حیدرآباد: سندھ کے شہر حیدر آباد میں ڈاکٹروں نے آپریشن میں خاتون کے جسم سے 8 کلو اضافی چربی نکال لی۔
تفصیلات کے مطابق حیدر آباد سول اسپتال میں پہلی کامیاب ایبڈومینو پلاسٹی سرجری کی گئی ہے، یہ کامیاب ’’ٹمی ٹک‘‘سرجری ڈاکٹر کاشان شیخ اور ڈاکٹر روشن چانڈیو نے انجام دی۔
مٹیاری کی 55 سالہ خاتون کا بلا معاوضہ آپریشن کیا گیا، ڈاکٹر روشن نے بتایا کہ سرجری کے دوران خاتون کے جسم سے 8 کلو اضافی چربی نکالی گئی، جسے وزن کی زیادتی سے چلنے پھرنے میں شدید دشواری ہو رہی تھی۔
ڈاکٹر روشن چانڈیو کے مطابق سرجری 2 گھنٹے سے زائد جاری رہی، اور اب خاتون کی حالت خطرے سے باہر ہے، انھوں نے بتایا کہ ٹمی ٹک سرجری کراچی کے چند بڑے نجی اسپتالوں میں دستیاب ہے، حیدر آباد کے سول اسپتال میں یہ سرجری پہلی بار کی گئی۔
معروف سرجن پروفیسر کا ایک اور کارنامہ، خاتون کو نئی زندگی مل گئی
یاد رہے کہ اس سے قبل لاہور کے ایک سرجن نے ایک خاتون اسکول ٹیچر کی مدد کرتے ہوئے مفت بیریاٹرک سرجری کے ذریعے ان کا جسمانی وزن 90 کلو کم کر دیا تھا، خاتون 65 سالہ رشیدہ 14 برسوں سے بستر پر پڑی تھیں، آپریشن کے بعد وہ چلنے پھرنے لگ گئیں۔
سرجن پروفیسر معاذ الحسن نے بتایا تھا کہ خاتون کا وزن 200 کلو گرام تھا، جو سرجری کے بعد 110 کلو رہ گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس آپریشن پر 20 لاکھ روپے خرچ آتا ہے، لیکن خاتون کی سرجری مفت کی گئی۔