Tag: حکام

  • امریکا میں فائرنگ کا ایک اور واقعہ، 15 سالہ طالب علم ہلاک

    امریکا میں فائرنگ کا ایک اور واقعہ، 15 سالہ طالب علم ہلاک

    امریکا میں فائرنگ کے ایک اور واقعہ میں پندرہ سالہ طالب علم کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق میری لینڈ ہائی اسکول میں حملہ آور نے اسکول کے باتھ روم میں طالب علم کو نشانہ بنایا، پولیس نے قریبی محلے سے سولہ سالہ مشتبہ لڑکے کو حراست میں لے لیا، ملزم سے کوئی ہتھیار نہیں ملا۔

    حکام کا کہنا تھا کہ مشتبہ لڑکے پر بالغ کی حیثیت سے مقدمہ چالایا جائے گا۔

    واضح رہے کہ دو روز قبل جارجیا کے اسکول میں بھی 14 سالہ لڑکے کی فائرنگ سے 4 افراد ہلاک اور 9 زخمی ہوگئے، پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کرنے کے بعد اس کے والد کو بھی حراست میں لے لیا تھا۔

  • بیرون ملک سے آنیوالے مسافروں سے کروڑوں مالیت کے قیمتی موبائل فونز برآمد

    بیرون ملک سے آنیوالے مسافروں سے کروڑوں مالیت کے قیمتی موبائل فونز برآمد

    اسلام آباد: ایف آئی اے نے بیرون ملک سے آنیوالے مسافروں سے کروڑوں مالیت کے قیمتی موبائل فونز برآمد کرلئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے اسلام آباد ائیرپورٹ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک سے آنے والے 2 مسافر گرفتار کر کے کروڑوں مالیت کے موبائل فونز برآمد کرلئے۔

      ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزمان میں بابر ایوب اور محمد سلمان شامل ہیں ملزمان فلائٹ نمبر پی کے 234 کے ذریعے دبئی سے پاکستان پہنچے تھے، ٹریول ہسٹری کے مطابق ملزمان نے گزشتہ کچھ ہفتوں کے دوران متعدد بار بیرون ملک سفر کیا۔

    حکام نے بتایا کہ شک کی بنیاد پر ملزمان کے سامان کی تلاشی لی گئی ملزمان کے سامان سے 50 آئی فون 15 پرو میکس، 16 آئی فون 15 پرو برآمدہوئے ملزمان سے 100 ڈیٹا کیبلز اور 3 ایپل میک بک بھی برآمدہوئی۔

    ایف آئی اے حکام نے کہا کہ ملزمان کھجوروں کے پیکٹس میں موبائل فون چھپا رکھے تھے، ملزمان برآمد ہونے والی اشیاء کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکے، بعد ازاں ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لئے کسٹم حکام کے حوالے کر دیا گیا۔

  • رمضان المبارک میں کتنی بار عمرہ کرنے کی اجازت؟

    رمضان المبارک میں کتنی بار عمرہ کرنے کی اجازت؟

    ریاض: سعودی وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں صرف ایک عمرہ کرنے کی اجازت ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو عمرہ کرنے کا موقع دیا جاسکے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ رمضان کے دوران کسی شخص کو ایک سے زیادہ عمرے کی اجازت نہیں ہے، تمام لوگ صرف ایک بار عمرہ کریں اور دوسروں کو بھی عمرہ کرنے کا موقع دیں۔

    وزارت حج و عمرہ کے مطابق رمضان میں ایک مرتبہ عمرے کی پابندی سے دوسروں کو اطمینان اور آسانی کے ساتھ عمرے کا موقع مل سکے گا، جو لوگ عمرہ کرنا چاہتے ہوں وہ نسک ایپ کے ذریعے پرمٹ جاری کروائیں اور وقت کی پابندی کریں۔

    وزارت کی جانب سے مزید کہا گیا کہ عمرے کی مقررہ تاریخ اور وقت میں ترمیم کی گنجائش سسٹم میں موجود نہیں ہے، جو لوگ نسک ایپ کے ذریعے عمرہ پرمٹ جاری کروائیں گے اگر وہ اس میں ترمیم کرنا چاہتے ہوں تو انہیں پرمٹ منسوخ کروانا ہوگا۔

    وزارت کا کہنا ہے کہ منسوخی کی کارروائی پرمٹ کا وقت شروع ہونے سے قبل ہی کروائی جا سکتی ہے، منسوخ کرنے کے بعد نیا پرمٹ جاری کروایا جائے۔

    وزارت کے مطابق اگر عمرہ پرمٹ منسوخ کروانے کے بعد نئے پرمٹ کے اجرا کے لیے وقت نہ ملے تو اس سے دلبرداشتہ نہ ہوں، بلکہ کوشش جاری رکھیں۔

  • سعودی عرب: کتنا سونا اور رقم ساتھ لے جائی جاسکتی ہے؟

    سعودی عرب: کتنا سونا اور رقم ساتھ لے جائی جاسکتی ہے؟

    ریاض: سعودی حکام نے سعودی عرب سے سونا لے جانے اور لانے کی حد کے حوالے سے وضاحت دی ہے، 60 ہزار ریال سے زیادہ مالیت کا سونا یا نقد رقم لاتے اور لے جاتے وقت اقرار نامہ جمع کروانا ضروری ہوگا۔

    اردو نیوز کے مطابق زکواۃ، ٹیکس اور کسٹم اتھارٹی نے سعودی عرب سے سونا لے جانے اور لانے کی انتہائی حد کے حوالے سے یاد دہانی کروائی ہے۔

    اتھارٹی کے ٹویٹر پر شہری کی جانب سے پوچھا گیا کہ سعودی عرب آتے جاتے وقت سونا لانے لے جانے کی انتہائی حد کیا ہے۔

    اس کے جواب میں اتھارٹی کا کہنا تھا کہ 60 ہزار ریال سے زیادہ مالیت کا سونا یا نقد رقم لاتے اور لے جاتے وقت اقرار نامہ جمع کروانا ضروری ہے، ایسا نہ کرنے پر مسافر کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اگر کسی مسافر کے پاس 60 ہزار ریال یا اس کے مساوی مالیت کا سونا ہو تو ایسی صورت میں اسے اقرار نامہ جمع کروانا ہوگا۔

    اتھارٹی کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس حوالے سے تفصیلات دریافت کرنے اور اقرار نامہ فارم حاصل کرنے کے لیے اتھارٹی کی ویب سائٹ سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔

  • عمرہ انشورنس میں کیا چیزیں شامل نہیں؟

    عمرہ انشورنس میں کیا چیزیں شامل نہیں؟

    ریاض: سعودی حکام نے عمرہ انشورنس پیکج کے حوالے سے معلومات دیتے ہوئے ان طبی معاملات کی نشاندہی کی ہے جو پیکج میں شامل نہیں ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی حکام کا کہنا ہے کہ بیرون مملکت سے آنے والے عمرہ زائرین کو انشورنس پیکج میں 11 صورتوں میں پالیسی سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ انشورنس پیکج میں نان ایمرجنسی ٹریٹمنٹ اور معائنہ جات، مصنوعی دانت لگوانا، فکسڈ یا موبائل برج کی تنصیب سے متعلق ٹریٹمنٹ شامل نہیں۔

    علاوہ ازیں آنکھ یا کان میں خرابی کے ٹیسٹ، سماعت و بصارت کے آلات کی اصلاح، چھ ماہ سے زیادہ مدت کے حمل کا معائنہ و علاج، طبعی موت یا طبعی معذوری، اگر انشورنس کروانے والا کوئی ایسا کام کرے جس سے اس کی موت یا مکمل معذوری ہوجائے، تب وہ کیس پیکج میں شامل نہیں۔

    انشورنس کروانے والے کی میت اس کے وطن کے سوا کسی اور ملک بھیجنے کے اخراجات بھی ادا نہیں کیے جائیں گے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ فضائی کمپنی کی جانب سے پرواز میں تاخیر کی اطلاع، اعلان یا تاخیر کے حوالے سے پہلے سے معلومات دی جائیں۔

    زائر کے سامان کی چوری، اسے نقصان پہنچنے یا بالواسطہ کسی بھی قسم کا نقصان، اس میں سامان کی گمشدگی یا ایسا مالی نقصان جس کا انشورنس پالیسی میں باقاعدہ تذکرہ نہ ہو ایسی صورت میں بھی کلیم نہیں کیا جا سکے گا۔

    ہڑتال کی وجہ سے پروازوں کی منسوخی یا انشورنس پالیسی پرعملدر آمد شروع ہونے کی تاریخ سے قبل کیے جانے والے اقدامات کے باعث پروازوں کی منسوخی بھی پیکج میں شامل نہیں۔

  • سعودی عرب: پروازوں کے ٹکٹس کی قیمتوں میں کمی کے لیے اقدامات

    سعودی عرب: پروازوں کے ٹکٹس کی قیمتوں میں کمی کے لیے اقدامات

    ریاض: سعودی عرب میں عید الفطر کی تعطیلات کے باعث فضائی سفر کے ٹکٹس مہنگے ہونے کے بعد قیمتوں میں کمی کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں محکمہ شہری ہوا بازی نے داخلی پروازوں کے ٹکٹوں کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے اقدامات کا اعلان کیا ہے۔

    محکمہ شہری ہوا بازی کا کہنا ہے کہ یہ بات مشاہدے میں آئی ہے کہ داخلی پروازوں کے بعض زمروں کے ٹکٹ کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں، صورتحال پر کنٹرول کے لیے کئی اقدامات کیے جارہے ہیں۔

    محکمے کے مطابق ان میں سے اہم یہ ہے کہ پروازوں اور نشستوں کی تعداد میں اضافہ کروایا جارہا ہے، ان اقدامات کا نتیجہ ٹکٹوں کی قیمتوں میں کمی کی صورت میں نکلے گا۔

    محکمہ شہری ہوا بازی نے داخلی پروازوں کے لیے ٹکٹوں کے مناسب نرخ اور نشستوں کی تعداد میں ممکنہ حد تک توسیع کے لیے ضروری اقدامات کیے ہیں۔

    محکمہ شہری ہوا بازی کا کہنا ہے کہ مسافروں کے حقوق اور ان کا تحفظ اولین ترجیح ہے، اس کا پورا خیال رکھا جائے گا۔

    فضائی کمپنیوں اور بکنگ ویب سائٹس کے اعداد و شمار کے مطابق اپریل کے وسط تک فضائی ٹکٹوں کے نرخ مستحکم تھے، اپریل کے آخری ہفتے اور مئی کے پہلے ہفتے کے لیے بکنگ مشکل ہوگئی ہے، اس دوران ٹکٹ مہنگے ہوئے ہیں۔

  • سعودی عرب: اقامہ سیز کیے جانے کے بعد تجدید کیسے ہوگی؟

    سعودی عرب: اقامہ سیز کیے جانے کے بعد تجدید کیسے ہوگی؟

    ریاض: سعودی حکام نے وضاحت کی ہے کہ عدالت کی جانب سے اقامہ سیز کرنے کے بعد، اقامے کی تجدید کے لیے لازمی ہے کہ اقامہ ہولڈر پر کسی قسم کی خلاف ورزی درج نہ ہو۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق جوازات کے ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک شخص نے دریافت کیا کہ جوازات میں کارکن کی اقامہ فائل سیز (ایقاف خدمات) ہے، اس صورت میں کیا اقامہ تجدید ہوسکتا ہے۔

    جوازات کا کہنا تھا کہ اقامے کی تجدید کے لیے لازمی ہے کہ اقامہ ہولڈر پر کسی قسم کی خلاف ورزی درج نہ ہو، کسی بھی نوعیت کی خلاف ورزی درج ہونے کی صورت میں اقامہ تجدید نہیں کیا جا سکتا۔

    جوازات کی جانب سے کہا گیا کہ چالان کی ادائیگی کے بعد سسٹم کو اوپن کرنے پر ہی اقامہ تجدید کیا جا سکتا ہے۔

    واضح رہے کہ بعض صورتوں میں عدالت کی جانب سے اقامہ سیز کرنے کے احکامات صادر کیے جاتے ہیں جسے عربی میں ایقاف خدمات کہا جاتا ہے۔

    ایسے افراد جن کی سروسز کو سیز کر دیا جاتا ہے، جوازات کے مرکزی کمپیوٹر میں ان کے اقامہ نمبر کو ممنوعہ فہرست میں شامل کر دیا جاتا ہے۔ جس کی وجہ سے ان کے تمام سرکاری معاملات روک دیے جاتے ہیں۔

    سروسز کو سیل کرنے کے لیے عدالت کے احکامات درکار ہوتے ہیں، یہ اسی وقت ممکن ہوتا ہے جب کوئی قانونی معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہو یا کسی مالی لین دین پر مقدمہ دائر کیا گیا ہو۔

    اس صورت میں عدالت کارکن کی سروسز سیل کرنے کے احکامات جاری کر سکتی ہے، جب تک معاملہ ختم نہیں ہو جاتا سروسز بحال کرنے کے احکامات جاری نہیں کیے جاتے۔

  • فرضی سعودی ملازموں کی رجسٹریشن، حکام کی متعدد کمپنیوں کے خلاف تحقیقات

    فرضی سعودی ملازموں کی رجسٹریشن، حکام کی متعدد کمپنیوں کے خلاف تحقیقات

    ریاض: سعودی وزارت افرادی قوت نے ان کمپنیوں کے خلاف تحقیقات شروع کردی ہیں جنہوں نے مختلف سعودی شہریوں کو اپنا ملازم ظاہر کر کے ان کی معلومات حکومتی پورٹل میں درج کی ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق وزارت افرادی قوت نے متعدد سعودی شہریوں کے علم میں لائے بغیر انہیں سوشل سیکیورٹی انشورنس اسکیم میں شامل کیے جانے کے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔

    متاثرہ شہریوں کا کہنا تھا کہ بعض کمپنیوں کی جانب سے انہیں اپنا ملازم ظاہر کرتے ہوئے ان کا نام اور دیگر تفصیلات وزارت کے پورٹل سوشل سیکیورٹی انشورنس اسکیم میں درج کیا گیا ہے جس کا انہیں علم ہی نہیں۔

    شکایات موصول ہونے پر وزارت نے متعلقہ کمپنیوں کی انتظامیہ سے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

    وزارت افرادی قوت کے ترجمان سعد آل حماد کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزارت افرادی قوت اور سوشل انشورنس اسکیم کو متعدد شکایات موصول ہوئی تھیں جن میں متاثرین کی جانب سے کہا گیا تھا کہ کسی کمپنی میں باقاعدہ ملازم نہ ہونے کے باوجود ان کا نام سوشل سیکیورٹی اسکیم میں کس طرح درج کیا گیا ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ شکایات موصول ہونے پر متعلقہ نجی اداروں کے خلاف تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، ایسے افراد کے ناموں کو سوشل سیکیورٹی انشورنس سے خارج کیا جارہا ہے جنہوں نے شکایات درج کروائی تھیں۔

    مذکورہ فعل میں ملوث کمپنیوں کے ذمہ داروں کے خلاف تادیبی کارروائی بھی کی جائے گی، جنہوں نے وزارت اور سوشل سیکیورٹی انشورنس اسکیم میں غیر متعلقہ سعودی کارکنوں کو اپنا اہلکار ظاہر کرتے ہوئے انہیں اسکیم میں درج کروایا تھا۔

    واضح رہے کہ سعودائزیشن کے قانون کے مطابق نجی تجارتی اداروں کے لیے یہ پابندی ہے کہ وہ اپنے اداروں میں موجود غیر ملکی کارکنان کی جگہ سعودی افراد کو ملازمت فراہم کریں، جس کےلیے انہیں سعودی ملازمین کو وزارت کے پورٹل پر رجسٹر کرنا ہوتا ہے۔

  • معصوم بگلے نے شہری کو مشکل میں پھنسا دیا

    معصوم بگلے نے شہری کو مشکل میں پھنسا دیا

    نیوزی لینڈ میں ایک شخص کو خطرے کا شکار بگلے کو تنگ کرنا مہنگا پڑ گیا، حکام کے سخت ایکشن کے بعد مذکورہ شخص کو معذرت کرنی پڑی۔

    نیوزی لینڈ میں پیش آنے والے اس واقعے میں ٹیلر نامی ایک شخص مکڈونلڈز کا برگر اور چپس لے کر ایک جگہ بیٹھا ہے جہاں اسے چند بگلے گھیر لیتے ہیں۔

    ایک بگلا جب اس کے بالکل قریب پہنچ جاتا ہے تو وہ اس کو پکڑ لیتا ہے جس پر بگلا چیختا ہے، اس کے بعد وہ شخص بگلے کو چھوڑ دیتا ہے۔

    بگلے کو پکڑتے ہوئے اس شخص نے ویڈیو بھی بنائی جسے اس نے ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر شیئر کیا، وہ شخص سمجھ رہا تھا کہ یہ ویڈیو مزاحیہ ہوگی تاہم جلد ہی اس ویڈیو کو تنقید کا نشانہ بنایا جانے لگا۔

    ٹک ٹاک پر اس ویڈیو کو 22 ملین سے زائد افراد نے دیکھا۔

    دراصل یہ پرندے نیوزی لینڈ میں خطرے کا شکار جانداروں کی فہرست میں شامل ہیں اور انہیں پروٹیکٹڈ قرار دیا گیا ہے۔ ملک بھر میں ان پرندوں کی تعداد صرف 5 لاکھ رہ گئی ہے۔

    ٹک ٹاک پر ویڈیو پوسٹ ہونے کے بعد نیوزی لینڈ کا ڈپارٹمنٹ آف کنزرویشن فوراً حرکت میں آیا اور محکمے کی جانب سے بیان جاری کیا گیا کہ وائلڈ لائف ایکٹ کے تحت پروٹیکٹڈ قرار دیے گئے جانداروں کو تنگ کرنا یا مارنا سخت جرم ہے۔

    محکمے کا کہنا تھا کہ مذکورہ شخص کو جرمانہ یا قید یا دونوں سزائیں ہوسکتی ہیں۔

    محکمے کی جانب سے ہدایت کی گئی کہ جانوروں اور پرندوں کو تنگ کرنے سے گریز کیا جائے اور انہیں اپنا کھانا خصوصاً فاسٹ فوڈ کھلانے سے بھی پرہیز کیا جائے، یہ کھانا انہیں بیمار کرسکتا ہے۔

    حکام کی جانب سے تنبیہ کے بعد مذکورہ شخص نے ایک معذرتی ویڈیو جاری کی جس میں اس نے وضاحت کی کہ وہ اس پرندے کو پکڑنے کا ارادہ نہیں رکھتا تھا، یہ پرندہ اچانک اس کے سر کے قریب آیا جس کے بعد اس نے بے اختیار اسے پکڑ لیا۔

  • کویت: حکام کا منافع خوری کرنے والے تاجروں سے سختی سے نمٹنے کا فیصلہ

    کویت: حکام کا منافع خوری کرنے والے تاجروں سے سختی سے نمٹنے کا فیصلہ

    کویت سٹی: کویت کی وزارت تجارت و صنعت نے تاجروں سے سختی سے نمٹنے کی ٹھان لی، شہریوں کو دھوکا دہی کی اطلاعات دینے کی تاکید کردی گئی۔

    مقامی میڈیا کے مطابق کویت کی وزارت تجارت و صنعت نے ہاٹ لائن نمبر پر دھوکا دہی یا زیادہ قیمتوں کی اطلاع دینے کی تاکید کی ہے۔

    وزارت تجارت و صنعت (ایم او سی آئی) نے شہریوں اور تارکین وطن سے ہاٹ لائن نمبر 135 کے ذریعے تجارتی دھوکا دہی یا زیادہ قیمتوں کی اطلاع دینے کو کہا ہے۔

    وزارت نے تصدیق کی ہے کہ وہ کسی بھی خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف قانونی اقدامات اٹھائے گی اور جو بھی جواز کے بغیر قیمتوں میں اضافے کی کوشش کرتا ہے، اس پر قانونی طور پر منظور شدہ زیادہ سے زیادہ جرمانہ عائد کیا جائے گا کیونکہ یہ پرائس کنٹرول اور صارفین کے تحفظ کے ضوابط کی خلاف ورزی ہے۔