Tag: حیدر آباد

  • سیلاب میں تیرتی بریانی سوشل میڈیا پر وائرل

    سیلاب میں تیرتی بریانی سوشل میڈیا پر وائرل

    رواں برس مون سون کی بارشوں نے جہاں سیلابی صورت اختیار کر کے بے تحاشہ نقصان کیا، وہیں اس دوران کچھ دلچسپ مناظر بھی دیکھنے کو ملے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ایک دلچسپ ویڈیو میں بریانی کی دیگ کو سیلابی پانی میں تیرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

    بظاہر یہ ویڈیو بھارتی ریاست حیدر آباد کی لگ رہی ہے، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بارش کے پانی میں تیرتی دیگ کی ویڈیو کو فلمانے اور اسے دیکھنے والے لوگ ہنس رہے ہیں اور اس پر تبصرے بھی کر رہے ہیں۔

    سوشل میڈیا پر اس ویڈیو پر مختلف تبصرے کیے جارہے ہیں، ایک صارف نے لکھا کہ جس شخص کو اپنا یہ بریانی کا آرڈر نہیں ملے گا وہ بہت ناخوش ہوگا۔

    کچھ صارفین نے کہا کہ بارشوں کے دوران کھانے کی ڈیلیوری پہنچانے کا یہی مؤثر ترین ذریعہ ہے۔

  • حیدر آباد میں اومیکرون کے 5 کیسز رپورٹ

    حیدر آباد میں اومیکرون کے 5 کیسز رپورٹ

    کراچی: صوبہ سندھ کے شہر حیدر آباد میں بھی اومیکرون کے 5 کیسز رپورٹ ہوگئے، 7 افراد کا خاندان کراچی گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے شہر حیدر آباد میں بھی کرونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کے 5 کیسز رپورٹ ہوگئے۔

    ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر کا کہنا ہے کہ قاسم آباد کی فیملی 15 روز قبل کراچی میں شادی میں گئی تھی، خاندان کے 7 افراد میں سے 5 میں اومیکرون کی تصدیق ہوئی۔

    ڈی ایچ او کے مطابق مشتبہ ہونے پر فوری طور پر پوری فیملی کو قرنطینہ کردیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں کرونا کیسز میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے مزید 6 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔

    ملک میں مثبت کیسز کی شرح 9.88 فیصد ہوچکی ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس سے مزید 29 افراد جاں بحق ہوگئے۔

  • بھارت: مریض کے گردے میں ڈیڑھ سو پتھریاں

    بھارت: مریض کے گردے میں ڈیڑھ سو پتھریاں

    بھارت میں ایک 50 سالہ شخص کے گردے سے ڈیڑھ سو سے زائد پتھریاں نکال لی گئیں، ڈاکٹرز کے مطابق یہ پتھریاں 2 سال سے مریض کے گردے میں جمع تھیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست حیدر آباد میں 50 سالہ شخص پیٹ میں شدید درد کی شکایت لے کر اسپتال پہنچا، ڈاکٹرز نے اس کے تمام ضروری ٹیسٹ کیے تو پتہ چلا کہ اس کے گردے میں کئی پتھریاں موجود ہیں۔

    تاہم ڈاکٹرز نے جب انہیں نکالا تو ان کی تعداد 156 تھی، ڈاکٹرز نے پتھریاں نکالنے کے لیے لیپرو اسکوپی اور اینڈو اسکوپی دونوں کا استعمال کیا۔

    مذکورہ مریض ایک مقامی اسکول میں استاد ہیں جنہیں اچانک پیٹ میں شدید درد اٹھا جس کے بعد ان کے گردے میں پتھریوں کا انکشاف ہوا۔

    ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ یہ پتھریاں ممکنہ طور پر گزشتہ 2 سال سے بن رہی تھیں لیکن مریض میں کوئی علامت ظاہر نہیں ہوئی، تاہم پیٹ میں اچانک شدید درد کی وجہ سے انہوں نے تمام ضروری ٹیسٹ کروائے جس کے بعد ان پتھریوں کا انکشاف ہوا۔

    ڈاکٹرز کے مطابق مریض کے جسم میں کٹ لگانے کے بجائے کی ہول اوپننگ کے ذریعے تمام پتھریاں باہر نکال لی گئیں۔ مریض رو بصحت ہے اور جلد اپنی معمول کی زندگی کی طرف لوٹ جائے گا۔

  • کراچی میں دودھ کی قیمت کیا ہوگی؟

    کراچی میں دودھ کی قیمت کیا ہوگی؟

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی اور حیدر آباد میں دودھ کی قیمت کا تعین کردیا گیا، سرکاری تخمینہ ایسوسی ایشن کے اعلامیے کے ساتھ جاری کر دیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ لائیو اسٹاک سندھ نے کراچی میں دودھ کی فی لیٹر کاسٹ آف پروڈکشن 133 روپے فی لیٹر متعین کی ہے جبکہ حیدر آباد کے لیے دودھ کی فی لیٹر کاسٹ آف پروڈکشن 127 روپے فی لیٹر متعین کی گئی ہے۔

    سرکاری تخمینہ ایسوسی ایشن کے اعلامیے کے ساتھ جاری کر دیا جائے گا۔

    دوسری جانب ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز کا کہنا ہے کہ دودھ کی قیمت ڈیری فارمرز کا منافع 26.60 روپے فی لیٹر شامل کر کے 159.60 روپے فی لیٹر اور 19 روپے فی لیٹر کرایہ، ہول سیلرز اور ملک ریٹیلرز کے منافع کے ساتھ 178.60 روپے فی لیٹر ہوگی۔

    ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ کمشنر کراچی نے اگر 24 تاریخ کو نوٹیفکیشن جاری نہ کیا تو دودھ کی قیمتوں میں ازخود اضافہ کردیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ لائیو اسٹاک نے عوامی نمائندگی کے بغیر ڈیری فارمرز کے لیے دودھ کی پیداواری لاگت تیار کی ہے، پیداواری لاگت میں صارفین کے حقوق کو مکمل نظر انداز کر دیا گیا اور مبینہ طور پر ڈیری فارمرز کی مرضی و منشا کے مطابق قیمت کا تعین کیا گیا۔

    یاد رہے کہ ڈیری فارمرز عدالتی احکامات کے خلاف دودھ 94 روپے فی لیٹر کے بجائے 140 روپے فی لیٹر فروخت کر رہے ہیں، ڈیری فارمرز سنہ 2018 سے انتظامیہ کی مقرر کردہ قیمت سے زیادہ پر دودھ فروخت کر رہے ہیں۔

  • ریلوے اسٹیشن پر شراب فروخت کرنے والا معذور مسافر گرفتار

    ریلوے اسٹیشن پر شراب فروخت کرنے والا معذور مسافر گرفتار

    حیدر آباد: ریلوے پولیس نے شراب فروخت کرنے والے معذور مسافر کو دھر لیا، مسافر کی چیکنگ کے دوران شراب کی بوتلیں برآمد ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق حیدر آباد ریلوے اسٹیشن پر ریلوے پولیس نے کارروائی کر کے شراب فروخت کرنے والے شخص کو پکڑ لیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ریلوے اسٹیشن حیدر آباد پر بیساکھیوں کی مدد سے چلنے والے مسافر کی چیکنگ کے دوران شراب برآمد ہوئی، معذور مسافر کے بیگ سے کپڑے اور خاکی لفافے میں سے 4 عدد شراب کی بوتلیں برآمد ہوئیں۔

    پولیس کے مطابق بیگ سے 6 عدد اسمارٹ موبائل فون بھی برآمد ہوئے۔

    ملزم نے خود کو موبائل ٹیکنیشن بتایا اور شراب فروخت کرنے کا جرم بھی تسلیم کر لیا، ملزم کے خلاف تھانہ ریلوے پولیس حیدر آباد میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔

  • واٹس ایپ اسٹیٹس کا معاملہ، بیوی کے فون کے بعد شوہر لا پتا ہو گیا

    واٹس ایپ اسٹیٹس کا معاملہ، بیوی کے فون کے بعد شوہر لا پتا ہو گیا

    حیدرآباد: بھارتی شہر حیدر آباد میں ایک ریلوے ملازم بیوی کے فون کے بعد لا پتا ہو گیا، بیوی نے واٹس ایپ اسٹیٹس پر لگی تصویر میں شوہر کو کسی اور عورت کے ساتھ دیکھ لیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق حیدرآباد کے علاقے پرشانت نگر میں ایک ریلوے ملازم 30 سالہ راکیش نے 18 اپریل کو اپنے موبائل فون پر ایک نوجوان خاتون کے ساتھ لی ہوئی تصویر کو واٹس ایپ اسٹیٹس پر رکھا تھا۔

    تاہم یہ اسٹیٹس ان کی بیوی نے دیکھ لیا، اور شوہر کو اس سلسلے میں فون کر دیا، راکیش نے فون پر بیوی سے کہا کہ وہ جلد گھر پہنچ رہے ہیں، گھر پہنچ کر اس پر بات کریں گے۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق مذکورہ شخص اس کے بعد گھر نہیں پہنچا، اور 20 اپریل کے بعد ان کا موبائل فون بھی بند آنے لگا ہے۔

    خاتون نے پولیس اسٹیشن میں جا کر شوہر کی گم شدگی کی رپورٹ درج کرائی، خاتون کا کہنا تھا کہ ان کا شوہر لا پتا ہو گیا ہے، سیل فون بھی بند آ رہا ہے۔

    خاتون نے پولیس کو تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ انھوں نے واٹس ایپ اسٹیٹس پر اپنے شوہر کو ایک تصویر میں کسی اور عورت کے ساتھ دیکھا اور شوہر سے اس سلسلے میں پوچھنے کے لیے فون کیا، انھوں نے کہا کہ گھر پہنچ رہے ہیں لیکن وہ نہیں پہنچے۔

    پولیس نے خاتون کے شوہر کی گم شدگی کی رپورٹ درج کرتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہے۔

  • اسٹیبلشمنٹ سے غیر جانب داری کی امید رکھنا بری بات نہیں: بلاول بھٹو

    اسٹیبلشمنٹ سے غیر جانب داری کی امید رکھنا بری بات نہیں: بلاول بھٹو

    حیدر آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کی نیوٹرلٹی کی امید رکھنا کوئی بری بات نہیں، چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں جائز ووٹوں کو مسترد کر کے شارٹ ٹائم کے لیے سنجرانی کو کرسی دلوائی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری حیدر آباد میں سندھ لائیو اسٹاک ایکسپو کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے، انھوں نے کہا چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں پی ڈی ایم کو کامیابی ملی ہے، 49 ووٹ آپ کے ہیں تو جیت بھی آپ کی ہے، 48 والے ووٹ کی نہیں۔

    بلاول نے کہا آپ نشان پر مہر لگاتے ہیں یا نام پر ووٹ جائز ہے، جائز ووٹ کو مسترد کر کے شارٹ ٹائم کے لیے کرسی سنجرانی کو دلوائی گئی، پریزائیڈنگ افسر نے جائز ووٹ مسترد کیا ہے، امید ہے عدالت انصاف کے ساتھ فیصلہ کرے گی۔

    پی پی چیئرمین کا کہنا تھا اسٹیبلشمنٹ کی نیوٹرلٹی کی امید رکھنا کوئی بری بات نہیں، ہم چاہتے ہیں ہر ادارہ اپنے دائرے میں رہ کر کام کرے اور مداخلت نہ کرے، ہمیں نیوٹرلٹی حاصل کرنے کے لیے مسلسل جدوجہد کرنا پڑے گی، کچھ سالوں میں اسٹیبلشمنٹ پر بہت تنقید ہوئی، ان کی مداخلت کے باوجود ضمنی اور سینیٹ الیکشن میں ہم جیتے، یہ شارٹ ٹائم نہیں لانگ ٹرم جدوجہد ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگر الیکشن کا بائیکاٹ کرتے تو دھرنے میں بیٹھے ہوتے اور وزیر اعظم خوشیاں منا رہے ہوتے، پی ڈی ایم کے یہ اچھے فیصلے تھے کہ الیکشن میں حصہ لیا اور کامیابی ملی، جتنی شکست پی ڈی ایم نے حکومت کو دلوائی وہ پارلیمان میں رہ کر دلوائی ہے، اور اپر ہاؤس، لور ہاؤس میں حکومت کی اکثریت کا بھی پتا چل گیا، پنجاب میں بھی ان کی اکثریت کم ہو رہی ہے۔

    پی پی چیئرمین نے کہا استعفوں کے معاملے پر آگے کا لائحہ عمل پی ڈی ایم طے کرے گی، استعفوں کو ایٹم بم کی طرح لاسٹ کارڈ کے طور پر استعمال کرنا چاہیے۔

  • محکمہ جنگلات میں 4 کروڑ کی کرپشن کرنے والے افسران کو سزائیں مل گئیں

    محکمہ جنگلات میں 4 کروڑ کی کرپشن کرنے والے افسران کو سزائیں مل گئیں

    حیدر آباد: احتساب عدالت حیدر آباد نے محکمہ فاریسٹ بدین میں 4 کروڑ روپے کی کرپشن کرنے والے افسران کو سزائیں سنا دیں۔

    تفصیلات کے مطابق آج حیدر آباد کی احتساب عدالت میں محکمہ فاریسٹ بدین میں 4 کروڑ روپے کی کرپشن کیس کی سماعت ہوئی، جرم ثابت ہونے پر 2 سابق افسران سمیت 6 مجرموں کو قید اور جرمانے کی سزائیں سنائی گئیں۔

    سابق ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر (ڈی ایف او) انور بلوچ کو جرم ثابت ہونے پر 5 سال قید اور 50 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا ہے، نصر اللہ کو بھی 5 سال قید اور 50 لاکھ جرمانے کی سزا کا حکم سنایا گیا۔

    احتساب عدالت نے محکمہ فاریسٹ کے سابق ڈی ایف او ارشاد جیسر کو ایک سال قید اور 50 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی، ارسلان شیخ کو 2 سال قید اور 20 لاکھ روپے جرمانے کی سزا دی گئی۔

    احتساب عدالت کی جانب سے محکمہ فاریسٹ کے آر ایف او سہیل شیخ کو 5 سال قید اور 50 لاکھ روپے جرمانے، وقاص شیخ کو بھی پانچ سال قید اور پچاس لاکھ جرمانے کی سزائیں سنائی گئیں۔

    3 مجرمان وقاص شیخ، ارسلان شیخ اور سہیل شیخ آپس میں بھائی ہیں، جب کہ عدالت نے جرم ثابت نہ ہونے پر 6 ملزمان کو کیس سے بری کر دیا، ایک ملزم غلام حیدر دوران ٹرائل انتقال کر چکا ہے۔

    سزا یافتہ مجرمان انور بلوچ اور ان کا بیٹا نصراللہ فیصلے کے وقت عدالت میں موجود نہیں تھے، عدالت نے مجرمان انور بلوچ اور نصر اللہ کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیے۔

    کرپشن کیس کا فیصلہ احتساب عدالت کے جج انعام علی کلہوڑو نے سنایا۔

  • اس تصویر کے پیچھے چھپی کہانی نے سب کو رلادیا!

    اس تصویر کے پیچھے چھپی کہانی نے سب کو رلادیا!

    نئی دہلی: بھارت میں ایک لاچار مریض کی اسپتال کے احاطے میں ناک سے پائپ کے ذریعے خوراک لینے کی تصویر نے لوگوں کے دل دہلا دیے، لوگوں نے اسپتال انتظامیہ کو غفلت کے اس مظاہرے پر سخت برا بھلا کہا۔

    بھارتی شہر حیدر آباد کے ایک اسپتال کے احاطے میں، درخت کے نیچے بیٹھے مریض کو ایک عورت پائپ کے ذریعے کھانا کھلا رہی ہے، جس کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق تصویر حیدر آباد میں واقع نظام انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل کالج کے احاطے کی ہے جس میں مریض کی ناک میں پائپ لگا ہوا ہے۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ مذکورہ مریض ضلع خامم کا رہنے والا ہے جو طبیعت خرابی پر اہلخانہ کے ساتھ حیدر آباد کے اسپتال پہنچا تھا۔

    اس موقع پر ڈاکٹرز نے بغیر کسی ایمرجنسی معائنہ کے مریض کو واپس بھیج دیا جس کے بعد مریض درخت کے نیچے بے بس بیٹھا ہے اور کھانے کی کوشش کر رہا ہے۔

    سوشل میڈیا پر تصویر وائرل ہوتے ہی طوفان اٹھ کھڑا ہوا، لوگوں نے اسپتال انتظامیہ کی اس مجرمانہ غفلت پر سخت تنقید کی۔

    بعد ازاں اسپتال انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا کہ متاثرہ شخص کو جنرل او پی ڈی میں دکھانے کے لیے بھیجا گیا تھا، اس وقت اس کی حالت سنگین نہیں تھی۔

    انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ دوا لینے کے بعد مریض صحیح سلامت اسپتال سے نکل گیا تھا۔ تاحال کسی حکومتی اہلکار نے اس تصویر کا نوٹس لے کر مریض کی خبر گیری نہیں کی۔

  • چلتی ٹرین میں واردات، موبائل اڑا کر چور ٹرین سے کود گیا

    چلتی ٹرین میں واردات، موبائل اڑا کر چور ٹرین سے کود گیا

    حیدرآباد: چلتی ریل گاڑیوں میں بھی وارداتیں ہونے لگیں، ایک چور نے آج ریل میں ایک مسافر کا موبائل فون چرایا اور چلتی ریل سے کود گیا، تاہم گرفتار ہونے سے نہ بچ سکا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق تھانہ ریلوے پولیس حیدرآباد نے ایک کارروائی میں چلتی ٹرین سے موبائل فون چوری کرنے والے ایک شخص قاسم عرف قاسو ولد منظور کو گرفتار کر لیا ہے، ملزم حیدرآباد میں چلتی ٹرین سے چوری کے بعد اتر کر بھاگنے کی کوشش کر رہا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ حیدرآباد ریلوے اسٹیشن پلیٹ فارم نمبر 2 پر شالیمار ایکسپریس آ کر رکی تھی، اپنے مقررہ اسٹاپ کے بعد جب وہ روانہ ہو گئی تو اس دوران ایک لڑکا چلتی ٹرین سے کود کر تیز تیز قدموں سے حالی روڈ کالونی کی طرف جانے لگا۔

    رپورٹ کے مطابق ریلوے اسٹیشن پر جرائم کی روک تھام کے سلسلے میں اس وقت تھانہ ریلوے پولیس حیدرآباد کے ایس ایچ او خالد محمود صائم اہل کاروں کے ساتھ موجود تھے۔

    چلتی ٹرین سے اترنے والے لڑکے پر پولیس اہل کاروں کو شک گزرا تو انھوں نے اسے روک لیا، ریل سے اترنے کی وجہ دریافت کی گئی تو وہ پریشان ہو گیا اور ٹال مٹول کرنے لگا، جس پر اہل کاروں نے اس کی جامہ تلاشی لی۔

    پولیس کے مطابق لڑکے کی قمیض کی جیب سے ایک موبائل فون ٹچ اسکرین انفینکس اسمارٹ بلیک کلر برآمد ہوا، لڑکے سے موبائل فون کے بارے میں پوچھا گیا تو اس نے ادھر کی ادھر کی باتوں کے بعد آخر کار تسلیم کر لیا کہ اس نے ایک بوگی سے چوری کیا ہے۔

    پولیس نے ملزم قاسم کو اس کا جرم قابل دست اندازی پولیس زیر دفعہ 379 ت پ کے مطابق گرفتار کیا اور ملزم کے خلاف تھانہ ریلوے پولیس حیدرآباد میں مقدمہ نمبر 28/2020 درج کر لیا۔