کراچی: صدر انجمن تاجران کراچی جاوید شمس اور آل کراچی ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری فیضان راوت نے بھی رات 8 بجے کاروباری مراکز بند کرنے کے فیصلے کو مسترد کردیا۔
صدر انجمن تاجران کراچی نے کہا کہ کاروباری مراکز کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی کی صورت میں رات 9 بجے بازار بند کئے جائیں گے اس کے علاوہ ہم حکومت کے اس فیصلے کو مسترد کرتے ہیں۔
دوسری جانب آل پاکستان ریسٹورنٹس ایسوسی ایشن کے صدر فاروق چوہدری نے کہا کہ حکومت 8 بجے دکانیں بند کرنے کا فیصلہ فی الفور واپس لے، موسم گرما میں گاہک رات 8 بجے کے بعد ہی گھروں سے نکلتے ہیں۔
حکومت کا توانائی بچت کیلیے دکانیں رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ
فاروق چوہدری نے کہا کہ دنیا بھر میں بازار جلدی بند ہوتے ہیں تو ریسٹورنٹس کو رات تک اجازت ہوتی ہے، گرمی کے موسم میں ریسٹورنٹس کا کام فقط رات کا ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتی روز وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا تھا کہ قومی اقتصادی کونسل نے توانائی بچت منصوبے کے تحت ملک بھر کی مارکیٹس رات 8 بجے بند کرنے کی منظوری دی ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا ہے کہ صوبے مارکیٹس رات 8 بجے بند کرنے کے فیصلے پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔