Tag: حکومت

  • پنجاب: 5ماہ بعد سی این جی اسٹیشنز کو گیس فراہمی کا فیصلہ

    پنجاب: 5ماہ بعد سی این جی اسٹیشنز کو گیس فراہمی کا فیصلہ

    لاہور: حکومت کو پنجاب کے سی این جی صارفین کا خیال آہی گیا، ساڑھے پانچ ماہ بعد سی این جی اسٹیشنز کو گیس فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

    پنجاب کے عوام کیلئے سی این جی اسٹیشنز میں گیس بحالی کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

    چئیرمین سی این جی ایسوسی ایشن پنجاب کیپٹن (ر) شجاع انور نے کہا کہ حکومت اور سی این جی ایسوسی ایشن کے درمیان اسلام آباد میں مزاکرات ہوئے، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ گیارہ مئی کو ایل این جی کی دوسری کھیپ پاکستان پہنچے گی۔ جسے سی این جی اسٹیشنز کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    انکا کہنا تھا کہ ایل این جی نجی شعبہ کراچی سے پنجاب کے سی این جی اسٹیشنز کو پہنچائے گا، گیس پچپن روپے فی لیٹر فروخت ہوگی جو کہ سی این جی سے کچھ مہنگی ضرور ہے تاہم پٹرول کے مقابلے میں پھر بھی سستا ایندھن ہے۔

    شجاع انور کا کہنا تھا کہ حکومت یہ اقدام سی این جی سیکٹر کی بحالی کا باعث بن سکتا ہے۔

  • حکومت نے حج پالیسی 2015 کا اعلان کردیا

    حکومت نے حج پالیسی 2015 کا اعلان کردیا

    اسلام آباد:  حکومت نے حج پالیسی دوہزار پندرہ کا اعلان کردیا، حج درخواستیں ستائیس اپریل سے سات مئی تک وصول کی جائیں گی، چودہ مئی کو قرعہ اندازی ہوگی۔

    وزیرِاعظم نواز شریف کی نئی حج پالیسی کی منظوری کے بعد وفاقی وزیرِمذہبی امورسردار یوسف نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران حج پالیسی کا اعلان کیا۔

    پچاس فیصد سرکاری اور پچاس فیصد پرائیویٹ حج سکیم کے تحت ایک لاکھ تینتالیس ہزار تین سو اڑسٹھ خوش نصیب فریضہ حج ادا کریں گے۔

    حج پالیسی ڈرافٹ کے مطابق رواں سال حج پیکج دو لاکھ چونسٹھ ہزار نوسو اکہتر روپے رکھا گیا، حج اخراجات گزشتہ سال کی نسبت کم ہونگے جبکہ رواں سال مفت حج کی سہولت میسرنہیں ہوگی۔

    سردار یوسف کا کہنا تھاکہ حاجیوں کو چودہ ہزار دو سو دس روپےقربانی کیلئےجمع کرانے پڑینگے، حاجیوں کو کھانا مفت فراہم کیا جائے گا، حج اسکیم میں سعودی قوانین کےمطابق رہائش کےانتظامات کئےگئے ہیں۔

    وفاقی مذہبی امور سردار یوسف نے کہا کہ عازمین کیلئے پاسپورٹ، کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ رکھنا لازمی ہے۔

  • حکومت کا صولت مرزا کی پھانسی کی مدت میں توسیع پرغور

    حکومت کا صولت مرزا کی پھانسی کی مدت میں توسیع پرغور

    اسلام آباد: صولت مرزا کے ویڈیو پیغام کے بعد حکومت نے پھانسی کی مدت میں توسیع کرنے پرغورشروع کردیا ہے۔

    صولت مرزا کے انکشافات اور ویڈیو پیغام کے بعد حکومت صولت مرزا کی پھانسی کی میعاد میں توسیع پرغورکررہی ہے، ذرائع کے مطابق حکومت نے صولت مرزا کے ویڈی وبیان کے بعد تفتیش کا دائرہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے اور تفتیش مکمل ہونے تک صولت مرزا کو پھانسی بھی نہیں دی جائے گی۔

    ذرائع کے مطابق صولت مرزا کے اعترافی بیان پر باقاعدہ تحقیقات کا آغاز ایک دو روز میں کیا جائے گا۔

    صولت مرزا نے اپنے بیان میں دوران تفتیش تعاون کرنے کا یقین دلایا تھا، صولت مرزا کے اہم رازوں سے پردہ اُٹھانے پرتحقیقاتی اداروں کے لئے بھی ایک نیا پنڈورا باکس کھل گیا۔

    بیان پر تحقیقات کے بعد مجسٹریٹ کے سامنے صولت مرزا کا بیان دوبارہ لیا جائے گا، صولت مرزا کا ویڈیو بیان برطانوی حکومت کے بھی حوالے کردیا گیا ہے ۔

    وفاقی وزارت داخلہ نے صولت مرزا کے لئے نئی تحقیقاتی کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے، جو مجرم کے بیان پر تحقیقات کرے گی۔

  • حکومت نے8ماہ میں بینکوں سے 10کھرب روپے سے زائد قرضہ لے لیا

    حکومت نے8ماہ میں بینکوں سے 10کھرب روپے سے زائد قرضہ لے لیا

    اسلام آباد: حکومت نے بجٹ خسارہ میں کمی اور بیرونی قرضوں کی ادائیگی کیلئے مقامی بینکوں سے دس کھرب روپے سے زائد کا قرضہ لے لیا۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ میں حکومت نے دس کھرب انتیس ارب روپےکا قرضہ لیا، حکومت کی جانب سے مقامی قرضوں کے حصول کیلئے حکمت عملی میں تبدیلی کی گئی ہے۔

    گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں حکومت نےتین سو اٹھارہ ارب روپے مقامی بینکوں سے جبکہ اسٹیٹ بینک سے تین سو سڑسٹھ ارب روپے قرضہ لیا۔

    ماہرین اقصادیات کا کہنا ہے کہ قرض میں اضافے سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت مالیاتی صورت حال میں بہتری لانے میں ناکام رہی ہے۔

  • اسٹبلشمنٹ 40سال سے ایم کیوایم سے ناراض ہے، الطاف حسین

    اسٹبلشمنٹ 40سال سے ایم کیوایم سے ناراض ہے، الطاف حسین

    کراچی: ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ تمام سیاسی قیادت اپنے حقوق کی بات کرتی ہے لیکن مہاجروں پر اعتراض ہوتا ہے، اسٹیبلشمنٹ چالیس سال سے ایم کیو ایم سے ناراض ہے۔

    سینیٹ الیکشن میں ایم کیو ایم کے امیدواروں کی کامیابی کی خوشی میں نائن زیرو اکٹھے ہونے والے کارکنوں سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا نواز شریف نے جاگ پنجابی جاگ کا نعرہ لگایا تھا، محمود اچکزئی بلوچستان کو دو حصوں میں تقسیم کرنے کی بات کر رہے ہیں، آصف زرداری اور بے نظیر خود کو سندھی کہنے میں فخر محسوس کرتے ہیں، کیا عمران خان اپنے آپ کو پٹھان نہیں بولتے۔

    الطاف حسین کا کہنا تھا اپنے حقوق کی بات کریں تو غدار کہا جاتا ہے کارکنوں کو بلاجواز گرفتار کیا جا رہا ہے، عدالتوں میں جاتے ہیں لیکن انصاف نہیں ملتا ۔

    الطاف حسین نے کہا اسٹیبلشمنٹ چالیس سال سے ایم کیو ایم سے ناراض ہے، سپریم کورٹ نے کہا تمام جماعتوں کے عسکری گروپس ہیں۔

    الطاف حسین کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے کارکنوں کی لاشیں سڑکوں پر پھینکی جاتی ہیں،ایم کیو ایم کے کارکنوں کو بلاجواز گرفتار کیا جارہا ہے، آخر متحدہ قومی موومنٹ کے کارکنوں کا قصور کیا ہے، غلطی ہوجائےتوکہاجاتاہےماروورنہ یہ دہشتگردبنیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سرکاری ٹی وی پر حملہ کرنے والے خود کو بہادر کہتے ہیں جب حملہ کیا گیا تو کہا گیا کہ بچے ہیں انہیں مت مارو،  جبکہ ہمارے کارکن اور بچے گرفتار اور لاپتا ہیں۔

  • حکومت بلدیاتی نظام کے نفاذ سے خوفزدہ ہے، الطاف حسین

    حکومت بلدیاتی نظام کے نفاذ سے خوفزدہ ہے، الطاف حسین

    لندن : ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا کہنا ہے کہ حکومت بلدیاتی نظام کے نفاذ سےخوفزدہ ہے، ملک میں قلتِ آب دور کرنے کیلئے چھوٹے ڈیموں کا جال بچھایا جائے۔

    رابطہ کمیٹی کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا کہنا تھا کہ جمہوری حکومتیں بلدیاتی نظام کےنفاذ سے خوفزدہ ہیں، آج صورتحال یہ ہے کہ ملک میں صحت کی سہولتیں ناپید جبکہ تعلیمی نظام غیر مؤثرہوچکا ہے ۔

    انھوں نے کہا کہ مسافر بسوں اور ویگنوں میں لگے سلنڈر چلتے پھرتے بم بن چکے ہیں، حکومت ناقص سلنڈروں کے استعمال پر خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے۔

    انہوں نےمزید کہاکہ بد قسمتی سے ملک میں کالا باغ ڈیم پر سیاست،احتجاج اور لڑائی جھگڑے کی باتیں ہوتی ہیں لیکن چھوٹے صوبوں کے خدشات دور نہیں کئے جاتے۔

    ایم کیوایم کےقائد کا کہنا تھا کہ حکومت قلتِ آب دور کرنےکیلئے چھوٹے ڈیموں کا جال بچھائےاور میٹرک تک مفت اور یکساں تعلیمی نظام قائم کرے۔

  • پٹرولیم مصنوعات پرجی ایس ٹی ٹیکس کیخلاف سماعت، جواب طلب

    پٹرولیم مصنوعات پرجی ایس ٹی ٹیکس کیخلاف سماعت، جواب طلب

    لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے پٹرولیم مصنوعات پر جی ایس ٹی میں پانچ فیصد اضافے کے خلاف درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے وفاقی حکومت اور ایف بی آر سے سات جنوری کو جواب طلب کر لیا ہے۔

    لاہور ہائیکورٹ میں سماعت کے دوران درخواست گزار نعیم میر کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ صارفین پٹرولیم مصنوعات پر پہلے ہی مختلف ٹیکس ادا کر رہے ہیں، اب پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر جی ایس ٹی میں پانچ فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے جو غیرقانونی ہے۔

    عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو فوری طور پر معاونت کیلئے طلب کیا، جنہوں نے مؤقف اپنایا کہ درخواست گزار نے خبروں کی بنیاد پر درخواست دائر کی اسے مسترد کیا جائے۔

    دلائل سننے کے بعد عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے وفاقی حکومت اور ایف بی آر سے سات جنوری کو جواب طلب کرلیا ہے۔

  • حکومت، پی ٹی آئی مذاکرات ،3نکات پر ڈیڈلاک برقرار

    حکومت، پی ٹی آئی مذاکرات ،3نکات پر ڈیڈلاک برقرار

    اسلام آباد: حکومت اور تحریکِ انصاف کے مذاکرات ایک بار پھر بند گلی کی جانب بڑھنے لگے، تین نکات پراختلاف اب بھی برقرار ہے۔

    حکومت اور تحریک انصاف کی مذاکراتی کشتی ایک بار پھر منجھدھار میں پھنس گئی ہیں، مذاکراتی نیا پار لگانے میں فریقین ایک بار پھر ناکام دکھائی دیئے، دھاندلی کی تعریف، جوڈیشل کمیشن کے دائرہ اختیار اور پی ٹی آئی کی اسمبلی میں غیر مشروط واپسی پر معاملہ اٹک گیا ہے۔

    وزیرِخزانہ اسحاق ڈار نے ڈیڈ لاک کا اعتراف کر لیا ہے اورساتھ وضاحت بھی دیدی۔

    تحریکِ انصاف کے شاہ محمود قریشی نے مذاکرات ختم قرار دے دیئے ہیں، متعدد نشستوں کے بعد بھی سیاسی تناؤ برقرار ہے، سیاسی اختلافات میں طوالت پر ملکی تاریخ کافی تلخ ہے۔

    ماضی میں قومی اتحاد اور ذوالفقار علی بھٹو میں چھتیس نشستوں پر دھاندلی کے معاملے کی طوالت نے ملک کو جمہوریت کی پٹڑی سے ہی اتار دیا تھا۔

  • حکومت اور تنظیمات مدارس دینیہ کا اہم اجلاس30دسمبر کو طلب

    حکومت اور تنظیمات مدارس دینیہ کا اہم اجلاس30دسمبر کو طلب

    اسلام آباد: حکومت نے تنظیمات مدارس دینیہ کے ساتھ اہم اجلاس تیس دسمبر کو اسلام آباد میں طلب کر لیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیر داخلہ چوہدری نثار ،وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف،سیکرٹری داخلہ،سیکرٹری مذہبی امور ،چاروں صوبوں کے ہومز سیکریٹریز اور محکمہ اوقاف کے حکام شرکت کریں گے۔ اجلاس میں دینی مدارس کی تمام تنظیمات کے ذمہ داروں کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں دینی مدارس اصلاحات ،ملک میں دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے حکومتی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

  • حکومت اور تحریکِ انصاف کے درمیان مذاکرات آج دوبارہ شروع

    حکومت اور تحریکِ انصاف کے درمیان مذاکرات آج دوبارہ شروع

    اسلام آباد: حکومت اور تحریکِ انصاف کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ آج سے دوبارہ شروع ہو رہا ہے، فریقین کے درمیان عدالتی کمیشن کے قیام اور طریقہ کار سے متعلق بات چیت ہوگی۔

    تحریکِ انصاف اور حکومت کے درمیان رابطے تیز ہوگئے ہیں، حکومت اور پاکستان تحریکِ انصاف کے درمیان دھرنا ختم ہونے کے بعد پہلا با ضابطہ رابطہ ہوگیا، ترجمان تحریکِ انصاف شیریں مزاری کے مطابق حکومتی کمیٹی کے سربراہ اسحاق ڈار نے شاہ محمود قریشی کو ٹیلی فون کیا اور مذاکرات کا سلسلہ آگے بڑھانے پر بات چیت کی۔

    جس کے بعد دونوں فریقین کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور آج سے شروع کرنے پر اتفاق ہوگیا ہے۔

    مذاکرات آج سہ پہر چار بجے جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر ہوں گے، جس میں عدالتی کمیشن کے قیام اور طریقہ کار سے متعلق نکات کو حتمی شکل دی جائے، مذاکرات میں حکومت کی جانب سے اسحق ڈار اور احسن اقبال شرکت کریں گے۔

    تحریکِ انصاف کی جانب سے شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور جہانگیر ترین مذاکرات میں شریک ہوں گے۔