Tag: حکومتی مہم

  • زائرین کو بدنام کرنے کی حکومتی مہم ناقابل قبول ہے، علامہ ناصر عباس

    زائرین کو بدنام کرنے کی حکومتی مہم ناقابل قبول ہے، علامہ ناصر عباس

    کراچی (6 اگست 2025): مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجا ناصر عباس نے کہا ہے کہ زائرین کو بدنام کرنے کی حکومتی مہم ناقابل قبول ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام زائرین مارچ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ راجا ناصر عباس نے کہا ہے کہ زائرین کو بدنام کرنے کی حکومتی مہم ناقابل قبول ہے۔ عراق اور ایران جانے والے زائرین کا مکمل ڈیٹا موجود ہے۔ حکومت کی طرف سے زائرین پر ہیومن ٹریفکنگ کا جو پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے وہ بند کیا جائے۔

    سربراہ ایم ڈبلیو ایم نے کہا کہ حکومت نے پہلے ایران میں زائرین کو سہولتیں دینے کا عندیہ دیا اور اب پابندی لگا دی۔ راتوں رات زائرین پر لگائی گئی یہ پابندی ناقابل فہم اور افسوسناک ہے۔

    ان کا کہنا تھا زائرین کی آمدورفت سے حکومت کو ہی معاشی فائدہ ہے۔ فضائی راستوں سے سفر پر وہ بھاری ٹیکس وصول کرتی ہے۔ زائرین پر پابندی سے حکومت کا ہی اربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے، اس کے باوجود رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں۔

    علامہ ناصر عباس کا زیارت پر ہر رکاوٹ اور پابندی کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا احتجاج مذہبی اور آئینی حق کے تحفظ کے لیے ہے، اس کا کوئی سیاسی مفاد نہیں۔ اگر ریاست سنجیدہ ہے تو ہم تعمیری مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔