Tag: حکومت

  • حکومت اظہار رائے کے آئینی حق پر کامل یقین رکھتی ہے،شبلی فراز

    حکومت اظہار رائے کے آئینی حق پر کامل یقین رکھتی ہے،شبلی فراز

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ حکومت اظہار رائے کے بنیادی، آئینی،قانونی حق پر کامل یقین رکھتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے اپنے پیغام میں کہا کہ آزادی اظہار مہذب جمہوری معاشرے کی اساس،انسان کا بنیادی حق ہے۔

    شبلی فراز کا کہنا تھا کہ یوم صحافت پر قربانیاں دینے والے صحافیوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے اپنے لہو سے حریت فکر کی شمع روشن رکھنے والے شہدائےصحافت کو سلام پیش کیا۔

    وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت اظہار رائے کے بنیادی، آئینی ،قانونی حق پر کامل یقین رکھتی ہے،آزاد،ذمہ دارصحافت کے لیے ممکنہ سہولتیں فراہم کرتے رہیں گے۔

    انہوں نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ ذمہ دار پریس معاشرے کی تعمیر وترقی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج آزادی صحافت کا دن منایا جا رہا ہے جس کا مقصد صحافت کے بنیادی اصولوں کی موجوہ صورت حال پر اعتماد کا اظہار کرنا اور دنیا میں صحافت کی موجودہ صورت حال کی شکل کو پیش کرنا ہے۔

  • تاجروں کا 3 ماہ کا بجلی کا بل حکومت ادا کرے گی، حماد اظہر

    تاجروں کا 3 ماہ کا بجلی کا بل حکومت ادا کرے گی، حماد اظہر

    اسلام آباد:وفاقی وزیر صنعت وپیداوار حماد اظہر کا کہنا ہے کہ حکومت نے لاک ڈاؤن میں بے روزگار اور چھوٹے کاروبار کرنے والوں کے لیے وزیراعظم کا چھوٹا کاروبار امدادی پیکیج متعارف کرا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پریس کانفرس کے دوران وفاقی وزیر صنعت حماد اظہر نے کہا کہ صنعت، کاروبار اور ملازمتوں سے متعلق دو پیکج ای سی سی نے منظور کیے ہیں جو کل وفاقی کابینہ میں پیش کیے جائیں گے، کابینہ سے منظوری کے بعد پیکج کی تفصیلات ویب سائٹ پر ڈل دی جائیں گی۔

    حماد اظہر کا کہنا تھا کہ بے روزگار ہونے والوں کے لیے 75 ارب روپے کا پیکج منظور کیا ہے، ملازمتوں سے بے روزگار ہونے والے خود کو پورٹل پر رجسٹرڈ کرائیں، احساس پروگرام اور وزارت صنعت وپیداوار پورٹل لانچ کرے گی۔

    وفاقی وزیر کے مطابق پیکج کی تفصیلات وزارت صنعت وپیداوار اور احساس پروگرام کی ویب سائٹ پر ڈالی جائیں گی، پیکج کے تحت بے روزگار ہونے والوں کو فی کس 12 ہزار روپے دیے جائیں گے جبکہ دوسرے پیکج کے تحت چھوٹے کاروبار والوں کے 3 ماہ کا بل حکومت ادا کرے گی اس طرح 80 فیصد صنعتیں بل ادائیگی کے سلسلے میں مستفید ہوں گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کا یہ پروگرام احساس پروگرام سے الگ ہے، احساس پروگرام کے ایک کروڑ 20 لاکھ افراد کے علاوہ یہ 60 لاکھ افراد الگ ہوں گے۔

  • آئی پی پیز اسکینڈل ، حکومت کا ملوث گروپوں اور شخصیات کیخلاف کارروائی کا بڑا فیصلہ

    آئی پی پیز اسکینڈل ، حکومت کا ملوث گروپوں اور شخصیات کیخلاف کارروائی کا بڑا فیصلہ

    اسلام آباد : حکومت نے آئی پی پیز اسکینڈل میں ملوث گروپوں اورشخصیات کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا جبکہ کارروائی سے قبل کمیشن بنانے کا فیصلہ بھی کیا تاہم کمیشن بنانے کے معاملے پر رکاوٹوں کا سامنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے آئی پی پیز اسکینڈل میں ملوث گروپوں اورشخصیات کےخلاف کارروائی کافیصلہ کرلیا ، ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی سے قبل وفاقی حکومت کا کمیشن بنانے کا فیصلہ بھی کیا، کمیشن کی سفارشات پر حتمی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، تاہم کمیشن بنانے کے معاملے پر رکاوٹوں کا سامنا ہے۔

    گذشتہ ہفتے وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بڑا فیصلہ کرتے ہوئے پاور سیکٹر سے متعلق انکوائری رپورٹ پبلک کرنے اور  انکوائری کمیشن بنانے کی منظوری دی تھی۔

    یاد رہے پاور سیکٹراسکینڈل کی انکوائری رپورٹ وزیراعظم عمران خان کو پیش کی گئی تھی ، رپورٹ میں قومی خزانے کو سالانہ 100 ارب سے زائد نقصان پہنچائے جانے کا انکشاف ہوا تھا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ آئی پی پیزمالکان نے350ارب روپے غیرمنصفانہ طورپر وصول کیے جبکہ کمیٹی نے پاور پلانٹس کےساتھ معاہدوں کوبھی غیرمنصفانہ قراردیا اورآئی پی پیزمالکان سے100ارب وصولی کی سفارش کی تھی۔

  • ’تاجر رٹ چیلنج نہیں کرنا چاہتے حکومت ذمہ داری پوری کرے‘

    ’تاجر رٹ چیلنج نہیں کرنا چاہتے حکومت ذمہ داری پوری کرے‘

    کراچی: مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر کاشف چوہدری نے کہا ہے کہ اجتماع سے کروناوائرس پھیلتا ہے تو یکساں لاک ڈاؤن کیا جائے، تاجر رٹ چیلنج نہیں کرنا چاہتے حکومت ذمہ داری پوری کرے۔

    تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر کا کہنا تھا کہ کروناوائرس معاملے پر وفاق اور صوبائی حکومتوں میں رسہ کشی جاری ہے، تاجر برادری اس وقت بھی خیبر سے کراچی تک یکجا ہے، تمام کاروباری مراکز کو رمضان کے دوران کھولنے کی اجازت دی جائے۔

    کاشف چوہدری نے کہا کہ تاجروں نے مشکل حالات میں قومی ذمہ داری پوری کی، مشکل حالات میں بھی حکمران قومی پالیسی وضع نہیں کرسکے، چین کی مثالیں دی جاتی ہیں مگر یہاں عمل درآمد نہیں کیا جاتا۔

    انہوں نے پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومت چاروں صوبوں کے ساتھ مل کر واضح پالیسی کا اعلان کرے، تمام کاروباری مراکز کو رمضان کے دوران کھولنے کی اجازت دی جائے، وزیراعظم مشکل حالات میں تمام اسٹیک ہولڈرز سے مذاکرات کریں، تاجر رٹ چیلنج نہیں کرنا چاہتے حکومت بھی ذمہ داری پوری کرے۔

    صدر آل سٹی تاجر اتحاد اور صوبائی وزیر سعید غنی آمنے سامنے

    خیال رہے کہ شہر قائد کے تاجروں اور حکومت سندھ کے درمیان لاک ڈاؤن کے دوران دکانیں کھولنے کے معاملے پر تنازعہ حل نہیں ہو سکا ہے آل سٹی تاجر اتحاد کے صدر شرجیل گوپلانی نے شکوہ کیا کہ دکانوں کھولنے سے متعلق سندھ حکومت کے ساتھ ایس او پی طے ہو گئے تھے، وزیر اعلیٰ سندھ سے بھی بات ہو گئی تھی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں اطلاع ملی وزیر اعلیٰ سندھ ایس او پی وزیر اعظم کو بھجوا رہے ہیں، اور ہم سے 48 گھنٹے کے انتظار کا کہا گیا جو ہم نے کیا لیکن یہ انتظار ختم نہ ہو سکا۔

  • دو ہفتے میں بجلی بلز سے متعلق اسکیم لائیں گے،حماد اظہر

    دو ہفتے میں بجلی بلز سے متعلق اسکیم لائیں گے،حماد اظہر

    اسلام آباد: وفاقی وزیر صنعت وپیداوار حماد اظہر کا کہنا ہے کہ بجلی کے بلوں پر بھی امداد دی جائےگی، دو ہفتے میں بجلی بلز سے متعلق اسکیم لائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ کرونا کے باعث جو بیروزگار ہوئے ان کی ہم نے امداد کرنی ہے، 2 ہفتے میں بجلی بلز سے متعلق اسکیم لائیں گے،بجلی کے بلوں پر بھی امداد دی جائےگی۔

    وفاقی وزیر صنعت وپیداوار کا کہنا تھا کہ چھوٹے کاروباری ودکانداروں کے لیے پروگرام لایا جائے گا، 30 ارب روپے کے بنیادی سامان کا قوم کے لیے بندوبست کر رہے ہیں۔

    کرونا سے بچنا ہے اور روزگار کو بھی بچانا ہے،اسد عمر

    اس سے قبل وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے باعث لوگوں کے کاروبار پر اثر پڑا،بیماری سے بچنا ہے اور روزگار کو بھی بچانا ہے۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ 15مارچ کو پاکستان میں 473 کیس تھے، پاکستان میں اپریل میں 25 ہزار کیسز ہونے کا خدشہ تھا۔انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے اندازے کے مطابق ملک میں کرونا سے اموات بہت کم ہوئیں۔

  • رمضان المبارک میں تراویح، نماز جمعہ کے اجتماعات: حکومت اور علماء کرام کے درمیان 20 نکاتی لائحہ عمل پر اتفاق

    رمضان المبارک میں تراویح، نماز جمعہ کے اجتماعات: حکومت اور علماء کرام کے درمیان 20 نکاتی لائحہ عمل پر اتفاق

    اسلام آباد: حکومت نے رمضان المبار ک میں باجماعت نماز اور تراویح کی مشروط اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیرصدارت علما ومشائخ کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں کرونا کی روک تھام کے حوالے سے رمضان المبارک میں باجماعت نماز اور تراویح کے لیے حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

    ڈاکٹر عارف علوی کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں علمائے کرام نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔مشاورتی اجلاس میں احتیاطی تدابیر پر مشتمل بیس نکاتی لائحہ عمل پر اتفاق کیا گیا۔

    اس موقع پر صدر مملکت کا کہنا تھا کہ نمازی وضو گھر سے کر کے مسجد آئیں،مسجد آنے والے صابن سے 20 سیکنڈ ہاتھ دھو کر آئیں،ماسک پہن کر مسجد اور امام بارگاہ آئیں، صف بندی ایسے کی جائے کہ دو نمازیوں کی جگہ خالی رہے، مساجد کے فرش کو کلورین ملے پانی سے دھویا جائے،مسجدوں میں سحری اور افطار کا اجتماعی اہتمام نہ کیاجائے۔

    انہوں نے کہا کہ سڑکوں، فٹ پاتھوں پر نماز تراویح پڑھنے سے اجتناب کریں صرف مساجد کے احاطے میں نماز تراویح کا اہتمام کیا جائے، نماز سے پہلے اور بعد میں مجمع لگانے سے گریز کیا جائے گا۔

    ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ صف بندی میں اہتمام کیا جائے کہ نمازیوں میں 6 فٹ کا فاصلہ برقرار رہے،احتیاطی تدابیر پر عمل کے لیے  مساجد اور امام بارگاہ میں کمیٹی بنائی جائے،مسجد و امام بارگاہ میں نشان لگانے سے نمازیوں کو کھڑے ہونے میں آسانی ہوگی۔

    ڈاکٹر عارف علوی کا مزید کہنا تھا کہ احتیاطی تدابیر کو نظر انداز کیا گیا یا کرونا زیادہ پھیلا تو حکومت نظرثانی کا اختیار رکھتی ہے۔

  • حکومت کل تمام مکاتب فکر کے علما کو اعتماد میں لےگی،نورالحق قادری

    حکومت کل تمام مکاتب فکر کے علما کو اعتماد میں لےگی،نورالحق قادری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادری کا کہنا ہے کہ حکومت کل تمام مکاتب فکر کے علما کو اعتماد میں لےگی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرونا کی صورت حال کے پیش نظر رمضان المبارک کے لیے حکمت عملی سے متعلق حکومت کل تمام مکاتب فکر کے علما اور مشائخ کو اعتماد میں لےگی۔

    نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ عوام کی صحت وسلامتی پیش نظر تھی حکومت اقدامات کر رہی ہے،کرونا مریضوں کی تعداد بڑھ گئی تو پھر قابو کرنا مشکل ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ امید ہےکل علما کے ساتھ ملاقات میں اتفاق رائے قائم کرلیں گے۔

    وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ ایوان صدر کے بعد وزیراعظم ہاؤس میں بھی ایک ملاقات ہوگی،وزیراعظم خود علما سےکچھ امور پرگفتگو کریں گے، علمائے کرام کے مؤقف کو نظرانداز نہیں کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ سب کام حکومت نے نہیں کرنے کچھ کام مساجد کی کمیٹیاں اور علما کے کرنے کے ہیں،امید ہے درمیانی راستہ نکال کر رمضان کے تمام پروگرامز کا انعقاد یقینی بنالیں گے۔

    نورالحق قادری کا مزید کہنا تھا کہ ہماری حج تیاریاں جاری ہیں تاہم سعودی حکومت کے منتظر ہیں،حج ہوگا یا نہیں ،اس پر سعودی حکام رمضان کے آخر تک آگاہ کریں گے۔

  • سعودی عرب: 1 لاکھ سے زائد رضا کاروں نے حکومت کو اپنی خدمات پیش کردیں

    سعودی عرب: 1 لاکھ سے زائد رضا کاروں نے حکومت کو اپنی خدمات پیش کردیں

    ریاض: سعودی عرب میں کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے حکومتی کوششوں میں ساتھ دینے کے لیے 1 لاکھ سے زائد رضا کاروں نے اپنی خدمات پیش کردیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں موجود 1 لاکھ سے زائد رضا کاروں نے کرونا وائرس کے خلاف جاری حکومتی کوششوں میں اپنے تعاون اور خدمات کی پیش کش کی ہے۔

    ان رضا کاروں نے اور عام شہریوں نے صحت کے مختلف شعبوں میں حصہ لینے کے لیے خواہش اور دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

    سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربعیہ نے اپنے ایک ٹویٹ پیغام میں رضا کاروں سے آن لائن درخواستیں وصول کرنے کے لیے حکمت عملی تیار کی ہے، وزارت کو اب تک ایک لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔

    وزارت صحت کے رضاکارانہ مرکز کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر صفر باتر نے کہا ہے کہ خواہشمند صحت اور دیگر عمومی خدمات کے لیےدرخواستیں دے سکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وبائی امور کے متعلق آگہی اور تفتیش کے دوران مختلف محلوں میں جا کر ایسے واقعات درج کرنے اور آگہی مہم چلانے کے لیے بھی رضا کاروں کے مواقع ہیں، وزارت ہنگامی محکموں اور انتہائی نگہداشت کے یونٹوں کے لیے میڈیکل پریکٹشنرز کو بھی خوش آمدید کہہ رہی ہے۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب میں طبی اور امدادی سرگرمیوں کے لیے 8 ہزار سے زائد رضا کار پہلے سے ہی میدان میں موجود ہیں، ان رضاکاروں نے کمیشن برائے صحت کی زیر نگرانی خصوصی اور ضروری تربیتی پروگرام بھی کامیابی کے ساتھ مکمل کیے ہیں۔

  • وزیراعظم کا دیہاڑی دار طبقے کو روزگار فراہم کرنے کے لیے بڑا اعلان

    وزیراعظم کا دیہاڑی دار طبقے کو روزگار فراہم کرنے کے لیے بڑا اعلان

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ دیہاڑی دار طبقے کو بلین ٹری منصوبے کا حصہ بنا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ کرونا سے پیدا ہونے والی صورتحال میں دیہاڑی دار افراد اجرت سے محروم ہیں۔

    وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے دیہاڑی دار طبقے کو بلین ٹری منصوبے میں روزگار دینے کا فیصلہ کیا ہے، اقدام سے زندگیوں اور زمین دونوں پر مثبت اثرات بیک وقت پڑےگا،موجودہ صورت حال میں ہر تخلیقی اقدام اہمیت رکھتا ہے۔

    اسٹیٹ بینک کا کاروباری طبقے کے لیے مراعات کا اعلان

    اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کاروباری طبقے کے لیے اسٹیٹ بینک کی جانب سے مراعات کا اعلان کیا گیا ہے جس کا مقصد ٹارگٹڈ لاک ڈاؤن کے دوران عوام کا تحفظ کرنا ہے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک کا اقدام معیشت کو رواں رکھنےمیں مدد دےگا،اسٹیٹ بینک کا اقدام بڑے پیمانے پر بیروزگاری سے بچنےمیں بھی مددگار ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ زرعی شعبے اور تعمیراتی سیکٹر کو کھول رہے ہیں۔

  • حکومت کا ٹیچرز کو تنخواہ نہ دینے پر نجی اسکولوں کیخلاف کارروائی کا اعلان

    حکومت کا ٹیچرز کو تنخواہ نہ دینے پر نجی اسکولوں کیخلاف کارروائی کا اعلان

    اسلام آباد : وفاقی حکومت نے ٹیچرز کوتنخواہ نہ دینے پر نجی تعلیمی اداروں کیخلاف کارروائی کا اعلان کردیا اور کہا صوبوں کو بھی تنخواہ نہ دینے پر اسکولوں کیخلاف کارروائی کی تجویز دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے سماجی رابطے کی ویب ساٗٹ ٹوئٹر پر وفاقی حکومت کی جانب سے نجی تعلیمی اداروں کے ٹیچرز کوتنخواہ نہ دینے پر کارروائی کا اعلان کردیا۔

    وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ جواسکول اساتذہ کوتنخواہ نہیں دیں گے ، ان کےخلاف کارروائی ہوگی، تمام نجی اسکولز اساتذہ کو مستقل تنخواہیں دیں، ، تنخواہ نہ دینے والوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔

    وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ صوبوں کو بھی تنخواہ نہ دینےپر اسکولزکیخلاف کارروائی کی تجویز دیں گے ، تجویز گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو بھی دی جائے گی۔