Tag: حیوانات

  • لمبی چونچ والے اس پرندے کو کنگ فشر کیوں کہتے ہیں؟

    لمبی چونچ والے اس پرندے کو کنگ فشر کیوں کہتے ہیں؟

    آج سے کئی سال پہلے جاپان کی بلٹ ٹرین کا ڈیزائن ایسا تھا کہ جب وہ کسی سرنگ سے باہر نکلتی تو ہوا کے دباؤ کی وجہ سے ایک زبردست گونج یا دھماکے کی آواز سنائی دیتی تھی جو قریبی آبادی اور مسافروں کے علاوہ جنگلی حیات کے لیے بھی پریشان کُن تھی۔ یہی‌ نہیں بلکہ ہوا کا یہ دباؤ ٹرین کی رفتار کو بھی متاثر کرتا تھا۔

    بالآخر جاپانی انجنیئروں کو اس کا حل مل گیا۔ دل چسپ بات یہ ہے کہ اس مسئلے کو حل کرنے میں‌ کنگ فشر نامی پرندہ ماہرین کا مددگار ثابت ہوا۔ کہتے ہیں پانی میں خوراک ڈھونڈنے والے کنگ فشر کے جسم اور خاص طور پر اس کی چونچ کے تفصیلی مطالعے سے یہ بات سامنے آئی جب وہ پانی میں غوطہ لگاتا ہے تو اس کی چونچ کی مخصوص شکل پانی کو گویا کاٹ کر اپنا شکار لے اڑتا ہے۔

    جب یہ غوطہ لگاتا ہے تو پانی اس کی چونچ اور باقی جسم سے دائیں بائیں سے گزر جاتا ہے اور اس طرح پانی کو دباؤ دیے بغیر پرندہ آسانی سے اپنا کام کر جاتا ہے۔ ماہرین نے اپنی نئی بلٹ ٹرین کا ڈیزائن تبدیل کرکے اس کے اگلے حصّے کو کنگ فشر کی "چونچ” کی شکل دے دی۔ اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ ٹرین سرنگ میں سے گزرتے ہوئے ہوا کو دباؤ دیے بغیر تیزی سے کاٹتی ہوئی گزرنے لگی اور سرنگ میں بھری ہوئی ہوا کے خلاف مزاحمت بھی کم ہوگئی۔ اس عمل سے ٹرین کی رفتار پر بھی اثر نہیں‌ پڑا اور گونج یا دھماکے کی آواز پیدا ہونے کا مسئلہ بھی حل ہو گیا۔

    کنگ فشر کی متعدد قسمیں ہیں‌ جو ٹراپیکل جنگلات والے علاقوں میں‌ پایا جاتا ہے۔ اس کی بڑی تعداد انڈونیشیا، ملائیشیا اور پاکستان، بھارت میں رہتی ہے۔ یہ پرندہ افریقہ اور آسٹریلیا میں بھی پایا جاتا ہے لیکن یورپ، براعظم شمالی و جنوبی امریکہ میں اس کی کم نسلیں ملتی ہیں۔

    ماہرینِ حیوانات نے اس پرندے کی تین بنیادی اقسام بتائی ہیں جن میں‌ سمندری اور دریائی اور درختوں میں رہنے والا کنگ فشر شامل ہے۔ ہم کنگ فشر کی جس نسل کی بات کررہے ہیں وہ پانی کے آس پاس ہی رہتی ہے اور کسی چٹان یا شاخ پر بیٹھ کر اپنا شکار تلاش کرتا ہے۔

    اس پرندے کو ’’کنگ فشر‘ کہنے کی وجہ تمام آبی پرندوں میں‌ اس کی مچھلیاں پکڑنے میں پھرتی اور مہارت ہے۔ کنگ کے ساتھ فشر کا لفظ اس کی مچھلیاں پکڑنے کی صلاحیت کے لیے جوڑ کر کنگ فشر بنایا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس پرندے کی تین سو سے زائد اقسام ہیں۔ یہ خوب صورت پرندہ ہے جس کے پَر رنگ برنگے اور چمک دار ہوتے ہیں۔ اس پرندے کی مادہ اپنے نر کے مقابلے میں‌ زیادہ پرکشش ہوتی ہے۔ کنگ فشر مچھلیاں اور آبی کیڑے مکوڑے کھا کر گزارہ کرتا ہے۔

    آپ تصویر میں‌ دیکھ سکتے ہیں‌ کہ اس پرندے کی چونچ لمبی اور ٹانگیں چھوٹی ہوتی ہیں جو اسے پانی میں غوطہ لگانے اور اپنا توازن قائم رکھتے ہوئے تیزی سے شکار کو دبوچ لینے میں‌ مدد دیتی ہیں۔ کنگ فشر پلک چھپکتے ہی پانی میں غوطہ لگا کر اپنی لمبی چونچ میں‌ مچھلیاں‌ پکڑ لیتے ہیں۔ یہ مچھلیاں ایک سے زائد بھی ہوسکتی ہیں۔

    کنگ فشر امریکا کے مختلف علاقوں میں عام پائے جاتے ہیں، لیکن سرد موسم میں یہ ہجرت کر کے گرم پانی والے علاقوں میں چلے جاتے ہیں۔

  • انڈونیشی پارک میں دیوہیکل کموڈو ڈریگن گتھم گتھا، ویڈیو وائرل

    انڈونیشی پارک میں دیوہیکل کموڈو ڈریگن گتھم گتھا، ویڈیو وائرل

    رِنکا: انڈونیشیا کے ایک چھوٹے جزیرے رنکا کے کموڈو نیشنل پارک میں دو دیوہیکل کموڈو ڈریگن اچانک گتھم گتھا ہو گئے اور دیکھتے ہی دیکھتے دونوں میں خوف ناک جنگ چھڑ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق جزیرہ رنکا پر ایک انڈونیشی پارک میں دو کموڈو ڈریگن اچانک لڑ پڑے، کافی دیر تک دونوں میں خوف ناک جنگ چھڑی رہی۔

    کموڈو نیشنل پارک میں چھڑنے والی کموڈو جنگ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی۔

    سیاہ رنگ کے دیوہیکل کموڈو ڈریگن ایک دوسرے پر داؤ پیچ استعمال کرتے رہے اور زمین پر ایک دوسرے کو پٹختے رہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یہ کسی سائنس فکشن فلم کے خوف ناک مناظرنہیں بلکہ یہ دل چسپ مناظر انڈونیشیا کے ایک پارک کے ہیں۔

    ایک دوسرے کو پچھاڑنے کی کوشش کرنے والے کموڈو ڈریگنز کی انوکھی ریسلنگ کی ویڈیو نے دھوم مچا دی۔

    یہ بھی پڑھیں:  انڈونیشیا میں مگرمچھ خاتون سائنس دان کو نگل گیا

    کموڈو ڈریگنز کی لمبائی دو میٹر کے قریب ہے جب کہ ان کا وزن تقریباً 80 کلو گرام بتایا گیا، پارک کی سیر کرنے والے سیاح لڑائی کا منظر دیکھ کر موبائل سے ویڈیو بنانے میں مصروف ہو گئے۔

    واضح رہے کہ کموڈو ڈریگن کا تعلق چھپکلی کی نسل سے ہے، جو انڈونیشیا کے جزیروں کموڈو، رِنکا، فلورز، گلی موتنگ میں پائے جاتے ہیں، یہ زمین پر موجود چھپکلی کی سب سے بڑی قسم ہے، اس کی زیادہ سے زیادہ لمبائی تین میٹر تک ہے۔