدانہ صلاحیتیں موجود ہیں لیکن صرف ایک میچ کی کارکردگی پر ون ڈے ٹیم کا کپتان مقرر کرنا درست فیصلہ نہیں ہو گا۔

    سرفرازکا اصل امتحان ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں ہوگا۔ اظہر علی کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ون ڈے کپتان کو تیس پینتیس میچزکی قیادت کا موقع ملنا چائیے۔ انہوں نے کہا کہ اظہر علی کو کارکردگی دکھانے کے لیے مزید وقت ملنا چاہئیے۔

     

  • لٹل ماسٹر حنیف محمد کا انتقال، وزیراعظم، صدر اور دیگر کا افسوس کا اظہار

    لٹل ماسٹر حنیف محمد کا انتقال، وزیراعظم، صدر اور دیگر کا افسوس کا اظہار

    کراچی: لیجنڈ کرکٹر حنیف محمد کے انتقال پر صدر ممنون حسین، وزیر اعظم نواز شریف، سابق ٹیسٹ کرکٹرز، اہل خانہ اور دیگر نامور شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    وزیراعظم نوازشریف نے حنیف محمد کے انتقال پر شعیب محمد کو ٹیلیفون کرکے تعزیت کی، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ لیجنڈ حنیف محمد پاکستان نہیں پوری دنیا کے ہیرو تھے۔ ان کی کمی ہمیشہ محسوس ہوگی۔

    صدر مملکت ممنون حسین نے بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، سابق ٹیسٹ کرکٹر صادق محمد بھی بھائی کے انتقال پر افسردہ ہیں۔

    چئیرمین پی سی بی شہریار خان، نجم سیٹھی اور انتظامیہ نے بھی اظہار افسوس کیا ہے، شہریار خان کا کہنا ہےکہ دنیائے کرکٹ حنیف محمد کی وفات پر غمزدہ ہے، ٹیسٹ کرکٹرز نے حنیف محمد کو پاکستان کا ہیرو قرار دیا، اولمپیئن عمران بٹ کا کہنا ہے حنیف محمد صرف کرکٹ کے نہیں تمام کھیلوں کے لیجنڈ تھے۔

    سوشل میڈیا پر بھی چاہنے والے بڑی تعداد میں اپنے اپنے انداز میں لیجنڈری کرکٹر کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں۔

  • معروف کرکٹرحنیف محمد انتقال کر گئے

    معروف کرکٹرحنیف محمد انتقال کر گئے

    کراچی :‌معروف کرکٹر حنیف محمد آج کراچی میں انتقال کر گئے وہ طویل عرصے سے کینسر کے موذی مرض میں مبتلا تھے۔

    تفصیلات کے مطابق لٹل ماسٹر حنیف محمد کو12 روز قبل پہلے کراچی کے ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا انہیں چند روز انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں طبی امدا دی گئی تھی جس کے بعد ان کی حالت قدرے بہتر ہوگئی تھی۔

    hanif-post-1

    تاہم پیر کے روز اُن کی طبعیت پھربگڑ گئی تھی جس کے بعد ممتاز اوپنر بلے باز کو وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا ہے جہاں انہیں مصنوعی سانس دی جا رہی تھی۔

    یہ خبر پڑھیں : لٹل ماسٹر ’حنیف محمد‘ کی حالت تشویشناک اسپتال میں داخل

    hanif-post-3

    واضح رہے 81 سالہ حنیف محمد نے اپنے کیریئر کا 18 اکتوبر 1952 کو بھارت کے خلاف دہلی میں میچ کھیل کر کیا جب کے اپنا آخری میچ اکتوبر 1969 میں نیوزی لینڈ کے خلاف کراچی میں کھیلا۔

    یہ خبر بھی پڑھیں : حنیف محمد مزید علیل ہو گئے،اہل خانہ کی دعا کے لیے اپیل

    hanif-post-2

    ایک روزہ میچ میں تین ہزار سے زائد اور ٹیسٹ میچ میں 17 ہزار زائد رنن بنانے والے حنیف محمد ٹیسٹ میچ میں ٹرپل سینچری جب کہ ون ڈے میچز میں 499 رنز بنانے اعزاز رکھتے ہیں۔

  • لٹل ماسٹر حنیف محمد حیات ہیں دل کی دھڑکنیں بحال، بیٹے شعیب محمد

    لٹل ماسٹر حنیف محمد حیات ہیں دل کی دھڑکنیں بحال، بیٹے شعیب محمد

    کراچی : لٹل ماسٹر حنیف محمد کے صاحبزادے شعیب محمد کا کہنا ہے کہ والد صاحب حیات ہیں، اُن کی دل کی دھڑکنیں بحال ہوگئی ہیں،عوام سے دعائے صحت کی اپیل کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پھپھڑے کےکینسر میں مبتلا حنیف محمد مقامی اسپتال میں انتہائی تشویشناک حالت میں داخل ہیں جہاں پیر کے روز طبعیت بگڑنے کے بعد انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا تھا۔

    آج علی الصبح وینٹی لیٹرہٹانے پر لٹل ماسٹر حنیف محمد کی دل کی دھڑکنیں بند ہو گئی تھیں لیکن معجزانہ طور پر چھ منٹ کے بعد اُن کی دل کی دھڑکنیں بحال ہو گئیں۔

    معروف بلے باز حنیف محمد کے صاحبزادے شعیب محمد نے میڈیا کو بتایا کہ وینٹی لیٹر مشین ہٹانے کے بعد والد صاحب کی سانسیں رک گئی تھیں تا ہم چھ منٹ بعد دل کی دھڑکنیں معجزانہ طور پر دوبارہ بحال ہو گئیں ہیں جس پراللہ کےشکرگذارہیں۔

    واضح رہے شعیب محمد اس وقت اسپتال میں اپنے والد صاحب کے ساتھ موجود ہیں۔

  • حنیف محمد مزید علیل ہو گئے،اہل خانہ کی دعا کے لیے اپیل

    حنیف محمد مزید علیل ہو گئے،اہل خانہ کی دعا کے لیے اپیل

    کراچی :  نجی اسپتال میں علاج کے غرض سے داخل لیجنڈ کرکٹرحنیف محمد کی حالت تشویش ناک ہو گئی ہے اہل خانہ نے عوام سے ان کی صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لٹل ماسٹر حنیف محمد کوچند روز پہلے کراچی کے ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا انہیں چند روز انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں طبی امدا دی گئی تھی جس کے بعد ان کی حالت قدرے بہتر ہوگئی تھی۔

    تاہم آج صبح اُن کی طبعیت پھربگڑ گئی ہے جس کے بعد اُن کے معالجین نے حنیف محمد کو وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا ہے جہاں انہیں مصنوعی سانس دی جا رہی ہے۔

    اسی سے متعلق : لٹل ماسٹر ’حنیف محمد‘ کی حالت تشویشناک اسپتال میں داخل

    حنیف محمد کی اچانک طبعیت بگڑنے اور وینٹی لیٹر پر منتقل کرنے کے بعد اہلِ خانہ نےعوام الناس نے ان کی صحت یابی کے لئے دعا کی اپیل کی ہے۔

    واضح رہے کہ معروف بلے باز حنیف محمد پھیپھڑوں کے سرطان میں مبتلا ہیں جنہیں چند روز قبل طبعیت بگڑ جانے کے باعث مقامی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔

     

  • پی سی بی کیجانب سے حنیف محمد کے علاج کیلئے 10 لاکھ روپے کی امداد

    پی سی بی کیجانب سے حنیف محمد کے علاج کیلئے 10 لاکھ روپے کی امداد

    کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ کو بالاخر لیجنڈری کرکٹر حنیف محمد کے علاج و معالجہ کیلئے مالی تعاون کا خیال آہی گیا، دس لاکھ روپے کا چیک جاری کردیا گیا۔

    لیجنڈری کرکٹر حنیف محمد کے علاج و معالجے کے لئے پی سی بی نے دس لاکھ روپے کا امدادی چیک جاری کردیا ہے، سابق چیف سلیکٹر اور چیئرمین پی سی بی کے مشیر صلاح الدین صلو نے نجی اسپتال میں حنیف محمد کی عیادت کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کرکٹ بورڈ کی جانب سے دس لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔

    وفاق اور صوبائی حکومت کیجانب علاج کے اخراجات برداشت کرنے کے کئی دنوں بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق ٹیسٹ کرکٹر کا خیال آیا ہے،اس بات کا شکوہ خود حنیف محمد بھی کرچکے تھے۔

    کرکٹرحنیف محمد کا علاج سرکاری خرچ پرکیا جائے گا، وزیراعظم

    اس سے قبل وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کینسر کے مرض سے نبرد آزما مایہ ناز بلے بازحنیف محمد کی عیادت کی اور حکومتِ سندھ کی جانب سے ہرممکن علاج کی سہولیات مہیا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

    واضح رہے 81 سالہ حنیف محمد نے اپنے کیریئر کا 18 اکتوبر 1952 کو بھارت کے خلاف دہلی میں میچ کھیل کر کیا جب کے اپنا آخری میچ اکتوبر 1969 میں نیوزی لینڈ کے خلاف کراچی میں کھیلا۔

    لٹل ماسٹر ’حنیف محمد‘ کی حالت تشویشناک اسپتال میں داخ

    ایک روزہ میچ میں تین ہزار سے زائد اور ٹیسٹ میچ میں 17 ہزار زائد رنن بنانے والے حنیف محمد ٹیسٹ میچ میں ٹرپل سینچری جب کہ ون ڈے میچز میں 499 رنز بنانے اعزاز رکھتے ہیں۔

  • وزیر اعلیٰ سندھ نے معروف کرکٹر حنیف محمد کی عیادت کی

    وزیر اعلیٰ سندھ نے معروف کرکٹر حنیف محمد کی عیادت کی

    کراچی :  وزیر اعلیٰ سندھ نے کینسر کے مرض سے نبرد آزما مایہ ناز بلے بازحنیف محمد کی عیادت کی اور حکومتِ سندھ کی جانب سے ہرممکن علاج کی سہولیات مہیا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے نو منتخب وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز اور کپتان حنیف محمد کی عیادت کی وہ مقامی اسپتال میں علاج کی غرض سے داخل ہیں،حنیف محمد کینسر کے عارضہ میں مبتلاہیں۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے حنیف محمد کی عیادت کے دوران گفتگو کرتے ہوئے مایہ ناز بلے سے خیریت دریافت کی اور حکومتِ سندھ کی جانب سے علاج میں کسی قسم کسر نہ اُٹھا رکھنے کی یقین دہانی کی۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے حنیف محمد کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کا پرستار ہوں مجھے دنیائے کرکٹ میں آپ کا انداز بیٹنگ سب منفرد لگتا ہے۔

    واضح رہے 81 سالہ حنیف محمد نے اپنے کیریئر کا 18 اکتوبر 1952 کو بھارت کے خلاف دہلی میں میچ کھیل کر کیا جب کے اپنا آخری میچ اکتوبر 1969 میں نیوزی لینڈ کے خلاف کراچی میں کھیلا۔

    ایک روزہ میچ میں تین ہزار سے زائد اور ٹیسٹ میچ میں 17 ہزار زائد رنن بنانے والے حنیف محمد ٹیسٹ میچ میں ٹرپل سینچری جب کہ ون ڈے میچز میں 499 رنز بنانے اعزاز رکھتے ہیں۔

     

  • لٹل ماسٹر ’حنیف محمد‘ کی حالت تشویشناک اسپتال میں داخل

    لٹل ماسٹر ’حنیف محمد‘ کی حالت تشویشناک اسپتال میں داخل

    کراچی:  لیجنڈ کرکٹر لٹل ماسٹر ’’محمد حنیف‘‘ کی طبیعت ناساز نجی اسپتال میں داخل کروادیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے لیجنڈ کرکٹر ’حنیف محمد‘ کی کل رات اچانک خراب ہوگئی جس کے بعد انہیں نجی اسپتال منتقل کیا گیا، لٹل ماسٹر کے بیٹے کے مطابق والد کی طبیعت بہت تشویش ناک ہے۔

    ڈاکٹرز کے مطابق حنیف محمد میں دوبارہ کینسر کے مرض کی تشخیص ہوئی ہے، حنیف محمد کے صاحبزادے شعیب محمد نے حکومت سے مدد کی اپیل کی ہے۔

    اہل خانہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ بلے باز کو کینسر کے مرض کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد مکمل علاج و معالجے کے بعد اُن کے ٹیسٹ صیح آئے تھے اور وہ صحت مند زندگی گزار رہے تھے تاہم گزشتہ رات اچانک طبیعت خراب ہونے کے باعث انہیں اسپتال لایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے دوبارہ کینسر کے مرض کی تشخیص کی ہے۔

    طبی ماہرین نے کہا ہے کہ ’’لٹل ماسٹر کے کچھ طبی ٹیسٹ کروائے جائیں گے جس کے بعد اُن کا باقاعدہ علاج کیا جائے گا تاہم شعیب محمد نے لٹل ماسٹر کے لیے دعاؤں کی اپیل کی ہے‘‘۔