راولپنڈی: امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم نے کہا ہے کہ پہلے حکمران امریکا سے ڈراتے تھے اب بھارت سے بھی ڈراتے ہیں۔
دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ کہتے ہیں کہ ہماری معیشت مضبوط نہیں اس لیے بھارت سے نہیں لڑسکتے، حسینہ واجد کو تو بھارت نے ائیرلفٹ سے اٹھالیا، شہباز شریف صاحب ایسا نہ ہوکہ یہاں ائیرلفٹ نہ پہنچ سکے۔
امیرجماعت اسلامی نے کہا کہ حکمران غیرت کا مظاہرہ نہیں کرسکتے تو جو بنگلادیش میں ہوا وہی انکا مقدر ہوگا، زرداری اور شہباز شریف تمہارے لیے ہیلی کاپٹر بھی نہ پہنچ سکا تو کیا ہوگا؟
بنگلا دیشیوں نے پروپیگنڈا مسترد کردیا، فسطائیت کا 15 سالہ راج ختم ہوا، بنگلہ دیش اور پاکستان آگے بڑھیں گے، انگریز کے یاروں سے جان چھڑائیں گے، ہم ملکر حقیقی اور سچی آزادی حاصل کریں گے۔
انھوں نے کہا کہ بنگلہ دیش میں جو ہوا وہ تصور میں نہیں تھا، حسینہ واجد کو خاتون آہن کہا جارہا تھا، شیخ مجیب کو اپنے باپ کا مقام دیا جارہا تھا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حسینہ واجد طاقت کے بل پر حکمران تھی، بھارت کو مسلط کیا ہوا تھا، بنگلادیش میں حسینہ واجد کو کچھ کہا جاتا تو غدارقرار دیا جاتا تھا۔
انھوں نے کہا کہ مکمل کشمیر شمشیر کی طاقت سے ملےگا، کیا ہم بھارت کے آگے جھکنے لگیں؟ کہا جاتا ہے معیشت خراب ہے اسرائیل کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔
حافظ نعیم نے کہا کہ خاندانی انٹرپرائزز نے ملک کی معیشت تباہ کی، یہی لوگ آئی پی پیز، مہنگائی اور آئی ایم ایف ہم پرمسلط کرتے ہیں۔