Tag: حکومتی ترجمان

  • گوادر میں گھر پر دستی بم حملہ، حملہ آور ہلاک، 3 افراد زخمی

    گوادر میں گھر پر دستی بم حملہ، حملہ آور ہلاک، 3 افراد زخمی

    گوادر: بلوچستان حکومت کے ترجمان نے کہا ہے کہ گوادر میں ایک گھر پر دستی بم حملے میں تین افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند نے بتایا کہ دہشت گردوں نے گوادر میں بلال مسجد کے قریب ایک گھر پر دستی بم پھینکا جس کے نتیجے میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے تین افراد زخمی ہوگئے۔

    حکومتی ترجمان نے کہا کہ پولیس نے فرار ہونے والے حملہ آوروں کو پکڑ لیا اور ان میں سے ایک مقابلے میں ہلاک ہوگیا، جب کہ دوسرا زخمی ہوا ہے۔

    حکومتی ترجمان نے کہا کہ پولیس اہلکار محمد خماری فرض کی ادائیگی کے دوران شہید ہوئے، ہلاک حملہ آور کی شناخت شاہجہان، زخمی کی شہزاد کے نام سے ہوئی ہے۔

  • ‘فیٹف گرے لسٹ : اس بار  معاملہ پاکستان  کے حق میں جائے گا’

    ‘فیٹف گرے لسٹ : اس بار معاملہ پاکستان کے حق میں جائے گا’

    اسلام آباد : حکومتی ترجمان کا کہنا ہے کہ اطلاعات بتا رہی ہیں اس بار فیٹف گرے لسٹ معاملہ پاکستان کے حق میں جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف اے ٹی ایف اجلاس کا برلن میں آج آخری دن ہے اور پاکستان کے گرے لسٹ سے نکلنے کے امکانات روشن ہیں۔

    بی بی سی نے حکومت پاکستان کی ایک ترجمان کے ذریعے بتایا کہ اب تک ملنے والی اطلاعات یہی بتارہی ہیں کہ اس بار معاملہ پاکستان کے حق میں جائے گا۔

    حکومتی ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان اگر گرے لسٹ سے نکلتا ہے، تب بھی معاملات طے ہونے میں سات سے آٹھ ماہ کا عرصہ لگ سکتا ہے۔

    ترجمان کے مطابق گرے لسٹ سے نکلنے کی صورت میں ایف اے ٹی ایف ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی تاکہ خود تسلی کرسکیں کہ سفارشات پر کام مکمل ہوا ہے یا نہیں۔

    وفاقی حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایف اے ٹی ایف کی ٹیم کو رہ جانے والی دو سفارشات میں قانون میں ترمیم کے نفاذ سے متعلق خدشات ہیں حالانکہ معاملات پاکستان کے حق میں نظر آتے ہیں لیکن اجلاس میں دیگر ممالک بھی ہوتے ہیں، جن کی رضامندی اور تسلی بھی معنی خیز ہوتی ہے۔

  • آپ کا برانڈ میں ہوں، جو چور ڈاکو نہیں: وزیر اعظم کا ترجمانوں سے خطاب

    آپ کا برانڈ میں ہوں، جو چور ڈاکو نہیں: وزیر اعظم کا ترجمانوں سے خطاب

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ملک کی معاشی اور اقتصادی صورت حال پر حکومتی ترجمانوں کو اعتماد میں لیتے ہوئے کہا کہ آپ کا برانڈ وزیر اعظم ہے جو چور ڈاکو نہیں، اپوزیشن چور ڈاکو اور کرپٹ رہنماؤں کو تحفظ دیتی ہے۔

    ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت آج پیر کو حکومتی ترجمانوں کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیر اعظم اور وزیر خزانہ نے شرکا کو فنانس بل پر بریفنگ دی اور وزیر اعظم نے ترجمانوں کو فنانس بل سے متعلق ابہام دور کرنے کی ہدایت کی، ان کا کہنا تھا کہ فنانس بل کو عوامی سطح پر مؤثر طریقے سے نہیں پیش کیا جا سکا۔

    وزیر اعظم نے اس موقع پر وزیر خزانہ سے کہا آپ کہتے ہیں اکانومی بہتر ہے، لیکن اپوزیشن اکانومی کے خلاف حکومت پر تنقید کرتی ہے، اپوزیشن کو کسی صورت اثر انداز اور حاوی نہ ہونے دیں، انھیں آئینہ دکھائیں اور عوام کو حقائق بتائیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر خزانہ شوکت ترین نے مہنگائی اور معاشی صورت حال پر بریفنگ میں کہا نومبر کی نسبت دسمبر میں مہنگائی میں کمی ہوئی ہے، آئندہ مہینے مہنگائی مزید کم ہوگی، کیوں کہ عالمی سطح پر اشیا کی قیمتوں میں کمی ہو رہی ہے۔

    وزیر اعظم نے اجلاس میں اکانومی کی صورت حال میں بہتری آنے پر اظہار اطمینان کیا، اور کہا معاشی صورت حال عوام کے سامنے رکھ کر اکانومی کے اعداد و شمار شیئر کیے جائیں، اکانومی ہمیں تباہ کن حال میں ملی تھی جسے کافی حد تک بہتر کیا جا چکا ہے۔

    وزیر خزانہ نے بریفنگ میں بتایا کہ اپوزیشن کی جانب سے 2 ارب روپے کے ٹیکسز کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جا رہا ہے، جس پر وزیر اعظم نے کہا ری فنڈ اور ربیٹ کے بارے میں عوامی کنفیوژن کو دور کیا جائے، عوامی سطح پر بتایا جائے کہ ڈاکومنٹڈ اکانومی ملکی مفاد میں ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا ایگریکلچر گروتھ، اور ملکی ایکسپورٹس تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں، ملکی ذخائر 25 ارب ڈالرز تک پہنچ چکے جس پر بات نہیں ہو رہی، اپوزیشن کے جعلی بیانیے کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے۔

  • حکومتی ترجمانوں کا اجلاس، مریم نواز کے ایجنسیز سے متعلق بیانات کی مذمت

    حکومتی ترجمانوں کا اجلاس، مریم نواز کے ایجنسیز سے متعلق بیانات کی مذمت

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی ترجمانوں کے اجلاس میں مریم نواز کے ملکی ایجنسیز سے متعلق بیانات کی سخت مذمت کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج حکومتی ترجمانوں کے اجلاس میں سینیٹ انتخابات اور اعتماد کے ووٹ کے بعد کی سیاسی صورت حال پر غور کیا گیا، اجلاس میں الیکشن ایکٹ سمیت مریم نواز کے بیانات کا جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس میں مریم نواز کے ملکی ایجنسیز سے متعلق بیانات کی سخت مذمت کی گئی، وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ قوم کی اخلاقیات تباہ کر دی گئی ہیں۔

    حکومتی ترجمانوں نے اجلاس میں کہا چوری کا الیکشن جیتنے پر خوشیاں منائی گئیں، اگر ہاؤس کا اعتماد نہیں تھا تو فوزیہ ارشد کیسے کامیاب ہوئیں؟ ہاؤس کا ارادہ نہ ہوتا تو خاتون کامیاب ہوتی نہ اعتماد کا ووٹ ملتا۔

    اجلاس میں الیکشن کمیشن کے انتظامی معاملات پر بھی سوالات اٹھائے گئے، حکومتی ترجمانوں نے کہا الیکشن کمیشن نے ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کیا، وزیر اعظم نے استفسار کیا کہ ٹریس ایبل بیلٹ پیپر چھاپنے میں کتنا وقت لگ جاتا؟

    اجلاس میں مریم نواز کے ٹکٹس چلنے کے بیان پر ممکنہ قانونی کارروائی پر بحث کی گئی، ارکان نے کہا مریم نواز کے بیان سے لگ رہا ہے انھوں نے سینیٹ الیکشن میں پیسا چلایا، بیان سے لگا کہ پیسا چلایا گیا مگر ایجنسیوں نے منصوبہ ناکام بنا دیا۔

    وزیر اعظم نے کہا روایت بن چکی ہے کہ پیسا لگا کر اقتدار میں آتے ہیں، پھر عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ کر پیسا واپس نکلواتے ہیں، کرپشن کر کے نیلسن منڈیلا کی طرح تقاریر جھاڑتے ہیں۔ وزیر اعظم نے صحافیوں پر بھی تنقید کی، کہا کچھ صحافی بھی ہائیکورٹ پہنچ گئے تھے کہ منڈیلا کو بولنے دیں۔

  • حکومتی ترجمانوں کا اجلاس: بجٹ اجلاس میں اپوزیشن کے احتجاج سے نمٹنے پر غور

    حکومتی ترجمانوں کا اجلاس: بجٹ اجلاس میں اپوزیشن کے احتجاج سے نمٹنے پر غور

    اسلام آباد: حکومت نے بجٹ اجلاس میں اپوزیشن کے ممکنہ احتجاج سے نمٹنے کی حکمتِ عملی پر ترجمانوں کے اجلاس میں مشاورت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج بنی گالہ میں وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی ترجمانوں کے اجلاس میں بجٹ اجلاس میں اپوزیشن کے ممکنہ احتجاج سے نمٹنے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

    ترجمانوں کے اجلاس میں آیندہ بجٹ کی تیاری اور خدوخال پر بھی مشاورت کی گئی، اس اجلاس میں حکومت کی معاشی ٹیم کے ارکان نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔

    اجلاس میں بجٹ کی تیاری سے متعلق حکومتی ترجمانوں کو آگاہ کیا گیا، اور اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی اور شور شرابے سے نمٹنے کے لیے حکومتی حکمت عملی بنائی گئی۔

    یہ بھی پڑھیں:  پنجاب حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 30سے 35ارب روپے کے نئے ٹیکسز لگانے کی تجاویز تیار کرلیں

    دریں اثنا، وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بجٹ میں پس ماندہ علاقوں کی ترقی اور کم زور طبقات کی معاونت پر توجہ دی جا رہی ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ انضمام شدہ علاقوں کےعوام نے ملک کے لیے بے شمار قربانیاں دیں ہیں، ان علاقوں کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ یہ اپنی صلاحیتوں کو برؤے کار لا سکیں۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم ہدایت کر چکے ہیں کہ بجٹ میں اخراجات میں ممکنہ حدتک کفایت شعاری اختیار کی جائے۔