Tag: حکومت

  • آزاد کشمیر حکومت کے شانہ بشانہ بحالی کے کاموں میں سرگرم ہیں، فردوس عاشق اعوان

    آزاد کشمیر حکومت کے شانہ بشانہ بحالی کے کاموں میں سرگرم ہیں، فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیراعظم کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ متاثرین کی بحالی اور ازالے کے لیے ہر ممکن معاونت فراہم کریں۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر فردوس عاشق اعوان نے اپنے پیغام میں کہا کہ وزیراعظم زلزلہ متاثرین کی ممکنہ معاونت اوربحالی کے لیے پرعزم ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر زلزلے سے متاثرہ خاندانوں کے گھر گئی، پیاروں کے غم پر متاثرین سے تعزیت اورفاتحہ خوانی کی، خیموں اور پانی سمیت دیگراشیائے ضروریہ عوام میں تقسیم کیں۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ آزمائش اورغم کی گھڑی میں متاثرین کے ساتھ ہیں، ریسکیو اور ریلیف کے بعد بحالی کا عمل شروع ہوگا۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ افواج پاکستان،ا ین ڈی ایم اے، حکومت پنجاب اور دیگرادارے مصروف ہیں، متاثرین کی بحالی اور ازالے کے لیے ہر ممکن معاونت فراہم کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ سب سے بڑی قوت قوم کی یکجہتی، ایثاراور جذبہ احساس ہوتا ہے، متاثرین کی بحالی تک حکومت اورادارے چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ پورٹیبل ایکس ریزمشینیں اورادویات آج روانہ کی جائیں گی، آزاد کشمیر حکومت کے شانہ بشانہ بحالی کے کاموں میں سرگرم ہیں۔

  • کیا ن لیگ نے حکومت سے رابطہ کیا ہے؟ شیخ رشید کا اہم انکشاف

    کیا ن لیگ نے حکومت سے رابطہ کیا ہے؟ شیخ رشید کا اہم انکشاف

    اسلام آباد: وزیر ریلوے شیخ‌ رشید نے انکشاف کیا ہے کہ ن لیگ نے حکومت سے رابطہ کیا ہے.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. ان کا کہنا تھا کہ بات چیت کا سلسلہ دوسری بارشروع ہوا ہے.

    شیخ رشید نے کہا کہ جب تک یہ پیسے نہیں دیں گے، وزیر اعظم عمران خان انھیں نہیں جانے دیں گے. نو سے دس دن میں پتا چلے گا کہ بیل منڈھے چڑھتی ہے یا نہیں.

    ان کا کہنا تھا کہ معاملات ٹھیک نہ ہوئے تو  مسلم لیگ ن 2  بنے گی، پہلے بھی معاملات نواز شریف کی ضد کی وجہ سےخراب ہوئے.

    مزید پڑھیں: عمران خان اورجنرل باجوہ کی قیادت میں مسئلہ کشمیر آگےجائےگا اورکشمیر آزاد ہوگا، شیخ رشید

    شیخ رشید کے مطابق 30 ستمبر تک معاملات واضح ہوجائیں گے، شہباز شریف انھیں سعودی عرب سے لائے، یہ خود نہیں آرہے تھے، ایک ن لیگ اور ایک شہباز شریف دو پارٹیاں ہیں.

    قبل ازیں انھوں نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ اسلام آباد بند نہیں ہوگا، پیپلزپارٹی مذہب کارڈ استعمال کرنے پر مولانا کے ساتھ نہیں، مولانا صاحب کوپیغام پہنچا دیا ہے کہ،گرم جگہ پر پاؤں نہ رکھیں.

  • حکومت سی پیک کے دائرہ کار کو وسعت دینے میں کامیاب رہی: خسرو بختیار

    حکومت سی پیک کے دائرہ کار کو وسعت دینے میں کامیاب رہی: خسرو بختیار

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات خسرو بختیار کا کہنا ہے کہ حکومت سی پیک کےدائرہ کار کو وسعت دینے میں کامیاب رہی۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے اقتصادی راہداری منصوبوں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں چینی سفیر نے بھی شرکت کی۔

    انھوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ پاکستان کی ترقی وخوش حالی کا ضامن ثابت ہوگا، حکومت سی پیک فریم ورک کے تحت فائدہ اٹھانے کے لئے پرعزم ہے۔

    خسرو بختیارنے کہا کہ اقتصادی راہداری اہم منصوبہ ہے، حکومت نے سی پیک کے دائرے کو وسعت دی۔  دوسرےفیزمیں سماجی ومعاشی ترقی اور غربت کاخاتمہ توجہ ہے۔

    دوسرے فیز میں زراعت اور صنعتی تعاون پرتوجہ دی جائے گی، اسپیشل اکنامک زونزبرآمدات بڑھانے میں مدد گار ثابت ہوں گے۔

    مزید پڑھیں بڑے منصوبوں کی تکمیل کے لیے جدید ٹیکنالوجی بروئے کارلائی جائے گی، خسروبختیار

    وفاقی وز یر برائے منصوبہ بندی نے کہا  کہ آج سی پیک منصوبہ صحیح سمت کی جانب گامزن ہے۔

    اجلاس میں شریک چینی سفیریاؤجنگ کا کہنا تھا کہ سی پیک منصوبے پرتیزرفتاری سے کام جاری رہے گا، انھوں نے چینی سفیرنےایسٹ بےایکسپریس وےمنصوبے پر کام کی رفتارکوسراہا۔

  • ن لیگ ایک تباہ حال پولیو پروگرام چھوڑ کر گئی تھی: بابر بن عطا

    ن لیگ ایک تباہ حال پولیو پروگرام چھوڑ کر گئی تھی: بابر بن عطا

    اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پولیو بابر بن عطا نے کہا ہے کہ عالمی ادارے تصدیق کرتے ہیں کہ ن لیگ ایک تباہ حال پولیو پروگرام چھوڑ کر گئی.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے مسلم لیگ ن کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کیا، جس میں‌ حکومت کے پولیو پروگرام پر تنقید کی گئی تھی.

    انھوں نے کہا کہ ن لیگ اپنی کرپشن چھپانے کے لئے قوم کے مستقبل سے نہ کھیلے، ن لیگ کے پہلے سال پولیو کیسزکی تعداد 93 سے 307 ہوگئی تھی.

    بابرعطا نے کہا کہ ن لیگ حکومت پولیو وائرس سے بھرے گٹرچھوڑ کر گئی، عالمی اداروں بھی اس کی تصدیق کرتے ہیں۔ 

    مزید پڑھیں: کراچی: ویکسین سے انکار پر 2 مزید بچے پولیو وائرس کا شکار

    انھوں نے کہا کہ آئی ایم بی رپورٹ کے مطابق ن لیگ نے پولیو پروگرام کو تباہ کر دیا، اسی باعث 5 مئی 2014 کو پاکستان پر سفری پابندیاں لگیں.

    معاون خصوصی کے مطابق ن لیگ کی نااہلی کی وجہ سےحاجیوں کو بھی پولیو کے قطرے پینے پڑتے ہیں.

    بابربن عطا نے کہا کہ خدارا بچوں کےمستقبل کی خاطرپولیو پروگرام کوسیاسی نہ بنائیں، ن لیگ کی نااہلی کے باعث پاکستان پرعالمی سفری پابندیاں عائدکی گئیں.

  • "10 موذی امراض سے بچاؤ کی ویکسین ملک بھرمیں مفت دستیاب ہے”

    "10 موذی امراض سے بچاؤ کی ویکسین ملک بھرمیں مفت دستیاب ہے”

    اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی قومی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ 10 موذی امراض سے بچاؤ کی ویکسین ملک بھرمیں مفت دستیاب ہے.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے والدین سے اپنی اپیل میں‌کیا. ان کا کہنا تھا کہ اولاد خدا کی نعمت ہے، اس ضمن میں‌ اپنی ذمے داری نبھائیں.

    ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ بچوں کی موذی امراض سے حفاظت والدین کی اولین ذمہ داری ہے، والدین پیدائش سے 2 سال عمرتک کی عمر کے بچوں کی ویکسینیشن کرائیں.

    انھوں نے کہا کہ موذی امراض سےبچاؤکی ویکسین مفت دستیاب ہے، حفاظتی ٹیکوں سے بچے 10 جان لیوا امراض سے محفوظ رہ سکتے ہیں.

    ان کا کہنا تھا کہ حفاظتی ٹیکے مراکز صحت، سرکاری اسپتال سے مفت لگوائے جاسکتے ہیں، والدین اپنے بچوں کوحفاظتی ٹیکے لگواکرذمہ داری کاثبوت دیں.

    مزید پڑھیں: انسداد پولیو ویکسین موذی مرض سے بچاؤ کا واحد حل ہے، بابر بن عطا

    خیال رہے کہ پاکستان میں شعور اور آگاہی نہ ہونے کے باعث والدین بچوں کو حفاظتی ویکسین نہیں‌ لگواتے، جس کی وجہ سے ان کی زندگی کو خطرات لاحق رہتے ہیں.

    حکومت نے پہلے بھی واضح کیا تھا کہ بیش تر موذوی امراض کی ادویہ مفت دست یاب ہیں، والدین اپنا فرض ادا کریں.

  • حکومت کاروبارمیں آسانی پیدا کرکے سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کررہی ہے، یوسف نسیم کھوکھر

    حکومت کاروبارمیں آسانی پیدا کرکے سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کررہی ہے، یوسف نسیم کھوکھر

    لاہور: چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر کا کہنا ہے کہ مختلف شعبوں میں اصلاحات پر عملدرآمد کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا جس میں محکمہ صنعت، منصوبہ بندی وترقیات، قانون کے سیکرٹریز، چیئرمین پی آئی ٹی بی، سی ای او لیسکو اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

    اجلاس میں کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کے حوالے سے صوبائی ورکنگ گروپ کے اجلاس میں مختلف اصلاحات پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

    چیف سیکرٹری پنجاب کو اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پنجاب میں سرکاری فیسوں کی آن لائن ادائیگی کی سہولت کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    اجلاس میں بتایا گیا کہ تعمیر کی اجازت کے حصول کو آسان بنایا گیا ہے اور پنجاب میں جائیداد کے اندراج کے طریقہ کار کو مکمل طور پر خود کار بنایا جائے گا۔

    اس موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ حکومت کاروبار میں آسانی پیدا کر کے سرمایہ کاروں کے لیے ساز گار ماحول فراہم کر رہی ہے۔

    یوسف نسیم کھوکھر نے کہا کہ مختلف شعبوں میں اصلاحات پر عملدرآمد کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹھوس اقدامات کے باعث کاروبار میں آسانی سے متعلق عالمی درجہ بندی میں پاکستان کی رینکنگ بہترہوگی۔

  • حکومت کا دوران ڈرائیونگ سگریٹ پینے پر چالان کرنے کا فیصلہ

    حکومت کا دوران ڈرائیونگ سگریٹ پینے پر چالان کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: حکومت نے عالمی سطح کے نئے ٹریفک قوانین متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے جس کے مطابق دوران ڈرائیونگ سگریٹ پینے پر چالان لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ اعجاز شاہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں دوران ڈرائیونگ سگریٹ پینے پر چالان لگانے کا فیصلہ کیا گیا، اعجاز شاہ نے ایک ہفتے کے اندر پالیسی پر عمل درآمد شروع کرنے کا حکم دیا۔

    وزیر داخلہ نے کہا کہ 30 ستمبر ڈیڈ لائن تھی سوشل میڈیا مہم بھی شروع کی جائے گی، نئے قوانین کے تحت دوران ڈرائیونگ سگریٹ پینے پر جرمانہ عائد کیا جائے گا، تین بار خلاف ورزی پر لائسنس معطل کردیا جائے گا۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دوران ڈرائیونگ سیٹ بیلٹ باندھنا لازمی ہوگا اور بغیر لائسنس کے گاڑی چلانے پر پابندی ہوگی، بلاوجہ ٹریفک جام پر ایس پی اور ڈیوٹی افسر کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    مزید پڑھیں: سگریٹ پرہیلتھ ٹیکس کے نفاذ کی حتمی منظوری، بابرعطا کی تصدیق

    واضح رہے کہ رواں سال جون میں وزیر اعظم عمران خان نے سگریٹ اور کاربونیٹڈ ڈرنکس پر بھاری ہیلتھ ٹیکس عائد کرنے کی منظوری دے دی تھی، حکومت کا کہنا تھا کہ موت کے سوداگروں کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے۔

    بابر عطا نے کہا تھا کہ تاریخ میں پہلے بار اس قدر جرات مندانہ فیصلہ کیا گیا ،موت کے سوداگروں کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے۔

    یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل حکومت نے اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ اسلام آباد میں بڑی عمارات میں سگریٹ نوشی کو ممنوع کیا جائے اور اس قانون کواسلام آباد کی یونیورسٹی اور کالجز میں بھی لاگو کروائیں گے۔

  • حکومت کا یوم دفاع کےساتھ یوم یک جہتی کشمیرمنانے کا فیصلہ

    حکومت کا یوم دفاع کےساتھ یوم یک جہتی کشمیرمنانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم نے 6 ستمبر کو یوم دفاع کے ساتھ یوم یک جہتی کشمیر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت حکومتی اور پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ عمران خان کل مظفر آبادجائیں گے.

    اس موقع پر وزیراعظم مظفرآباد میں کشمیری شہدا کی یاد میں تقریب سے خطاب کریں گے.

    وزیراعظم نے 6 ستمبر سے متعلق فیصلے کی روشنی ترجمانوں کو ہدایت کی ہے کہ کل ملک بھرمیں کشمیریوں سےاظہار یکجہتی کیا جائے.

    وزیر اعظم نے کہا کہ صوبائی دارالحکومتوں میں تقریبات سےکشمیریوں سے بھرپور اظہار یک جہتی کیا جائے، ملک بھرکےعوام یوم دفاع پر شہدا کے خاندانوں کے پاس پہنچیں.

    بعد ازاں وزیر اعظم نے ایک ٹویٹ‌کیا، جس میں انھوں نے کشمیر میں بھارت کے غاضبانہ قبضے کو تنقید کا نشانہ بنایا.

    مزید پڑھیں: ایم ٹی آئی ایکٹ،آرڈیننس سے پبلک سیکٹر اسپتالوں کی مینجمنٹ بہتر ہوگی، وزیراعظم

    انھوں نے کہا کہ آج مودی کی بھارتی فورسزکا مقبوضہ کشمیرپرقبضے کا32 واں دن ہے، بھارتی فورسزنے کشمیریوں کو قتل کیا،پیلٹ گنز سے زخمی کیا.

    کرفیو کے دوران بھارتی فورسزنے کشمیری مرد، خواتین، بچوں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا، کشمیریوں کو گرفتار کر کے بھارت کی جیلوں میں ڈال دیا گیا.

  • نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبہ حکومت کا اہم ترین پراجیکٹ ہے: وزیر اعظم

    نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبہ حکومت کا اہم ترین پراجیکٹ ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبہ موجودہ حکومت کا سب سے اہم پراجیکٹ ہے.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے سے متعلق اجلاس کی صدارت کے موقع پر کیا. اس موقع پر معاون خصوصی زلفی بخاری، ندیم افضل چن اور گورنر اسٹیٹ بینک بھی موجود تھے.

    اس اجلاس میں‌ چیئرمین، سیکریٹری ہاؤسنگ اتھارٹی اور چیئرمین سی ڈی اے نے بھی شرکت کی. وزیراعظم کوہاؤسنگ منصوبے کے لئے سرکاری زمین کے استعمال کی پالیسی پر بریفنگ دی.

    ساتھ ہی قصر ناز کراچی، چمبہ ہاؤس لاہور، کشمیر پوائنٹ پراراضی بروئے کار لانے کے معاملے پر مشاورت ہوئی۔

    مزید پڑھیں: جی آئی ڈی سی کی مد میں معاف کیے گئے واجبات کا آرڈیننس واپس لے لیا گیا

    وزیر اعظم نے اس موقع پر کہا کہ منصوبے سے رہائشی سہولت، معاشی سرگرمیوں میں تیز ی آئے گی، ہاؤسنگ، تعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم کریں گے

    ان کا کہنا تھا کہ سہولیات کی فراہمی سے تعمیرات کے شعبے کو فروغ ملے گا، یہ ہمارا اہم ترین منصوبہ ہے.

    اجلاس میں منصوبے سے متعلق دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، وزیر اعظم نے اس ضمن میں ہدایت جاری کیں.

  • حکومت مسئلہ کشمیر کے معاملے پرایک لمحے کے لیے بھی غافل نہیں ہوئی، نعیم الحق

    حکومت مسئلہ کشمیر کے معاملے پرایک لمحے کے لیے بھی غافل نہیں ہوئی، نعیم الحق

    اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق کا کہنا ہے کہ نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر پوری دنیا مذمت کر رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے کہا ہے کہ حکومت مسئلہ کشمیر کے معاملے پر ایک لمحے کے لیے بھی غافل نہیں ہوئی، پاکستانی قوم کشمیریوں کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ ہے اور انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی۔

    نعیم الحق نے کہا کہ نہتے کشمیریوں پرڈھائے جانے والے مظالم پر پوری دنیا بھارت کی مذمت کر رہی ہے۔

    وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے لیکن اس کے ساتھ یہ بھی واضح کیا ہے کہ ہماری اس خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے اور پاکستان اینٹ کا جواب پتھر سے دے گا۔

    نعیم الحق نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج بھارت کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہر وقت تیار ہیں اور بھارت کو پیشگی متنبہ کرتے ہیں کہ وہ کسی بھول کا شکار نہ ہو۔

    مقبوضہ کشمیرمیں 29ویں روز بھی کرفیو

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں آج مسلسل 29ویں روز بھی کرفیو برقرار ہے اور مواصلات کا نظام مکمل پر معطل ہے، قابض انتظامیہ نے ٹیلی فون سروس بند کررکھی ہے جبکہ ذرائع ابلاغ پرسخت پابندیاں عائد ہیں۔

    کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مواصلاتی نظام کی معطلی، مسلسل کرفیو اور سخت پابندیوں کے باعث لوگوں کو بچوں کے لیے دودھ، زندگی بچانے والی ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کا سامنا ہے۔