Tag: حیدر آباد

  • حیدر آباد : ریلوے ٹریک پر دہشت گردی کی کوشش ناکام، 3 دہشت گرد گرفتار

    حیدر آباد : ریلوے ٹریک پر دہشت گردی کی کوشش ناکام، 3 دہشت گرد گرفتار

    حیدرآباد: محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ڈی ڈی) نے ریلوے ٹریک پر دہشت گردی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے تین دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق حیدرآباد میں قاسم آباد میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ڈی ڈی) نے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے ریلوے ٹریک پر دہشتگردی کی کوشش ناکام بنا دی اور تین دہش تگردوں کو گرفتار کر لیا، گرفتار دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیم ایس آر اے سے ہے۔

    سی ٹی ڈی نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں عامر لطیف چانگ، شعیب چانگ اور شعبان چانگ شامل ہیں تاہم دہشتگردوں کے قبضے سے دو ہینڈ گرینیڈ، بارودی مواد، ڈیٹونیٹر، بال بیئرنگ، نٹ بولٹ، ریموٹ کنٹرول، تاریں اور دیگر غیر قانونی اسلحہ برآمد ہوا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزمان نے پنجاب جانے والے کارگو ٹریلرز پر فائرنگ میں ملوث رہے اور عامر لطیف چانگ ریلوے ٹریک پر بم دھماکے کا مرکزی ملزم ہے، اس پر 20 لاکھ روپے کا ہیڈ منی مقرر تھا۔

    مزید پڑھیں : سی ٹی ڈی کا کامیاب آپریشن : کالعدم تنظیم کا دہشت گرد گرفتار

    حکام نے مزید کہا ملزمان نے نور چانڈیو کے کہنے پر دہشتگردی کا منصوبہ بنایا تھا، تاہم 14 اگست کو یہ منصوبہ سخت سیکیورٹی کے باعث ناکام رہا۔ ایس آر اے نیٹ ورک نور چانڈیو کے زیرِ نگرانی چل رہا تھا۔

    ترجمان نے بتایا کہ مزید گرفتاریاں کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور تحقیقات جاری ہیں۔

  • ڈاکٹروں نے آپریشن میں خاتون کے جسم سے 8 کلو اضافی چربی نکال لی

    ڈاکٹروں نے آپریشن میں خاتون کے جسم سے 8 کلو اضافی چربی نکال لی

    حیدرآباد: سندھ کے شہر حیدر آباد میں ڈاکٹروں نے آپریشن میں خاتون کے جسم سے 8 کلو اضافی چربی نکال لی۔

    تفصیلات کے مطابق حیدر آباد سول اسپتال میں پہلی کامیاب ایبڈومینو پلاسٹی سرجری کی گئی ہے، یہ کامیاب ’’ٹمی ٹک‘‘سرجری ڈاکٹر کاشان شیخ اور ڈاکٹر روشن چانڈیو نے انجام دی۔

    مٹیاری کی 55 سالہ خاتون کا بلا معاوضہ آپریشن کیا گیا، ڈاکٹر روشن نے بتایا کہ سرجری کے دوران خاتون کے جسم سے 8 کلو اضافی چربی نکالی گئی، جسے وزن کی زیادتی سے چلنے پھرنے میں شدید دشواری ہو رہی تھی۔

    ڈاکٹر روشن چانڈیو کے مطابق سرجری 2 گھنٹے سے زائد جاری رہی، اور اب خاتون کی حالت خطرے سے باہر ہے، انھوں نے بتایا کہ ٹمی ٹک سرجری کراچی کے چند بڑے نجی اسپتالوں میں دستیاب ہے، حیدر آباد کے سول اسپتال میں یہ سرجری پہلی بار کی گئی۔


    معروف سرجن پروفیسر کا ایک اور کارنامہ، خاتون کو نئی زندگی مل گئی


    یاد رہے کہ اس سے قبل لاہور کے ایک سرجن نے ایک خاتون اسکول ٹیچر کی مدد کرتے ہوئے مفت بیریاٹرک سرجری کے ذریعے ان کا جسمانی وزن 90 کلو کم کر دیا تھا، خاتون 65 سالہ رشیدہ 14 برسوں سے بستر پر پڑی تھیں، آپریشن کے بعد وہ چلنے پھرنے لگ گئیں۔

    سرجن پروفیسر معاذ الحسن نے بتایا تھا کہ خاتون کا وزن 200 کلو گرام تھا، جو سرجری کے بعد 110 کلو رہ گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس آپریشن پر 20 لاکھ روپے خرچ آتا ہے، لیکن خاتون کی سرجری مفت کی گئی۔

  • سرکنڈوں سے بنی دل کش چٹائیوں کی مانگ میں اضافہ، ویڈیو رپورٹ

    سرکنڈوں سے بنی دل کش چٹائیوں کی مانگ میں اضافہ، ویڈیو رپورٹ

    سردیوں کے دوران حیدر آباد میں سرکنڈوں سے بنی دل کش اور منفرد چٹائیوں کی مانگ میں اضافہ ہو گیا ہے۔

    یہ خوب صورت چٹائیاں گھروں کی کھڑکیوں اور دروازوں پر لگائی جاتی ہیں۔ حیدر آباد میں میراں محمد شاہ روڈ کے فٹ پاتھوں پر سالہا سال سے خواتین سمیت کئی ہنرمند سرکنڈوں سے دلکش چٹائیاں بنانے میں مصروف نظر آتے ہیں۔

    سرکنڈوں کی چٹائی

    یہ منفرد چٹائیاں زیادہ تر گھروں کے دروازوں اور کھڑکیوں پر لگائی جاتی ہیں، جب کہ سردیوں میں ان چٹائیوں کی مانگ میں اضافہ ہو جاتا ہے۔

    10 روپے فی کلو سبزی، سستی سبزی بازار نے دھوم مچا دی، ویڈیو رپورٹ

    خریداروں کا کہنا ہے کہ اس ہنر سے وابستہ محنت کشوں نے وقت کے ساتھ اپنے کام میں جدت پیدا کی ہے، اب وہ روایتی مصنوعات کے علاوہ سرکنڈوں سے رنگا رنگ فریم اور آئینے بھی تیار کر رہے ہیں، جن کی مقبولیت شہروں میں تیزی سے بڑھ رہی ہے۔

    ویڈیو رپورٹ: اشوک شرما

  • 10 روپے فی کلو سبزی، سستی سبزی بازار نے دھوم مچا دی، ویڈیو رپورٹ

    10 روپے فی کلو سبزی، سستی سبزی بازار نے دھوم مچا دی، ویڈیو رپورٹ

    حیدر آباد کی فضا میں مہنگائی کی گھٹن کو کم کرنے کے لیے سستی سبزی بازار کی آمد نے تازہ ہوا کا در کھول دیا ہے۔

    سستی سبزی بازار کے قیام نے عوام کے دلوں میں خوشی کی ایک لہر دوڑا دی، یہاں، جہاں عام بازاروں میں سبزیوں کے دام آسمان کو چھو رہے ہیں، شہریوں نے صرف 10 روپے فی کلو سبزیاں خریدیں۔

    حیدر آباد میں منتخب نمائندوں نے مہنگائی کے ستائے ہوئے عوام کے لیے ایک بازار کھولا ہے، ایک روزہ سستی سبزی بازار کے قیام نے امیدوں کو روشنی بخشی اور شہریوں کو بڑی تعداد میں خریداری کے لیے کھینچ لیا۔

    لطیف آباد کے علاقے 12 نمبر میں یونین کونسل 109 کے چیئرمین اور دیگر نمائندوں کی جانب سے ایک ایسا اقدام کیا گیا، جو قابل ستائش ہے۔ انھوں نے عام مارکیٹ میں مہنگے داموں پر بکنے والی سبزیوں کو صرف دس روپے فی کلو کے نرخ پر فراہم کر کے عوامی خدمت کی ایک مثال قائم کی۔

    سستی سبزی بازار میں پیاز، آلو، ٹماٹر، کریلے، مٹر اور دیگر سبزیاں دستیاب تھیں، جنھیں دیکھ کر شہریوں کے چہرے خوشی سے جگمگا اٹھے۔ خواتین اور مرد حضرات نے نہ صرف خریداری کی بلکہ اس اقدام کو سراہتے ہوئے دعا کی کہ ملک سے مہنگائی کا یہ بوجھ جلد ختم ہو جائے۔

    ویڈیو رپورٹ: جام فرید لاکھو

  • دہشت گردی کی منصوبہ بندی میں مصروف دہشت گرد پکڑا گیا

    دہشت گردی کی منصوبہ بندی میں مصروف دہشت گرد پکڑا گیا

    حیدر آباد : دہشت گردی کی منصوبہ بندی میں مصروف دہشت گرد پکڑا گیا، دہشت گرد سے دستی بم، آئی ای ڈی بنانے کے آلات برآمد ہوئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق حیدر آباد میں سی ٹی ڈی اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کے دوران ایک کالعدم تنظیم کے دہشت گرد کو گرفتار کرلیا۔

    سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ دہشت گرد سے دستی بم، آئی ای ڈی بنانے کے آلات برآمد ہوئے ہیں جبکہ بال بیئرنگ، بیٹری، ریموٹ کنٹرول، ٹیپ اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا ہے۔

    حکام کا کہنا تھا کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا گیا ہے، گرفتار دہشت گرد کی شناخت ایاز جنجہ کے نام سے ہوئی ہے، دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کا منصوبہ بنا رہا تھا۔

    یاد رہے رواں ماہ کے آغاز میں پنجاب کے مختلف شہروں میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ نے چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران 12 دہشت گردوں کو گرفتار کیا تھا۔

    ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ گرفتار دہشت گردوں سے اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کیا گیا تھا، دہشت گرد مختلف مقامات پر کارروائی کر کے عوام میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے تھے۔

  • دودھ کی نئی قیمتوں کا اعلان،   کتنا اضافہ ہوا ؟

    دودھ کی نئی قیمتوں کا اعلان، کتنا اضافہ ہوا ؟

    حیدر آباد : شہر میں دودھ کی نئی قیمتوں کا اعلان کرتے ہوئے اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق حیدرآباد کی ضلعی انتظامیہ نے محکمہ لائیو سٹاک کی سفارش کے بعد شہر میں دودھ 15 روپے فی لیٹر مہنگا کردیا گیا۔

    انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا ہے کہ دودھ کی قیمت 15 روپے اضافے کے بعد 215 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ دودھ کا ہول سیل ریٹ 200 روپے فی لیٹر کردیا گیا ہے۔

    یاد رہے جون کے آغاز مین کمشنر کراچی نے ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن کے ساتھ بات چیت کے بعد دودھ کی نئی قیمتوں کا اعلان کیا تھا۔

    جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق دودھ کی قیمت 20 روپے فی لیٹر اضافے کے بعد 220 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی تھی جبکہ دودھ کی ہول سیل اور ڈیری فارمر کی قیمتیں بالترتیب 205 روپے اور 195 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی تھی۔

    یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ڈیری فارمرز پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے درمیان ڈیری مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا مطالبہ کر رہے تھے۔

    کمشنر کراچی اور ڈیری فارمرز کے درمیان معاہدے کے بعد قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے جس کی ایک کاپی اے آر وائی نیوز کے پاس دستیاب ہے۔

    معاہدے کے مطابق ڈیری فارمرز دودھ سرکاری قیمت پر فروخت کریں گے اور عدم تعمیل کی صورت میں کارروائی کی جائے گی۔

  • ڈکیتی کے دوران پوتے نے دادا کو قتل کردیا

    ڈکیتی کے دوران پوتے نے دادا کو قتل کردیا

    حیدرآباد میں پوتے نے پیسوں کے لیے اپنے دادا کو قتل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق حیدرآباد میں میانی روڈ پر گھر میں دادا کو قتل کرنے والا پوتے کو پولیس نے گرفتار کرلیا، ملزم کاشف نے 15 اکتوبر کو دوران ڈکیتی دادا کو قتل کیا۔

    پولیس کے مطابق ملزم نے واردات میں نقدی لوٹی اور دادا کو قتل کیا، شریک ملزمان کے نام ظاہر ہوچکے جلد گرفتار کرلیں گے۔

    پولیس کا بتانا ہے کہ ملزم نے قتل کا اعتراف کیا اور کہا پیسوں کی ضرورت تھی۔

  • کرونا کی یومیہ بلند ترین 100 فی صد شرح حیدر آباد میں ریکارڈ، ایک ٹیسٹ وہ بھی پازیٹو

    کرونا کی یومیہ بلند ترین 100 فی صد شرح حیدر آباد میں ریکارڈ، ایک ٹیسٹ وہ بھی پازیٹو

    اسلام آباد: کرونا وائرس کی یومیہ بلند ترین 100 فی صد شرح حیدر آباد میں ریکارڈ کی گئی ہے، چوبیس گھنٹوں میں ایک ٹیسٹ کیا گیا، وہ بھی پازیٹو نکلا۔

    ملک کے بڑے شہروں میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی مانیٹرنگ جاری ہے، قومی ادارہ صحت کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کرونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے، سندھ کے شہر حیدرآباد میں صرف ایک ٹیسٹ کیا گیا جو پازیٹو نکلا۔

    ذرائع کے مطابق 24 گھنٹوں میں کراچی میں کرونا کی شرح 35.38 فی صد ریکارڈ کی گئی، پشاور میں کیسز کی شرح 11.63 فی صد رہی، اسلام آباد میں 5.62 فی صد اور لاہور میں یومیہ کرونا شرح 3.64 رہی۔

    راولپنڈی میں 2.78 فی صد، مظفر آباد، میرپور، کوئٹہ میں کرونا شرح صفر ریکارڈ، اسکردو 2.22، گلگت، دیامر، ایبٹ آباد، بنوں، مردان، صوابی، نوشہرہ، سوات میں یومیہ کرونا شرح صفر ریکارڈ ہوئی۔

    24 گھنٹے کے دوران بہاولپور میں کرونا شرح 3.23، گجرات میں 1.88 فی صد، گوجرانوالہ، جہلم، فیصل آباد، ملتان، اور سرگودھا میں بھی شرح صفر ریکارڈ کی گئی۔

  • بھارت: پولیس کے کڑے پہرے میں مسلمان کامیڈین کا شو، ہزاروں افراد سننے پہنچ گئے

    بھارت: پولیس کے کڑے پہرے میں مسلمان کامیڈین کا شو، ہزاروں افراد سننے پہنچ گئے

    نئی دہلی: بھارتی ریاست حیدر آباد میں معروف مسلمان بھارتی کامیڈین منور فاروقی کے شو میں عوام نے بڑی تعداد نے شرکت کی، ہندو انتہا پسندوں نے شو کرنے پر منور فاروقی کو تشدد کا نشانہ بنانے اور وینیو کو آگ لگانے کی دھمکی دی تھی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق منور فاروقی نے اپنا شو ہفتے کی رات منعقد کیا جسے دیکھنے کے لیے لوگوں کا جم غفیر امڈ آیا، اس موقع پر وینیو کو ایک قلعے میں تبدیل کردیا گیا اور پولیس کی بھاری نفری نے وہاں پہرہ دیا۔

    ہزاروں افراد کی تالیوں کی گونج میں منور نے کہا کہ وہ اپنی زندگی داؤ پر لگا کر یہاں آئے ہیں۔

    منور نے جب یہاں اپنا شو کرنے کا اعلان کیا تھا تو حکومتی پارٹی بی جے پی کے ایک رکن راجہ سنگھ نے کہا تھا کہ منور فاروقی کا شو منعقد کرنے کی کوشش کی گئی تو وہ اس جگہ کو نذر آتش کردیں گے اور کامیڈین کو تشدد کا نشانہ بھی بنائیں گے۔

    منور فاروقی نے گزشتہ برس سے اپنے متنازعہ لطیفوں سے ہندو انتہا پسندوں کا جینا حرام کر رکھا ہے، انتہا پسندوں کا دعویٰ ہے کہ منور ہندو دیوی دیوتاؤں کا مذاق اڑاتے ہیں جبکہ وہ حکومت پر بھی تنقید کرتے ہیں اور حساس معاملات کو اپنے لطیفوں کو موضوع بناتے ہیں۔

    گزشتہ برس سے اب تک منور کے 12 شوز منسوخ کیے جاچکے ہیں جن کا سبب ہندو انتہا پسندوں کی دھمکیاں تھیں۔

    حیدر آباد میں شو منعقد کرنے کے اعلان کے بعد راجہ سنگھ نے کہا تھا کہ منور نے ہندو دیوی دیوتاؤں کا مذاق اڑایا تھا اور اب انہوں نے دوبارہ ایسی کوشش کی تو ہم انہیں سبق سکھائیں گے۔

    انہوں نے اعلان کیا تھا کہ جس جگہ بھی منور کو شو کے لیے مدعو کیا جائے گا وہ اس جگہ کو آگ لگا دیں گے۔

  • معروف مسلمان کامیڈین کو ایک بار پھر ہندو انتہا پسندوں کی کھلے عام دھمکیاں

    معروف مسلمان کامیڈین کو ایک بار پھر ہندو انتہا پسندوں کی کھلے عام دھمکیاں

    معروف بھارتی کامیڈین منور فاروقی کے خلاف ہندو انتہا پسند ایک بار پھر کھل کر سامنے آگئے، حکومتی پارٹی بی جے پی کے ایک رکن نے اعلان کیا ہے کہ منور فاروقی کا شو منعقد کرنے کی کوشش کی گئی تو وہ اس جگہ کو نذر آتش کردیں گے اور کامیڈین کو تشدد کا نشانہ بھی بنائیں گے۔

    منور فاروقی نے گزشتہ برس سے اپنے متنازعہ لطیفوں سے ہندو انتہا پسندوں کا جینا حرام کر رکھا ہے، انتہا پسندوں کا دعویٰ ہے کہ منور ہندو دیوی دیوتاؤں کا مذاق اڑاتے ہیں جبکہ وہ حکومت پر بھی تنقید کرتے ہیں اور حساس معاملات کو اپنے لطیفوں کو موضوع بناتے ہیں۔

    گزشتہ برس سے اب تک منور کے 12 شوز منسوخ کیے جاچکے ہیں جن کا سبب ہندو انتہا پسندوں کی دھمکیاں تھیں۔

    اب حال ہی میں ان کا ایک شو حیدر آباد میں منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے جس پر ایک بار پھر انتہا پسند متحرک ہوگئے۔

    بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک رکن اسمبلی راجہ سنگھ نے اعلان کیا ہے کہ اگر منور فاروقی کا شو ہوا تو وہ پروگرام کے مقام کو نذر آتش کر دیں گے اور منور کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا جائے گا۔

    راجہ سنگھ کا کہنا ہے کہ کامیڈین منور فاروقی نے ہندو دیوی دیوتاؤں کا مذاق اڑایا تھا اور اب انہوں نے دوبارہ ایسی کوشش کی تو ہم انہیں سبق سکھائیں گے۔

    انہوں نے اعلان کیا ہے کہ جس جگہ بھی منور کو شو کے لیے مدعو کیا جائے گا وہ اس جگہ کو آگ لگا دیں گے۔

    راجہ سنگھ نے تلنگانہ کے پولیس ڈائریکٹر جنرل کو خط بھی لکھا ہے جس میں مطالبہ کیا ہے کہ منور کو شو کرنے کی اجازت نہ دی جائے کیونکہ اس سے لوگوں کے مذہبی جذبات مجروح ہوں گے اور امن و امان کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔