Tag: حکومت

  • گیس بحران: سندھ کی سیاست میں ہلچل مچ گئی

    گیس بحران: سندھ کی سیاست میں ہلچل مچ گئی

    کراچی: سندھ میں گیس بحران کے باعث سیاسی ہلچل پیدا ہوگئی، صوبائی وزیرتوانائی امتیازشیخ نے سیاسی رابطے تیزکردیے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے وزیرتوانائی امتیازشیخ نے ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہار الحسن سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور صوبے میں گیس بحران سے پیدا ہونے والے خدشات سے آگاہ کیا۔

    دونوں رہنماؤں کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو کے دوران کراچی سمیت سندھ بھرمیں گیس بحران پر بات چیت ہوئی۔

    امتیازشیخ نے ایم کیو ایم کو پیش کش کی کہ آئیے ساتھ مل کرگیس بحران پر آواز بلند کرتے ہیں، عوام مشکل میں ہے ساتھ مل کراقدامات کرنے ہوں گے، وفاق کی جانب سے ایسے فیصلوں کی مذمت کرتے ہیں۔

    سندھ میں گیس بحران کی وجہ خود سندھ حکومت ہے: وفاقی وزیر توانائی

    جواب میں خواجہ اظہار کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت گیس بحران کے خاتمے کا روڈ میپ بنائے، عوامی مسائل پر ایم کیوایم آواز بلند کررہی ہے اور کرتی رہےگی، ایم کیو ایم نے ہمیشہ عوام کے لیے آواز اٹھائی۔

    واضح رہے کہ 28 دسمبر کو سندھ میں گیس بحران پر وفاقی وزیر عمرایوب نے بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ صوبے میں گیس بحران خود حکومت سندھ کا پیدا کردہ ہے، سندھ حکومت نے پائپ لائن کے لیے راستہ نہ دے کر عوام سے زیادتی کی۔

    سندھ حکومت نے گیس بحران پر وفاقی وزیر توانائی کا دعویٰ مسترد کر دیا

    عمر ایوب کا کہنا تھا سندھ حکومت نے آرٹیکل 158 کے تحت ایل این جی درآمد سے انکار کیا، حکومت سندھ اپنی من مانی کی سزا عوام کو نہ دے، حکومت مطلوبہ راستہ دے تو پائپ لائن بچھا کر بحران حل کر دیں گے۔

  • آرمی ایکٹ میں ترمیم کا معاملہ، حکومت نے ن لیگ سے حمایت مانگ لی

    آرمی ایکٹ میں ترمیم کا معاملہ، حکومت نے ن لیگ سے حمایت مانگ لی

    اسلام آباد : حکومت نے آرمی ایکٹ میں ترمیم کے معاملے پر مسلم لیگ ن کی سےحمایت مانگ لی ، پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ ن لیگ کے بعد اپوزیشن کی دیگر جماعتوں سے رابطے کریں گے، امید ہےشام تک مشاورت مکمل کرلیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق آرمی ایکٹ میں ترمیم کے معاملے پر حکومت نےن لیگ سےحمایت مانگ لی ، اپوزیشن چیمبر میں حکومت اور اپوزیشن ارکان کےدرمیان مذاکرات ہوئے ، پرویز خٹک، شبلی فراز، اعظم سواتی، علی محمدخان حکومتی وفد میں جبکہ خواجہ آصف،رانا تنویر،ایاز صادق ودیگر ارکان لیگی وفدمیں شامل تھے۔

    پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ ن لیگ کےبعداپوزیشن کی دیگر جماعتوں سےرابطےکریں گے، مشاورت مکمل ہونےپربل پارلیمنٹ میں لائیں گے، امید ہےشام تک مشاورت مکمل کرلیں گے۔

    خیال رہے حکومت کی جانب سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق آرمی ایکٹ میں ترمیم کا بل قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا اور قومی اسمبلی سے منظوری کے بعد بل سینیٹ میں لایا جائے گا۔

    مزید پڑھیں : وفاقی کابینہ نے آرمی ایکٹ میں ترمیم کی منظوری دے دی

    یاد رہے گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے غیرمعمولی اجلاس میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق آرمی ایکٹ میں ترمیم کی منظوری دی گئی جبکہ اپوزیشن کواعتمادمیں لینےکیلئے وزیردفاع پرویز خٹک کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی گئی تھی۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ تینوں سروسزچیف کی مدت ملازمت میں توسیع کےطریقہ کارکی منظوری دی تھی ، آرمی چیف، نیول چیف، ایئرچیف کی ریٹائرمنٹ کی حدعمر64 سال ہوگی جبکہ سروسزچیف کی مدت ملازمت میں 3سال کی توسیع کی تجویزدی گئی۔

    مجوزہ بل کے مطابق وزیراعظم مدت ملازمت میں 3 سال کی توسیع کی ایڈوائس کرسکتے ہیں، وزیراعظم کی ایڈوائس پر صدر مدت ملازمت میں توسیع کی منظوری دیں گے اور آرمی ایکٹ1952 کے سیکشن 172 میں ترمیم تجویز کی گئی ہے۔

    واضح رہے سپریم کورٹ نے مختصر فیصلہ میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں 6ماہ کی توسیع کرتے ہوئے حکومت کا نوٹی فکیشن مشروط طور پر منظور کرلیا تھا اور کہا تھا آرمی چیف جنرل قمر باجوہ اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے۔

    سپریم کورٹ نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے متعلق قانون سازی کے لئے حکومت کو پارلیمنٹ کا پابند کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایکٹ آف پارلیمنٹ کے ذریعے 6 ماہ میں آرٹیکل 243 کی وسعت کا تعین کیا جائے۔

  • حکومت اور اپوزیشن کو اتفاق رائے سے چلنا ہوگا، فواد چوہدری

    حکومت اور اپوزیشن کو اتفاق رائے سے چلنا ہوگا، فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اتفاق رائے نہیں ہوگا تو ایسے جمہوریت نہیں چل سکتی، حکومت اور اپوزیشن کو اتفاق رائے سے چلنا ہوگا۔

    تفصیلات کے وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن اور حکومت کو نئے سال کی مبارکباد دینا چاہتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال تلخیوں کے ساتھ غروب ہوچکا ہے، نیا سال نیا کتاب کی طرح ہے کہ نیا باب لکھیں، نئے سال کا آغاز پچھلے سال سے مختلف کریں۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ یوں لگ رہا ہے حکومت، اپوزیشن میں معاملات آگے نہیں بڑھ رہے، تمام ادارے معاملات میں قصوروار ہیں نہ بے گناہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اتفاق رائے نہیں ہوگا تو ایسے جمہوریت نہیں چل سکتی، حکومت اور اپوزیشن کو اتفاق رائے سے چلنا ہوگا۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ ہماری کوشش ہونی چاہیے کہ نوجوانوں کو کیسے بہتر مستقبل دیں، ہم نے معاملات درست نہیں کیے تو مسائل ہاتھ سے نکل جائیں گے، چیف الیکشن کمشنر سمیت دیگر امور پر اتفاق رائے ہوسکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم ہر قسم کے احتساب کے لیے تیار ہیں، الیکشن کمیشن،احتساب اور دیگر اہم معاملات پر متفق ایجنڈے کا حامی ہوں، چاہتا ہوں حکومت اور اپوزیشن اہم ایشوز کے ایجنڈے پر اتفاق کریں۔

  • متنازع قانون، بھارت کے طول وعرض میں آگ لگ گئی، 30 ہلاکتیں

    متنازع قانون، بھارت کے طول وعرض میں آگ لگ گئی، 30 ہلاکتیں

    نئی دہلی: شہریت کے متنازع قانون نے بھارت کے طول وعرض میں آگ لگا دی، پرتشدد مظاہروں اور پولیس گردی کے نتیجے میں ہلاک افراد کی تعداد 30 ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کے ہر شہر اور ہر گلی میں متنازع قانون کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ دلی، ممبئی، چنئی، لکھنو، پٹنہ اور حیدرآباد سمیت دیگر شہروں میں بھارتیوں نے مودی پلان کو مسترد کردیا۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق بوکھلاٹ کا شکار مودی سرکار نے مختلف شہروں میں انٹرنیٹ سروس بند کر رکھی ہے۔ جبکہ اپوزیشن رہنما راہول گاندھی کہتے ہیں مودی کا کام صرف عوام کو تقسیم کرنا اور نفرت پھیلانا ہے۔

    بھارت میں مودی کے نام نہاد جمہوریت کے دعوے کی قلعی کھل گئی، آر ایس ایس کی غنڈہ گردی بھی عروج پر پہنچ گئی، بھارتی پولیس کے ہمراہ مظلوم اور نہتے طالب عملوں کو تشدد کا نشانہ بنانے لگے۔

    متنازع قانون، بھارت میں تابڑ توڑ گرفتاریاں، مؤرخ گرفتار، موبائل سروس معطل

    علی گڑھ یونیورسٹی کے 10ہزار طلبا کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، لکھنو میں پولیس افسر نے احتجاج میں شامل مسلمانوں کو پاکستان جانے کا مشورہ بھی دیا۔ بھارتی مسلمانوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ہم نے بھارت کے لیے اپنا سب کچھ قربان کردیا اب ہمیں غیر کہا جارہا ہے۔

    خیال رہے کہ شہریت کے متنازع قانون کے خلاف بھارتی شہر ممبئی میں کانگریس نے احتجاجی ریلی نکالی، اور مودی حکومت کے خلاف سخت نعرے بازی کی، اور موجودہ حکومت سے متنازع قانون واپس لینے کا مطالبہ بھی کیا۔

  • جھوٹ اور سچ میں تفریق کے بغیر معاشرہ آگے نہیں بڑھ سکتا، فردوس عاشق اعوان

    جھوٹ اور سچ میں تفریق کے بغیر معاشرہ آگے نہیں بڑھ سکتا، فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزرات قانون کو ہدایت دی ہے کہ معاشرے کو تباہی سے بچائیں، جھوٹ اور سچ میں تفریق سے ہی معاشرہ ترقی کرسکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے آج 6 نکاتی ایجنڈے کی منظوری دی، وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس کا ایجنڈا 12 نکاتی تھا۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کابینہ میں 15 ماہ کی حکومتی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، عوام کو درپیش مسائل کے حل میں رکاوٹیں ہیں، مسائل حل کرنے کے لیے رکاوٹیں دورکریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ وزارت توانائی کی جانب سے کابینہ کو بریفنگ دی گئی، گردشی قرضوں کی رقوم کو کم کر کے 12 ارب تک لایا گیا، حکومت نے گھریلوصارفین کو 242 ارب کی سبسڈی دی، زرعی شعبے کو 100ارب کی سبسڈی دی جا رہی ہے۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ حکومت نے گیس کی مد میں کھاد پر10 ارب کی سبسڈی دی، صنعتوں کو 29 ارب روپے کی سبسڈی دی گئی ہے، وزارت پانی وبجلی نے لائن لاسز کو کم کیا۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزرات قانون کو ہدایت دی ہے کہ معاشرے کو تباہی سے بچائیں، جھوٹ اورسچ میں تفریق سے ہی معاشرہ ترقی کرسکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وفاق کے اسپتال کی سہولتوں کو بہتر کیا جائے گا، مریضوں کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، ورکرز ویلفیئربورڈ کی تنظیم نو کی منظوری دی گئی۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قوم کو لوٹ کرمیڈیا پرمسیحا بننے والوں کے خلاف قانون بنانے کا کہا گیا ہے۔

  • بنوں ایئرپورٹ کی ازسر نو تعمیر کا فیصلہ

    بنوں ایئرپورٹ کی ازسر نو تعمیر کا فیصلہ

    کراچی: اوور سیز پاکستانیوں کے لئے اچھی خبر ہے کہ وفا قی حکو مت نے بنوں ایئر پورٹ کی از سر نو تعمیر کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ بنوں ایئر پورٹ بیس سال سے غیر فعا ل ہے تاہم اب حکومت نے خصوصی توجہ دیتے ہوئے اسے فعال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اس ضمن میں سول ایوایشن کو ہدایت کی گئی ہے کہ بنوں ایئر پورٹ کی ٹر مینل بلڈ نگ اور انفرا اسٹرکچر کی تزین و آرائش کی جا ئے جب کہ رن وے کی ازسر نو تعمیر اور رن وے کی مزید توسیع کی جا ئے۔

    بنو ں ایئر پورٹ کے آپریشنل ہو نے سے اوورسیز پاکستانیوں کو سفری سہولت میسر ہو گی، ایئر پورٹ کے فعال ہو نے سے سیا حت کو فروغ کے سا تھ زرمبا دلہ میں بھی اضا فہ ہو گا۔

    واضح رہے کہ ڈی آئی خان اور پارہ چنار ائیر پورٹ بھی کئی سا لوں سے بند پڑے ہیں اور آزاد کشمیر حکو مت نے بھی مطا لبہ کیا ہے کہ راولا کو ٹ اور مظفر آبا د ائیر پورٹ کو بھی آپریشنل کیا جا ئے۔

  • نوجوانوں کے لئے خوشخبری، حکومت ایک اور مطالبہ پورا کرنے کو تیار

    نوجوانوں کے لئے خوشخبری، حکومت ایک اور مطالبہ پورا کرنے کو تیار

    اسلام آباد : حکومت نے نوجوانوں کو اسلامی بینکنگ کےتحت بلاسود قرضوں کی فراہمی کا فیصلہ کرتے ہوئے کامیاب جوان پروگرام کےتحت دوسرامرحلہ آئندہ ماہ شروع کرنےکااعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نوجوانوں کاایک اوردیرینہ مطالبہ پوراکرنے کو تیارہے ، کامیاب جوان پروگرام کےتحت دوسرامرحلہ آئندہ ماہ شروع کرنے کا اعلان کردیا گیا اور کہا نوجوانوں کواسلامی بینکنگ کےتحت بلاسود قرضوں کی فراہمی کی جائے گی جبکہ پہلے مرحلے کے درخواست گزاروں کو قرض کی تقسیم رواں ماہ شروع ہونے کا امکان ہے۔

    وزیراعظم کےمعاون خصوصی عثمان ڈارکی وزیراعلیٰ کے پی کے محمود خان سے ملاقات ہوئی، جس میں صوبائی وزیرخزانہ تیمورجھگڑا اور سینئر وزیر عاطف خان اور مشیروں نے شرکت کی۔

    عثمان ڈار نے اسلامی بینکنگ کے ذریعے بلاسود قرضوں کی فراہمی پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا صوبے بھر سے 5 ہفتے میں90ہزار درخواستیں موصول ہوئیں، زیادہ درخواستیں پشاور سے موصول ہوئیں، جن میں 11ہزارخواتین بھی شامل ہیں جبکہ ضم شدہ اضلاع سے بھی نوجوانوں کی بڑی تعدادنےدرخواستیں دیں۔

    وزیراعلیٰ کےپی کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کی فلاح وترقی موجودہ حکومت کی ترجیح ہے، نوجوانوں کومختلف شعبوں میں آگےبڑھنےکےمواقع ملیں گے، موصول شدہ درخواستوں کوفوری پراسس کرنے کی ہدایت کی۔

    وزیراعلیٰ کے پی نے ضم شدہ علاقے کے نوجوانوں کے لئے ٹائم لائن بڑھانے کی درخواست کی اور انٹرنیٹ اوربینکنگ کاموثرنظام نہ ہونےپرمتبادل سہولت کےآپشن پر  بھی غور کیا گیا۔

    عثمان ڈار نے کہا منصوبے کی کامیابی سے ملکی مجموعی صورتحال میں بہتری آئے گی، وزیراعظم نےصوبائی حکومتوں کو اعتماد میں لینے کی ہدایت کی ہے ، شفافیت یقینی بنانے کے لئے پروگرام مکمل طور پرڈیجیٹلائز کردیا گیا ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کے لئے بلاسود قرضوں کی فراہمی کا سلسلہ شروع کر رہے ہیں، پہلےمرحلے میں رہ جانے والے نوجوان دوسرے مرحلے  میں کوائف جمع کراسکتے ہیں۔

  • فصلوں کے دشمن ٹڈی دل کی تباہ کاریاں جاری

    فصلوں کے دشمن ٹڈی دل کی تباہ کاریاں جاری

    شکارپور: سندھ کے فصلوں پر ٹڈی دل کے حملوں کا سلسلہ نہ رک سکا، آج بھی ٹڈیوں نے شکارپور کے کھیتوں پر دھاوا بول دیا۔

    تفصیلات کے مطابق شکارپور کی تحصیل گڑھی یاسین اور ڈکھن میں ٹڈل دل نے فصلوں پر حملہ کردیا جس کے باعث چاول، مٹر اور کپاس کی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا۔ کاشتکاروں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ معاملے کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری ایکشن لے۔

    شکارپور کے کاشتکاروں نے مطالبہ کیا کہ ڈی سی شکارپور متاثرہ علاقوں میں فوری اسپرے کرائیں۔ خیال رہے کہ ٹڈی دل گھروں میں بھی داخل ہوگیا ہے جس کے باعث علاقہ مکینوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

    دوسری جانب صوبہ سندھ میں ٹڈی دل کے فصلوں پر حملے کے بعد وزیر زراعت سندھ اسماعیل راہو نے سندھ حکومت کی جانب سے وفاق کو خط لکھ دیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ وفاق سندھ حکومت کو اسپرے کے لیے 3 جہاز اور  32 گاڑیاں فراہم کرے۔

    سندھ حکومت ٹڈی دل کے سامنے بے بس، وفاق سے مدد مانگ لی

    سندھ حکومت کی جانب سے وفاقی حکومت کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ٹڈی دل سے نمٹنے کے لیے وفاق 3 جہاز اور 32 گاڑیاں فراہم کرے، ایک جہاز سے چاروں ڈویژن کے تمام اضلاع میں اسپرے نہیں ہوسکتا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ ٹڈی دل کا خاتمہ کرنے کی ادویات باہر سے منگوانا بھی وفاق کی ذمہ داری ہے۔

    یاد رہے کہ رواں سال جولائی میں حکومتِ سندھ نے ٹڈی دَل کے خاتمے کے لیے 31 کروڑ 90 لاکھ روپے جاری کیے تھے، ٹڈی دل سے بچاؤ کے لیے کمیٹیاں بھی بنالی گئی ہیں۔

  • اسموگ سے نمٹنے کے لیے کمشنر لاہور نے بڑی تجویز دے دی

    اسموگ سے نمٹنے کے لیے کمشنر لاہور نے بڑی تجویز دے دی

    لاہور: کمشنر لاہور آصف بلال لودھی نے اسموگ سے نمٹنے کے لیے مصنوعی بارش کرانے کے لیے حکومت کو سمری بھیج دی۔

    تفصیلات کے مطابق اسموگ کی روک تھام کے لیے کمشنر لاہور آصف بلال لودھی نے مصنوعی بارش کے حوالے سے سمری سیکرٹری فنانس کو بھجوا دی۔ سمری میں مصنوعی بارش کے لیے اخراجات کا تخمینہ35 کروڑ بتایا گیا۔

    ماہرین کے مطابق مصنوعی بارش برسانے کے لیے بادلوں کا ہونا ضروری ہے، تمام بادل برسنے والے بھی نہیں ہوتے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اکتوبر اور نومبرمیں بارشیں کم ہوتی ہیں، اس ماہ میں مصنوعی بارشوں کے تجربے کم کامیاب ہوسکتے ہیں۔

    ماہرین نے بتایا کہ جہازوں کے ذریعے بادلوں میں سوڈیم کلورائیڈ کا محلول برسایا جاتا ہے، کیمیکل ری ایکشن کے بعد یہ عمل بادلوں کے برسنےکا سبب بنتا ہے۔

    اس سے قبل محکمہ موسمیات 2001 میں روہی کےعلاقے میں مصنوعی بارش کا تجربہ کرچکا ہے۔

    لاہور میں اسموگ کا راج

    خیال رہے کہ رواں برس سموگ پر قابو پانے کے لیے فصلوں کی باقیات، کچرا، ٹائر اور پولی تھین جلانے پر دفعہ 144 نافذ کی گئی جبکہ اینٹوں کے بھٹوں کو بھی چند ماہ کے لیے بند کیا گیا جو سموگ کی اہم وجہ ہیں۔

    لاہور ہائی کورٹ نے 2 روز قبل اسموگ سے نمٹنے کے لیے پنجاب حکومت کو ٹھوس اقدامات کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت کا کہنا تھا کہ زگ زیگ ٹیکنالوجی استعمال نہ کرنے والے بھٹوں اور آلودگی کا باعث بننے والے صنعتی یونٹس کے خلاف کارروائی کی جائے۔

  • ”آوارہ کتوں کے خلاف جنگ”

    ”آوارہ کتوں کے خلاف جنگ”

    کراچی: محکمہ بلدیات سندھ نے ”آوارہ کتوں کے خلاف جنگ” نامی منصوبہ تیار کرلیا، صوبے میں آوارہ کتوں کو پکڑنے کے لیے ٹریننگ کا آغاز کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ بلدیات سندھ نے آوارہ کتوں کو ٹھکانے لگانے کا منصوبہ تیار کیا ہے جس کے تحت بلدیاتی کونسلز کے عملے کو آوارہ کتوں کو پکڑنے اور نس بندی کی ٹریننگ دی جائے گی، آوارہ کتوں کے خلاف اس منصوبے کا پی سی ون منظوری کے لیے محکمہ منصوبہ بندی کو ارسال کردیا گیا۔

    آوارہ کتوں کے خلاف مجوزہ منصوبے میں این جی اوز بھی مالی وفنی تعاون کریں گے۔ سیکریٹری بلدیات کا کہنا ہے کہ سندھ آوارہ کتوں کے خلاف جامع منصوبے کا آغاز کر رہا ہے، آوارہ کتوں کی نسل روکنے کے لیے دنیا میں رائج طریقہ اپنایا جائے گا۔

    ادھر سندھ حکومت نے کتوں کو ویکسین دینے کا فیصلہ کرلیا، آئندہ ہفتے سے سندھ کے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں کتوں کی ویکسی نیشن شروع ہوگی، کراچی کے تمام اضلاع میں آوارہ کتوں کو ویکسین دی جائے گی، آوارہ کتوں کے لیے این جی او نے سندھ حکومت کو مفت ویکسین فراہم کردی۔

    ویکسی نیشن سے آوارہ کتوں کے کاٹے سے شہری متاثر نہیں ہوسکیں گے، آوارہ کتوں کو پکڑنے والے اسٹاف کی بھی ویکسی نیشن کی جائے گی، سندھ میں 5لاکھ آوارہ کتوں کو ویکسین دی جائے گی۔