Tag: خاتون خانہ

  • خواتین کو مردوں کی نسبت زیادہ نیند کی ضرورت

    خواتین کو مردوں کی نسبت زیادہ نیند کی ضرورت

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ہر شخص کے بارے میں یہ سوچنا کہ اس کے لیے 8 گھنٹوں کی نیند کافی ہے، ایک نہایت غلط تصور ہے۔ خواتین کو مردوں کی نسبت زیادہ نیند کی ضرورت ہوتی ہے۔

    حال ہی میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق خواتین کو مردوں کے سونے کی مدت سے 20 منٹ زیادہ نیند کی ضرورت ہوتی ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کی وجہ خواتین کے دماغ کی ساخت اور اس کے بیک وقت سر انجام دیے جانے والے مختلف افعال ہیں۔

    مزید پڑھیں: خواتین بے چینی کا شکار کیوں ہوتی ہیں؟

    انہوں نے بتایا کہ خواتین کے دماغ کو مردوں کے دماغ کی نسبت زیادہ محنت کرنی پڑتی ہے۔ ان کے دماغ کا ہر حصہ ایک ہی وقت میں مختلف کام سر انجام دے رہا ہوتا ہے۔ یہ ایک عام اصول ہے کہ جو چیز زیادہ استعمال میں ہو اور سخت محنت کرے اسے آرام کی ضرورت بھی زیادہ ہوتی ہے۔

    آپ نے اپنے گھر میں موجود خواتین خانہ کو بھی دیکھا ہوگا کہ وہ ایک وقت میں کئی کام کر رہی ہوتی ہیں اور ان کا دماغ مختلف جگہوں پر منسلک ہوتا ہے۔ گھر میں موجود تمام افراد کی مختلف ضروریات کو پورا کرنا، کچن کے کام، گھر کے دیگر حصوں کے کام، گھر میں آنے والے مختلف افراد جیسے کام والی، دودھ والے اور سبزی والے سے نمٹنا یہ سب کام وہ ایک وقت میں انجام دے رہی ہوتی ہیں۔

    women-2

    یہ صورتحال اس وقت مزید پیچیدہ ہوجاتی ہے جب خاتون خانہ ملازمت پیشہ بھی ہوں۔ ایسے میں وہ گھر اور دفتر کے دس جھمیلوں سے بیک وقت برسر پیکار ہوتی ہیں۔

    دوسری جانب مرد ایک وقت میں ایک ہی کام کرنے کے عادی ہوتے ہیں۔ سائنسی تحقیق میں یہ بات ثابت کی جاچکی ہے کہ مردوں کے دماغ میں اتنی صلاحیت نہیں ہوتی کہ وہ بیک وقت کئی میدانوں میں اتر سکیں۔ وہ ایک وقت میں کسی ایک چیز یا کسی ایک ہی کام پر توجہ مرکوز رکھ سکتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: مثبت سوچ کی حامل خواتین کی عمر لمبی

    اسی طرح خواتین کے دماغ میں جمع ہونے والی معلومات کی مقدار بھی مردوں کے مقابلے میں 5 گنا زیادہ ہے۔ یعنی ایک مرد اگر ایک چیز کو یاد رکھ سکتا ہے تو اسی وقت میں ایک خاتون 5 چیزوں کو یاد رکھ سکتی ہے۔

    یہی وجہ ہے کہ دن کے اختتام پر خواتین کا دماغ اتنے بہت سے کام کر کے تھک جاتا ہے اور اسے مردوں کے مقابلے میں زیادہ آرام کی ضرورت ہوتی ہے۔

  • فریج میں رکھی اشیا خراب ہونے سے بچانے کی تجاویز

    فریج میں رکھی اشیا خراب ہونے سے بچانے کی تجاویز

    کیا آپ اپنے فریج میں رکھی اشیا کے خراب ہوجانے سے پریشان ہیں؟ ایک عمومی خیال یہ ہے کہ کھانے پینے کی چیزوں کو اگر فریج میں رکھ دیا جائے تو وہ خراب نہیں ہوتیں۔

    لیکن ہوتا اس کے برعکس ہے۔ بعض دفعہ فریج میں رکھی اشیا بھی خراب ہوجاتی ہیں۔ آج کل مہنگائی کے اس دور میں جب غذائی اجزا کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہوں تو پھلوں اور سبزیوں کا خراب ہونا خاتون خانہ کے لیے شدید پریشانی کا سبب بن سکتا ہے۔

    لیکن فکرمت کریں، فریج میں رکھی اشیا کو خراب ہونے سے بچایا جاسکتا ہے۔ اس کے لیے آپ کو مندرجہ ذیل تجاویز پر عمل کرنا ہوگا۔

    سب سے پہلے تو اپنے فریج کو خالی کریں اور اس کی اچھی طرح صفائی کریں۔ اگر برتنوں کو بغیر ڈھانپے فریج میں رکھا جائے تو ان میں موجود سالن، دودھ وغیرہ گر کر نہ صرف فریج میں گندگی پھیلانے کا سبب بنتا ہے بلکہ اس میں ناگوار بو بھی پیدا کرتا ہے جو دیگر اشیا میں بھی سرائیت کرجاتی ہے۔

    فریج کی اچھی طرح صفائی کرنے کے بعد اب چیزوں کو ترتیب سے رکھیں۔

    جو چیزیں گل سڑ گئی ہیں انہیں پھینک دیں۔

    کئی دن پرانی اشیا اگر صحیح حالت میں موجود ہیں تو انہیں فریج سے نکال کر استعمال کرلیں۔

    خیال رکھیں کہ فریج میں رکھے جانے والے برتن صاف ستھرے ہوں۔ دن بھر استعمال ہونے والی غذائی اشیا کو رات میں انہی برتنوں میں فریج میں رکھنے سے گریز کریں۔ رکھنے سے پہلے انہیں دوسرے صاف ستھرے برتنوں میں منتقل کر دیں۔

    پھلوں اور سبزیوں کو پلاسٹک کی تھیلیوں میں ڈال کر مت رکھیں۔ یہ ان کے خراب ہونے کی بڑی وجہ ہے۔ انہیں تھیلیوں سے نکال کر فریج کی نچلی درازوں میں رکھیں۔ اگر ایسی چیزیں زیادہ ہیں اور دراز کم، تو انہیں ٹوکریوں میں ڈال کر رکھیں جو بازار میں آسانی سے مل جاتی ہیں۔

    کبھی بھی سبزیوں اور پھلوں کو ایک ساتھ مت رکھیں۔ ٹھنڈا ہونے کے بعد سبزیوں سے ایسی گیس خارج ہوتی ہے جو پھلوں کو خراب کر تی ہے۔ انہیں ہمیشہ الگ الگ رکھیں۔

    اگر فریج میں گوشت موجود ہے تو اسے اچھی طرح دھونے کے بعد پلاسٹک کی تھیلی میں لپیٹ کر رکھیں۔ گیلی تھیلی مت رکھیں، اس سے ٹپکتا پانی دیگر چیزوں میں گوشت کی بدبو پیدا کر سکتا ہے۔

    فریج کو زیادہ مت بھریں۔ عموماً زیادہ چیزیں رکھنے کی وجہ سے کئی اشیا پیچھے ہوجاتی ہیں جس کے بعد انہیں استعمال کرنا یاد نہیں رہتا اور کچھ عرصہ بعد وہ خراب ہوجاتی ہیں۔

    فریج میں رکھے جانے والے برتنوں کو ڈھانپ کر رکھیں تاکہ اس میں موجود چیزیں فریج میں نہ گریں اور فریج بدبو سے پاک رہے۔

    فریج کی اچھی طرح صفائی کرتے ہوئے فریج کا مین سوئچ بند رکھیں اور فریج کے دروازے مکمل کھول دیں۔

    صفائی کے بعد تمام چیزوں کو اچھی طرح سیٹ کر کے فریج کا مین سوئچ کھول دیں۔

    یہ عمل مہینے میں کم از کم ایک بار دہرائیں۔

  • بہترین عید گزارنے کے 9 طریقے

    بہترین عید گزارنے کے 9 طریقے

    اگر آپ خاتون خانہ ہیں تو عید کے دن آپ کو بے شمار کام ہوں گے۔ اگر گھر میں دعوت ہو تب تو سونے پر سہاگہ ہوتا ہے۔ گھر والوں کا خیال رکھنا، گھر کو صاف ستھرا بنانا، کھانے بنانا، اور مہمانوں کو خاطر مدارات کرنا یہ تمام کام آپ کی ذمہ داری ہوتے ہیں۔ ایسے میں اگر تمام کاموں کی پہلے سے منصوبہ بندی کرلی جائے اور اس کے مطابق کام کیے جائیں تو آپ پر بوجھ کافی کم ہوجائے گا۔

    ہم آپ کو ایسے ہی کچھ طریقے بتا رہے ہیں جن پر عمل کرکے آپ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھا سکتی ہیں۔

    تمام کاموں کی فہرست بنائیں *

    عید سے ایک ہفتہ قبل تمام کاموں کی فہرست بنائیں۔ فہرست کے مطابق کام نمٹاتی جائیں۔ جو کام ہوجائے اسے فہرست میں سے کاٹ دیں۔

    مینیو ترتیب دیں *

    عید کے تینوں دن کا مینیو ترتیب دیں۔ اسی حساب سے تمام لوازمات بھی پہلے سے منگوا کر رکھ لیں تاکہ عید پر افراتفری سے بچا جاسکے۔

    eid-post-3

    برتن پہلے سے نکال لیں *

    عید پر اگر آپ کے گھر میں دعوت ہے تو برتن پہلے سے نکال کر انہیں دھو کر رکھ دیں۔ کھانے کے وقت صاف ستھرے برتنوں میں جلدی کھانا سرو ہوسکے گا۔

    گھر کی سیٹنگ *

    دعوت کے پیش نظر اگر آپ کو گھر میں کچھ سیٹنگ کرنی ہے، جیسے بیٹھنے کی جگہ بنانی ہے، قالین بچھانے ہیں، فرنیچر آگے پیچھے کرنا ہے تو یہ سب کام عید سے ایک دن پہلے کرلیں۔ صوفوں اور بستروں کے غلاف، چادر، اور پردے بھی ایک دو دن پہلے تبدیل کرلیں۔

    eid-3

    ٹھنڈے مشروبات کا انتظام *

    گرمی کے موسم میں گھر آئے مہمانوں کو سب سے پہلے ٹھنڈے مشروبات کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس کے لیے بڑی مقدار میں برف جما کر رکھیں تاکہ عین موقع پر شرمندگی سے بچا جاسکے۔

    کھانے کی تیاری کریں *

    ایک رات پہلے سے ہی کھانے کی تیاری کرلیں۔ مصالحہ بنا کر لکھ لیں، پیاز پیس لیں، کباب ایک دن پہلے بنا لیں۔ رائتہ، سلاد بھی رات میں بنا کر رکھا جا سکتا ہے۔

    eid-2

    ساتھ ساتھ صفائی کرتی رہیں *

    کچن میں ہونے کے دوران ہی صفائی کا کام بھی نمٹا لیں۔ برتن دھو لیں تاکہ برتنوں کا ڈھیر جمع نہ ہو۔

    بچوں کے کام نمٹالیں *

    بچوں کے کام نمٹا کر رکھ لیں۔ ان کے کپڑے، جوتے سب تیار کر کے رکھ دیں۔ اسی طرح صبح ہی بچوں کو تیار کردیں تاکہ وہ آرام سے کھیلتے رہیں۔

    eid-post-5

    مہمانوں کے آنے سے پہلے تمام کام نمٹالیں *

    یہ سب سے زیادہ ضروری ہے کیونکہ عید مل بیٹھنے اور باتیں کرنے کا بہترین موقعہ ہے۔ مہمانوں کی آمد سے پہلے تمام کام نمٹا کر تیار ہوجائیں تاکہ آپ بھی عید کا صحیح لطف اٹھا سکیں۔

    ان طریقوں پر عمل کرکے آپ ایک بہترین اور یادگار عید گزار سکتی ہیں۔