Tag: حیسکو پر جرمانہ

  • ٹرانسفارمر پھٹنے سے 3 افراد کی موت، بجلی کمپنی پر ایک کروڑ جرمانہ

    ٹرانسفارمر پھٹنے سے 3 افراد کی موت، بجلی کمپنی پر ایک کروڑ جرمانہ

    حیدر آباد: ٹرانسفارمر پھٹنے سے 3 افراد کی موت کے واقعے پر نیپرا نے حیسکو پر ایک کروڑ روپے کا جرمانہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حیدر آباد کے علاقے اسلام آباد چوک پر ٹرانسفارمر پھٹنے کا واقعہ پیش آیا تھا، جس میں 3 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے تھے، نیپرا نے ہلاکتوں کی تحقیقات کے لیے 2 ممبران پر مشتمل کمیٹی بنا لی تھی۔

    نیپرا اعلامیے کے مطابق تحقیقاتی ٹیم نے متاثرین کے بیانات قلم بند کیے، اور جائے وقوع سے شواہد بھی اکٹھے کیے، ٹیم نے حیسکو حکام سے بھی پوچھ گچھ کی، اور متاثرہ ٹرانسفارمر بنانے والی کمپنی کا بھی دورہ کیا۔

    نیپرا اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تحقیقاتی ٹیم نے تفتیش مکمل کرنے کے بعد اتھارٹی کو رپورٹ پیش کی تھی، جس کے بعد اتھارٹی نے نیپرا ایکٹ کے تحت حیسکو کو شوکاز نوٹس جاری کیا اور سماعت کا موقع بھی دیا۔

    حیدرآباد: ٹرانسفارمر پھٹنے سے ہلاکتیں، حیسکو پر بھاری جرمانہ عائد

    نیپرا نے پایا کہ حیسکو ضابطہ اخلاق اور حفاظتی معیار سے متعلق قانونی ذمہ داریاں سر انجام دینے میں ناکام رہا، جس پر اتھارٹی نے حیسکو کو سوگوار خاندانوں کو 35 لاکھ فی کس معاوضہ اداکرنے کی ہدایت کی۔

    اعلامیے کے مطابق معاوضے کی تفصیلات اتھارٹی کے ساتھ شیئر کرنے کی جائیں گی، اتھارٹی کے حکم پر حیسکو سوگوار خاندانوں کے ایک ایک فرد کو ملازمت بھی دے گی۔

  • نیپرا نے حیسکو پر 3 کروڑ 10 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کر دیا

    نیپرا نے حیسکو پر 3 کروڑ 10 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کر دیا

    اسلام آباد: نیپرا نے حیسکو (حیدر آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی) پر 3 کروڑ 10 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق جولائی 2019 سے اکتوبر 2020 تک کرنٹ لگنے سے شہریوں کی اموات کے معاملے پر نیپرا نے حیسکو پر 3 کروڑ 10 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

    نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے مطابق مذکورہ مدت کے دوران کرنٹ لگنے سے شہر میں 15 افراد کی اموات ہوئی تھیں۔

    اتھارٹی نے اس سلسلے میں تحقیقات کے لیے 3 ممبران پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی تھی، تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ میں 15 میں سے 12 اموات میں حیسکو قصوروار پایا گیا۔

    نیپرا کا کہنا ہے کہ ان 12 اموات میں 5 خود حیسکو ہی کے ملازمین تھے، جب کہ 7 عام لوگ تھے، اتھارٹی نے نیپرا ایکٹ کے تحت حیسکو کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا اور سماعت کا موقع بھی دیا۔

    رپورٹ کے مطابق حیسکو حفاظتی معیار برقرار رکھنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہا، حیسکو نے نیپرا کے معیارات کے مطابق اتھارٹی کو اموات کی اطلاع بھی نہیں دی۔

    نیپرا نے حیسکو کو دیگر سوگوار خاندانوں کو ادارے کے ملازمین کے برابر 35 لاکھ فی کس معاوضہ دینے کی ہدایت جاری کی ہے، حیسکو معاوضے کی تفصیلات بھی اتھارٹی کے ساتھ شیئر کرے گی۔