Tag: خاتون پر تشدد

  • خلع کا دعویٰ کیا ہے، شوہر اور اپنے ہی بیٹوں کے ہاتھوں لہولہان خاتون کی حالت خراب

    خلع کا دعویٰ کیا ہے، شوہر اور اپنے ہی بیٹوں کے ہاتھوں لہولہان خاتون کی حالت خراب

    کراچی: شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر میں ثنا نامی ایک خاتون کو اس کے شوہر اور بیٹوں نے مل کر بدترین تشدد کا نشانہ بنا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر کے علاقے پرفیوم چوک میں ثنا نامی ایک خاتون کو علیحدگی پر اس کے شوہر اور اپنے ہی بیٹوں نے لہولہان کر دیا۔

    زخمی خاتون ثنا نے بتایا ’’2 ماہ ہو گئے میری اپنے شوہر عدنان سے علیحدگی ہو گئی ہے، میں نے خلع کا دعویٰ دائر کیا ہے اور میں اپنے چھوٹے بچوں کے ساتھ الگ رہتی ہوں۔‘‘

    ثنا کا کہنا تھا کہ شوہر اور بڑے بچے ان پر گھر واپسی کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں، انھوں نے بتایا ’’پرسوں شوہر عدنان اور بچوں نے اچانک میرے گھر آ کر مجھے ہاتھ پیر باندھ کر مارا پیٹا، میرا گلا گھونٹا، شوہر نے مجھے چین سے مارا جس سے سر اور چہرے پر چوٹیں آئیں۔‘‘

    اسما کا قتل؟ اہل خانہ کا تشدد ہونے کا الزام، پولیس کا پوسٹ مارٹم رپورٹ میں شواہد نہ ملنے کا دعویٰ

    خاتون کا کہنا ہے کہ ان پر تشدد کرنے میں شوہر اور بیٹوں کے لیے علاوہ ساس بھی شامل ہے۔ واضح رہے کہ ثنا کو شدید زخمی حالت میں جناح اسپتال لے جایا گیا، جہاں ان کی مرہم پٹی کی گئی اور سی ٹی اسکین کیا گیا، سامنے آنے والی ویڈیو میں خاتون کی حالت بہت خراب دکھائی دے رہی تھی۔

    زخمی خاتون ثنا نے اپنے شوہر عدنان کے خلاف شارع فیصل تھانے میں تحریری درخواست دے دی ہے، پولیس نے تصدیق کر دی، پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کے میڈیکولیگل رپورٹ کی روشنی میں مقدمہ درج ہوگا۔

    پولیس کا مؤقف ہے کہ میڈیکل لیٹر لینے کے بعد تاحال خاتون مقدمے کے اندراج کے لیے نہیں آئی، مقدمے کے اندراج کے بعد ملزمان کو گرفتار کیا جائے گا۔

  • بیٹا پیدا نہ ہونے پر سسرالیوں کا بہو پر تشدد

    بیٹا پیدا نہ ہونے پر سسرالیوں کا بہو پر تشدد

    شکر گڑھ میں مبینہ طور پر بیٹا پیدا نہ ہونے پر سسرالیوں نے بہو کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

     تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے ضلع شکرگڑھ میں مبینہ طور پر بیٹا نہ پیدا کرنے پر سسرالیوں نے بہو کو تشدد کا نشانہ بنایا اور زہر بھی پلاکر نیم مردہ حالت میں میکے کے باہر پھینک کر چلے گئے۔

    پولیس کے مطابق خاتون پر تشدد کا واقعہ 21 اگست کو پیش آیا، متاثرہ خاتون کی والدہ کی مدعیت میں لیسر تھانے میں شوہر اور سسر سمیت 5 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    خاتون کی والدہ نے بتایا کہ بیٹی کی ایک سال قبل شادی ہوئی تھی، ڈیڑھ ماہ کی بچی ہے، بیٹا نہ پیدا کرنے پر تشدد کیا گیا، سسرالیوں نے زہر دے کر گھر کے باہر پھینکا اور چلے گئے۔

    والدہ کا بتایا کہ ہیلتھ سینٹر میں لیڈی ڈاکٹر نہ ہونے پر میڈیکل وقت پر نہیں ہو سکا تھا دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی ہے، مزید تفتیش جاری ہے۔

  • خاتون پر تشدد اور ناک کاٹنے والا ملزم گرفتار

    خاتون پر تشدد اور ناک کاٹنے والا ملزم گرفتار

    ڈی جی خان: ہیومن رائٹس کمیشن کے نوٹس لینے کے بعد پولیس نے خاتون پر تشدد اور ناک کاٹنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں خاتون پر تشدد کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا، ڈی پی او سید علی کے نوٹس پر تھانہ شاہ صدر دین پولیس نے صفدر کو گرفتار کیا۔

    ملزم نے خاتون کو تشدد اور چاقو سے ناک کاٹ کر زخمی کردیا تھا، ملزمان کی خاتون پر تشدد، ناک کاٹنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

    جس کے بعد ہیومن رائٹس کمیشن اور ڈی پی او نے وائرل ویڈیو کا نوٹس لیا تھا، ملزمان کے خلاف تھانہ شاہ صدر دین میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔

  • ملت ایکسپریس واقعہ: خاتون کو مبینہ طور پر چلتی ٹرین سے دھکا دے کر قتل کیے جانے کا انکشاف (ویڈیو)

    ملت ایکسپریس واقعہ: خاتون کو مبینہ طور پر چلتی ٹرین سے دھکا دے کر قتل کیے جانے کا انکشاف (ویڈیو)

    کراچی: ملت ایکسپریس واقعے میں خاتون کو مبینہ طور پر چلتی ٹرین سے دھکا دے کر قتل کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ریلوے پولیس اہلکار کے تشدد کا نشانہ بننے والی خاتون مریم بی بی کو مبینہ طور پر چلتی ٹرین سے دھکا دے کر قتل کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

    خاتون مریم بی بی کے بھتیجے نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ پولیس اہلکار اس کی پھپھو کو گھور رہا تھا اور کہہ رہا تھا آگے چلو، پھپھو کا روزہ تھا، لیکن اہلکار پھپھو کو لے کر چلے گئے۔ خاتون کے بھائی نے بھی الزام عائد کیا ہے کہ جس اہلکار نے ان کی بہن پر تشدد کیا اسی نے بہن کو قتل کیا ہے، ملزم کوسخت سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

    خاتون پر تشدد کرنے والا پولیس اہلکار

    مبینہ طور پر قتل ہونے والی خاتون کی بہن نے بتایا کہ اس کی لاش ٹکڑوں میں ملی، مریم بی بی کراچی میں بیوٹی پارلر میں ملازمت کرتی تھی، اور عید کی چھٹیوں پر گھر واپس جا رہی تھی۔ واضح رہے کہ خاتون اور بچوں پر ٹرین میں ریلوے پولیس اہلکار کے تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے۔

    ملت ایکسپریس میں ریلوے پولیس اہلکار کے تشدد کا نشانہ بننے والی خاتون مریم بی بی کے بھائی افضل نےالزام عائد کیا ہے کہ ریلوے پولیس اہلکار تشدد کے بعد میری بہن کو ساتھ لے گیا تھا، ویڈیو میں تو دیکھا جا سکتا ہے کہ اہلکار میری بہن کو مارتے ہوئے دھکے دیتے ہوئے لے جا رہا تھا، اور بچے کو ان سے الگ کر دیا تھا، پھر 8 اپریل کو اس کی لاش وہیں اسٹیشن سے ملی۔

    ترجمان ریلوے کا مؤقف

    ترجمان ریلوے کے مطابق ملت ایکسپریس میں پولیس تشدد کا شکار ہونے والی خاتون نے خود کشی کر لی تھی، ڈی آئی جی ریلوے پولیس ساؤتھ زون کی سربراہی میں چار رکنی انکوائری کمیٹی مزید تحقیقات کر رہی ہے، مریم بی بی کراچی سے فیصل آباد جا رہی تھی، دورانِ سفر خاتون نے مسافروں کا سامان بکھیرنا شروع کر دیا جس پر مسافروں نے پولیس کانسٹیبل کو بلایا۔

    ترجمان کے مطابق کانسٹیبل نے خاتون پر ہاتھ اٹھایا اور اسے دوسرے ڈبے میں شفٹ کر دیا، کانسٹیبل کی ڈیوٹی کراچی سے حیدرآباد تک تھی، خاتون نے چلتی ٹرین سے چنی گوٹھ میں چھلانگ لگائی، خاتون کے ساتھ سفر کرنے والے مسافروں کے بیان کے مطابق خاتون نے اچانک چلتی ٹرین سے چھلانگ لگا دی تھی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ خاتون کے لواحقین کے مطابق خاتون کا ذہنی توازن درست نہیں تھا، پولیس کانسٹیبل کو انتہائی غیر مناسب رویے پر گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، جب کہ قائم ہونے والی کمیٹی تین روز میں چیئرمین ریلوے کو رپورٹ پیش کرے گی۔

  • بیٹی کو تنگ کرنے سے روکنے پر بااثر شخص کا ماں پر بہیمانہ تشدد

    بیٹی کو تنگ کرنے سے روکنے پر بااثر شخص کا ماں پر بہیمانہ تشدد

    لاہور میں بیٹی کو تنگ کرنے سے روکنے پر بااثر شخص نے ماں کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنادیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور کے تھانہ کاہنہ کی حدود سادھوکی گاؤں میں بااثر شخص نے بیٹی کو تنگ کرنے سے منع کرنے پر ماں کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔

    بااثر شخص کی خاتون پر تشدد کی فوٹیج منظر عام پر آگئی جس میں اسے گلی میں خاتون پر تشدد کرتے دیکھا گیا۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ بہیمانہ تشدد سے خاتون کے سر اور ہاتھ پر زخم آئے ہیں۔

    خاتون کا تعلق ملتان سے بتایا گیا ہے جبکہ وہ لاہور میں گھریلو ملازمہ کے طور پر کام کرتی ہیں۔

    متاثرہ خاتون کی جانب سے تھانہ کاہنہ میں اندراج مقدمہ کی درخواست دائر کردی گئی تاہم پولیس نے درخواست کے باوجود تاحال مقدمہ درج نہیں کیا ہے۔

    ادھر دیالپور کے علاقے سبزی منڈی میں محمد احمد نامی بدبخت بیٹے نے مسجد میں اپنی عدالت لگائی اور والدہ کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا، متاثرہ خاتون کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    خاتون نے ضلعی پولیس آفیسر سے نوٹس لینے کی اپیل کی جس پر ڈی پی او حافظ خضر زمان نے نوٹس لیا اور ملزم کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔

    بعدازاں پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔

  • احمد آباد: سڑک پر خاتون پر بہیمانہ تشدد  کی دردناک ویڈیو

    احمد آباد: سڑک پر خاتون پر بہیمانہ تشدد کی دردناک ویڈیو

    بھارت کے شہر احمد میں SPA مالک کی جانب سے خاتون کو بد ترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا، خاتون کو اس دوران بالوں سے بھی گھسیٹا گیا جبکہ موقع پر موجود شخص نے بچانے کی کوشش بھی نہیں کی۔

    سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہونے والے واقعے میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص بار بار خاتون کو تھپڑ مار رہا ہے اور اسے بالوں سے گھسیٹ رہا ہے اور اس کے کپڑے پھاڑ دیتا ہے۔ عورت پر تشدد کی سطح اس قدر شدید ہے کہ وہ اپنا دفاع کرنے سے بھی قاصر ہے۔

    افسوسناک واقعے کی ویڈیو احمد آباد میں واقع گلیکسی SPA سے آئی ہے، جبکہ ملزم کی شناخت محسن کے نام سے کی گئی ہے۔

    وائرل ویڈیو میں یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ دو آدمی کھڑے ہوکر پورے واقعہ کو دیکھ رہے ہیں۔ بعد ازاں ایک تیسرا آدمی ملزم کو روکنے کی کوشش کرتا ہے جو بدلے میں اس شخص کو دھکا دے دیتا ہے اور پھر خاتون کو مارنا شروع ہوجاتا ہے، یہ واقعہ 25 ستمبر کو پیش آیا۔

    متاثرہ خاتون کی جانب سے واقعے کا مقدمہ درج کرا دیا گیا ہے، خاتون نے بتایا کہ وہ اس لیڈیز سیلون میں محسن کے ساتھ پارٹنر تھی اور لڑکی کو ڈانٹنے پر دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا۔

    تاہم، پولیس نے اسے کونسلنگ کے ذریعے شکایت درج کرنے کے لیے راضی کیا۔ خاتون نے تعاون پر پولیس اور میڈیا کا شکریہ ادا کیا۔

    تشدد کا شکار ہونے والی خاتون نے بتایا کہ میں نے محسن کے ساتھ مل کر خواتین کا سیلون کھولا تھا، سیلون میں کام کے دوران کسی نقصان پر میں نے ایک لڑکی کو ڈانٹا جس پر محسن نے مجھ پر غصہ کیا۔

    خاتون نے کہا کہ میں نے محسن سے پوچھا کہ وہ اس لڑکی کا اتنا زیادہ فیور کیوں کررہا ہے، کہ اسے میرا ڈانٹنا بھی پسند نہیں آرہا ہے۔ اس پر غصے میں آکر محسن نے مجھے مارنا شروع کردیا۔

    میں نے پولیس کو کال کرنے کی کوشش کی لیکن محسن نے میرا موبائل فون مجھ سے چھین لیا، میں اس سے بچنے کے لئے بھاگی اور بیچ سڑک پر پہنچ گئی، اس دوران اس نے مجھے بد ترین تشدد کا نشانہ بنایا اور میرے کپڑے تک پھاڑ دیئے۔

    متاثرہ خاتون نے کہاکہ محسن کے معافی مانگنے پر میں نے اسے معاف کردیا تھا مگر مجھے سب نے کہا کہ آج تمہارے ساتھ ایسا ہوا ہے کل کسی اور کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوسکتا ہے، پولیس میرے پیچھے کھڑی ہے اور میڈیا بھی۔ میں اچھا محسوس کر رہی ہوں اور میں سب کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔

  • پٹاخے چلانے سے کیوں منع کیا، بااثر افراد کا گھر میں گھس کر بیوہ خاتون پر تشدد، آنکھ ضائع

    پٹاخے چلانے سے کیوں منع کیا، بااثر افراد کا گھر میں گھس کر بیوہ خاتون پر تشدد، آنکھ ضائع

    اوکاڑہ: پنجاب کے شہر اوکاڑہ میں پٹاخے چلانے سے منع کرنے پر برہم ہونے والے بااثر افراد نے گھر میں گھس کر بیوہ خاتون پر تشدد کے اسے شدید زخمی کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ میں تھانہ صدر کی حدود میں کچھ با اثر افراد نے گھر کے باہر پٹاخے چلانے سے منع کرنے پر ایک بیوہ خاتون کو تشدد کا نشانہ بنا دیا۔

    ملزمان زاہد، اشفاق، کامران اور عباس نے پٹاخے چلانے سے منع کیے جانے پر بیوہ خاتون کو گھر میں گھس کر تشدد کیا، ملزمان کے تشدد سے بیوہ خاتون کی آنکھ ضائع ہو گئی، اور ناک کی ہڈی بھی ٹوٹ گئی۔

    متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ تھانہ صدر پولیس نے بااثر افراد کے خلاف اب تک کوئی کارروائی نہیں کی، جس پر متاثرہ بیوہ نے اعلیٰ حکام سے واقعے کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔

  • شادی کیلئے خاتون پر تشدد کرنے والا ملزم گرفتار

    شادی کیلئے خاتون پر تشدد کرنے والا ملزم گرفتار

    اسلام آباد : پولیس نے شادی کیلئے خاتون پر تشدد کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا ، متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ ملزم مجھے طلاق دلوا کر شادی کرنا چاہتا تھا، انکار پر تشدد کیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پولیس نے شادی کیلئے خاتون پر تشدد کرنے والے ملزم کو حراست میں لےلیا، ملزم حماد شاہ کو سی پی او راولپنڈی کی ہدایت پر حراست میں لیا گیا۔

    اسلام آباد میں خاتون پرتشددکی ویڈیومنظرعام پرآنے پر سی پی او نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا تھا، جس کے بعد ایئرپورٹ پولیس نے ملزم حماد شاہ کو ٹریس کرکے حراست میں لیا۔

    متاثرہ خاتون کا کہنا تھا کہ ملزم رشتہ دار ہے اور مجھے طلاق دلوا کر شادی کرنا چاہتا تھا، انکار پر تشدد کیا۔

    گذشتہ روز اسلام آباد میں ایک اورخاتون کی ویڈیو سامنے آئی تھی ، سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیومیں خاتون روتی ہوئی ہاتھ جوڑ کر معافی مانگ رہی تھی اور مبینہ طور پر خاتون کو تشدد کا نشانہ بنایا جارہا تھا۔

  • وہاڑی: پولیس کا خاتون پر تشدد، گرفتار ڈی ایس پی سمیت اہل کاروں کو حوالات میں پروٹوکول

    وہاڑی: پولیس کا خاتون پر تشدد، گرفتار ڈی ایس پی سمیت اہل کاروں کو حوالات میں پروٹوکول

    وہاڑی: پنجاب پولیس کا شہریوں پر تشدد کا ایک اور واقعہ سامنے آ گیا، تھانہ لڈن پولیس نے چوری کے الزام میں گرفتار خاتون پر شدید تشدد کر کے اسپتال پہنچا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق تھانہ لڈن پولیس کے چوری کے الزام میں گرفتار خاتون پر تشدد کی رپورٹ منظر عام پر آ گئی، پولیس کے تشدد کی شکار خاتون کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں خاتون کا میڈیکل ٹیسٹ کیا گیا، خاتون کی حالت اب تک سنبھل نہیں سکی۔

    واقعے کے بعد ڈی ایس پی، ایس ایچ او، انچارج سی آئی اے سمیت 13 ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزمان کو آر پی او کی ہدایت پر گرفتار کیا گیا۔

    آئی جی پنجاب عارف نواز خان نے لڈن وہاڑی میں خاتون پر تشدد کے واقعہ پر ایس ڈی پی او صدر، وہاڑی طارق پرویز کو معطل کر دیا۔ ایس ڈی پی او صدر وہاڑی کو غیر ذمہ دارانہ رویے اور نا اہلی کے الزامات پر معطل کرتے ہوئے سنٹرل پولیس آفس رپورٹ کرنے کے احکاما ت جاری کیے گئے۔

    تازہ ترین خبریں پڑھیں:  پولیس تشدد سے عامر مسیح کی موت کی پوسٹ مارٹم رپورٹ منظر عام پر

    ادھر ذرایع کا کہنا ہے کہ گرفتار ڈی ایس پی سمیت دیگر اہل کاروں کو حوالات میں پروٹوکول دیا جا رہا ہے، اہل کاروں کو تصویر جاری کرنے کے بعد لاک اپ سے باہر نکال لیا گیا۔

    ذرایع نے مزید بتایا کہ ڈی ایس پی سمیت گرفتار تمام ملازمین کو موبائل فون کی سہولت بھی دی گئی ہے، تھانہ لڈن کو سیل کر دیا گیا ہے، کسی بھی شخص کو اندر جانے نہیں دیا جا رہا ہے۔

    دوسری طرف وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ وہاڑی میں خاتون پر تشدد روایتی پولیس کلچر کی بد ترین مثال ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ملوث پولیس اہل کاروں کو معطل کرنا کافی نہیں بلکہ بر طرف کیا جائے، پولیس کو کسی صورت بھی تشدد کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

  • خاتون پر تشدد کرنے والا شوہر اور دیور گرفتار، طارق روڈ سے لوٹ مار کا ملزم پکڑا گیا

    خاتون پر تشدد کرنے والا شوہر اور دیور گرفتار، طارق روڈ سے لوٹ مار کا ملزم پکڑا گیا

    کراچی : ملائیشیا سے موصول ہونے والی درخواست پر پولیس نے خاتون پر تشدد میں ملوث شوہر اور دیور گرفتار کرلیا، طارق روڈ پر مبینہ مقابلے کہ بعد پولیس نے ملزم کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی میں وومن پروٹیکشن سیل سندھ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے خاتون پر تشدد میں ملوث اس کے شوہر اور دیور کو گرفتار کرلیا۔

    مذکورہ کارروائی ملائیشیا سے موصول ہونے والی ایک درخواست پر کی گئی۔ پولیس کے مطابق وومن پروٹیکشن سیل کو ملائیشیا سے انصاف کے لئے ایک درخواست موصول ہوئی تھی ۔

    ملائیشیا میں موجود فیملی کے مطابق ان کی بیٹی کراچی میں اپنے سسرال میں رہتی تھی جسے اس کا خاوند اور سسرال کے دیگر افراد تشدد کا نشانہ بنایا کرتے تھے، درخواست پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تشدد کرنے والے خاوند اور اس کے بھائی کو گرفتار کر لیا۔

    دوسری جانب کراچی کے علاقے طارق روڈ پر پولیس نے مبینہ مقابلے کہ بعد ملزم کو زخمی حالت میں گرفتارکرلیا۔پولیس حکام کے مطابق ملزم فیضان عرف بھورا ساتھیوں سمیت کئی دکانوں کے تالےتوڑ کر لوٹنے کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے ۔

    اس سے قبل بھی کئی بارحوالات کی ہوا کھا چکا ہے، پولیس نے ملزم سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کرکے اپنی تحویل میں لے لیا ہے، ملزم کے خلاف مختلف تھانوں میں پانچ مقدمات درج ہیں۔