Tag: خاتون سے بدتمیزی

  • قتل کے واقعے کو خاتون سے بدتمیزی ظاہر کرنے والے ڈاکو نکلے

    قتل کے واقعے کو خاتون سے بدتمیزی ظاہر کرنے والے ڈاکو نکلے

    رپورٹر: عدنان راجپوت

    کراچی: شہر قائد میں راشد منہاس روڈ پر جھگڑے پر فائرنگ سے شہری کی ہلاکت کا ڈراپ سین ہو گیا، قتل کے واقعے کو خاتون سے بدتمیزی ظاہر کرنے والے ڈاکو نکلے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں 21 اگست کی شب کو راشد منہاس روڈ پر فائرنگ سے فیاض نامی شہری جاں بحق ہو گیا تھا، جس پر پولیس نے حمزہ نامی شخص کو گرفتار کر لیا تھا۔

    پولیس حکام کے مطابق حمزہ نے ابتدائی طور پر بیان دیا تھا کہ اس کی اہلیہ سے بدتمیزی کرنے پر اس کا 3 نوجوانوں سے جھگڑا ہوا، اس دوران فائرنگ سے فیاض ہلاک ہوا۔

    تاہم پولیس نے گرفتار ملزم حمزہ سے جب تفتیش کی تو حقائق سامنے آ گئے، یہ واقعہ ڈکیتی کی واردات پر مبنی نکلا، پولیس نے تفتیش کے بعد 6 مبینہ ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق حمزہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ہوٹل پر بیٹھ کر واردات کی منصوبہ بندی کر رہا تھا، ایسے میں شہریوں کو ان پر شک ہو گیا، جب شہریوں نے انھیں پکڑنے کی کوشش کی تو اس دوران وہ فائرنگ کر کے فرار ہو گئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ پکڑے گئے ملزم حمزہ نے اپنی اہلیہ سے بدتمیزی کرنے کا ڈراما رچایا تھا۔

  • کراچی: اوباش نوجوانوں کی کار سوار خاتون سے بدتمیزی، ویڈیو سامنے آگئی

    کراچی: اوباش نوجوانوں کی کار سوار خاتون سے بدتمیزی، ویڈیو سامنے آگئی

    کراچی: قیوم آباد چورنگی کے قریب اوباش نوجوانوں نے کار سوار خاتون سے بدتمیزی کرتے ہوئے ہراساں کیا اور گاڑی کی ونڈ اسکرین توڑ دی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے قیوم آباد چورنگی کے قریب اوباش نوجوانوں نے خاتون سے شدید بدتمیزی کی۔

    متاثرہ خاتون نے بتایا کہ نوجوانوں نے گاڑی کا پیچھا کیا اور ہراساں کیا، آوازیں کسی اور جب موٹرسائیکل کو کار سے ٹکر مار کر روکی تو جھگڑا بن گیا۔

    والدہ سے بدتمیزی اور تشدد ہوتا دیکھ کر بچی زارو قطار رونے لگی، دونوں اوباش نوجوان مجمعے کے سامنے خاتون کو دھمکیاں دیتے رہے اور کار کی ونڈ اسکرین کو بھی توڑ دیا۔

    خاتون کے مطابق کوئی شخص ان کی مدد کو آگے نہیں آ رہا تھا، دونوں افراد مسلسل کار کا پیچھا کرتے اور ہوٹنگ کرتے آرہے تھے۔

    واقعے کی ویڈیو میں دونوں افراد کے چہرے واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں ،خاتون چیختی رہی کہ مجھے میرے شیشے کے پیسے دو، تم نے شیشہ توڑا ہے۔

    پولیس نے خاتون کو ہراساں کرنے والے دونوں افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ہے، مقدمہ خاتون کے کپڑے پھاڑ نے بدتمیزی کرنے اور کار کو نقصان پہنچانے پر کیا گیا۔

    پولیس نے اوباش نوجوانوں کی تلاش شروع کردی ہے۔

  • مری میں خاتون سے بدتمیزی،نو ہوٹل گائیڈ گرفتار، دفعہ ایک سو چوالیس نافذ

    مری میں خاتون سے بدتمیزی،نو ہوٹل گائیڈ گرفتار، دفعہ ایک سو چوالیس نافذ

    مری : پولیس نے خاتون سے بدتمیزی کرنے والے نو ملزمان کو گرفتارکرکے دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کردی، اب کوئی بھی ہوٹل گائیڈ یونیفارم اور نیم پلیٹ کے بغیر ڈیوٹی نہیں دے سکے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ملکہ کوہسار میں مہمانوں کے ساتھ ایک بار پھر ناروا سلوک کے واقعات پیش آنے لگے۔ گزشتہ روز مری میں خاتون سیاح سے بدتمیزی کا واقعہ سامنے آنے کے بعد مقامی انتظامیہ بھی حرکت میں آ گئی۔

    پولیس نے خاتون سے بدتمیزی کرنے والے نو ملزمان کو گرفتارکرلیا۔ اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر مری امتیاز احمد نےبتایا ہے کہ ہوٹلوں کے لیے دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کردی گئی ہے۔

    کوئی بھی ہوٹل گائیڈ یونیفارم اور نیم پلیٹ کے بغیر ڈیوٹی نہیں دے سکے گا۔ واضح رہے کہ اتوار کے روز مری میں ہوٹل ایجنسی کے ملازموں نے تفریح کے لیے آئےجوڑے کو تشدد کا نشانہ بنایاتھا، پولیس نے ملزمان کیخلاف مقدمہ تو درج کرلیا تھا لیکن کوئی کارروائی نہیں کی تھی۔

    اس حوالے سے عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ ہوٹل ملازمین نے ایک فیملی کی خواتین پر آوازیں کسیں جس پر تلخ کلامی ہوئی اور ملزمان نے سیاح خاندان کو دھکے دیئے۔

    موقع پر موجود شہریوں اور ٹریفک پولیس اہلکاروں نے معاملہ رفع دفع کرایا، سیاحوں کا کا کہنا ہے کہ مقامی افراد چھوٹی چھوٹی باتوں پر پریشان کرتے ہیں اور اہل خانہ کے ساتھ ہونے کا بھی خیال نہیں کرتے، سیاحوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ واقعہ کے ذمہ داران کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔

    مزید پڑھیں: مری میں خاتون سیاح پر ہوٹل مالکان کے تشدد کا واقعہ، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج

    واضح رہے کہ اس سے قبل مری میں اس طرح کے واقعات کیخلاف سوشل میڈیا پر کامیاب مہم کے بعد عوام نے مری کا بائیکاٹ کردیا تھا، جس کے باوجود ایجنٹوں کا رویہ تبدیل نہیں ہوا ہے۔