Tag: خاتون سے زیادتی

  • خاتون سے زیادتی کے الزام میں سینئرسول جج  گرفتار

    خاتون سے زیادتی کے الزام میں سینئرسول جج گرفتار

    لوئردیر: خیبر پختونخوا میں پولیس نے خاتون سے زیادتی کے الزام میں سینئرسول جج کو گرفتار کرلیا ، رجسٹرار پشاورہائیکورٹ نےسینئرسول جج کو معطل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع لوئر دیر میں خاتون سے زیادتی کے الزام میں ایک سینئرسول جج جوڈیشل کو گرفتار کرلیا گیا۔

    ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) نے بتایا کہ چترال کی رہائشی خاتون نے سینئرجج پر زیادتی کاالزام عائدکیا، جس کے بعد پولیس نے سول جج کے خلاف مقدمہ درج کرلیا اور خاتون کو میڈیکل کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش مبینہ زیادتی کی شکار خاتون کی میڈیکل رپورٹ کی روشنی میں کی جائے گی۔

    دوسری جانب دیرمیں خاتون سے زیادتی کےالزام میں گرفتار سینئرسول جج کو معطل کردیا گیا ، رجسٹرار پشاور ہائی کورٹ نے زیادتی کے الزام میں ملوث جج کو معطل کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانون کی نظر میں سب برابر ہیں۔

  • زیادتی کے واقعات: متاثرہ خاندان کے ساتھ صلح میں با اثر شخصیات کا کردار سامنے آ گیا

    زیادتی کے واقعات: متاثرہ خاندان کے ساتھ صلح میں با اثر شخصیات کا کردار سامنے آ گیا

    لاہور: گجرپورہ میں خاتون کے ساتھ زیادتی کیس میں ملوث ریپسٹ گینگ کو ماضی میں پولیس اور با اثر شخصیات کی سرپرستی حاصل ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈکیتی کے دوران خواتین سے زیادتی کے واقعات میں متاثرہ خاندان کے ساتھ صلح کے سلسلے میں با اثر شخصیات کا کردار بھی سامنے آ گیا ہے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ ماضی میں گینگ کی متاثرہ خاندانوں سے صلح با اثر افراد کراتے رہے ہیں، لنک روڈ پر خاتون کے ساتھ بچوں کے سامنے زیادتی کے کیس میں ملوث ملزم عابد کے سلسلے میں یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ 2013 کے ایک ریپ واقعے میں بھی وہ ملوث تھا اور متاثرہ خاندان کے ساتھ با اثر شخصیات نے صلح نامہ کرایا تھا۔

    خاتون سے زیادتی کے واقعے کے بعد گجرپورہ سے متعلق اہم انکشاف

    ذرایع کا کہنا ہے کہ 2013 میں مزدور کے سامنے اس کی اہلیہ اور 15 سالہ بیٹی سے زیادتی کی گئی تھی، اس واقعے کے مقدمے میں ملزم عابد اور اس کے 4 ساتھیوں کی بریت ہوئی تھی، اب حکام نے اس بریت کے اصل محرکات جاننے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرایع نے بتایا کہ گجرپورہ زیادتی کیس کا ملزم عابد 2013 میں بھی گینگ ریپ کا مرکزی کردار تھا، تاہم یہ سوال کہ مدعی کی جانب سے صلح نامہ جمع کرائے جانے کے پیچھے کون سی شخصیات ملوث رہیں؟ حقائق کی جانچ کے لیے 2013 گینگ ریپ کیس کے مدعی سے رابطے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ذرایع کے مطابق اس کیس ری وزٹ کا مقصد ملزم عابد اور اس کے ساتھیوں کی پشت پناہی کرنے والوں کا تعین کرنا ہے۔

  • خاتون سے زیادتی کے واقعے کے بعد گجرپورہ سے متعلق اہم انکشاف

    خاتون سے زیادتی کے واقعے کے بعد گجرپورہ سے متعلق اہم انکشاف

    لاہور: خاتون سے زیادتی کے واقعے کے بعد گجرپورہ سے متعلق اہم انکشاف سامنے آیا ہے، یہ کوئی پہلا اور دوسرا واقعہ نہیں بلکہ گجر پورہ کا علاقہ جرائم پیشہ افراد کی آماج گاہ بن چکا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق خاتون سے زیادتی کے واقعے کے بعد لاہور کے مضافاتی علاقے گجرپورہ سے متعلق معلوم ہوا ہے کہ یہ جرائم پیشہ افراد کی آماج گاہ بن چکا ہے، یہاں نہ صرف مختلف جرائم تواتر کے ساتھ ہو رہے ہیں بلکہ پولیس کے ٹارچر سیل بھی پکڑے گئے ہیں۔

    ٹارچر سیل کیس میں سی سی پی او لاہور نے ایس ایچ او رضا جعفری کو گرفتار بھی کرایا ہے، یہاں منشیات فروشی اور ڈکیتی کی سیکڑوں ایف آئی آرز درج ہیں۔

    ایس ایچ او گجر پورہ شاہزیب 15 سال سے ترقی نہیں پا سکے ہیں، شاہزیب کو کئی مرتبہ شوکاز نوٹس بھی مل چکے ہیں۔

    خاتون زیادتی کیس :ملزم شفقت کا 6روزہ جسمانی ریمانڈ منظور ، مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات شامل

    ریپسٹ گینگ کو ماضی میں پولیس اور با اثر شخصیات کی سرپرستی حاصل ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے، ماضی میں گینگ کی متاثرہ خاندانوں سے صلح بھی با اثر افراد کراتے رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ لاہور لنک روڈ زیادتی کیس میں مزید پیش رفت ہوئی ہے، مرکزی ملزم عابد کے ایک اور ساتھی بالا مستری کو چیچہ وطنی سے گرفتار کر لیا گیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ بالا مستری مرکزی ملزم عابد کے ساتھ مختلف جرائم میں شریک رہا ہے۔

    پولیس کے مطابق ملزمان عابد علی اور شفقت علی بالا مستری کے پاس کام کرتے تھے، بالا مستری سے عابد علی کے ٹھکانوں سے متعلق تفتیش کی جا رہی ہے۔

  • سی سی پی او لاہور سے متنازع بیان پر 7 دن میں جواب طلب کیا ہے: عثمان بزدار

    سی سی پی او لاہور سے متنازع بیان پر 7 دن میں جواب طلب کیا ہے: عثمان بزدار

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ گجرپورہ واقعے کی متاثرہ خاتون سے متعلق متنازع بیان پر سی سی پی او لاہور عمر شیخ سے 7 دن میں جواب طلب کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج لاہور میں گجرپورہ زیادتی و تشدد کیس کے سلسلے میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نیوز بریفنگ میں کہا اس واقعے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، سی سی پی او لاہور سے متنازع بیان پر 7 دن میں جواب طلب کر لیا ہے، ان کا جواب آنے کے بعد قانونی ایکشن لیا جائے گا۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ غیر ضروری بیان پر سی سی پی او لاہور کو شوکاز جاری کر دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ سی سی پی او نے کہا تھا کہ زیادتی کا نشانہ بننے والی خاتون کو رات کو اکیلے نہیں نکلنا چاہیے تھا اور گاڑی میں پٹرول چیک کرنا چاہیے تھا۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا متاثرہ خاتون سے بھی رابطہ ہوا ہے، انھیں انصاف کی یقین دہانی کرائی گئی ہے، ایسے واقعات میں ملوث ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

    گجرپورہ واقعہ: ملزمان کی اطلاع دینے والوں کو 25،25 لاکھ انعام دینے کا اعلان

    واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے گجرپورہ واقعے میں ملوث ملزمان کی اطلاع دینے والوں کو 25،25 لاکھ انعام دینے کا اعلان بھی کر دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم 72 گھنٹے سے بھی کم وقت میں ملزمان تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے، ملزمان جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا ملزمان کی گرفتاری میں مدد دینے والوں کے نام صیغہ راز میں رکھےجائیں گے، ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی، کوشش کریں گے کہ قانون کے مطابق ملزمان کو سخت سے سخت سزا ہو۔

    ادھر آئی جی پنجاب انعام غنی نے آج اہم نیوز بریفنگ میں گرفتاریوں کی تردید کرتے ہوئے بتایا کہ گجر پورہ زیادتی واقعے میں ملوث ملزمان کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا جا سکا ہے تاہم ملزمان جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔

  • گجرپورہ واقعہ: ملزمان کی اطلاع دینے والوں کو 25،25 لاکھ انعام دینے کا اعلان

    گجرپورہ واقعہ: ملزمان کی اطلاع دینے والوں کو 25،25 لاکھ انعام دینے کا اعلان

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے گجرپورہ واقعے میں ملوث ملزمان کی اطلاع دینے والوں کو 25،25 لاکھ انعام دینے کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج لاہور میں گجرپورہ زیادتی و تشدد کیس کے سلسلے میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نیوز بریفنگ میں کہا کہ ہم 72 گھنٹے سے بھی کم وقت میں ملزمان تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے، ملزمان جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا ملزمان کی اطلاع دینے والوں کو پچیس، پچیس لاکھ انعام دیا جائے گا، اور ملزمان کی گرفتاری میں مدد دینے والوں کے نام صیغہ راز میں رکھےجائیں گے۔

    انھوں نے کہا ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی، کوشش کریں گے کہ قانون کے مطابق ملزمان کو سخت سے سخت سزا ہو، ملزم عابد علی پر 7 اور ملزم وقار پر 2 مقدمات پہلے بھی درج ہیں، ملزم عابد علی پر زیادتی اور ڈکیتی کے مقدمات ہیں، جب کہ ملزم وقارالحسن 14 دن پہلے ہی جیل سے رہا ہوا تھا۔

    ملزمان جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے: آئی جی پنجاب

    وزیر اعلیٰ نے کہا گجرپورہ واقعے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، ایسے واقعے میں ملوث ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

    واضح رہے کہ بدھ کی رات تین بجے کے قریب گجر پورہ میں خاتون سے اجتماعی زیادتی کا واقعہ پیش آیا تھا، خاتون بچوں کے ساتھ سفر کر رہی تھی، پٹرول ختم ہونے پر گاڑی بند ہو گئی، اس دوران دو ملزمان کھڑی گاڑی کا شیشہ توڑ کر خاتون کو قریبی جھاڑیوں میں لے گئے اور بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا، ملزمان نے ایک لاکھ نقدی اور زیورات بھی لوٹ لیے تھے۔

  • ملزمان جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے: آئی جی پنجاب

    ملزمان جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے: آئی جی پنجاب

    لاہور: آئی جی پنجاب انعام غنی نے آج اہم نیوز بریفنگ میں کہا ہے گجر پورہ زیادتی واقعے میں ملوث ملزمان کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا جا سکا ہے تاہم ملزمان جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب نے گجر پورہ میں خاتون کے ساتھ زیادتی کے واقعے میں میڈیا میں ملزمان کی گرفتاری کی خبروں کی تردید کر دی ہے، انعام غنی کا کہنا تھا کہ ملزمان کے پیچھے ہیں، انھیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

    انھوں نے بتایا ملزم عابد علی کا ڈی این اے جائے وقوعہ پر شواہد سے میچ کر گیا ہے، جائے وقوعے سے لے کر ٹریس کرنے تک جدید طریقے سے تحقیقات کی گئی ہیں، ملزمان کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا جا سکا، تاہم وہ جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔

    آئی جی پنجاب کا کہنا تھا معلومات زیادہ پبلک ہونے کی وجہ سے ملزمان کو فائدہ پہنچا، ملزمان کی گرفتاری کے لیے پہلے لاہور اور پھر شیخوپورہ میں چھاپا مارا گیا لیکن وہ ہاتھ نہ آ سکے، بہاولنگر سے ملزم عابد علی کا ریکارڈ حاصل کیا گیا۔

    ملزمان کی اطلاع دینے والوں کو 25،25 لاکھ انعام دینے کا اعلان

    انھوں نے کہا واقعے کی سائنٹفک انداز سے تحقیقات کی جا رہی ہیں، ملزم عابد علی کی شناخت ہوئی ہے جو فورٹ عباس کا رہائشی ہے، گزشتہ رات تمام شواہد ملزم عابد علی کی طرف جا رہے تھے، ہمارے پاس شناختی کارڈ کی تفصیل نہیں تھی جو رات حاصل کی گئی۔

    آئی جی نے بتایا ملزم کے نام پر 4 موبائل سمز ہیں، ملزم ایک سم اور بھی استعمال کرتا تھا جو اس کے نام پر نہیں تھی، ہم موبائل سمز سے ملزم کے ساتھی تک بھی پہنچنے میں کامیاب ہو گئے ہیں، ملزم کو آج گرفتار کرنے جا رہے تھے لیکن پتا چلا وہ لاہور میں نہیں رہتا، ملزمان شیخوپورہ کے علاقے ستار شاہ میں رہائش پذیر تھے، ملزم کی گرفتاری کے لیے شیخوپورہ میں چھاپا مارا لیکن وہ فرار ہو گیا۔

    آئی جی نے کہا گرفتاری کے لیے سول ڈریس میں چھاپا مارا لیکن وہ اور اس کی اہلیہ فرار ہو گئے، ملزم کے ساتھی کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپا مارا گیا لیکن کامیاب نہیں ہوئے، ملزم عابد علی کا ریکارڈ حاصل کر لیا گیا ہے، اس کے گھر سے ایک خاتون کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔

  • یہ واقعہ ہمارے نظام کے بارے میں سنجیدہ سوالات اٹھا رہا ہے: شہباز شریف

    یہ واقعہ ہمارے نظام کے بارے میں سنجیدہ سوالات اٹھا رہا ہے: شہباز شریف

    لاہور: صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے گجرپورہ زیادتی واقعے سے متعلق کہا ہے کہ یہ واقعہ ہمارے نظام کے بارے میں سنجیدہ سوالات اٹھا رہا ہے، محافظ بچوں کے سر پر دستِ شفقت رکھنے کی بجائے اعتراض اٹھا رہا ہے۔

    انھوں نے آج لاہور میں وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا لنک روڈ واقعے نے ہمارے نظام پر سنجیدہ سوالات اٹھا دیے ہیں، ملزمان کی گرفتاری کی بجائے کہا جاتا ہے قوم کی بیٹی رات کو کیوں نکلی؟ محافظ کہہ رہا ہے خاتون نے پٹرول کیوں چیک نہیں کیا؟ عہدوں پر کیسے تقرریاں ہو رہی ہیں، سب جانتے ہیں۔

    شہباز شریف نے کہا قوم کو یاد ہے زینب واقعہ ہوا تو کس طرح اسے سیاست کی نذر کیا گیا، زینب کیس کو اس وقت پی ٹی آئی نے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا، میں صبح 3 بجے قصور میں بچی کے والد سے ملا اور انصاف فراہمی کا وعدہ کیا۔

    ان کا کہنا تھا مجرم کی گرفتاری اور قانون کے مطابق سزا ہونے تک ہم سوئے نہیں، بہترین تفتیش کے ذریعے ہم نے مجرم کو کیفر کردار تک پہنچایا، وقت نے ثابت کیا کہ جو گرجتے ہیں وہ برستے نہیں، 73 سال بعد ہم کہاں کھڑے ہیں، سب بہتر جانتے ہیں۔

    گجرپورہ کیس ، زیادتی کا شکار خاتون اور ملزم کا ڈی این اے میچ کرگیا

    واضح رہے کہ لاہور میں لنک روڈ پر خاتون سے زیادتی کا مرکزی ملزم پکڑا گیا ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس نے گزشتہ رات ملزم کو گرفتار کیا، ملزم کا ڈی این اے جائے وقوعہ سے ملنے والے نمونے سے میچ کر گیا ہے، ملزم کا نام عابد علی ولد اکبر علی ہے اور وہ فورٹ عباس کا رہائشی، عمر 27 سال ہے۔

    ذرایع کے مطابق ملزم نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر 2013 میں گھر میں گھس کر ماں بیٹی سے بھی زیادتی کی تھی۔

  • وزیر اعظم کا معصوم بچی مروہ  اور خاتون سے زیادتی کے واقعات کا نوٹس ، رپورٹ طلب

    وزیر اعظم کا معصوم بچی مروہ اور خاتون سے زیادتی کے واقعات کا نوٹس ، رپورٹ طلب

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے معصوم بچی مروہ اور خاتون سے زیادتی کے واقعات کی رپورٹ طلب کرلی اور ملوث افراد کو جلد از جلد قانون کی گرفت میں لانے اور قرار واقعی سزا دلوانے کا حکم جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے معصوم بچی مروہ اور خاتون سے زیادتی کے مختلف واقعات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ آئی جیز سے واقعات کی رپورٹ طلب کرلی۔

    وزیراعظم نے کہا کہ خواتین کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح اور ذمہ داری ہے، کسی مہذب معاشرے میں ایسی درندگی اور حیوانیت کی اجازت نہیں دی جا سکتی، ایسے واقعات ہماری سماجی اقدار کے منافی اور سوسائٹی پر بدنما داغ ہیں۔

    وزیراعظم نے واقعے میں ملوث افراد کو جلد از جلد قانون کی گرفت میں لانے اور قرار واقعی سزا دلوانے کا حکم جاری کردیا۔

    عمران خان نے معصوم بچوں اور خواتین سے زیادتی کے واقعات کے تدارک کے حوالے سے قوانین کو مزید موثر بنانے کے لئے اقدامات کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔

    یاد رہے اس سے قبل وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں ننھی مروا اور گزشتہ رات خاتون کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ اٹھایا، جس پر وزیراعظم نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ مہذب معاشروں میں ایسے واقعات شرمناک ہیں، انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

  • کراچی میں پولیس اہلکاروں کی خاتون سے مبینہ طورپرزیادتی

    کراچی میں پولیس اہلکاروں کی خاتون سے مبینہ طورپرزیادتی

    کراچی : قانون کے رکھوالوں نے رکشے سے اتار کر خاتون کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بناڈالا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

    کراچی میں عوام کے محافظ ہی درندے بن گئے۔ اسلحے کے زور پر خاتون کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بناڈالا، متاثرہ خاتون رات گئے رکشے میں اپنی بہن کے گھر جارہی تھی کہ ڈی ایچ اے بائی پاس پردوپولیس اہلکاروں نے رکشے سے اتار کر خاتون سے مبینہ طور پر زیادتی کی اورفرارہوگئے۔

    متاثرہ خاتون بھائی کے ہمراہ کورنگی انڈسٹریل ایریا تھانے پہنچی جس کے بعد پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرلیا۔

    پولیس کے مطابق گرفتار پولیس اہلکار یاسین اور رمضان قیوم آباد چوکی پر تعینات تھے، پولیس نے دونوں گرفتارپولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے اور متاثرہ خاتون کا طبی معائنہ بھی کرایا جارہا ہے۔