Tag: حکومت

  • سندھ حکومت نے اپنی ایک سالہ کارکردگی کو اطمینان بخش قرار دے دیا

    سندھ حکومت نے اپنی ایک سالہ کارکردگی کو اطمینان بخش قرار دے دیا

    کراچی: پیپلز پارٹی کی حکومت نے سندھ میں اپنی ایک سالہ کارکردگی کو اطمینان بخش قرار دے دیا.

    ان خیالات کا اظہار صوبائی مشیر ماحولیات اور قانون مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔  ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی ایک سال کی کارکردگی مثبت رہی.

    ان کا کہنا تھا کہ بہت کچھ کرنا چاہتے تھے، مگر معاشی صورت حال کے باعث نہ کر سکے، سندھ حکومت کا پہلا سنگ میل تھر کول کا منصوبہ تھا.

    مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بلاول بھٹو کی ہدایت پر سندھ میں کئی اہم منصوبے شروع کیے، سندھ حکومت کی صحت کے شعبے میں نمایاں کارکردگی رہی.

    مزید پڑھیں: کراچی کے سیوریج سسٹم کی تباہی کا سب سے بڑا سبب پلاسٹک ہے، مرتضیٰ وہاب

    صوبائی مشیر ماحولیات اور قانون نے کہا کہ صوبےمیں ریکارڈ قانون سازی کی گئی، پولیس اصلاحات، انگریز دور کا جیل قانون تبدیل کیا، سندھ انجرڈپرسن میڈیکل ایڈ کا اہم بل پاس کیا۔

    یاد رہے کہ ایک جانب جہاں سندھ حکومت اپنی کارکردگی کو مثبت قرار دے رہی ہے، وہیں وفاقی حکومت اور کراچی کی نمائندے کی دعوے دار ایم کیو ایم کی جانب سے اس پر سخت تنقید کی جارہی ہے۔

  • متعلقہ ادارے سوتے رہے، شہر قائد گندگی و غلاظت کے ڈھیر میں تبدیل

    متعلقہ ادارے سوتے رہے، شہر قائد گندگی و غلاظت کے ڈھیر میں تبدیل

    کراچی: شہر قائد میں بارشیں اور عید ختم ہونے کے باوجود کچرا اٹھانے کا کام نہ شروع ہوسکا، شہر گندگی و غلاظت کے ڈھیر میں بدل گیا۔ شہر بھر کے گٹر ابل پڑے ہیں اور سیوریج کے پانی میں خون کی آمیزش اور باقیات سڑنے سے گندگی و غلاظت کے ڈھیر میں اضافہ متوقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے دارالحکومت اور ملک کے معاشی حب کراچی سے کچرا اور آلائشیں نہ اٹھائی جانے کی وجوہات سامنے آگئیں۔ ذرائع کے مطابق شہر میں 13 ہزار ٹن کچرا نکلتا ہے، 8 ہزار ٹن بمشکل اٹھایا جاتا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر میں بارش کے دوسرے سلسلے کے بعد سے کچرا اٹھانے کا کام بند تھا۔ ڈی ایم سیز اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ آلائشیں اور کچرا اٹھانے میں ناکام رہیں۔

    لینڈ فل سائٹس کے داخلی و خارجی راستے کیچڑ اور پھسلن کے باعث بند تھے۔ روزانہ اٹھایا جانے والا 8 ہزار ٹن کچرا بھی 4 دن سے نہیں اٹھایا جا رہا۔

    ذرائع کے مطابق سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور حکومت سندھ نے کچرا اٹھانے اور ڈمپنگ کا متبادل نہیں بنایا، 2 لینڈ فل سائٹس جام چاکرو اور گوند پاس گزشتہ شب 4 بجے فعال ہوئیں۔

    ذرائع کے مطابق شہر میں ٹنوں کے حساب سے جمع کچرا اٹھانے میں ایک ہفتہ لگ سکتا ہے، بلدیہ وسطی، کورنگی، شرقی، جنوبی اور غربی حصے میں صورتحال ابتر ہوگئی، سیوریج کے پانی میں خون کی آمیزش اور باقیات سڑنے سے گندگی و غلاظت کے ڈھیر میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

    دوسری جانب بلدیاتی نمائندوں نے فوری طور پر سندھ سالڈ ویسٹ بورڈ ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

  • چین نے ہندوستان کے مؤقف کو مسترد کردیا ہے: فردوس عاشق اعوان

    چین نے ہندوستان کے مؤقف کو مسترد کردیا ہے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ چین نے ہندوستان کے مؤقف کو مسترد کردیا ہے.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا کے نام اپنے پیغام میں کیا. ان کا کہنا تھا کہ چین کی جانب سے پاکستان کے مؤقف کی بھرپورحمایت کی گئی.

    [bs-quote quote=”بلاول کشمیر کے لئے جدوجہد کو ابو، پھوپھو بچاؤ مہم سے نہ جوڑیں” style=”style-8″ align=”left” author_name=”فردوس عاشق اعوان”][/bs-quote]

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کو سیاست کی نذر نہ کیا جائے، بھارت طاقت سے کشمیریوں کا جذبہ حریت نہیں دبا سکتا.

    انھوں نے کہا کہ بلاول کشمیر کے لئے جدوجہد کو ابو، پھوپھو بچاؤ مہم سے نہ جوڑیں، بلاول جان لیں، سندھ میں ان کی کرپشن کی داستانیں عام ہیں، پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت سندھ کی فکر کرے.

    پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت سندھ کی فکر کرے، معاشی محاذ پر ڈکیتیاں، چوریاں ہوئیں، این آر او ناممکن ہے، فریال تالپور کے اکاؤنٹ کاسورس کیا ہے، کون فائدہ اٹھاتا رہا، سب سامنے آئے گا.

    مزید پڑھیں: دنیا ساتھ دے یا نہ دے ہمیں مودی مائنڈسیٹ سے لڑنا ہے، فواد چوہدری

    معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ کشمیریوں کےحق خودارادیت کی ساتھ کھڑے ہونا حکومت کا عزم ہے، کشمیریوں کا محاذ ہمارے دل کے قریب ہے، کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لئے اصولی مؤقف پرقائم رہیں گے.

    کشمیر کےمسئلےکو کرپشن کی نذر نہیں ہونے دیں گے، نئے پاکستان میں قانون سب کےلئے یکساں ہے، کسی صورت اپنےمفادات کیلئےقومی مفادپرسمجھوتہ نہیں کریں گے.

  • حکومت آئین اور قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے، فردوس عاشق اعوان

    حکومت آئین اور قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے، فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد : معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کبھی بھی انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کی حمایت نہیں کی۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت آئین اور قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کبھی بھی انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کی حمایت نہیں کی اور سینیٹ کے چیئرمین کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کے دوران ایسے واقعے کی اطلاع نہیں۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس صادق سنجرانی کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لانے کی کوئی ٹھوس وجہ نہیں تھی۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان صوبوں کو بااختیار بنانے کے خواہاں ہیں اور قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ کے بارے میں چاروں صوبوں کے درمیان پہلے ہی اتفاق رائے ہوچکا ہے۔

    لوگ ضمیر کی آواز پر موروثی غلامانہ سیاست مسترد کررہے ہیں، فردوس عاشق اعوان

    یاد رہے کہ گزشتہ روز معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ 2013 میں ظل سبحانی نے جو دھاندلی کی تھی وہ راجکماری کیوں بھول گئیں؟۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات فروس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ضمیرکی آواز پر لبیک کہنے والوں کے خلاف کس منہ سے بول رہے ہیں؟۔

  • عمران خان کی حکومت انشااللہ 5 سال پورے کرے گی، شیخ رشید

    عمران خان کی حکومت انشااللہ 5 سال پورے کرے گی، شیخ رشید

    سکھر: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ حکومت کے پاس سیاسی تعویز بھی ہوتے ہیں، سارے سینیٹرسوچ سمجھ کرووٹ دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ یہ سب ہاتھ لگا کر روئیں گے، یہ سارے اپنی چوری بچانے کے لیے اکھٹے ہوئے ہیں، ان کے کفن میں بھی جیبیں لگی ہوئی ہیں۔

    وزیر ریلوے نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان آپ غلط کھیل رہے ہیں، مولانا صاحب آپ دینی مدرسوں کوبھی نقصان پہنچائیں گے۔

    شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہمیں نیب میں سرکاری افسروں کے لیے ترمیم لانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس سیاسی تعویز بھی ہوتے ہیں، سارے سینیٹرسوچ سمجھ کرووٹ دیں گے۔

    وفاقی وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت انشااللہ 5 سال پورے کرے گی۔

    مہنگائی چوروں اور ڈاکوؤں کی وجہ سے ہے جو پیسے لے گئے، شیخ رشید

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ صوبے کی نہیں قومی سیاست کرتا ہوں ، مہنگائی چوروں اور ڈاکوؤں کی وجہ سے ہے جو پیسے لے گئے۔

  • حکومت کا اپوزیشن کے خلاف سخت لائحہ عمل اپنانے کا فیصلہ

    حکومت کا اپوزیشن کے خلاف سخت لائحہ عمل اپنانے کا فیصلہ

    اسلام آباد : وفاقی حکومت نے اپوزیشن کے خلاف سخت لائحہ عمل اپنانے کا فیصلہ کرلیا، وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ترجمان حکومت کا مثبت چہرہ عوام کے سامنے لائیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم نے دورہ امریکہ پر حکومتی ترجمانوں کو اعتماد میں لیا۔

    ذرائع کے مطابق حکومت کا اپوزیشن کے خلاف سخت لائحہ عمل اپنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے اپوزیشن کو احتجاج پر سخت ردعمل دینے کا بھی اعلان کیا ۔

    ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے حکومتی ترجمانوں کو اہم ہدایات جاری کردیں، وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ترجمان حکومت کا مثبت چہرہ عوام کے سامنے لائیں۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی نمبر گیم سے وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم چاہتے ہیں اپوزیشن کی حقیقت عوام کے سامنے آئے، فواد چوہدری

    اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن جلسوں پر سڑکیں بند کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا تھا اپوزیشن کو پر امن ریلیوں اوراحتجاج کی اجازت ہونی چاہیے۔

    وفاقی وزیرسائنس فواد چوہدری نے اپنے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ وزیراعظم نے حکام کو ہدایت کی کہ اپوزیشن کو پر امن ریلیوں اوراحتجاج کی اجازت ہونی چاہیے، وزیراعظم چاہتے ہیں اپوزیشن کی حقیقت عوام کےسامنےآئے، اس سے اپوزیشن بے نقاب ہوجائےگی کیوں کہ اس کے پاس اسٹریٹ پاور نہیں، پاکستانی عوام اس سے تنگ آچکی ہے۔

  • قومی نیوٹریشن سروے، سندھ میں 50 فیصد بچے نامکمل نشونما کا شکار

    قومی نیوٹریشن سروے، سندھ میں 50 فیصد بچے نامکمل نشونما کا شکار

    کراچی: قومی غذائی سروے رپورٹ 2018 کے اجراء کی تقریب کا انعقاد کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں کیا گیا، رپورٹ کے مطابق سندھ میں 50 فیصد بچے نامکمل نشونما کے مسئلے کا شکار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں منعقدہ تقریب میں حکومت نے قومی غذائی سروے رپورٹ 2018 جاری کردی ، صوبائی وزیر صحت عذرا فضل پیچوہو، سیکرٹری صحت سعید اعوان، ڈی جی ہیلتھ مسعود احمد سولنگی، ڈائریکٹر نیوٹریشن ڈاکٹر بصیر خان اچکزئی اور دیگر کی شرکت کی ۔

    سندھ بھر میں کیے گئے سروے رپورٹ کے مطابق صوبے کے 18,768 گھروں کے پانچ سال اور اس سے کم عمر کے بچوں اور حاملہ خواتین کی غذائی صورتحال کا تعین کیا گیا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ سندھ میں پانچ سال سے کم عمر کے 50 فیصد بچے نامکمل نشوونما کے مسئلے کا شکار ہیں جبکہ 5 سے دس سال کی عمر کے بچوں میں بھی ناکافی نشونما کے سنگین مسائل درپیش ہیں۔

    یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 5سال سے کم عمر کے بچوں میں سے 40 فیصد بچے وزن کی کمی جبکہ 5 فیصد وزن کی زیادتی کا شکار ہیں۔ صوبے میں 40 فیصد نوبالغ لڑکے اور لڑکیاں خون کی کمی کا شکار ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں 5-2 سال کے 10 فیصد بچے فنکشنل معذوری کا شکار ہیں۔

    یہ سروے حکومت برطانیہ کے تعاون سے آغا خان یونی ورسٹی اسپتال کی جانب سے کیا گیا ہے جس میں ملک بھر سے اعداد و شمار جمع کیے گیے ہیں۔

    قومی نیوٹریشن سروے میں ملک میں غذائی قلت کی شرح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، سندھ، فاٹا اور بلوچستان میں غذائی قلت کی شرح میں اضافہ ہوا، اس نیوٹریشن سروے میں پہلی بار ضلعی سطح پر اعداد و شمار جمع کیے گئے ہیں۔
    بتایا گیا ہے کہ 1 لاکھ 15 ہزار 600 گھرانے نیشنل نیوٹریشن سروے کا حصہ تھے، جس کے لیے برطانیہ نے 9 ملین ڈالر فنڈز فراہم کیا، اور اس سروے کی سربراہی ڈاکٹر بصیر اچکزئی نے کی۔

    سروے میں غربت کی شرح، صاف پانی تک رسائی کو پرکھا گیا، اور حفظان صحت کے اصولوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا، سروے کی تکمیل کے بعد وزارت صحت، یونی سیف اور تھرڈ پارٹی نے بھی اس کا جائزہ لیا ہے۔

    ذرایع کے مطابق سروے میں خواتین اور بچوں سے خون اور دیگر اعضا کے نمونے لیے گئے، ان کا وزن، قد، بازو کی پیمایش کی گئی، سروے میں کم عمر بچوں، بچیوں پر خصوصی توجہ دی گئی، حاملہ خواتین، دودھ پلانے والی ماؤں پر بھی خصوصی توجہ دی گئی۔

    خیال رہے کہ ملک میں گزشتہ قومی نیوٹریشن سروے 2011 میں کیا گیا تھا، اس کے بعد اب سروے کیا گیا ہے۔

  • قومی مفادات کے لیے بلاول بھٹو کا حکومت کی غیر مشروط حمایت کا اعلان

    قومی مفادات کے لیے بلاول بھٹو کا حکومت کی غیر مشروط حمایت کا اعلان

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے قومی مفادات کے لیے حکومت کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کردیا، ان کا کہنا تھا کہ تعمیری تنقید کرتا رہوں گا تاہم پاکستان کی حمایت کرنا اولین مقصد ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ دنیا سے تعلقات بہتر کرنے کی حکومتی کوشش کو سراہنا چاہیئے۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ دنیا سے تعلقات بڑھانے کی حکومت کی کوشش کی حمایت کرتا ہوں، ضرورت پڑنے پر تعمیری تنقید کرتا رہوں گا تاہم پاکستان کی حمایت کرنا اولین مقصد ہوگا۔

    واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان دورہ امریکا پر ہیں جہاں گزشتہ روز انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی۔

    پاکستان کی جانب سے ملاقات کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم نے امریکی کارپوریٹ سیکٹر کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور امریکی صدر کو پاکستان کے سماجی و اقتصادی ترقی پر نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔

    اعلامیے میں کہا گیا کہ امریکی صدر نے جنوبی ایشیا میں امن پر وزیر اعظم کے نقطہ نظر کی تعریف کی۔ صدر ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر کے حل میں ثالثی کا کردار ادا کرنے کی بھی پیشکش کی اور مذاکرات کے بعد امریکی صدر نے وزیر اعظم اور وفد کو وائٹ ہاؤس کا دورہ بھی کروایا۔

  • شہباز شریف نے احتساب کو انتقام قرار دے دیا، حکومت پر کڑی تنقید

    شہباز شریف نے احتساب کو انتقام قرار دے دیا، حکومت پر کڑی تنقید

    لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے احتساب کے عمل کو انتقام قرار دے دیا.

    خصوصی پریس کانفرنس میں شہباز شریف نے کہا کہ حکومت اور نیب نے نون لیگ کی قیادت پروار کیا، احتساب کے نام پر بدترین انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے.

    شاہد خاقان عباسی کا قصور نوازشریف کا ساتھی ہونا ہے، انھیں گرفتاری کے آرڈر کے بجائے واٹس ایپ میسج دکھایا گیا.

    انھوں نے کہا کہ یہ سب حکومت اور نیب کی ملی بھگت سے ہورہا ہے، آج پھرن لیگ قیادت پر وارہوا، وزیر اعظم غصے سے بھرے ہوئے ہیں.

    ن لیگی صدر نے اعتراف کیا کہ ہم سے غلطیاں ہوئی ہیں، ہم بھی انسان ہیں ہوئی ہوں گی، البتہ یہ انتقام ہے. آشیانہ جیسے جعلی کیسوں میں پھنسایا گیا.

    مزید پڑھیں: نیب کا مفتاح اسماعیل کے گھر چھاپا، عدم موجودگی کی باعث تلاشی کے بعد واپسی

    یہ زلزلہ فنڈز کیس میں پکڑتے ہیں، یہاں کیس کرتے، مگربرطانیہ میں ملک کانام بدنام کیوں کیا گیا۔ حکومت کی ناکامی اور نااہلی کا سارا نزلہ ن لیگ پر گر رہا ہے۔

    یاد رہے کہ آج سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی کو قومی ادارہ احتساب (نیب) نے گرفتار کرلیا، انہیں آج نیب کی جانب سے ایل این جی کیس میں طلب کیا گیا تھا تاہم وہ پیش نہیں ہوئے۔

    نیب راولپنڈی اور لاہور کی مشترکہ ٹیم نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب ٹول پلازہ پر روک کر گرفتار کرلیا۔

  • ایرانی نژاد فرانسیسی خاتون اسکالر گرفتار، میکرون کا اظہار تشویش

    ایرانی نژاد فرانسیسی خاتون اسکالر گرفتار، میکرون کا اظہار تشویش

    تہران : ایرانی وزارت انصاف نے خاتون اسکالر فاریبہ عادل کی گرفتاری پر مؤقف اختیار کیا ہے کہ ’عدالتی کارروائی شروع ہونے کے ساتھ ساتھ مزید معلومات عام کی جائیں گی‘۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی حکومت نے ایک ایرانی نڑاد فرانسیسی خاتون اسکالر فاریبہ عادل خواہ کو گرفتار کر لیا ہے، تہران حکومت نے گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے مزید تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایرانی وزارت انصاف کے ترجمان نے بتایاکہ عدالتی کارروائی شروع ہونے کے ساتھ ساتھ مزید معلومات عام کی جائیں گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ حراست میں لی گئی ساٹھ سالہ خاتون اسکالر انتھروپولوجسٹ یا ماہر بشریات ہیں۔

    فرانسیسی صدر ایمانویل ماکروں نے ان کی گرفتاری پر تشویش ظاہر کی ہے، فرانسیسی وزارت خارجہ نے فاریبہ عادل خواہ کی گرفتاری کے حوالے سے تہران حکومت سے معلومات بھی طلب کی ہیں۔

    ایران میں قید برطانوی شہری نے 15 روز بعد بھوک ہڑتال ختم کردی

    واضح رہے کہ اس سے قبل ایرانی  حکام کی جانب سے ایرانی نژاد برطانوی خاتون نازنین زعزی کو بھی گرفتار کیا جاچکا ہے، جو ابھی تک ایرانی جیل میں قید ہیں۔

    برطانوی شہری کو سپاہِ پاسداران انقلاب نے اپریل 2016ءمیں تہران کے ہوائی اڈے سے گرفتار کیا تھا، وہ اس وقت اپنی بائیس ماہ کی بچی گبریلا کے ہمراہ ایران میں اپنے خاندان سے ملنے کے بعد واپس برطانیہ جارہی تھیں۔