Tag: حیرت انگیز خبریں

  • خودکار روبوٹ ویکیوم کلینر ہوٹل سے فرار ہونے پر کھلبلی

    خودکار روبوٹ ویکیوم کلینر ہوٹل سے فرار ہونے پر کھلبلی

    کیمبرج: برطانیہ کے علاقے کیمبرج میں ایک ہوٹل سے خودکار روبوٹ ویکیوم کلینر فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تو ہر طرف کھلبلی مچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کیمبرج کے مشہور علاقے آرچرڈ پارک پر واقع ایک ہوٹل سے ایک خودکار ویکیوم کلینر ہوٹل کے عملے کو چکمہ دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، ویکیوم کلینر کے اس طرح فرار نے انتظامیہ کو شدید پریشان کر دیا۔

    رپورٹ کے مطابق جمعرات کو کیمبرج کے آرچرڈ پارک میں واقع ہوٹل سے سیلف ڈرائیونگ کلینر کے لاپتا ہونے کی اطلاع ملی تھی، انتظامیہ کے مطابق ان کے پاس 4 ویکیوم کلینر تھے، جو ہوٹل کی صفائی میں بڑا اہم کردار ادا کرتے ہیں، لیکن انھیں آزادی کی خواہش بھی ہوگی یہ انھوں نے کبھی نہیں سوچا تھا۔

    عملے کا کہنا ہے کہ ویکیوم میں ایسی ٹیکنالوجی نصب ہے، جو مین دروازے کو ڈیٹکٹ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، جس سے یہ ویکیوم واپس آجاتے ہیں، اور کبھی دروازے سے باہر نہیں جاتے۔

    لیکن اس بار ویکیوم چپکے سے باہر نکل گیا اور واپس نہیں آیا، انتظامیہ نے بتایا کہ انھیں اس کے غائب ہونے کی اطلاع 15 منٹ بعد ملی، جس کے بعد تلاش کی گئی لیکن وہ اسے ڈھونڈ نہیں سکے۔

    ہوٹل عملے نے لوگوں سے اپیل بھی کی کہ وہ اس کھو جانے والے ویکیوم کو ڈھونڈنے میں ان کی مدد کریں، ہوٹل کے اسسٹنٹ منیجر نے اس بات سے بھی آگاہ کیا کہ اگر کسی نے اسے اپنے پاس رکھ لیا ہے تو اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا، کیوں کہ وہ صرف ہوٹل کے چارجر کے ساتھ ہی چارج ہو سکتا ہے۔

    ہوٹل انتظامیہ کے مطابق یہ ویکیوم کلینر اگلے روز ایک قریبی جھاڑی سے الجھا ہوا برآمد ہوا۔

  • رہنے کے لیے نہیں، کھانے کے لیے پورا قصبہ تعمیر کر لیا گیا

    رہنے کے لیے نہیں، کھانے کے لیے پورا قصبہ تعمیر کر لیا گیا

    پولینڈ: ڈھائی سو سے زیادہ عمارتوں پر مشتمل ایک ایسا انوکھا قصبہ تعمیر کیا گیا ہے جس میں رہایش اختیار نہیں کی جائے گی بلکہ اسے کھایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق کرسمس کی آمد آمد ہے، کرسمس ٹری اور تحائف کے لین دین کے ساتھ ساتھ کھانے پینے کی روایتی اشیا کے بغیر کرسمس کا تہوار ادھورا سمجھا جاتا ہے۔

    اس غرض سے پولینڈ میں مزے دار جنجر بریڈ سے پورا قصبہ تعمیر کر لیا گیا ہے، یہ جنجر بریڈ ٹاؤن نمایش کے لیے بھی پیش کر دیا گیا ہے، یہ 250 سے زائد عمارتوں، جھولوں، اور گاڑیوں پر مشتمل ہے، یہاں ہر چیز مزے دار جنجر بریڈ بسکٹس سے بنائی گئی ہے۔

    یہ کارنامہ پولینڈ کے علاقے گیلوِس میں 30 سے زائد آرٹسٹس نے انجام دیا، اس میں سیکڑوں گھر، ایک چرچ اور ایک قلعہ بھی بنایا گیا ہے، صرف قلعہ 3500 مزے دار جنجر بریڈ بسکٹوں سے بنایا گیا، یہ بسکٹ بھی ہاتھ سے تیار کیے گئے تھے۔

    جنجر بریڈ ٹاؤن میں چاکلیٹس سے دو ریل گاڑیاں بھی بنائی گئی ہیں جو چند سو جنجر بریڈ نفوس پر مشتمل شہر کی گلیوں میں دوڑتی پھرتی ہیں۔ خیال رہے کہ جنجر بریڈ سٹی کی تعمیر میں کئی ٹن جنجر بریڈ آٹا، سیکڑوں انڈے، کئی پاؤنڈ پاؤڈر شوگر اور بہت سارا شہد استعمال ہوا ہے۔

    یاد رہے کہ 2015 میں نیویارک میں ماہر شیف نے جنجر بریڈ سے ایک مکمل گاؤں تعمیر کیا تھا جو 1 اعشاریہ 5 ٹن وزنی اور 5 سو اسکوائر فٹ رقبے پر مشتمل تھا، یہ ایک عالمی ریکارڈ تھا۔

  • لنڈی کوتل میں دنیا کے سب سے بڑے اور طویل قومی پرچم کی رونمائی

    لنڈی کوتل میں دنیا کے سب سے بڑے اور طویل قومی پرچم کی رونمائی

    پشاور: خیبر پختون خوا کے ٹاؤن لنڈی کوتل میں دنیا کے سب سے بڑے اور طویل قومی پرچم کی رونمائی کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے یوم آزادی پر کے پی کے علاقے لنڈی کوتل میں طویل ترین قومی پرچم تیار کیا گیا، لوگوں کی ایک کثیر تعداد نے پرچم کو سروں پر بلند کر کے مارچ کیا۔

    یہ قومی پرچم 3 ہزار 600 فٹ طویل ہے،جب کہ اس کی چوڑائی 34 فٹ اور وزن 24 من ہے۔

    اس طویل ترین قومی پرچم کی تیاری پر 9 لاکھ روپے لاگت آئی ہے، جھنڈے کو خیبر سے میچنی پوسٹ تک لے جانے کے لیے ایک ہزار رضاکاروں نے حصہ لیا۔

    رضا کاروں کا تعلق اسکولوں اور کالجز سے تھا، طلبہ کے ساتھ مقامی افراد نے بھی اس میں حصہ لیا، یہ پرچم مقامی شہری نے تیار کرایا۔

    واضح رہے کہ آج ملک بھر میں یوم آزادی کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کے طور پر منایا جا رہا ہے، آج دن کا آغاز اسلام آباد میں 31 توپوں کی سلامی سے کیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  یوم آزادی بطور یوم یک جہتی کشمیر منایا جا رہا ہے

    ملک بھر میں یومِ آزادی روایتی جوش و خروش اور جذبے سے منائے جانے کا سلسلہ جاری ہے، سرکاری عمارتوں، سڑکوں اور راستوں کو قومی پرچموں سے سجایا گیا ہے۔

    صوبائی دارالحکومتوں میں آج دن کا آغاز 21،21 توپوں کی سلامی سے ہوا، اس موقع پر ملک کی سلامتی اور یک جہتی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

    یوم آزادی پر اکیس توپوں کی سلامی لاہور، پشاور، کوئٹہ اور کراچی میں دی گئی، پرچم کشائی کی مرکزی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی جب کہ کشمیری عوام سے یک جہتی کے لیے قومی پرچم کے ساتھ کشمیر کا جھنڈا بھی لہرایا گیا۔

  • چھ سالہ چیچن بچے نے دو عالمی ریکارڈ بنا لیے

    چھ سالہ چیچن بچے نے دو عالمی ریکارڈ بنا لیے

    گروزنی: چھ سالہ چیچن بچے نے ایک ہی وقت میں دو عالمی ریکارڈز قایم کر کے لوگوں کو حیران کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق چھ سال کے چیچن بچےنے مسلسل 4,618 پریس اپس لگا کر دو عالمی ریکارڈ بنا لیے، رحیم کورائیف نے ریاستی ٹی وی پر دو عالمی ریکارڈز توڑنے کا مظاہرہ کر کے لوگوں کو حیران کیا۔

    رحیم کورائیف نے پہلا ریکارڈ اس وقت توڑا جب اس نے دو گھنٹے میں 4,183 پریس اپس کیے، یہ کسی بھی چھ سالہ بچے کی طرف سے سب سے زیادہ پریس اپس تھے۔

    چھ سالہ ایتھلیٹ نے دوسرا ریکارڈ اس وقت توڑا جب اس نے 4,618 پریس اپس لگا کر مسلسل زیادہ سے زیادہ پریس اپس لگانے کا کارنامہ انجام دیا۔

    خیال رہے کہ رحیم کورائیف نے گزشتہ سال نومبر میں مسلسل 105 4 پریس اپس لگا کر ریکارڈ قایم کیا تھا جس پر چیچن رہنما نے اسے مرسیڈیز کار تحفے میں دی تھی۔

    شایقین نے چھ سالہ رحیم کورائیف کو ’چیچن شوارزینگر‘ قرار دے دیا، جب اس نے دو گھنٹے مسلسل پریس اپس لگا کر ایک عالمی ریکارڈ توڑا تو لوگ سانسیں روک کر اسے دیکھ رہے تھے، لیکن وہ رکا نہیں اور جلد ہی دوسرا ریکارڈ بھی قایم کر لیا۔

    رحیم کورائیف کو رشین بک آف ریکارڈز کی جانب سے ٹرافی اور سرٹیفکیٹس دیے گئے، چیچن رہنما اور ولادی میر پیوٹن کے قریبی دوست رمضان قادیروف بھی اس کی بہت تعریف کر چکے ہیں۔

  • جمشید دستی کا مہنگائی کے خلاف انوکھا احتجاج، سر منڈوا لیا

    جمشید دستی کا مہنگائی کے خلاف انوکھا احتجاج، سر منڈوا لیا

    مظفر گڑھ: عوامی راج پارٹی کے سربراہ جمشید دستی نے مہنگائی کے خلاف انوکھا احتجاج کرتے ہوئے اپنے سر کے بال منڈوا لیے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے مہنگائی کے خلاف احتجاجاً اپنے ساتھیوں سمیت ٹنڈ کرالی۔

    مظفر گڑھ سے سابق ایم این اے نے مہنگائی کے خلاف پر امن احتجاج کرتے ہوئے ویڈیو پیغام بھی جاری کیا، جس میں انھوں نے کہا کہ مہنگائی کے حالیہ طوفان نے عام آدمی کا برا حال کر کے رکھ دیا ہے۔

    جمشید دستی کا کہنا تھا کہ وہ ہوش ربا مہنگائی کے خلاف اپنے ساتھیوں سمیت گنجا ہو کر پر امن احتجاج کر رہے ہیں۔

    سابق ایم این اے نے ویڈیو پیغام میں عوام سے اپیل کی پوری قوم مہنگائی کے خلاف ان کے کلب کے ممبر بنیں اور سر کے بال منڈوا کر احتجاج کریں۔

    یہ بھی پڑھیں:  جمشید دستی ایل ایل بی کے تمام پرچوں میں فیل ہوگئے

    خیال رہے کہ جمشید دستی مختلف قسم کے تنازعات میں الجھے رہے ہیں اور اپنے انوکھے کارناموں کی وجہ سے پہلے ہی سے شہرت کے حامل ہیں، 2013 کے الیکشن میں انھوں نے اپنی نشست جیت لی تھی۔

    جمشید دستی نے اپنے حلقے میں 2008 میں انتخابات جیتنے کے بعد 5 بسوں کی مفت سروس کا آغاز کیا تھا اور اپنے عوامی انداز کو مد نظر رکھتے ہوئے خود بھی کئی دفعہ بسوں میں ڈرائیونگ کی تھی۔

    تاہم رواں سال مارچ میں انھوں نے ایل ایل بی پارٹ ون کے تمام پرچے فیل کر دیے تھے، انھوں نے ملتان لا کالج میں داخلہ لیا تھا، لیکن امتحان میں ایک بھی پرچا پاس نہ کر سکے۔

  • برطانیہ کی سڑکوں پرآزاد اژدہا، عوام میں خوف و ہراس

    برطانیہ کی سڑکوں پرآزاد اژدہا، عوام میں خوف و ہراس

    کیمبرج: برطانوی شہر میں ایک اژدہا فرار ہو گیا، پولیس نے شہریوں کو خبردار کر دیا، جس کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز صبح کے وقت مشہور برطانوی شہر کیمبرج میں 9 فٹ طویل اژدہا اپنے مالک کی قید سے آزاد ہو کر فرار ہو گیا، جسے ایک مقامی سڑک پر دیکھا گیا۔

    پولیس نے سانپ کے فرار کے بعد علاقے کے رہایشیوں کو خبردار کیا کہ وہ گھروں سے نکلتے وقت محتاط رہیں، کیوں کہ وہ انجانے میں پائتھن کا شکار ہو سکتے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پولیس نے علاقے کا دورہ کر کے اژدہے کے مالک سے بھی ملاقات کی جس نے تصدیق کی کہ سانپ کی لمبائی تین میٹر ہے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل بھی مئی میں پولیس کو سڑک پر ایک بہت بڑا اژدہا رینگتا ملا تھا جو نارنجی اور سیاہ دھاری دار تھا جسے بعد ازاں پکڑ کر جنگلی حیات کے مرکز میں منتقل کر دیا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ شہریوں کے اژدہا بہ طور پالتو جانور پالنے پر کوئی پابندی نہیں ہے، متعدد شہریوں نے اژدہا پالے ہوئے ہیں۔

    پائتھن وہ سانپ ہے جو زہریلے نہیں ہوتے، دو سے دس میٹر لمبے ہوتے ہیں اور یہ درختوں پر چڑھنے والے گوشت خور سانپ ہیں، اپنے شکار کو بھینچ کر ہلاک کر دیتے ہیں۔

    یہ اژدہا بھارت، انڈونیشیا، فلپائن اور بورنیو میں پایا جاتا ہے، اپنے شکار کو جکڑ کر دماغ کو دوران خون روک دیتا ہے اور اس کی سانس رک جاتی ہے۔

  • گڑ بڑ پھیلانے والے مرغے کے خلاف عدالت میں درخواست دائر

    گڑ بڑ پھیلانے والے مرغے کے خلاف عدالت میں درخواست دائر

    پیرس: فرانس کے ایک دیہی علاقے میں ایک مرغے پر الزام عاید کیا گیا ہے کہ وہ اپنی بانگ کے ذریعے گڑ بڑ پھیلا رہا ہے، جس پر مقامی لوگوں نے اس کے خلاف عدالت میں درخواست دائر کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیرس کے علاقے سینٹ پیری ڈی اولیرون میں ایک مرغے نے اپنی بہت زیادہ تیز آواز میں بانگ کے ذریعے پاس پڑوس کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔

    مورِس نامی مرغے کے خلاف عدالت میں درخواست دائر ہونے کے بعد اس نے شہرت حاصل کر لی ہے، مرغے پر پڑوس میں گڑ بڑ پھیلانے کا الزام عاید کیا گیا ہے۔

    پڑوسیوں کا کہنا ہے کہ یہ مرغا صبح ہوتے ہی بانگ دینا شروع کرتا ہے اور ساڑھے آٹھ بجے تک بغیر رکے بانگ دیے چلا جاتا ہے، جس کی تیز آواز آس پاس لوگوں کی سماعتوں پر شدید ناگوار گزرتی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  خشک سالی سے نجات، بھارت میں مینڈکوں کی شادی کرادی گئی

    لوگوں کا کہنا ہے کہ مرغے نے ان کا سکون برباد کر دیا ہے، دوسری طرف مرغے کے مالک کا کہنا ہے کہ دیہی علاقوں میں پرندوں کی پکار ایک عام بات ہے، ایسے علاقوں میں دیگر جانور جیسا گدھے اور مینڈک بھی شور مچاتے رہتے ہیں۔

    درخواست گزاروں کے مطابق علاقہ سیاحوں کے لیے پرسکون ہونا چاہیے جب کہ مرغے کے مالک کا کہنا ہے کہ سیاحوں کو اپنی شرایط منوانے کا حق نہیں ہے۔

    خیال رہے کہ اس مرغے کے خلاف دو سال قبل درخواست دائر کی گئی تھی جس پر اس کے ڈربے کو ہٹائے جانے کا حکم جاری کیا گیا تھا تاہم مالک نے ڈربہ ہٹانے کی بہ جائے مرغے کو باہر نکالنا بند کر دیا تھا، گزشتہ برس یہ معاملہ ایک بار پھر اٹھایا گیا جس کے بعد سے اب تک معاملہ حل نہیں کیا جا سکا ہے۔

  • ’انسانی دانتوں‘ والی مچھلی نے لوگوں کو حیران کر دیا

    ’انسانی دانتوں‘ والی مچھلی نے لوگوں کو حیران کر دیا

    جارجیا: امریکا کے ایک جزیرے پر ’انسانی دانتوں‘ والی مچھلی نے لوگوں کو حیران کر دیا، انسانی دانتوں سے حیران کن مشابہت رکھنے والی مچھلی ساحل پر نکل آئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست جارجیا میں ساحل پر ایک ایسی مچھلی مردہ حالت میں پڑی ملی جس کے دانت انسانی دانتوں کی طرح تھے۔

    ساحل پر پڑی مچھلی کا انکشاف ایک خاتون نے کیا جو اپنے بچے کے ساتھ سیر کرنے نکلی تھیں، خاتون نے مچھلی کی متعدد تصاویر بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کر دیں۔

    خاتون کا کہنا تھا کہ پہلے جب اس نے مچھلی دیکھی تو کوئی توجہ نہیں دی، لیکن قریب جا کر دیکھا تو حیران رہ گئی، اس کے دانت بالکل انسانی دانتوں جیسے قطار میں تھے۔

    خاتون نے بتایا کہ اس نے مچھلی کی تصاویر لیں اور جس کو بھی دکھائیں، اس نے حیرانی کا اظہار کیا، ایسی مچھلی ہم نے پہلے کبھی نہیں دیکھی تھی۔

    ماہرین آبی حیات کا کہنا ہے کہ یہ دراصل شیپ ہیڈ مچھلی ہے، جو اپنے عجیب دانتوں سے کئی اہم کام لیتی ہے، جن میں جھینگے، گھونگھے اور کیکڑوں کو پیسنا بھی شامل ہیں۔

    شیپ ہیڈ مچھلی کے دانت اس وقت سے نکلنے لگتے ہیں جب یہ صرف 4.5 ملی میٹر لمبی ہوتی ہے، اور جب یہ 15 ملی میٹر ہو جاتی ہے تو اس کے دانتوں کا سیٹ مکمل ہو چکا ہوتا ہے۔

    یہ مچھلی 76 سینٹی میٹر تک لمبی ہو سکتی ہے، اور کبھی کبھی آدھے میٹر تک بھی اس کا سائز چلا جاتا ہے۔ یہ خلیج اور امریکی اٹلانٹک سواحل پر پائی جاتی ہے، امریکا میں اسی مچھلی کے نام پر شیپس ہیڈ بے رکھا گیا۔

  • کینیا: ’ہیرو‘ نے دیہاتیوں کے لیے ہاتھوں سے کھود کر جنگل میں سڑک بنا لی

    کینیا: ’ہیرو‘ نے دیہاتیوں کے لیے ہاتھوں سے کھود کر جنگل میں سڑک بنا لی

    نیروبی: کینیا میں ایک شخص پھاؤڑے، کلہاڑی اور بیلچے کی مدد سے دیہاتیوں کے لیے دشوار گزار جھاڑیوں میں راستہ نکال کر لوگوں کی نظروں میں ہیرو بن گئے۔

    تفصیلات کے مطابق لوگ نکولس میوشامی کی ہمت اور کارنامہ دیکھ کر اس وقت حیران رہ گئے جب اس نے اپنی مدد آپ کے تحت دیہاتیوں کے لیے دشوار جھاڑیاں کاٹ کر ایک لمبی سڑک کھودی۔

    نکولس نے تن تنہا چھ دن کے اندر جنگل میں ڈیڑھ کلو میٹر (ایک میل) لمبا راستہ نکالا۔

    باہمت دیہاتی نے میڈیا کو بتایا کہ جہاں انھوں نے سڑک بنائی ہے وہاں سرکاری طور پر سڑک کی نشان دہی کی جا چکی تھی لیکن مقامی لیڈر سڑک بنانے میں ناکام ہو گئے تھے۔

    مرانگا کاؤنٹی میں واقع گاؤں کگانڈا جو کینیا کے دارالحکومت نیروبی سے 80 کلو میٹر شمال میں واقع ہے، کے رہائشی مقامی شاپنگ سینٹر تک پہنچنے کے لیے 4 کلو میٹر کا طویل راستہ کاٹنے پر مجبور تھے۔

    دیہاتیوں کا دیرینہ مطالبہ تھا کہ جھاڑیوں میں سڑک نکال کر ان کے لیے سہولت فراہم کی جائے لیکن حکومت کی جانب سے ان کا مسئلہ حل نہیں کیا گیا۔

    دیہاتی نکولس نے بتایا کہ وہ دن میں ایسے ہی عجیب و غریب کام کر کے اور رات کو چوکیداری کر کے روزی روٹی کماتا ہے۔

    ’ہیرو‘ نے بتایا کہ لوگ پوچھتے تھے کہ کیا یہ کام کرتے ہوئے کوئی معاوضہ بھی دے رہا ہے۔ تاہم آج سب خوش ہیں، بچے اس راستے اسکول جاتے ہیں، اور میں بھی خوش ہوں۔

  • امن فورس کے سپاہی کی جگہ پرچا دینے والا استاد گرفتار

    امن فورس کے سپاہی کی جگہ پرچا دینے والا استاد گرفتار

    برونڈی: صومالیہ میں تعینات امن فورس کے ایک طالب علم سپاہی کی جگہ ان کے ایک استاد نے پرچا دینے کی کوشش کی لیکن پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق صومالیہ کے ملک برونڈی کی پولیس کو خفیہ اطلاع ملی کہ ایک مقامی کالج کا ہیڈ ماسٹر طالب علم کی جگہ خود پرچا دینے کے لیے کمرۂ امتحان جائیں گے، پولیس نے اطلاع پر رات ہی سے امتحانی سینٹر کے پاس ڈیرا جما لیا۔

    ہیڈ ماسٹر نے جیسے ہی امتحانی کمرے میں بیٹھ کر پرچا لکھنا شروع کر دیا، سادہ لباس میں موجود پولیس نے انھیں حراست میں لے لیا، استاد کو رنگے ہاتھوں پکڑنے کے لیے برونڈی کی وزیرِ تعلیم بھی موقع پر موجود تھیں۔

    طالب علم کی جگہ پرچا دینے والے ہیڈ ماسٹر بن یامین منی رمبونا کا تعلق شمالی بوجمبورا کے بطری ٹیکنکل کالج سے تھا، ان کی گرفتاری کے لیے پولیس نے امتحانی سینٹر کے پاس پوری رات گزاری۔

    بن یامین نے پولیس اور امتحانی اہل کاروں کا سامنا کرنے کے بعد اعتراف کیا کہ وہ ایک سپاہی کے لیے پرچا دے رہا ہے، سپاہی کا تعلق صومالیہ میں امن مشن سے تھا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیڈ ماسٹر الیکٹرانکس کا پرچا دیتے ہوئے گرفتار ہوا، استاد کا کہنا تھا کہ طالب علم یونی ورسٹی میں داخلے کے لیے کالج سے اچھے گریڈ میں پاس ہونا چاہتا تھا۔

    صومالیہ: متعدد شوہر رکھنے کا الزام، خاتون سنگ سار کردی گئی

    منی رمبونا کے اعترافات کے مطابق امن فورس کے سپاہی نے ڈیوٹی سے واپسی پر انھیں پرچا دینے کے عوض رقم دینے کی ڈیل کی تھی۔

    دوسری طرف خاتون وزیرِ تعلیم کا کہنا تھا کہ ہیڈ ماسٹر جو کچھ بتا رہے ہیں وہ سب جھوٹ ہے، کیوں کہ وہ یہ کام پہلے بھی کرتے رہے ہیں۔ ہیڈ ماسٹر کو مزید تفتیش کے لیے پولیس حراست میں ساتھ لے جایا گیا۔