Tag: حیات آباد آپریشن

  • حیات آباد آپریشن اور جسٹس ایوب حملہ کیس میں گرفتار 5 ملزمان بری

    حیات آباد آپریشن اور جسٹس ایوب حملہ کیس میں گرفتار 5 ملزمان بری

    پشاور: انسداد دہشت گردی عدالت نے حیات آباد آپریشن اور جسٹس ایوب حملہ کیس میں گرفتار ملزمان کو بری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت نے حیات آباد آپریشن اور جسٹس ایوب حملہ کیس میں جرم ثابت نہ ہونے پر تمام ملزمان کو بری کر دیا۔

    ملزمان پر 27 فروری 2019 کو حیات آباد میں پشاور ہائی کورٹ کے جج جسٹس ایوب خان پر حملے کا الزام تھا، اس حملے میں جسٹس ایوب اور ان کا ڈرائیور زخمی ہوا تھا، واقعے میں جسٹس ایوب کو دو گولیاں لگی تھیں۔

    16 اپریل 2019 کو حیات آباد کے فیز 7 میں ایک گھر میں دہشت گردوں کی موجودگی پر آپریشن ہوا تھا، جس میں 5 دہشت گرد مارے گئے تھے، بعد ازاں دہشت گردی کا منصوبہ بنانے والوں کی معاونت کے الزام میں دیگر کو گرفتار کیا گیا تھا۔

    کیس کی سماعت مکمل ہونے کے بعد آج اے ٹی سی نے ملزم عامر، رئیس، عرفان، خیال ولی اور سعد کو الزام ثابت نہ ہونے پر بری کر دیا۔

    جج آفتاب آفریدی قتل کیس کا اہم ملزم گرفتار ، اعترافِ جرم کرلیا

    یاد رہے کہ 4 اپریل کو خیبر پختون خوا کے ضلع صوابی میں فائرنگ سے انسداد دہشت گردی عدالت کے جج آفتاب آفریدی، اہلیہ اور 2 بچے شہید ہوگئے تھے، حملے میں 2 محافظ بھی زخمی ہوئے۔

    پولیس نے جج آفتاب آفریدی قتل کیس میں تین ملزمان کو گرفتار کیا، جن میں عزیز، داؤد اور اہم ملزم بلال آفریدی شامل ہیں، پولیس بیان کے مطابق جج کو ذاتی دشمنی پر قتل کیا گیا، جب کہ ملزم بلال نے اعتراف جرم بھی کر لیا ہے۔

  • حیات آباد آپریشن میں ایک زخمی دہشت گرد پکڑا گیا ہے: سی سی پی او پشاور

    حیات آباد آپریشن میں ایک زخمی دہشت گرد پکڑا گیا ہے: سی سی پی او پشاور

    پشاور: سی سی پی او پشاور نے کہا ہے کہ حیات آباد آپریشن میں ایک زخمی دہشت گرد پکڑا گیا ہے، آپریشن کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور میں حیات آباد آپریشن سے متعلق پولیس حکام نے پریس بریفنگ دی، سی سی پی او پشاور نے کہا کہ حیات آباد آپریشن کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

    انھوں نے بتایا کہ حیات آباد آپریشن میں ایک زخمی دہشت گرد پکڑا گیا ہے، یہاں سے ایک دہشت گرد گروہ نیٹ ورک چلا رہا تھا، اس گروہ سے متعلق شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

    سی سی پی او کا کہنا تھا کہ خیبر ایجنسی کا رہائشی امجد 5 بار افغانستان جا چکا ہے، دہشت گرد امجد دبئی اور یونان بھی گیا جہاں سے ڈیپورٹ کیا گیا، وہ دہشت گردی کے بڑے واقعات میں ملوث رہا۔

    یہ بھی پڑھیں:  حیات آباد آپریشن: لانس نائیک ظفر اقبال کی نماز جنازہ پشاور گیریژن میں ادا

    سی سی پی او نے بتایا کہ حیات آباد واقعے میں ہائی کورٹ جج پر حملے میں استعمال ہتھیار کے شواہد بھی ملے، پہلے موٹرسائیکل بم دھماکا پھر مکان کو بارود سے اڑانے کا منصوبہ تھا، موٹر سائیکل میں بم اور مکان کے بیسمنٹ تک بارودی مواد نصب تھا۔

    پشاور پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے 60 کلو گرام دھماکا خیز مواد استعمال کرنا تھا، مکان سوات کے رہائشی کا تھا، جہاں سے لیپ ٹاپ، ڈرون اور سی ڈیز ملیں، سہولت کار نے جاوید آفریدی کے نام کا شناختی کارڈ استعمال کیا۔

    سی سی پی او پشاور نے کہا کہ پہلے جو افغانستان سے چھپ کر آتے تھے اب پاسپورٹ پر آ رہے ہیں۔

  • حیات آباد آپریشن: لانس نائیک ظفر اقبال کی نماز جنازہ پشاور گیریژن میں ادا

    حیات آباد آپریشن: لانس نائیک ظفر اقبال کی نماز جنازہ پشاور گیریژن میں ادا

    پشاور: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ لانس نائیک ظفر اقبال کی نماز جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کر دی گئی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق لانس نائیک ظفر حیات آباد آپریشن کے دوران زخمی ہوئے تھے، ان کی نماز جنازہ پشاور چھاؤنی میں ادا کی گئی۔

    لانس نائیک ظفر اقبال کی نماز جنازہ میں کور کمانڈر پشاور اور بڑی تعداد میں فوجی و سول حکام نے شرکت کی۔

    پاک فوج کے محکمہ اطلاعات کے مطابق نماز جنازہ کے بعد شہید کا جسد خاکی فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین کے لیے آبائی علاقے خوشاب روانہ کر دیا گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  حیات آباد میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن، پولیس اہلکارشہید، 5 دہشت گرد ہلاک

    واضح رہے کہ پندرہ اپریل کو فوج اور خیبر پختون خواہ پولیس نے پشاور کے علاقے حیات آباد فیز 7 میں دہشت گردوں کے چھپے ہونے کی خفیہ اطلاعات پر مشترکہ آپریشن کیا تھا۔

    آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ آپریشن رات گئے شروع ہوا اور اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد ہلاک جب کہ اے ایس آئی قمر عالم شہید ہو گئے، ایک افسراور جوان بھی زخمی ہوئے۔