Tag: خاتون کو ہراساں

  • جعلی آئی ڈی سے آن لائن ٹیکسی چلانے اور خاتون کو ہراساں کرنے والا ملزم گرفتار

    جعلی آئی ڈی سے آن لائن ٹیکسی چلانے اور خاتون کو ہراساں کرنے والا ملزم گرفتار

    کراچی : پولیس نے خاتون کو ہراساں کرنے اور جعلی آئی ڈی سے آن لائن ٹیکسی چلانے والا ملزم گرفتار کرلیا، اسٹریٹ کرائم کی سینچریاں کرنے والے دو ملزمان بھی پکڑے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں خاتون کو ہراساں اور جعلی آئی ڈی سے آن لائن ٹیکسی چلانے والا ملزم پولیس نے گرفتار کرلیا، اس حوالے سے ایس ایس پی ساؤتھ نے میڈیا کو بتایا کہ ملزم جعلی آئی ڈی پر آن لائن ٹیکسی چلارہا تھا۔

    اس کی گاڑی میں ایک خاتون مسافر سفر کررہی تھی کہ اس دوران ملزم نے اسے ہراساں کیا، جس پر خاتون نے پولیس کو ون فائیو پر ہراساں کرنے کی بروقت اطلاع دی تو ملزم نے خاتون سے موبائل فون بھی چھین لیا تھا، پولیس کے مطابق فوری کارروائی کے بعد ملزم کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

    علاوہ ازیں گلشن اقبال پولیس نے اسٹریٹ کرائم کی سینچریاں کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا، ایس ایس پی ایسٹ اظفر مہیسر کے مطابق ملزمان نعمان اور افضل پولیس کو انتہائی مطلوب ملزمان کی فہرست میں شامل تھے۔

    جرائم کی وارداتیں کرنے والے دونوں ملزمان درجنوں مرتبہ جیل بھی کاٹ چکے ہیں، انہوں نے بتایا کہ ملزمان گزشتہ کئی سالوں کے دوران اسٹریٹ کرائم کی سیکڑوں وارداتیں کر چکے ہیں، گرفتار ملزمان موٹر سائیکل لفٹنگ اور منشیات فروشی کی وارداتیں بھی کرتے تھے۔

    اس سے قبل ملزمان کراچی کے تقریباً تمام تھانوں کے ہاتھوں متعدد مرتبہ گرفتار ہوچکے ہیں، ایس ایس پی ایسٹ کا مزید کہنا تھا کہ ملزمان کے قبضے سے دو پستول، دو کلو چرس، موٹرسائیکل اور چھینے گئے موبائل فون برآمد کیے گئے ہیں، گلشن اقبال پولیس گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کررہی ہے۔

  • کشمیری نوجوانوں کو کیوں پناہ دی؟ بھارت کی نوجوان خاتون صحافی کو دھمکیاں

    کشمیری نوجوانوں کو کیوں پناہ دی؟ بھارت کی نوجوان خاتون صحافی کو دھمکیاں

    نئی دہلی: پلوامہ حملے کے بعد بھارت میں کشمیری نوجوانوں کو پناہ دینے والی نوجوان خاتون ہندو صحافی کو بھارتی انتہا پسندوں کی جانب سے دھمکیاں ملنے لگیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی انتہا پسندوں کو ایک انڈین خاتون صحافی پر اس بات پر غصہ ہے کہ اس نے کشمیریوں کو دہلی میں پناہ کیوں دی؟

    26 سال کی ساگریکا کو شدت پسند بھارتیوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر بد تمیزی اور بد زبانی کا سامنا ہے۔

    خاتون صحافی نے نئی دہلی میں 18 کشمیریوں کو پناہ دی تھی، جس پر اب ساگریکا کو دھمکیاں دے کر ہراساں کیا جا رہا ہے۔

    خاتون صحافی کے عمل سے سامنے آیا ہے کہ کشمیریوں پر انتہا پسند ہندوؤں کی جانب سے مظالم پر انسان دوست ہندوؤں کے دل بھی دکھنے لگے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  لکھنؤ میں کشمیریوں پر تشدد، بھارتی صحافی نے انتہا پسندوں کو غدار قرار دے دیا

    دہلی میں مقیم ہندو خاتون صحافی ساگریکا کسو نے مظلوم کشمیریوں کی مدد کا اعلان تو کر دیا مگر یہ رحم دلی ان کے لیے مصیبت بن چکی ہے۔

    انتہا پسند ہندوؤں نے سوشل میڈیا پر ساگریکا کے ساتھ بد تمیزی کا طوفان اٹھا دیا، جموں کے پنڈت گھرانے کی ساگریکا نے 16 فروری کو ٹویٹ کیا تھا کہ اگر کوئی کشمیری دہلی میں مشکلات کا شکار ہے تو ان کے گھر کے دروازے کھلے ہیں۔

    ساگریکا نے کہا تھا کہ وہ 9 سے 10 افراد کو اپنے گھر میں رکھ سکتی ہے، تاہم ساگریکا کے ٹویٹ پر 18 کشمیری طالب علموں نے ان سے رابطہ کیا، جس پر ساگریکا نے ان کی رہایش اور ٹرانسپورٹ کا انتظام کیا۔