Tag: خاتون صحافی

  • ترک اسپیکر کی بیرون ملک کاروباری سرگرمیاں آشکار کرنے پر خاتون صحافی کو قید کی سزا

    ترک اسپیکر کی بیرون ملک کاروباری سرگرمیاں آشکار کرنے پر خاتون صحافی کو قید کی سزا

    انقرہ : عدالت نے ترکی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور ان کے بیٹوں کی غیر قانونی جائیدادیں منظر عام پر لانے کی پاداش میں خاتون صحافی کو توہین کے الزام میں قید کی سزا سنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی کے دارالحکومت استنبول کی عدالت نے سابق وزیر اعظم اور موجودہ اسپیکر کی توہین سے متعلق کیس کی سماعت کرتے ہوئے اہم شخصیات کی توہین کے الزام میں گرفتار خاتون صحافی بیلین اونکر کو ایک برس سے زائد قید کی سنائی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ترک حکام کی جانب سے بیلین اونکر پر الزام عائد کیا گیا تھا انہوں نے اپنے کالمز اور تحریروں میں سابق ترک وزیر اعظم بنالی یلدرم اور ان کے بیٹوں کی بیرون ملک جائیدادوں اور کاروبار کا پردہ فاش کیا تھا۔

    عرب میڈیا کے مطابق ترک حکام نے خاتون صحافی پر الزام عائد کیا انہوں نے اپنی تحریروں میں بنالی یلدرم کے بیٹوں پر ٹیکس چوری کا الزام بھی عائد کیا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ خاتون صحافی بیلین اونکر صحافیوں کی عالمی تنظیم (آئی سی آئی جے) کی رکن بھی ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بنالی یلدرم 12 جولائی 2018 کو ترک پارلیمنٹ کے اسپیکر منتخب ہوئے تھے جبکہ 2018 تک ترکی کے وزیر اعظم کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہے تھے۔

    دوسری جانب خاتون صحافی نے عدالتی فیصلے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ میرے اوپر عائد تمام الزامات بے بنیاد ہیں، میں نے کسی کی توہین نہیں کی بلکہ حقیقت کو آشکار کیا ہے۔

    مزید پڑھیں : ترکی: ناکام فوجی بغاوت میں ملوث ہونے پر 6 صحافیوں کو دس سال قید کی سزا

    بیلین اونکر کا کہنا تھا کہ مقدمے کی نوعیت دیکھ کر عدالتی فیصلے کا اندازہ ہوگیا تھا لیکن میں اپیل کورٹ میں مذکورہ فیصلے کے خلاف درخواست دائر کروں گی۔

    خیال رہے کہ صحافیوں کی عالمی تنظیم (آئی سی آئی جے) کی جانب سے ترکی کو صحافیوں و صحافت کےلیے بدترین ملک قرار دیا گیا تھا کیوں گزشتہ سال ترکی حکومت نے 68 صحافیوں کو ناکام ترک فوجی بغاوت میں ملوث ہونے، غداری اور ریاست کے خلاف جرائم پیشہ عناصر کی معاونت کرنے کا الزام لگاکر جیلوں میں قید کردیا تھا۔

  • ظفر حجازی کو پروٹوکول، ویڈیو بنانے پر خاتون صحافی کو بیٹے کی مغلظات

    ظفر حجازی کو پروٹوکول، ویڈیو بنانے پر خاتون صحافی کو بیٹے کی مغلظات

    اسلام آباد : ایس ای سی پی کے چیئرمین کو گرفتاری کے بعد بھی وی آئی پی پروٹوکول دیا گیا، ویڈیو بنانے پر خاتون رپورٹر کو ظفرحجازی کے بیٹے اور ایف آئی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے بازو سے پکڑ کرمغلظات بکیں، بلاول بھٹو زرداری نے واقعے کی مذمت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاناما کیس میں درکار ریکارڈ میں ٹمپرنگ کرنے کے جرم میں گرفتار ایس ای سی پی کے چیئرمین ظفرحجازی کو ایف آئی اے نے وی آئی پی پروٹوکول دیا، سپریم کورٹ سے واپسی پر پمز اسپتال میں ایف آئی اے کے اہلکار ظفر حجازی کے پاؤں دباتے رہے۔

    اس موقع پر نجی نیوز چینل 24 کی خاتون رپورٹر صبا نے ظفر حجازی کو پروٹوکول دینے کی ویڈیو بنالی، جس پر مذکورہ خاتون رپورٹر سے ایف آئی اے کے اہلکاروں نے بدسلوکی کی اور ظفرحجازی کے بیٹے نے بھی طیش میں آکر صحافیوں کو مغلظات بکیں۔

    خاتون رپورٹر کو بچانے کی کوشش پر ظفر حجازی کے بیٹے نے ایک صحافی عرفان ملک کی پٹائی کردی، خاتون رپورٹر کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر طاہر تنویر نے میرے ساتھ نارواسلوک کیا۔

    انہوں نے بتایا کہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے نے ظفر حجازی کی تصویر بنانے پر مجھے بازو سے پکڑا، اس دوران ظفر حجازی کا بیٹا تشدد کے ساتھ میڈیا نمائندوں کو گالیاں بھی بکتا رہا۔

    صحافی عرفان ملک کا کہنا ہے کہ ظفر حجازی کے پروٹوکول کی ویڈیو بنانے پر تشدد کیا گیا، انہوں نے بتایا کہ خاتون رپورٹر صبا کو ظفر حجازی کے بیٹے اور طاہر تنویر نے یرغمال بنایا تھا۔

    علاوہ ازیں پمز اسپتال میں خاتون صحافی کے ساتھ ناروا سلوک کی پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے پرزور الفاظ میں مذمت کی ہے۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ خاتون صحافی سے بدسلوکی کرنیوالوں کو سخت سزا دی جائے، صحافیوں سے بدسلوکی کسی صورت برداشت نہیں انہوں نے کہا کہ ہم آزادی صحافت پر آنچ نہیں آنے دیں گے، سینیٹرسلیم مانڈوی والا نے مطالبہ کیا کہ وزیرداخلہ واقعے کانوٹس لیں اور ملوث اہلکاروں کو فی الفورمعطل کیا جائے۔

  • کیف: یوکرائن میں خاتون صحافی پر وحشیانہ حملے کی پرزور مذمت

    کیف: یوکرائن میں خاتون صحافی پر وحشیانہ حملے کی پرزور مذمت

    یوکرائن میں حزب اختلاف کی جانب سے حکومت کے خلاف جاری مظاہروں کے دوران خاتون صحافی پر وحشیانہ حملے کی پر زور مذمت کی گئی۔

    یوکرائن کے دارالحکومت میں جاری حکومت مخالف مظاہروں، کرپشن اور تحقیقات کرنے پر نامعلوم افراد کیجانب سے خاتون صحافی کو شدید زخمی کر دیا، جسے زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں اسے انتہائی نگہداشت میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    مظاہرین نے واقعے کے خلاف شدید احتجاج اور مظاہرہ کیا، دارالحکومت میں مظاہرین کا حکومت کے خلاف مسلسل احتجاج جاری ہے، مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ حکومت روس کے ساتھ اقتصادی تعلقات قائم کرے، صدر وکٹر یانوکووچ حکومت سے مستعفی ہوں اور حکومت یورپی یونین سے تجارتی معاہدہ نہ کرے۔