Tag: حکومت

  • حکومت کا گلگت بلتستان میں گلاف حفاظتی پراجیکٹ فوری شروع کرنے کا اعلان

    حکومت کا گلگت بلتستان میں گلاف حفاظتی پراجیکٹ فوری شروع کرنے کا اعلان

    اسلام آباد : وزیراعظم کے مشیر برائے ماحولیات ملک امین اسلم نے گلگت بلتستان میں گلاف حفاظتی پراجیکٹ فوری شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گرم موسمی حالات کے باعث گلگت بلتستان کے چند علاقوں میں گلاف کا خطرہ ہے،پگھلتے گلیشیئرز نے مقامی آبادی کے لیے خطرےکی گھنٹی بجا دی۔بگروٹ،یاسین،ہنزہ،نگر،شگر،گانچھے،گلگت کے علاقے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

    معاون خصوصی برائےماحولیات نےگلگت بلتستان کا ہنگامی دورہ کیا۔ملک امین اسلم نے پگھلتےگلیشیئرز کو مقامی آبادی کے لیے سنگین خطرہ قرار دے دیا۔

    ملک امین اسلم نے گلگت بلتستان میں گلاف حفاظتی پراجیکٹ فوری شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ اقوام متحدہ کے تعاون سے شروع ہوگا،منصوبے پر 6 ارب روپے کی لاگت آئےگی۔

    معاون خصوصی برائےماحولیات کا کہنا تھا کہ 3ارب روپے کی لاگت سے 50گلیشیئر مانیٹرنگ اسٹیشن قائم کریں گے،سیلابی پانی کی مانیٹرنگ کے لیے400خصوصی اسٹیشنز بھی قائم ہوں گے۔

    انہوں نے بتایا کہ 1.5ارب روپے براہ راست مقامی کمیونٹی کو فراہم کیے جائیں گے،پراجیکٹ کے تحت 10 لاکھ کے قریب مقامی افراد کو براہ راست فائدہ ہوگا۔

    ملک امین اسلم کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے گلیشیئرز کے پگھلاؤ کا عمل تیز ہو رہا ہے،2015 میں خطرناک گلیشیئرز لیکس کی تعداد صرف33 تھی،اس وقت خطرناک گلیشیئرز کی تعداد 133 ہوچکی ہے۔

    معاون خصوصی برائےماحولیات نے کہا کہ گلیشئرز پگھلاؤ سے ممکنہ نقصان پر قابو پانے کے لیے ہنگامی اقدامات کر رہے ہیں، مقامی آبادی کو ممکنہ نقصانات سے محفوظ رکھنا حکومتی ترجیح ہے۔

  • حکومت نے ایک لاکھ 5 ہزار میں سے 95 ہزار عازمین حج کو رقوم واپس کردی

    حکومت نے ایک لاکھ 5 ہزار میں سے 95 ہزار عازمین حج کو رقوم واپس کردی

    اسلام آباد : وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایک لاکھ 5 ہزار میں سے 95 ہزار عازمین حج  کو رقم واپس کردی  ہے جبکہ 10 ہزارافراد کو رواں ہفتے رقوم واپسی کی یقینی دہانی کرادی۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت مذہبی امور ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ 90 فیصد سے زائد عازمین حج کو رقوم واپسی کا عمل مکمل کرلیا اور ایک لاکھ 5ہزار میں سے95 ہزار عازمین کو رقوم واپس کردیئے۔

    وزارت مذہبی امور نے 10 ہزارافراد کورواں ہفتےرقوم واپسی کی یقینی دہانی کراتے ہوئے کہا کہ صوبائی حج ڈائریکٹرزرواں ہفتے عازمین کورقوم واپسی یقینی بنائیں، عازمین حج کوبذریعہ ایس ایم ایس،کالز رقوم واپسی کا بتایا جائے۔

    یاد رہے وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے حج درخواست گزاروں کو واجبات واپس لینے کی ہدایات دوبارہ جاری کرتے ہوئے کہا تھا درخواست گزارجلد اپنے واجبات بینکوں سے واپس نکلوالیں۔

    ترجمان نے تمام نامزدبینکوں کو28جولائی تک رقوم کی واپسی کا عمل مکمل کرنےکی ہدایت کرتے  ہوئے کہا وزارت نے بینکوں میں پیسے رکھنے یا نیا اکاؤنٹ کھلوانے کی ہدایت نہیں کی، نامزد بینک بلاکٹوتی تمام واجبات ادا کرنے کے پابند ہیں۔

    خیال  رہے سعودی عرب کی جانب سے حتمی اعلان کیا گیا تھا کہ رواں سال محدود پیمانے پر صرف مقامیوں کو حج کی اجازت ہوگی جس کے بعد تمام رجسٹرڈ حج امیدواروں کو رقوم واپس کی جارہی ہے۔

    ترجمان وزارت مذہبی امور کا کہنا تھا کہ تمام درخواست گزاروں کو بذریعہ ایس ایم ایس اطلاع دی جارہی ہے، واجبات کی نقد واپسی کے لیے درخواست گزار کا بینک آنا ضروری ہے۔

  • 15ستمبر سے تعلیمی ادارے کھولنے کی تیاریاں ، حکومت نے  بڑی اجازت دے دی

    15ستمبر سے تعلیمی ادارے کھولنے کی تیاریاں ، حکومت نے بڑی اجازت دے دی

    اسلام آباد : وفاقی حکومت نے تعلیمی اداروں کو 15جولائی سے دفاتر کھولنے کی اجازت دے دی ہے جبکہ یونیورسٹیز میں پی ایچ ڈی کے طلبہ کو ریسرچ ورک کی بھی اجازت مل گئی۔

    تفصیلات کے مطابق 15ستمبر سے تعلیمی ادارے کھولنے کی تیاریوں میں تیزی آگئی ، وفاقی حکومت نے تعلیمی اداروں کو 15جولائی سے دفاتر کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔

    یونیورسٹیز میں پی ایچ ڈی کے طلبہ کو ریسرچ ورک کی بھی اجازت مل گئی جبکہ ہوسٹلز کھولنے کا فیصلہ عید الاضحی کے بعد صورتحال کا جائزہ لیکرہوگا، ہوسٹلز میں رہنے والوں کے کورونا ٹیسٹ ہوں گے اور سخت ایس او پیز کے تحت امتحانات اور داخلہ ٹیسٹ کی اجازت ہو گی۔

    یاد رہے گذشتہ ہفتے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ملک بھر میں 15ستمبر سے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے ایس او پیز تیار کرنے کی ہدایت کی تھی اور کہا تھا صحت کے معاملات ٹھیک نہ ہوئے تو تعلیمی ادارے نہیں کھولیں گے۔

    وفاقی وزیر تعلیم نے مزید کہا تھا کہ کورونا کی صورتحال میں تعلیم کابڑا نقصان ہوا، مدارس کو بھی ایس اوپیز کے تحت امتحانات لینے کی اجازت ہوگی، امتحانات لینے کے دوران 6 فٹ کافاصلہ ہوگا،ماسک پہننا لازمی ہوگا، جہاں ممکن ہوٹینٹ لگا کر امتحانات لئے جاسکتے ہیں

    بعد ازاں وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت نے ملک بھر میں 15 ستمبر سے تمام تعلیمی ادارے کھولنے کے فیصلے سے متعلق صوبوں کو آگاہ کرتے ہوئے صوبائی چیف سیکر ٹریز کو مراسلے بھجوادیا تھا۔

    وفاقی سیکرٹری کی جانب سے چاروں صوبوں کے چیف سیکر ٹریز کو بھیجے گئے مراسلوں میں کہا گیا تھا کہ تعلیمی ادارے کورونا کے تناظر میں بنائے گئے ایس او پیز پر یقینی عملدرآمد کرتے ہوئے کھولے جائیں۔

  • حکومت کی طرف سے ٹیکس فری بجٹ پیش کرنا خوش آئند ہے، بابر اعوان

    حکومت کی طرف سے ٹیکس فری بجٹ پیش کرنا خوش آئند ہے، بابر اعوان

    اسلام آباد: مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے ٹیکس فری بجٹ پیش کرنا خوش آئند ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے مشیر پارلیمانی امور بابراعوان نے ملاقات کی جس میں‌ بجٹ اجلاس،قانون سازی اور ملکی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ بابراعوان نے ایوان کو خوشگوار ماحول میں چلانے پر اسپیکر کو خراج تحسین پیش کیا۔

    اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اراکین پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس میں نظم ونسق قابل تعریف ہے،اراکین کی جانب سے اتنی بڑی تعداد میں بحث میں حصہ غیر معمولی ہے۔

    اسد قیصر کا کہنا تھا کہ اراکین کوبجٹ بحث میں زیادہ سے زیادہ موقع فراہم کیا گیا،حکومتی اور اپوزیشن بینچوں کی جانب سے کھل کر اپنا نقطہ نظر پیش کیا،بجٹ پرعمومی بحث کے لیے 40 گھنٹے کا وقت مقرر کیا گیا تھا،بجٹ بحث 57 گھنٹے9 منٹ کرائی گئی۔

    انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے 29 گھنٹے 14 منٹ اور حکومت نے 27 گھنٹے 55 منٹ بات کی،اپوزیشن کو مقررہ وقت سے 10 گھنٹے 49 منٹ زیادہ ملے،حکومت کو 6 گھنٹے 20 منٹ اضافی وقت ملا۔

    اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ بجٹ اجلاس میں 208 ارکان نے حصہ لیا،حکومت کے107 اور اپوزیشن کے 101 ارکان اجلاس میں شریک ہوئے۔

    اس موقع پر بابر اعوان کا کہنا تھا کہ حکومت کی طرف سے ٹیکس فری بجٹ پیش کرنا خوش آئند ہے، دنیا کی معیشت کو نقصان پہنچا مگر حکومت نے ٹیکس فری بجٹ دیا۔

    مشیر پارلیمانی امور کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت پارلیمان کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے،وزیراعظم پارلیمنٹ کے فلور پر ارکان کو اعتماد میں لینا بہتر فیصلہ تھا۔

  • حکومت نے جامعات کھولنے پر غور شروع کردیا

    حکومت نے جامعات کھولنے پر غور شروع کردیا

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے کرونا وائرس کے پیش نظر بند ہونے والی جامعات کو 15 جولائی کے بعد دوبارہ کھولنے پر غور شروع کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے 15 جولائی کے بعد جامعات کھولنے کے فیصلے پر غور کرنے سے متعلق ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے جامعات مزید بند نہیں رکھی جائیں گی،ایچ ای سی جامعات سے مل کر اپنی پالیسی خود بنائے گی۔

    ذرائع کے مطابق چیئرمین ایچ ای سی کی زیر صدارت جامعات کے وی سیز کا ویڈیو لنک پر اجلاس ہوا جس میں انہوں نے جامعات سے سفارشات طلب کیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایس او پیز کے ساتھ جامعات کھولی جائیں گی۔

    یونیورسٹیوں میں امتحانات، ہائر ایجوکیشن کمیشن کا بڑا فیصلہ

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 13 مئی کو چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر طارق بنوری کی زیر صدارت اجلاس میں یکم جون سے باقاعدہ آن لائن کلاسز شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا اور لاک ڈاؤن ختم نہ ہونے کی صورت میں آن لائن امتحانات لینے کا فیصلہ بھی کیا گیا تھا۔

  • ’چینی 70 روپے فی کلو فروخت کے فیصلے پر مکمل عمل درآمد ہوگا‘

    ’چینی 70 روپے فی کلو فروخت کے فیصلے پر مکمل عمل درآمد ہوگا‘

    لاہور: وزیرخوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ملک میں چینی 70روپے فی کلو فروخت کے فیصلے پر مکمل عمل درآمدہوگا، پنجاب میں انتظامیہ کو واضح ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے ایک تازہ بیان میں عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ذاتی دلچسپی سے چینی کی قیمت میں کمی کی جارہی ہے، کسی کو بنیادی اشیائے خورونوش میں بےجا اضافہ نہیں کرنے دیں گے، پٹرول کے بعدچینی کی قیمتوں میں واضح کمی خوش آئند ہے، چینی کے نام پر ناجائز منافع کمانے والوں سے سختی سے نمٹیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو بھی چینی کی قیمتوں میں کمی کو سراہنا چاہیے، چینی کی طرح آٹے کی قیمتیں بھی مستحکم رکھنے کی کوشش کریں گے، جہاں کہیں خلاف ورزی ہوئی انتظامیہ سخت کارروائی کرے گی۔

    ‘شوگر ملز نے حکومت کو چینی 70 روپے فی کلو کی پیش کش کر دی’

    دوسری جانب خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں 6 شوگرملز کی انتظامیہ کو خط لکھ دیا۔

    خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ شوگرملز 70روپے کلو چینی فروخت کریں، شوگرملز ریٹیل شاپس اور یوٹیلٹی اسٹورز کو 70روپے کلو چینی فراہم کریں، کے پی حکومت نے ڈی آئی خان، پشاور اور مردان کی شوگرملز کو خط ارسال کیے۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے چینی انکوائری کمیشن کو کارروائی سے روک دیا

    واضح رہے کہ شوگر ملز ایسوسی ایشن حکومت کو 60 ہزار ٹن چینی 70 روپے کلو پر فراہمی کی پیش کش کرچکی ہے، ذرایع کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں سیکریٹری کابینہ ڈویژن کے نام ایک خط لکھا گیا جس میں کہا گیا کہ حکومت عوام تک چینی پہنچانے کے لیے اقدامات کرے۔

    یاد رہے کہ 11 جون کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے چینی انکوائری کمیشن کو 10 دن کے لیے شوگر ملز کے خلاف کارروائی سے روک دیا تھا اور آئندہ سماعت تک ملک میں چینی 70 روپے کلو بیچنے کا حکم بھی دیا تھا۔

  • حکومت کا زرعی شعبے کے لیے 50 ارب کی تقسیم کا اعلان

    حکومت کا زرعی شعبے کے لیے 50 ارب کی تقسیم کا اعلان

    اسلام آباد: مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ کاشت کاروں کو براہ راست ریلیف کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ سے فارمز ایسوسی ایشن کے نمائند وفد نے ملاقات کی۔وزیر خارجہ، وزیر اقتصادی امور، مشیر تجارت اور دیگر اعلیٰ حکام بھی ملاقات میں شریک تھے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی فارمرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین کے طور پر مشیر خزانہ سے ملے۔

    اس موقع پر مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ نے زرعی شعبے کے لیے اعلان کردہ 50 ارب کی جلد تقسیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کاشت کاروں کی بھرپور مدد کی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ کاشت کاروں کی بجٹ سے متعلق قابل عمل تجاویز کو شامل کریں گے،کاشت کاروں کو براہ راست ریلیف کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔

    عبد الحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ بجلی ٹیرف، کھاد پر ڈیوٹی اور زرعی قرضوں پرمارک اپ کم کریں گے،50ارب کے زرعی پیکیج کی موزوں تقسیم پر تجاویز کا خیر مقدم کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ کرونا وبا پر قابو پانے کے بعد زرعی شعبہ نمایاں ترقی کرسکتا ہے۔

  • حکومت کا ایک بار پھر پارلیمنٹ کا اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ

    حکومت کا ایک بار پھر پارلیمنٹ کا اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: حکومت نے ایک بار پھر پارلیمنٹ کا اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اجلاس طلب کرنے کے لیے سمری آج صدر مملکت کو ارسال کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق آئینی طور پر پارلیمنٹ کی کارروائی کے دن پورے کرنے کے معاملے پر ڈاکٹر بابر اعوان نے وزیر اعظم عمران خان اور اسپیکر قومی اسمبلی سے رابطہ کیا۔

    حکومت نے ایک بار پھر پارلیمنٹ کا اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اجلاس طلب کرنے کے لیے سمری آج صدر مملکت کو ارسال کی جائے گی۔

    ڈاکٹر بابر اعوان کا کہنا ہے کہ اجلاس 5 جون کو شام 4 بجے طلب کیا جائے گا، اپوزیشن سے ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی میں بھی بات کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کا سب طویل میراتھون اجلاس ہوگا جو 5 جون سے 13 اگست تک جاری رہے گا، بجٹ اسی دوران آئے گا اور قانون سازی بھی ہوگی۔

    ڈاکٹر بابر اعوان کے مطابق اجلاس میں اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ میں ترمیم کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا، اجلاس صرف دن ہی نہیں کام پورا کرنے کے لیے بھی بلایا جا رہا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ نظام میں کسی قسم کے آئینی خلا یا کوتاہی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

  • حکومت کا بین الاقوامی پروازوں پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ

    حکومت کا بین الاقوامی پروازوں پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ

    اسلام آباد : حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث بین الاقوامی پروازوں پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کرلیا، تاہم خصوصی پروازوں اور چارٹرڈ طیاروں کو پابندی سے استثنیٰ حاصل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے انٹر نیشنل فلائٹ آپریشن پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کرلیا اور سول ایوی ایشن نےانٹر نیشنل فلائٹ کی بندش میں مزید 16 دن کی توسیع کردی، اس حوالے سے ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ نے باضابطہ نوٹم جاری کردیا ہے۔

    نوٹم کے مطابق انٹر نیشنل پروازیں 31مئی تک رات 11بجکر59منٹ تک بند رہیں گی، 15 مئی سے انٹرنیشنل فلائٹ پر پابندی میں مزید 16 دن کی توسیع کی گئی تاہم خصوصی پروازوں اور چارٹرڈ طیاروں کو پابندی سے استثنیٰ حاصل ہے۔

    بندش کا اطلاق حکومت کی جانب سے خصوصی پروازوں پر نہیں ہوگا اور کارگو فلائٹس کو بھی پابندی کے فیصلے سے استثنیٰ حاصل ہوگا جبکہ ملک بھر کے ائیرپورٹس سے عالمی فضائی آپریشن کی بندش میں توسیع کردی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ پاکستان نے عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث مارچ سے لاک ڈاؤن میں اندرون و بیرون ملک پروازیں بندش کا شکار ہیں، اس سلسلے میں مرحلہ وار توسیع کا سلسلہ جاری ہے، پابندی کے سبب سول ایوی ایشن اتھارٹی اربوں روپے کے نقصان کا سامنا ہے۔

  • حکومت نے میڈ ان پاکستان طبی سامان کی ایکسپورٹ پر کام تیز کر دیا

    حکومت نے میڈ ان پاکستان طبی سامان کی ایکسپورٹ پر کام تیز کر دیا

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ فرانسیسی کمپنی سے پاکستان کو ایک ملین ماسک کی تیاری کا پہلا آرڈر مل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی ’’میڈان پاکستان‘‘مہم میں بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے۔حکومت نے میڈ ان پاکستان طبی سامان کی ایکسپورٹ پر کام تیز کر دیا۔

    وفاقی کابینہ نے تیار کیے گئے ہینڈ سینیٹائزرز برآمد کرنے کی منظوری دی ہے، ہینڈ سینیٹائزرز یورپی ممالک کو ایکسپورٹ کیے جائیں گے۔فرانیسی کمپنی سے پاکستان کو ایک ملین ماسک کی تیاری کا پہلا آرڈر بھی مل گیا۔

    وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ماسک کا آرڈر ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد کی 2 ملوں کو ماسک کی تیاری کا آرڈر دیا گیا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ مقامی طور پر تیار سینیٹائزر امریکا،یورپی ممالک تک ایکسپورٹ ہوسکیں گے،میڈ ان پاکستان مہم عالمی سطح پر کامیابی حاصل کرے گی۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک کا مستقبل اب سائنس وٹیکنالوجی کے ساتھ وابستہ ہے،وزیراعظم اور آرمی چیف کی مشترکہ کوشش نہ ہوتی تو یہ کام نہ ہوتا۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم،آرمی چیف،چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے مدد کی،ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کے لیے سول ملٹری انٹر فیس بنایا جا رہاہے،امریکا،اسرائیل، چین کی طرز پر سول ملٹری ریسرچ میکنزم بنا رہے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ صرف ڈیڑھ ماہ میں پاکستان کو کئی ملین ڈالرز کا فائدہ ہوا،پاکستان میں ٹیکنالوجی اینڈ سائنس کو مزید تقویت ملے گی۔