Tag: حیدر آباد

  • بھارت: فقیر کے پاس سے لاکھوں روپے برآمد

    بھارت: فقیر کے پاس سے لاکھوں روپے برآمد

    حیدر آباد: بھارتی شہر حیدر آباد میں ایک این جی او کے ورکر اس وقت ششدر رہ گئے جب انہوں نے ایک فقیر کے پاس سے لاکھوں روپے برآمد کیے، ورکرز اس فقیر کو کھانا فراہم کرنے پہنچے تھے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق 58 سالہ فقیر ایک عمارت کے قریب بیٹھا تھا جہاں اسے دیکھ کر کچھ افراد نے ایک این جی او کو اطلاع کردی۔ این جی او کے ورکر فقیر کے لیے کھانا اور کپڑے لے کر وہاں پہنچے۔

    ورکرز کے مطابق فقیر کے پاس 14 شرٹس تھیں اور ہر شرٹ کی جیبوں میں پیسے تھے۔ پیسوں کو صاف ستھرے پلاسٹک کور میں لپیٹا گیا تھا، گننے پر یہ رقم 2 لاکھ سے زائد نکلی۔

    فقیر کے پاس رہنے کی جگہ نہ ہونے کے سبب اسے ایک پناہ گاہ میں منتقل کردیا گیا، فقیر کا کہنا تھا کہ اس کی بیوی اور ایک بیٹی بھی ہے جو کئی برس پہلے اس سے علیحدہ ہوگئے تھے جس کے بعد وہ شہر چھوڑ کر یہاں آگیا۔

    اس کے مطابق وہ گزشتہ 3 برس سے بھیک مانگ رہا تھا۔

    پولیس کے علم میں معاملہ لانے کے بعد پولیس نے اس کے اہلخانہ کی تلاش شروع کردی ہے تاکہ لکھ پتی فقیر کو اس کے گھر پہنچایا جاسکے۔

  • بھارت: جھیل کنارے امریکی شہری کی لاش برآمد

    بھارت: جھیل کنارے امریکی شہری کی لاش برآمد

    حیدر آباد: بھارتی ریاست تلنگانہ میں جھیل کنارے امریکی شہری کی لاش برآمد ہوئی، ایک ملٹی نیشنل کمپنی میں اعلیٰ عہدے پر فائز مذکورہ امریکی شہری حادثے کا شکار ہوا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق ریاست تلنگانہ کے دارالحکومت حیدر آباد میں واقع عثمان ساگر جھیل کے قریب پہاڑیوں میں ایک 42 برس کا امریکی شہری مردہ پایا گیا۔ پولیس کے مطابق اس شخص کی شناخت پال رابرٹ لٹل جان کے طور پر کی گئی ہے۔

    بظاہر یوں لگ رہا ہے کہ وہ سائیکل چلاتے ہوئے حادثاتی طور پر اونچائی سے گر پڑا اور موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

    پال حیدر آباد کے گچی باؤلی علاقہ کے کیو اپارٹمنٹ میں اپنے 2 بچوں اور بیوی ایریکا کے ساتھ رہتا تھا اور ایک ملٹی نیشنل کمپنی کا نائب صدر تھا۔

    اس کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ روز صبح 6 بجے گھر سے روانہ ہوا تاہم گھر واپس نہیں پہنچا، انہوں نے شوہر کو فون کیا لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔

    بعد ازاں اہلیہ نے پولیس میں رپورٹ درج کروائی، پولیس کی تلاش کے بعد پال کی لاش برآمد ہوئی۔

  • دیا جلا کر سو گئے تھے، حیدر آباد میں جلنے والی ریشم کا دم توڑنے سے قبل بیان

    دیا جلا کر سو گئے تھے، حیدر آباد میں جلنے والی ریشم کا دم توڑنے سے قبل بیان

    حیدرآباد: گزشتہ روز حیدر آباد میں پیش آنے والے افسوس ناک واقعے کی متاثرہ لڑکی کا موت سے قبل بیان سامنے آ گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ روز حیدر آباد کے علاقے سائٹ ایریا لیبر اسکوائر میں ایک گھر میں آگ لگنے سے 5 خواتین جاں بحق ہو گئی تھیں، واقعے کی ایک متاثرہ لڑکی ریشم نے موت سے قبل بیان میں کہا کہ ہم لوگ گھر میں دیا جلا کر سو گئے تھے۔

    برنس وارڈ میں زیر علاج ریشم نے دم توڑنے سے قبل بیان دیا کہ ہمیں کسی نے آگ نہیں لگائی، رات کو ہم لوگ گھر میں دیا جلا کر سو گئے تھے۔

    علاقے کے ایس ایچ او مظہر سومرو نے میڈیا کو بتایا کہ پولیس نے متاثرہ لڑکی کے دم توڑنے سے پہلے آخری بیان لیا تھا، فلیٹ میں بجلی اور گیس دونوں کنکشن نہیں تھے، ہمیں شبہ تھا کہ آگ ریشم کے ناراض شوہر ارشد نے لگائی ہے، تاہم جب ریشم سے پوچھا گیا کہ کیا تمھارے شوہر نے آگ لگائی ہے؟ تو اس نے منع کیا کہ شوہر نے کچھ نہیں کیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے کی رپورٹ ریشم کے شوہر ارشد کی مدعیت میں درج کی جائے گی۔

    یہ افسوس ناک واقعہ 8 اور 9 مارچ کی درمیان رات کو پیش آیا تھا، سائٹ ایریا گنجو ٹکر کی پہاڑی کے قریب فلیٹ میں اس وقت آگ لگی جب سب مکین سو رہے تھے، فلیٹ میں موجود 4 خواتین جھلس کر موقع ہی پر جاں بحق ہو گئی تھیں جب کہ ریشم نامی لڑکی کو شدید زخمی حالت میں سول اسپتال کے برن وارڈ منتقل کر دیا گیا تھا، جس نے گزشتہ روز زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑا۔

  • پاکستان بچانا ہے تو سرینگر میں جنگ لڑنی ہوگی: سراج الحق

    پاکستان بچانا ہے تو سرینگر میں جنگ لڑنی ہوگی: سراج الحق

    حیدر آباد: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان بچانا ہے تو ہمیں سرینگر میں جنگ لڑنی ہے، ہماری ایمانی طاقت بہت زیادہ ہے، تاریخ بتاتی ہے ہم ایمان کی طاقت سے ہمیشہ جیتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی حیدر آباد کے تحت آزادی کشمیر مارچ سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ پہلی بار حیدر آباد میں بہنوں بیٹیوں اور بھائیوں کا سمندر دیکھ رہا ہوں، آج حیدرآباد نے کشمیریوں کو پیغام دے دیا ہے کہ وہ ان کے ساتھ ہیں۔

    ان کا کہنا تھا شاہ بھٹائی کی دھرتی نے ہمیشہ ظالموں کے خلاف مظلوموں کا ساتھ دیا، یہاں کے لوگوں نے مودی اور مودی کے یاروں کو للکارا ہے۔

    امیر جماعت اسلامی نے کہا مقبوضہ وادی میں کشمیری جمعے کی نماز پڑھنے مسجدوں میں نہیں جا سکتے، کشمیری پتھر اٹھا کر بھارتی فوج سے لڑ رہے ہیں، کشمیری صرف کلمہ اور پاکستان کے ساتھ الحاق کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

    انھوں نے مزید کہا قابض بھارتی فورسز نے سری نگر کو قبرستان بنا دیا، پاکستان کی حکومت کو اقوام متحدہ کی جانب نہیں دیکھنا چاہیے، وزیر اعظم کی تقریر پر دنیا نے کوئی رد عمل نہیں دیا، وزیر اعظم قومی لیڈروں سے بات کریں۔

    سراج الحق کا کہنا تھا کہ 16 تاریخ کو خواتین کی اسلام آباد میں ریلی ہوگی، پھر بھی حکومت نہیں جاگی تو پھر ہم بتائیں گے کہ کیا کریں گے، جیسے کابل روس، امریکا کے لیے قبرستان بنا، بھارتی فوج کے لیے سرینگر بنے گا۔

    یاد رہے کہ امیر جماعت اسلامی نے گزشتہ روز کراچی میں آزادی کشمیر کنونشن سے خطاب میں کہا تھا افغانستان عالمی طاقتوں کا قبرستان بن سکتا ہے تو ہم کس بات کے منتظر ہیں، کیرالا کے وزیر اعلیٰ نے کہا میں کشمیر کی لڑکیوں سے تمہاری شادیاں کراؤں گا، میں کہنا چاہتا ہوں آپ نے یہ جرات کی تو ہم آپ کی آنکھیں نکال دیں گے۔

  • کراچی اور حیدر آباد کو اب تک وفاق سے کچھ نہیں ملا: مصطفیٰ کمال

    کراچی اور حیدر آباد کو اب تک وفاق سے کچھ نہیں ملا: مصطفیٰ کمال

    حیدرآباد: چیئرمین پاک سر زمین پارٹی مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد کو اب تک وفاق سے کچھ نہیں ملا.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدر آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا.

    مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ اگر آج ملک میں سب سے زیادہ مسائل ہیں، تباہی ہے، تو صوبہ سندھ میں ہے.

    چیئرمین پاک سر زمین پارٹی نے کہا کہ سب سے زیادہ تباہی بربادی کراچی اور حیدرآباد میں آئی ہے، آج کراچی بد ترین رہائش کا شہر بن گیا ہے.

    مصطفیٰ کمال نے کہا کہ عمران خان صاحب آئے اورصرف دلاسے دے کر چلے گئے، وزیراعظم سے وزیراعلیٰ بات نہیں کرتے.

    ان کا کہنا تھا کہ نہ تو کراچی کو کچھ ملا، نہ ہی حیدر آباد کے حصے میں کچھ آیا، وفاق نے سے فنڈز نہیں ملتے.

    مزید پڑھیں: مصطفیٰ کمال غدار سے بڑھ کر، فاروق ستار چاہیں بھی تو واپس نہیں آ سکتے: وسیم اختر

    مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کے پی اور پنجاب کے وزیراعلیٰ کو بٹھا کر نیا بلدیاتی نظام نافذ کیا گیا، سندھ بلو چستان کے لیے کب بلدیات کا نظام ہوگا. عوام منتظر ہیں.

    خیال رہے کہ 14 جون 2019 کو مصطفیٰ کمال نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت نے پوری کوشش کی منی لانڈرنگ کیس لندن کی عدالت نہ جائے کیس فائل نہ ہونے پر بانی ایم کیوایم بچ گئے.

  • شیخ رشید کو وزارت ملنے کے بعد ریل حادثات بڑھ گئے: اپوزیشن، استعفے کا مطالبہ

    شیخ رشید کو وزارت ملنے کے بعد ریل حادثات بڑھ گئے: اپوزیشن، استعفے کا مطالبہ

    لاہور/ کراچی: اپوزیشن نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ جب سے انھیں وزارت ملی ہے، ٹرینوں کے حادثات بڑھ گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ نے حیدر آباد کے قریب ٹرین حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ٹرین حادثہ شیخ رشید کی ناکامی ہے۔

    پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنااللہ نے ریلوے حادثے پر وزیر ریلوے سے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ موصوف کو جب سے وزارت ملی، ٹرینوں کے حادثات بڑھ گئے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ اپوزیشن کے خلاف بیان کی بہ جائے کام پر توجہ دی ہوتی تو حادثہ نہ ہوتا، وزیر اعظم مغربی جمہوریت پر چلتے ہوئے وزیر ریلوے سے استعفیٰ لیں، نیز ریلوے حادثے پر شیخ رشید کے خلاف مقدمہ بھی ہونا چاہیے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی سے جانے والی جناح ایکسپریس مال گاڑی سے ٹکرا گئی، تین افراد جاں بحق

    دریں اثنا، پی پی رہنما نفیسہ شاہ نے بھی کہا ہے کہ شیخ رشید ریلوے نہیں چلا سکتے تو مستعفی ہو جائیں، ٹرینوں کا شیڈول متاثر ہے، مسافروں کا کوئی پرسان حال نہیں، ریلوے کی طرح حکومت کی ریل گاڑی بھی حادثات کا شکار ہے، نا اہلی پر شرمندگی کی بہ جائے حکومت ڈھٹائی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔

    ادھر وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ زبان اور ریلوے سنبھالنا شیخ رشید کے بس کی بات نہیں ہے، شیخ رشید کی توجہ وزارت پر کم اور چاپلوسی پر زیادہ ہے، ان کی نا اہلی کی وجہ سے ریلوے خسارے کا شکار ہے۔

    خیال رہے وزیر ریلوے نے ٹرین حادثے کی 24 گھنٹے میں انکوائری مکمل کرنے کا حکم دیا ہے، ادھر ایس ایس پی ریلوے کراچی ڈویژن شہلا قریشی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ڈاؤن ٹریک کلیئر کر دیا گیا ہے، جب کہ اپ ٹریک پر ریسکیو کا کام جاری ہے، حادثے کی وجوہ کا تعین ریسکیو آپریشن کے بعد کیا جائے گا۔

  • وزیر اعظم آج حیدر آباد میں یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھیں گے

    وزیر اعظم آج حیدر آباد میں یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھیں گے

    حیدر آباد: وزیر اعظم عمران خان حیدر آباد میں آج یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھیں گے، یونیورسٹی کے لیے کوہسار میں 50 ایکڑ زمین اور 2 ارب سے زائد رقم مختص کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان صوبہ سندھ کے شہر حیدر آباد میں آج یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ حیدر آباد میں یونیورسٹی کے لیے کوہسار میں 50 ایکڑ مختص کیے گئے ہیں۔

    حیدر آباد میں یونیورسٹی کا اعلان سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کیا تھا، حیدر آباد یونیورسٹی کا مسودہ قانون قومی اسمبلی سے منظور کروایا جائے گا، یونیورسٹی کا نام وفاقی جامعہ حیدر آباد ہوگا۔

    یونیورسٹی کے قیام کا معاملہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) اور تحریک انصاف کے درمیان ہونے والے معاہدےمیں شامل ہے۔ یونیورسٹی کے لیے وفاق نے 2 ارب سے زائد رقم بھی مختص کردی ہے جبکہ مجوزہ منصوبہ 3 سال میں مکمل ہوگا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی وزیر اعظم عمران خان نے سندھ کا دورہ کیا تھا جب کراچی کے دورے کے دوران انہوں نے شہر قائد کے لیے 162 ارب کے پیکج کا اعلان کیا تھا۔

    بعد ازاں وہ گھوٹکی پہنچے تھے جہاں انہوں نے جلسہ عام سے خطاب کیا تھا۔ وزیر اعظم عمران خان نے گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کے رہنماؤں سے بھی ملاقات کی تھی۔

  • حضرت لعل شہباز قلندر کے عرس کے لیے سیکورٹی کے سخت انتظامات کرنے کا فیصلہ

    حضرت لعل شہباز قلندر کے عرس کے لیے سیکورٹی کے سخت انتظامات کرنے کا فیصلہ

    حیدر آباد: کمشنر حیدر آباد محمد عباس بلوچ نے کہا ہے کہ موجودہ صورت حال کو مد نظر رکھتے ہوئے حضرت لعل شہباز قلندر کے عرس کے لیے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق حضرت لعل شہباز قلندر کے عرس کے لیے سیکورٹی کے سخت انتظامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، لوگوں کی سرگرمیوں کو مانیٹر کرنے کے لیے مختلف مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے۔

    سیکورٹی پلان کے تحت 8 زون میں سیکورٹی ہوگی جس میں 4 ہزار 500 پولیس اہل کار اور 300 سے زائد رینجرز کے جوان سیکورٹی کے فرائض انجام دیں گے، قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے اہل کار بھی سیکورٹی کے فرائض ادا کریں گے۔

    گرمی کی شدت میں اضافے کے پیش نظر سہون شہر میں ٹھنڈے پانی کی سبیلیں بھی قائم کی جائیں گی۔ کمشنر حیدر آباد نے نے کوتاہی برتنے پر محکمہ اوقاف کے افسران پر سخت برہمی کا اظہار بھی کیا۔

    خیال رہے کہ عظیم صوفی بزرگ حضرت لعل شہباز قلندر کا 767 واں سالانہ سہ روزہ عرس 18،19 اور 20 شعبان المعظم کو سہون شریف میں منعقد ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں:  حضرت لعل شہباز قلندر محبت کا یپغام لیے سندھ آئے، مختصر حالات زندگی

    عرس کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے شہباز میلہ کمیٹی کا اہم اجلاس کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ کی زیر صدارت سہون شریف کے سید عبداللہ شاہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے ہال میں منعقد ہوا۔

    اجلاس میں ڈی آئی جی حیدر آباد نعیم شیخ ، چیئرمین میلہ کمیٹی ڈی سی جامشورو کیپٹن ریٹائرڈ فرید الدین مصطفیٰ، ایس ایس پی جامشورو سمیت رینجرز، پولیس، اسپیشل برانچ و ضلعی انتظامیہ کے افسران نے شرکت کی۔

    حضرت لعل شہباز قلندر کا سالانہ عرس 18 شعبان سے شروع ہوگا جو 20 شعبان تک جاری رہے گا، عرس کی تقریبات میں ہر سال لاکھوں عقیدت مند شریک ہوتے ہیں۔

  • حیدر آباد: سات لاشیں ملنے کا پراسرار واقعہ، حادثہ یا قتل؟

    حیدر آباد: سات لاشیں ملنے کا پراسرار واقعہ، حادثہ یا قتل؟

    حیدرآباد: شہر حیدر آباد کے مضافات میں ایک گھرسے 7 افراد کی لاشیں ملی ہیں، واقعے نے علاقے میں‌ سنسنی پھیلا دی.

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے زاہد کلہوڑ کے مطابق واقعے میں میاں بیوی اور پانچ بچے  اپنے گھر میں مردہ پائے گئے، مقتولین کو شہناز، جواد، صالحہہ، علیزہ، فائزہ، لاریب اور اشرف کے نام سے شناخت کیا گیا.

    لاشیں رشتے داروں کو ملیں، لاشیں 2 سے 3 دن پرانی تھیں، جاں بحق ہونےوالے ایک کمرےمیں سوئےہوئے تھے.

    پولیس فوری جائے وقوع پر پہنچ گئی، ڈی آئی جی حیدرآبا دنعیم احمد شیخ نے جائے وقوع کا دورہ کیا.

    نعیم احمد شیخ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملنے والی لاشوں پرتشدد کے نشان نہیں ہیں، پوسٹ مارٹم کی رپورٹ آنے پرمزید تحقیقات ہوگی.

    ڈی آئی جی کا کہنا تھا یہ امکان رد نہیں کیا جاسکتا ہے کہ کھانے میں کوئی زہریلی چیز شامل ہو، جس نے ان کی جان لے لی، ابتدائی طورپرفورس اینٹری کے شواہد نہیں مل رہے.

    انھوں نے مزید کہا کہ کرائم سین سیل ہے، کراچی سے ایکسپرٹ آرہے ہیں، ایکسپرٹ ہی سیمپلنگ کریں گے.

    پولیس نے اپنی ابتدائی تشویش میں یہ خیال بھی ظاہر کیا ہے کہ ساتوں افراد کی موت دم گھٹنے سے ہوئی ہو، کیوں کہ علاقے میں جنریٹر موجود تھا۔

    پوسٹ مارٹم رپورٹ


    ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں واقعے کو حادثہ قرار دیا گیا ہے۔

    حیدرآباد سول اسپتال کے میڈیکو لیگل آفیسر وسیم خان نے کہا ہے کہ جنریٹر کے دھویں سے موت ہوئی۔

  • حیدر آباد: بچے کو پولیو ویکسین پلانے سے انکار پر ایک شخص گرفتار

    حیدر آباد: بچے کو پولیو ویکسین پلانے سے انکار پر ایک شخص گرفتار

    حیدر آباد: سندھ کے شہر حیدر آباد کے علاقے ہیر آباد میں بچے کو پولیو ویکسین پلانے سے انکار پر ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حیدرآباد کے علاقے ہیر آباد میں بچے کو پولیو ویکسین پلانے سے انکار کرنے والے شخص سمیر قریشی کو حراست میں لے لیا گیا۔

    [bs-quote quote=”خصوصی ٹیم بھیج کر پولیو قطرے پلائے جائیں گے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”ڈی ایچ او مٹیاری”][/bs-quote]

    پولیس کا کہنا ہے کہ سمیر قریشی نے نہ صرف بچے کو پولیو قطرے پلانے سے انکار کیا بلکہ پولیو ٹیم سے بد تمیزی بھی کی۔

    اے آر وائی رپورٹر کے مطابق سمیر قریشی ٹنڈو الہٰیار کا رہائشی ہے اور ہیر آباد میں کرائے کے مکان میں رہتا ہے۔

    دریں اثنا سندھ کے ایک اور شہر ہالہ کے نواحی گاؤں کے مکینوں نے پولیو مہم کا بائیکاٹ کر دیا ہے، مکینوں کا کہنا ہے کہ انھیں پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بڑے شہروں کے سیوریج سسٹم میں پولیو وائرس کی تصدیق

    ضلع مٹیاری میں واقع ہالہ کے گاؤں کے مکینوں نے کہا کہ انھیں پینے کے صاف پانی کی فراہمی تک پولیو مہم کا بائیکاٹ رہے گا۔

    دوسری طرف ڈی ایچ او مٹیاری نے میڈیا کو بتایا کہ ہالہ میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے لیے خصوصی ٹیم بھیجی جائے گی، اور قطرے ضرور پلائے جائیں گے۔